جمعرات : 07 مئی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]منشیات کی اسمگلنگ میں رکاوٹ، عادی افراد کے لیے خطرہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ کووڈ انیس کے بحران کی وجہ سے منشیات کی اسمگلنگ میں رکاوٹ کے خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات اور جرائم کا کہنا ہے کہ یورپ، شمالی امریکا اور جنوب مغربی ایشیا میں ہیروئن کی خاص طور پر کمی ہے اور ایسی غیر قانونی اشیاء کی کمی سے اس کے عادی مزید مضر اشیاء استعمال کرکے اپنے لیے خطرات میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ منشیات کی قلت کے دوران عادی افراد ایک ہی سرنج استعمال کرنے لگتے ہیں، جس سے ایچ آئی وی اور کووڈ 19 جیسی بیماریوں کے مزید پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

[pullquote]کووڈ 19سے متاثرین کی مصدقہ تعداد 37 لاکھ سے متجاوز[/pullquote]

عالمی سطح پر کووڈ 19 سے متاثرین کی مصدقہ تعداد 37 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ دو لاکھ 63 ہزار سے زیادہ افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔ برطانیہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تقریباً ساڑھے چھ سو افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ اس طرح اس ملک میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد تیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ عالمی سطح پر ہلاکتوں کے لحاظ سے امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں 71 ہزار سے بھی زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر برطانیہ ہے۔ برازیل میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں اب تک کا سب سے بڑا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس پرل ہاربر سے بھی خطرناک حملہ ہے، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کو ایک بہت ہی خطرناک حملے سے تعبیر کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کووڈ 19 کی وبا کا موازنہ دوسری عالمی جنگ کے دوران امریکی بحریہ کے اڈے پرل ہاربر پر جاپانی حملے اور نائن الیون کے واقعے سے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے اس حملے کو چین میں ہی روکا جا سکتا تھا تاہم ایسا نہیں ہوا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس سے نمٹنے کی چین کی حکمت عملی کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

[pullquote]انٹرپول کے چھاپے، انیس ہزار قیمتی نوادرات برآمد[/pullquote]

انٹرپول نے متعدد ممالک میں چھاپوں کے دوران ہزاروں فن پارے اور نوادرات برآمد کیے ہیں۔ انٹرپول یا بین الاقوامی پولیس نے بتایا کہ ایک سو تین ممالک میں مارے جانے والے چھاپوں کے دوران برآمد کیے جانے والے قدیم نوادرات کی تعداد انیس ہزار ہے۔ اس کارروائی کا مقصد غیر قانونی طور پر آرٹ اور قدیمی نوادرات فروخت کرنے والوں کے بین الاقوامی نیٹ ورک کو توڑنا ہے۔ اس قیمتی سامان میں قدیمی نوادرات اور آرٹ کے نمونے شامل ہیں، جو جنگ سے متاثرہ ملکوں کے عجائب گھروں سے چوری کیے گئے تھے۔

[pullquote]ایمنسٹی انٹرنیشنل کی فلسطین میں آزادی اظہار کی صورتحال پر تشویش[/pullquote]

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے فلسطین میں آزادی اظہار کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی ہے۔ انسانی حقوق کی اس تنظیم کے مطابق انتظامیہ ناقدین اور مخالفین کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں مارچ اور اپریل میں گرفتار کیے گئے پانچ افراد کا ذکر کیا گیا۔ ان شہریوں کو اسرائیلیوں اور ان ادیبوں کے ساتھ ایک ویڈیو کال کی وجہ سے حراست میں لیا گیا، جنہوں نے غزہ کی ایک مارکیٹ میں لگنے والی آگ کی وجہ سے انتظامیہ پر تنقید کی تھی۔ ایمنسٹی کے مطابق غرب اردن اور غزہ پٹی دونوں میں آزادی اظہار کے حق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

[pullquote]بھارت: کیمیکل پلانٹ سے گیس خارج، کم از کم نو ہلاکتیں[/pullquote]

بھارت کے جنوبی شہر وشاکھاپٹنم میں ایک کیمیکل پلانٹ میں گیس لیک ہونے سے کم از کم نو افراد ہلا ک ہو چکے ہیں۔ ریاست آندھراپردیش کی پولیس نے بتایا کہ ایل جی پالیمر انڈسٹری سے مقامی وقت کے مطابق رات ڈھائی سے تین بجے کے درمیان اچانک گیس خارج ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ پانچ ہزار سے زائد افراد اس سے متاثر ہوئے۔ زیادہ تر لوگ آنکھوں میں جلن اور سانس میں تکلیف کی شکایت کر رہے ہیں۔ تقریباً دو ہزار لوگوں کو علاقے سے نکال کر مختلف محفوظ مقامات پر پہنچایا دیا گیا ہے۔

[pullquote]مغربی بلقان کی چھ ریاستوں کے لیے یورپی یونین میں شمولیت کی ایک مبہم سی امید[/pullquote]

یورپی یونین نے مغربی بلقان کی چھ ریاستوں کو یونین میں شمولیت کی ایک مبہم سی امید دلائی ہے۔ یورپی کے سربراہان مملکت و حکومت نے ایک ویڈیو کانفرنس کے دوران ان ریاستوں کو یورپی تناظر میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تاہم اختتامی اعلامیے میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کب تک ان ممالک کو اس یونین میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب یورپی رہنماؤں نے سربیا، بوسنیا ہرزیگووینا، مونٹینیگرو، کوسوو، البانیہ اور مقدونیا زور دیا ہے کہ بلقان کے لیے اضافی امداد کا دارومدار ان ممالک میں قانون کی حکمرانی سے ہے۔

[pullquote]عراق میں نئی حکومت قائم[/pullquote]

پانچ ماہ کی تاخیر کے بعد عراق میں بدھ کی رات نئی حکومت قائم ہو گئی ہے۔ بغداد میں پارلیمان نے وزیر اعظم مصطفٰی خادمی کے سربراہی میں ایک نئی کابینہ کی منظوری دی۔ خادمی عراقی خفیہ ادارے کے سابق سربراہ رہ چکے ہیں۔ انہیں اپریل کے اوائل میں اس منصب کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ کابینہ پندرہ وزراء پر مشتمل ہے۔ سات وزارتیں ابھی خالی ہیں، جن میں اہم ترین وزارت تیل اور خارجہ بھی شامل ہیں۔ خادمی سے قبل دو اور امیدوار حکومت بنانے کی کوشش کر چکے ہیں۔

[pullquote]برلن میں اے آر ڈی کی ٹیم پر حملہ کرنے کو کوشش[/pullquote]

جرمن دارالحکومت برلن میں ملکی نشریاتی ادارے ’اے آر ڈی‘ کی کیمرہ ٹیم پر حملہ کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایک شخص نے ساؤنڈ اسسٹنٹ پر حملے کی ناکام کوشش کی تاہم اس دوران اس کی لات مائیکرو فون کے راڈ کو جا لگی۔ ’اے آر ڈی‘ کی ٹیم تاہم اس دوران بالکل محفوظ رہی۔ چھیالس سالہ حملہ آور کو فرار ہونے کو کوشش کے دوران حراست میں لے لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ کورونا کی وجہ سے عائد پابندیوں کے خلاف بلا اجازت کیے جانے والے ایک مظاہرے کے دوران پیش آیا۔

[pullquote]اسرائیل میں ہنگامی حکومت قائم کرنے کی منظوری[/pullquote]

اسرائیل کی اعلٰی ترین عدالت نے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور بینی گینٹس کو طے شدہ ہنگامی حکومت قائم کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ نیتن یاہو اور گینٹس کے مطابق کابینہ تیرہ مئی کو حلف اٹھائے گی۔ عدالت میں اس معاملے پر بحث ہوئی کہ بدعنوانی کے الزامات کے باوجود کیا نیتن یاہو وزارت عظمی کا منصب سنبھال سکتے ہیں۔ اس دوران ججوں نے نیتن یاہو کی قدامت پسند لیکود پارٹی اور گینٹس کی بلو اینڈ وائٹ پارٹی کے مابین طے پانے والے حکومتی معاہدے کا جائزہ لیا۔ گینٹس ملکی فوج کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے