پیر : 11 مئی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایرانی تربیتی مشقوں کے دوران حادثاتی طور پر میزائل لگنے کے سبب 19 اہلکار ہلاک[/pullquote]

ایرانی بحریہ کی عسکری تربیتی مشقوں کے دوران ایک کشتی ایک میزائل کی زد میں آ گئی جس کے نتیجے میں 19 ایرانی فوجی ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ خلیج فارس کے علاقے میں جاری ایرانی بحری تربیتی مشقوں کے دوران پیش آیا۔ ابتدائی طور پر ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی نے ایک فوجی کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی، تاہم اب بحریہ نے انیس فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی خبروں کے مطابق مشقوں میں شریک ’جماران‘ نامی ایرانی بحری جنگی جہاز سے داغا گیا ایک میزائل حادثاتی طور پر ایران ہی کے ’کونارک‘ نامی جنگی بحری جہاز پر جا گرا۔

[pullquote]فوجی چیک پوائنٹ پر طالبان کے حملے میں چھ افراد مارے گئے، افغان حکام[/pullquote]

طالبان کی طرف سے ایک فوجی چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں چھ افغان فوجی مارے گئے ہیں جبکہ پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔ افغان حکومت کے مطابق یہ حملہ مشرقی صوبہ لغمان میں کیا گیا۔ طالبان نے اتوار کی شب کیے جانے والے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ افغان وزارت دفاع کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق افغان فورسز نے حملہ آوروں کو واپس دھکیل دیا اور یہ کہ طالبان کو بھی جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

[pullquote]ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافہ نہیں کریں گے، متحدہ عرب امارات کے وزیر خزانہ[/pullquote]

متحدہ عرب امارات کے وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ ملک میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب نے ملک میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس پانچ فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کا اطلاق یکم جولائی سے ہو گا۔ ٹیکس میں اضافے کا مقصد کورونا وبا کے سبب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں شدید کمی کے سبب متاثر ہونے والی ملکی معیشت کو سہارا دینا ہے۔

[pullquote]کووڈ انیس سے متاثرہ افراد کی تعداد 41 لاکھ سے بڑھ گئی[/pullquote]

نئے کورونا وائرس کے سبب پیدا ہونے والی بیماری سے عالمی سطح پر متاثرہ افراد کی تعداد 41 لاکھ 20 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ یہ بیماری اب تک دو لاکھ 83 ہزار انسانی جانیں لے چکی ہے۔ اس بیماری سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا میں قریب 80 ہزار افراد اس بیماری کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ وہاں کووڈ انیس میں مبتلا ہونے والے افراد کی کُل تعداد 13 لاکھ 30 ہزار کے قریب ہے۔ جرمنی میں اس مہلک وائرس سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 72 ہزار کے قریب ہے جبکہ یہاں اسی سبب اموات کی تعداد 7,570 ہے۔

[pullquote]شامی اور روسی فورسز اسکولوں اور ہسپتالوں کو نشانہ بنا رہی ہیں، ایمنسٹی انٹرنیشنل[/pullquote]

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ شامی صدر بشار الاسد کی فوج اور روسی فورسز فضائی اور زمینی حملوں کے دوران اسکولوں اور ہسپتالوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ ایمنسٹی کی طرف سے آج پیر کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق مئی 2019ء سے رواں برس فروری کے درمیان دونوں فورسز نے کم از کم 18 ایسے حملے کیے۔ ان حملوں کے سبب پانچ طبی مراکز بند ہو گئے۔ ایمنسٹی نے ان حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

[pullquote]بزرگ افراد کی رہائش میں آگ لگنے سے کم از کم نو افراد ہلاک[/pullquote]

روسی دارالحکومت ماسکو کے نواحی علاقے میں واقع بزرگ افراد کی ایک رہائش گاہ میں آگ لگنے کے سبب کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی حکام کے مطابق ایک پرائیویٹ ریٹائرمنٹ ہوم میں یہ آگ اتوار اور پیر کی درمیانی نصف شب کے قریب لگی جسے ایک گھنٹے میں بجھا دیا گیا۔ تاہم اس دوران نو افراد ہلاک ہو گئے جبکہ اتنے ہی لوگوں کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ روسی حکام کے مطابق اس عمارت میں جس وقت آگ لگی اس وقت اس میں 37 لوگ موجود تھے۔

[pullquote]بھارت میں ٹرین سروس شروع کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

بھارتی حکومت نے کل منگل کے روز سے پندرہ خصوصی مسافر ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ ریلوے کے وزیر پیوش گوئل کے مطابق 12مئی سے مسافر ٹرینوں کی مرحلہ وار آمد و رفت شروع کی جا رہی ہے۔ ابتدا میں دہلی سے پندرہ خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی، جو ملک کے مختلف اضلاع تک جائیں گی۔ ریلوے کے وزیر کے مطابق ان ٹرینوں میں سفر کرنے کے لیے حفاظتی شرائط کو پورا کرنا ہوگا۔ دوسری طرف بھارت میں کووڈ انیس سے متاثرین کی تعداد 67 ہزار اور اموات دو ہزار دو سو سے تجاوز کر چکی ہیں۔

[pullquote]برطانوی وزیر اعظم کا لاک ڈاؤن میں نرمی کا اولین اعلان[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کورونا وائرس کے سبب ملک میں لاگو لاک ڈاؤن میں نرمی کا ابتدائی اعلان کیا ہے۔ جانسن کے مطابق جو لوگ گھروں سے کام نہیں کر سکتے وہ اپنے کام کی جگہوں پر لوٹ سکتے ہیں۔ بدھ کے روز سے لوگ گھروں سے باہر جا سکیں گے مگر انہیں سماجی فاصلے کو یقینی بنانا ہو گا۔ یکم جون سے اسکول اور دکانوں کو کھولنے کی اجازت بھی دی جا سکتی ہے تاہم اس سے قبل حکومت ایک بار پھر اس پر غور کرے گی۔

[pullquote]کورونا وائرس: امریکی نائب صدر مائیک پینس بھی قرنطینہ میں[/pullquote]

امریکی نائب صدر مائیک پینس نے اپنی ایک معاون کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد خود کو الگ تھلگ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی نائب صدر کی پریس سیکرٹری کیٹی ملر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد نائب صدر نے دو روز تک گھر میں الگ تھلگ رہنے کا فیصلہ کیا۔ قبل ازیں وائٹ ہاؤس کے ایک اور اہلکار میں کووڈ انیس کی تصدیق ہونے کے بعد ’کورونا ٹاسک فورس‘ کے تین اعلیٰ اہلکار بھی قرنطینہ میں چلے گئے تھے۔ ان میں ڈاکٹر اینتھونی فاؤچی شامل ہیں، جو امریکا میں الرجی اور متعدی بیماریوں کے قومی انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر بھی ہیں۔

[pullquote]ایرانی فوجی مشقوں کے دوران ایک فوجی ہلاک متعدد دیگر زخمی[/pullquote]

خلیج فارس کے علاقے میں ہونے والی ایرانی فوجی تربیتی مشقوں کے دوران ایک فوجی ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی نے یہ بات فوجی ترجمان کے حوالے سے بتائی ہے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی خبروں کے مطابق مشقوں میں شریک ایک ایرانی بحری جنگی جہاز ’جماران‘ سے داغا گیا ایک میزائل حادثاتی طور پر ایک اور جنگی بحری جہاز پر جا گِرا جس کی وجہ سے متعدد ایرانی فوجی مارے گئے۔ تاہم ایرانی بحریہ نے ان خبروں کی تصدیق نہیں کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے