منگل : 09 جون 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ہیوسٹن میں سوگ اور جارج فلوئیڈ کی تدفین[/pullquote]

امریکی پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے سیاہ فام جارج فلوئیڈ کی آخری رسومات سے ایک روز قبل سینکڑوں افراد نے انہیں الوداع کہنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ ان کا تابوت ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں واقع فاؤنٹین آف پرائز چرچ میں رکھا گیا ہے۔ دریں اثناء ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے جارج فلوئیڈ کے اہلخانہ سے ملاقات کی ہے۔ ہیوسٹن میں پلنے بڑھنے والے فلوئیڈ کی تدفین ایک نجی تقریب کے دوران آج منگل کو کی جا رہی ہے۔

[pullquote]سیاہ فام امریکی کی ہلاکت کے مرکزی ملزم کی ضمانت[/pullquote]

سیاہ فام امریکی شہری جارج فلوئیڈ کی ہلاکت کے مرکزی ملزم اور سابق پولیس اہلکار کی ضمانت کے لیے دس لاکھ ڈالر مقرر کیے گئے ہیں۔ چوالیس سالہ سفید فام پولیس اہلکار کو پہلی مرتبہ ویڈیو کے ذریعے مینیا پولیس کی ایک عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔ عدالت کے مطابق مرکزی ملزم کی عارضی رہائی کی صورت میں بھی انہیں شہر چھوڑنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ قبل ازیں محکمہ پولیس میں وسیع تر اصلاحات کرنے کا بھی عندیہ دیا گیا تھا۔

[pullquote]مسلمانوں کے خلاف ممکنہ دہشت گردانہ حملہ، جرمن ملزم سے تفتیش[/pullquote]

جرمنی میں مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی کا منصوبہ رکھنے والے ایک اکیس سالہ جرمن شہری کو گرفتار کرتے ہوئے تفتیش کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ ملزم نے ایک انٹرنیٹ گروپ میں کہا تھا کہ وہ مسلمانوں کو ہلاک کرنا چاہتا ہے۔ ملزم پر نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ حملہ آور سے متاثر ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ملزم کی رہائش گاہ سے اسلحہ اور دائیں بازو کے انتہاپسندانہ نظریات پر مبنی مواد بھی ملا ہے۔ زیر حراست جرمن شہر ہیلڈش ہائم کا یہ رہائشی دنیا بھر کے میڈیا کی توجہ حاصل کرنا چاہتا تھا۔

[pullquote]ترکی، گولن کے مشتبہ حامیوں کے خلاف آپریشن[/pullquote]

ترکی میں چار سال قبل ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے ردعمل میں گرفتاریوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی انادولو کے مطابق متعدد صوبوں میں کارروائی کرتے ہوئے ایک سو انچاس افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں چھ پولیس سربراہان بھی شامل ہیں۔ سکیورٹی فورسز کے ان اہلکاروں پر گولن تحریک سے وابستہ ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ترک حکومت گزشتہ کئی برسوں سے امریکا میں جلاوطن فتح اللہ گولن کی تحریک کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

[pullquote]جرمن برآمدات، ستر برسوں میں نچلی ترین سطح پر[/pullquote]

اپریل کے مہینے میں جرمن معیشت کو شدید ترین نقصان پہنچا ہے اور اس ملک کی برآمدات گزشتہ ستر برسوں کے دوران نچلی ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی ہیں۔ قبل ازیں سن انیس سو پچاس میں ایسا ہوا تھا اور جرمن برآمدات میں تقریبا اکتیس فیصد کمی ہوئی تھی۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق جرمنی کی ماہانہ برآمدات میں اندازوں سے بھی زیادہ چوبیس فیصد کمی آئی ہے جبکہ درآمدات میں ساڑھے سولہ فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔

[pullquote]جوہری تخفیف اسلحہ، روس اور امریکا کے مابین ممکنہ مذاکرات[/pullquote]

امریکا اور روس نے جوہری تخفیف اسلحہ سے متعلق مذاکرات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ تخفیف اسلحہ کے لیے امریکی خصوصی مذاکرات کار مارشل بلینگسلی نے کہا کہ انہوں نے روسی نائب سیکرٹری برائے خارجہ امور سیرگئی ریابکوف کے ساتھ جون میں مذاکرات کی تاریخ اور جگہ پر اتفاق کر لیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق چین کو بھی ان مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ کہ مجوزہ مذاکرات کب اور کہاں ہوں گے اور نہ ہی روس نے ابھی تک اس کی تصدیق کی ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا کی طرف سے جنوبی کوریا کے ساتھ تمام تر مواصلاتی رابطے ختم کرنے کا اعلان[/pullquote]

شمالی کوریا نے اپنے ہمسایہ ملک جنوبی کوریا کے ساتھ تمام تر مواصلاتی رابطے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شمالی کوریائی نیوز ایجنسی کے سی این اے کے مطابق ہمسایہ ملک جنوبی کوریا کے ساتھ تمام تر تعلقات ختم کرنے کے حوالے سے یہ پہلا قدم ہے۔ ایک ہفتہ قبل شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن نے جنوبی کوریا کے ساتھ تمام فوجی معاہدے ختم کرنے کی دھمکی دی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے