ہفتہ : 09 مئی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نئے کورونا وائرس کے دنیا بھر میں متاثرين تقريباً چاليس لاکھ[/pullquote]

امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے ہفتہ نو مئی کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت دنيا بھر ميں نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد 3,939,281 ہو چکی ہے۔ اب تک 274,932 افراد کووِڈ انیس کی وجہ سے ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ عالمی سطح پر اس بیماری سے صحت یاب ہونے والے افراد 1,323,960 ہيں۔ وبا سے سب سے زيادہ متاثرہ ملک امريکا ہے، جہاں متاثرين کی تعداد تقريباً تيرہ لاکھ ہے۔ دنيا بھر کے 187 ممالک اور خطوں ميں اب تک نئے کورونا وائرس کی تصديق ہو چکی ہے۔

[pullquote]احمد آباد ميں جھڑپيں اور جراثيم کش ادويات کا چھڑکاؤ[/pullquote]

بھارتی شہر احمد آباد ميں آج بروز ہفتہ بغير پائلٹ والے ڈرون طياروں کی مدد سے جراثيم کش سپرے کیا گیا۔ شہر ميں کم از کم ايک ہفتے کے ليے مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے اور اسی دوران پورے شہر پر ايسا سپرے کیا گیا ہے۔ ساڑھے پانچ ملين آبادی والے اس شہر ميں جمعے اور ہفتے کی درميانی شب پوليس اور شہريوں کے مابين جھڑپيں بھی ہوئيں۔ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں نے پوليس پر پتھراؤ کيا جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔ بھارت ميں نئی دہلی، ممبئی اور احمد آباد ميں نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد ميں تيزی سے اضافہ نوٹ کيا جا رہا ہے۔

[pullquote]برطانيہ ميں مسافروں کے ليے خود ساختہ قرنطينہ زير غور[/pullquote]

برطانيہ ميں بيرون ملک سے سفر کرنے والے تمام مسافروں کو چودہ ايام کے ليے قرنطينہ ميں جانا پڑ سکتا ہے۔ ’دا ٹائمز‘ ميں آج بروز ہفتہ شائع ہونے والی ايک رپورٹ کے مطابق سمندری، زمينی يا فضائی راستے سے برطانيہ پہنچنے والے تمام مسافروں کو اپنے بتائے ہوئے پتے پر خود ساختہ قرنطينہ ميں جانا پڑ سکتا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو ايک ہزار پاؤنڈ تک کا جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔ امکان ہے کہ اس مجوزہ حکم پر مئی کے اواخر سے عمل در آمد شروع ہو جائے۔ نئے کورونا وائرس سے برطانيہ ميں اکتيس ہزار تين سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔

[pullquote]تين ادويات کا مرکب کووڈ انيس کے خلاف موثر، مطالعہ[/pullquote]

تين مختلف اينٹی وائرل ادويات کا مرکب کورونا وائرس کے مريضوں ميں جلد صحت يابی کا باعث بن سکتا ہے۔ ہانگ کانگ ميں محققين نے ايک مطالعے ميں پتا لگايا ہے کہ کووڈ انيس کے کم شدت والے کيسز ميں تين ادويات کا مرکب موثر ثابت ہوا ہے۔ اس مطالعے کے نتائج جمعے کو لانسيٹ نامی سائنسی جريدے ميں شائع ہوئے۔ ہانک کانگ کے چھ مختلف ہسپتالوں ميں سوا سو سے زائد مريضوں کو يہ ادويات دی گئيں اور سامنے آنے والے نتائج کی بنياد پر يہ اعلان کيا گيا۔ واضح رہے کہ فی الحال کووڈ انيس کے علاج کے ليے کوئی حتمی دوا يا ويکسين دستياب نہيں تاہم کئی ملکوں ميں آزمائشی طريقہ علاج اور ويکسين کی تیاری کے تجربات جاری ہيں۔

[pullquote]روس ميں محدود سطح پر ’وکٹری ڈے‘ کی تقريبات[/pullquote]

روس ميں آج بروز ہفتہ ’وکٹری ڈے‘ کی تقريبات محدود سطح پر جاری ہيں۔ يہ دن نازيوں کی شکست اور دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کی ياد ميں منايا جاتا ہے۔ پوری دنيا ميں اس دن کو علامتی اہميت حاصل ہے۔ اس سال دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے پچھتر برس مکمل ہو گئے ہيں۔ روسی صدر نے کريملن کے باہر منعقدہ ایک چھوٹی تقريب ميں اپنے ملک کے شہريوں کو ناقابل شکست اتحاد کا مظاہرہ کرنے کے ليے کہا ہے۔ عموماً روس ميں وکٹری ڈے کے موقع پر وسيع تر ملٹری پريڈ کا انعقاد ہوتا ہے تاہم اس مرتبہ کووڈ انیس کی عالمی وبا کی وجہ سے ایسا نہیں کیا گیا۔ يہ دن روس ميں اہم ترين عام تعطيل تصور کيا جاتا ہے۔

[pullquote]سعودی عرب ميں شہزادہ فيصل بن عبداللہ زير حراست، ايچ آر ڈبليو[/pullquote]

ہيومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ سعودی عرب ميں شہزادہ فيصل بن عبداللہ کو حراست ميں رکھا جا رہا ہے اور انہيں کسی سے رابطہ کرنے کی اجازت نہيں۔ ايچ آر ڈبليو نے سعودی شاہی خاندان کے ايک ذريعے کے حوالے سے يہ دعوی ہفتے کو کيا۔ ديگر ذرائع اور رياض حکومت سے اس کی تصديق فی الحال نہيں ہو پائی ہے۔ ہيومن رائٹس واچ کے مطابق فيصل بن عبداللہ ستائيس مارچ سے حراست ميں ہيں۔ انہيں کچھ عرصے کے ليے اس سے قبل سن 2017 ميں بھی بد عنوانی کے الزام پر حراست ميں رکھا گيا تھا۔ ايچ آر ڈبليو کے مطابق سعودی عرب ميں کئی افراد بغير کسی قانونی چارہ جوئی کے حراست ميں ہيں۔ ناقدين اس پيش رفت کو ولی عہد محمد بن سلمان کی اقتدار پر گرفت مضبوط کرنے سے متعلق کوششوں سے جوڑتے ہيں۔

[pullquote]مسلح تنازعات والے علاقوں ميں جنگ بندی، قراداد مشکل ميں پڑ گئی[/pullquote]

دنيا بھر ميں اس وقت جاری مسلح تنازعات ميں جنگ بندی کے حوالے سے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ميں ايک قرارداد پر رائے دہی ہونا تھی جسے امريکا نے رکوا ديا۔ فرانس اور تيونس کی قيادت ميں اس قراداد کے مسودے ميں تمام تنازعات ميں تين ماہ کی فائر بندی کا مطالبہ کيا گيا تھا۔ امريکا نے ايک روز قبل اس قرارداد کی حمايت کی تھی تاہم آخری وقت پر اس کی مخالفت کر دی اور يوں باقاعدہ رائے دہی ممکن نہ ہو سکی۔ اس کی فی الحال کوئی وجہ نہيں بتائی گئی۔ ديگر ذرائع کے مطابق امريکا قرارداد کے مسودے ميں تبديلياں چاہتا تھا۔

[pullquote]کينيا اور يوگينڈا ميں ملک گير سطح پر بجلی کی ترسيل منقطع[/pullquote]

مشرقی افريقی رياستوں کينيا اور يوگينڈا ميں ملک گير سطح پر بجلی کی ترسيل منقطع ہو گئی۔ کينيا پاور اينڈ لائٹنگ کمپنی نے ايک ٹوئيٹ کے ذريعے مطلع کيا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بج کر انچاس منٹ سے سپلائی معطل ہے۔ يوگينڈا ميں بھی متعلقہ کمپنی نے اس کی تصديق کر دی ہے۔ دونوں ملکوں نے البتہ اتنے وسيع پيمانے پر بجلی کی ترسيل منقطع ہونے کی فی الحال کوئی وجہ نہيں بتائی۔ ہفتے کی سہ پہر تک يہ واضح نہيں تھا کہ سپلائی بحال ہو سکی ہے يا نہيں۔

[pullquote]امريکا اور سعودی عرب کے دفاعی تعلقات اب بھی مضبوط، وائٹ ہاؤس[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی شاہ عبداللہ سے گزشتہ روز بذريعہ ٹيلی فون رابطہ کيا اور انہيں اپنے تعاون کی يقين دہانی کرائی۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے بتايا کہ دونوں ليڈرز نے تعاون بڑھانے اور خام تيل سے متعلق توانائی کی منڈی ميں استحکام لانے کی ضرورت پر زور ديا۔ بات چيت ميں اس بات پر زور ديا گيا کہ حاليہ پيش رفت کے باوجود واشنگٹن اور رياض کے دفاعی تعلقات اب بھی مضبوط ہيں۔ يہ امر اہم ہے کہ امريکا نے سعودی سرزمين پر تعينات چند پيٹریاٹ اینٹی ميزائل بیٹریاں ہٹانے کا فيصلہ کيا ہے۔ اس میزائل شکن نظام کو روايتی حريف ملک ايران کے خلاف ايک موثر دفاع اور خطے ميں توازان برقرار رکھنے کے ليے ضروری سمجھا جاتا ہے۔

[pullquote]وينزويلا ميں دو امريکی فوجيوں کی حراست اور مقدمہ، معاملہ بڑھتا ہوا[/pullquote]

وينزويلا ميں دو سابق امريکی فوجيوں پر بغاوت اور دہشت گردی کی فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے صدر نکولاس مادورو کی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوششوں ميں حصہ ليا۔ وينزويلا کے اٹارنی جنرل نے بتايا کہ جرائم ثابت ہونے پر ملزمان کو پچيس سے تيس برس تک کی سزائے قيد دی جا سکتی ہے۔ حکام نے دعویٰ کيا ہے کہ پچھلے اتوار کی صبح کاراکس حکومت کی تختہ الٹنے کی ايک کوشش کی گئی، جسے ناکام بنا ديا گيا۔ اس دوران سترہ افراد کو حراست ميں ليا گيا۔ وينزويلا ايسی کوششوں کا الزام امريکا پر عائد کرتا ہے۔ امريکا سميت بيشتر بين الاقوامی برادری وينزويلا ميں مادورو کی حمايت نہيں کرتی۔

[pullquote]مردوں کے برابر تنخواہ کے ليے امريکی خواتين کی فٹ بال ٹيم سرگرم[/pullquote]

امريکا کی قومی فٹ بال ٹيم نے مردوں کے برابر تنخواہ کے حصول کے ليے کيس ہارنے کے بعد عدالتی فيصلے کو چيلنج کر ديا ہے۔ ٹيم کا کہنا ہے کہ مردوں کے مقابلے ميں کہيں زيادہ کامياب ہونے کی باوجود انہيں مردوں سے آدھی تنخواہ ملتی ہے۔ قبل ازيں ايک عدالت اس کيس کو مسترد کر چکی ہے تاہم جمعے کو کيليفورنيا کی ايک عدالت ميں فيصلے کے خلاف اپيل دائر کی گئی۔ ٹيم کی ترجمان مولی ليونسن نے يہ موقف اختيار کيا ہے کہ خواتين کے ساتھ امتيازی رويہ اپنايا جا رہا ہے۔ مردوں کے برابر تنخواہ کا يہ معاملہ دنيا بھر ميں علامتی حيثيت کا حاصل ہے کيونکہ دنيا کے کئی حصوں ميں خواتين کو مردوں کے مقابلے ميں کم تنخواہيں ملتی ہيں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے