جمعہ : 22 مئی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کراچی: پی آئی اے کا مسافر طيارہ لينڈنگ سے ايک منٹ قبل کريش[/pullquote]

پاکستان انٹرنيشنل ايئر لائنز کا ايک مسافر طيارہ آج بروز جمعہ گر کر تباہ ہو گيا ہے۔ مقامی ميڈيا پر نشر کردہ رپورٹوں کے مطابق پی آئی اے کی پرواز PK-303 لاہور سے کراچی کے سفر پر گامزن تھی اور لينڈنگ سے ايک منٹ قبل طيارہ کريش ہو گيا۔ يہ طيارہ جناح انٹرنيشنل ايئر پورٹ کے قريب ماڈل کالونی، ملير کے علاقے ميں گرا۔ سول ايوی ايشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق طيارے پر اکيانوے افراد سوار تھے۔ کريش ہونے والا Airbus A320 طرز کا طيارہ تھا۔ کريش کی منظر عام پر آنے والی ويڈيوز ميں يہ ديکھا جا سکتا ہے کہ طيارہ جس مقام پر گرا، وہاں کئی مکانات متاثر ہوئے ہيں۔ فوری طور پر پاکستانی فوج اور سندھ ريجنرز کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہيں اور ريسکيو کی سرگرمياں جاری ہيں۔ ابھی تک جانی نقصان کی کوئی حتمی اطلاع نہيں۔

[pullquote]يوم القدس کے موقع پر خامنہ ای کی اسرائيل پر سخت تنقيد[/pullquote]

ايرانی سپريم ليڈر آيت اللہ علی خامنہ ای نے آج بروز جمعہ اپنے ايک بيان ميں کہا ہے کہ فلسطين کی آزادی کے ليے لڑنا ‘اسلامی فريضہ‘ ہے۔ خامنہ ای کی يہ تقرير ايران ميں ٹيلی وژن پر براہ راست نشر کی گئی۔ يوم القدس کے موقع پر انہوں نے مزيد کہا کہ فلسطين کے ليے جاری جدو جہد کا مقصد مکمل فلسطينی سرزمين کی آزادی اور فلسطينيوں کی اپنی آبائی زمين پر واپسی ہے۔ يہ پہلا موقع ہے کہ يوم القدس کے موقع پر ايرانی سپريم ليڈر آيت اللہ علی خامنہ ای نے باقاعدہ تقرير کی ہے۔ فلسطينيوں کے ساتھ اظہار يکجہتی اور اسرائيل کی مخالفت ميں ايران ميں يوم القدس منانے کی روايت سن 1979 ميں آيت اللہ روح اللہ خمينی نے شروع کی تھی۔

[pullquote]روہنگيا مسلمانوں کے خلاف مبينہ مظالم، ميانمار کا جواب کل متوقع[/pullquote]

ميانمار ميں حکام نے بتايا ہے کہ راکھين ميں روہنگيا مسلمانوں کے خلاف مبينہ مظالم پر عالمی عدالت انصاف ميں جاری کيس پر ينگون حکومت کا رد عمل کل بروز ہفتہ پيش کيا جائے گا۔ وزارت خارجہ کے ايک ذرائع نے بتايا ہے کہ حکومت ايک رپورٹ ترتيب دے رہی ہے تاہم اس کی تفصيلات ابھی جاری نہيں کی جائيں گی۔ عدالت نے جنوری ميں ميانمار کی حکومت کو ہدايت دی تھی کہ روہنگيا نسل کی مسلم کميونٹی کے تحفظ کو يقينی بنايا جائے۔ تين برس قبل ساڑھے ساتھ لاکھ کے قريب روہنگيا پناہ کے ليے بنگلہ ديش ہجرت کر گئے تھے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹوں ميں راکھين ميں ہونے والے مبينہ مظالم کا موازنہ ’نسل کشی‘ سے کيا گيا ہے، جسے ميانمار کی حکومت سختی س مسترد کرتی ہے۔

[pullquote]’اوپن اسکائیز ٹريٹی‘ سے امريکا کی جلد دست برداری[/pullquote]

روس نے کہا ہے کہ امريکا کی يکطرفہ دستبرداری کے باوجود ’اوپن اسکائیز ٹريٹی‘ پر عملدرآمد جاری رکھا جائے گا۔ قبل ازيں جمعرات کی شب امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس دفاعی معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کر ديا تھا۔ انہوں نے کہا کہ روس کی طرف سے بھی معاہدے کی خلاف ورزی جاری ہے اور جب روس اس پر عملدرآمد شروع کرے گا، امريکا بھی ايسا ہی کرے گا۔ يہ تيسرا دفاعی معاہدہ ہے، جس سے ٹرمپ نے دست برداری کا اعلان کيا ہے۔ ماسکو حکومت نے اس پر ابتدائی رد عمل ميں کہا تھا کہ اس پيش رفت سے يورپ کی سلامتی اور امريکی اتحاديوں کے مفادات متاثر ہوں گے۔

[pullquote]خاشقجی کے بيٹوں نے باپ کے قاتلوں کو معاف کر ديا[/pullquote]

استنبول ميں پراسرار حالات ميں قتل کيے جانے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے بيٹوں نے اپنے والد کے قاتلوں کو معاف کرنے کا اعلان کيا ہے۔ ٹوئٹر پر صلاح خاشقجی نے جمعرات کی رات ايک پيغام ميں لکھا کہ رمضان کی اس اہم رات وہ اپنے والد کے قاتلوں کے ليے معافی کا اعلان کرتے ہيں۔ اس پيش رفت کے بعد خاشقجی قتل کے پانچ مجرمان، جن کے ليے سزائے موت کا حکم سنايا جا چکا ہے، بچ سکتے ہيں۔ فوری طور پر سعودی حکام کی جانب سے اس اعلان پر کوئی رد عمل سامنے نہيں آيا۔ خاشقجی کو اکتوبر سن 2018 ميں استنبول ميں سعودی سفارت خانے ميں قتل کر ديا گيا تھا۔

[pullquote]نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد باون لاکھ کے قريب[/pullquote]

نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد باون لاکھ کے قريب پہنچ چکی ہے اور تين لاکھ بتيس ہزار سے زائد افراد اس وائرس کے باعث ہلاک ہو چکے ہيں۔ 210 ملکوں ميں اس وائرس کی تصديق ہو چکی ہے، جو پچھلے سال کے اختتام پر چينی شہر ووہان سے شروع ہوا تھا۔ سب سے زيادہ متاثرہ ممالک امريکا، روس اور برازيل ہيں۔ امريکا ميں متاثرين کی تعداد سولہ لاکھ کے قريب، روس ميں تين لاکھ سے زائد اور برازيل ميں بھی تين لاکھ سے زائد ہے۔ اب تک ساڑھے انيس لاکھ سے زائد افراد کووڈ انيس سے صحت ياب بھی ہو چکے ہيں۔

[pullquote]جنگ بندی پر عملدرآمد يقينی بنائيں، انٹونيو گوٹيرش[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل انٹونيو گوٹيرش نے دنيا بھر ميں جاری مسلح تنازعات ميں شامل فريقين پر ايک مرتبہ پھر جنگ بندی کے ليے زور ديا ہے۔ گوٹيرش نے گزشتہ روز سلامتی کونسل ميں ايک رپورٹ جمع کرائی، جس ميں کہا گيا ہے کہ نئے کورونا وائرس کی وبا دنيا کے ليے سب سے کٹھن امتحان ہے۔ پچھلے ايک سال ميں مختلف تنازعات ميں بيس ہزار شہری ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہيں۔ اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل نے تيئس مارچ کو جاری کردہ جنگ بندی کی اپيل پر مثبت رد عمل کا بھی عنديہ ديا تاہم انہوں نے واضح کيا کہ اس کو حقيقی طور پر عملی جامع پہنانے کے سلسلے ميں کئی چيلنجز کا سامنا ہے۔

[pullquote]بنگلہ ديش اور بھارت، طوفان کے بعد امدادی کام جاری[/pullquote]

سمندری طوفان امپھان کے بعد مشرقی بھارت اور بنگلہ ديش کے متاثرہ علاقوں ميں امدادی سرگرمياں جاری ہيں۔ اس طاقت ور طوفان کے باعث نوے سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو گئے ہيں۔ طوفان نے سب سے زيادہ تباہی مغربی بنگال ميں مچائی اور رياستی دارالحکومت کولکتہ ميں ہر طرف درخت بکھرے پڑے ہيں۔ بھارتی وزير اعظم نريندر مودی نے ہيلی کاپٹر پر متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کيا اور کہا کہ ان علاقوں کی بحالی کے ليے ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ اندازوں کے مطابق بنگلہ ديش ميں امپھان 130 ملين ڈالر کے قريب مالی نقصان کا باعث بنا۔

[pullquote]ہانگ کانگ ميں سلامتی سے متعلق ايک نئے قانون کا مسودہ[/pullquote]

ہانگ کانگ ميں سلامتی سے متعلق ايک نئے قانون کا مسودہ آج چينی پارليمان ميں پيش کيا گيا، جس کے بارے ميں ناقدين کا خدشہ ہے کہ يہ تازہ احتجاج کا سبب بن سکتا ہے۔ چين جمہوريت نواز مظاہروں کو روکنے کے ليے اس قانون کو ناگزير قرار ديتا ہے جبکہ ہانگ کانگ ميں جمہوريت نواز مظاہرين اور عالمی برادری اس کی مخالفت کر رہی ہے۔ چين کے خصوصی انتظامی اختيارات کے حامل حصے ہانگ کانگ ميں لاگو ہونے والے آرٹيکل تيئس ميں چين کو يہ اختيار حاصل ہے کہ چين سے عليحدگی يا سازش سے متعلق کسی بھی قسم کی کوشش کی روک تھام يقينی بنائی جائے۔

[pullquote]چين: اس سال اقتصادی نمو کا ہدف کچھ نہيں[/pullquote]

چين ميں اس سال اقتصادی نمو کے ليے کوئی ہدف مقرر نہيں کيا گيا۔ دنيا کی دوسری سب سے بڑی معيشت کے حامل ملک ميں ايسا کئی دہائيوں بعد ہو رہا ہے۔ بيجنگ حکومت نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے تناظر ميں يہ فيصلہ کيا ہے۔ توقع کی جاری رہی تھی کہ چھ فيصد کی متوقع اقتصادی نمو کا اعلان کيا جائے گا تاہم ايسا نہ ہوا۔ چين نے بجٹ ميں خسارے کی حد بھی بڑھا دی ہے۔ علاوہ ازيں کووڈ انيس کی وبا سے نمٹنے کے ليے ايک ٹريلين يوآن کے بانڈز کے اجراء کا بھی اعلان کيا گيا ہے۔ کمپنيوں کے ليے بھی ٹيکس ميں کٹوتيوں کا اعلان جلد متوقع ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے