بدھ : 10 جون 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سویڈش وزیر اعظم پالمے کے قتل کی تفتیش چونتیس سال بعد روک دی گئی[/pullquote]

سویڈن کے انیس سو چھیاسی میں قتل کر دیے گئے وزیر اعظم اولوف پالمے کے قتل کی چھان بین چونتیس سال بعد عملاﹰ روک دی گئی ہے۔ یہ بات بدھ کے روز ریاستی دفتر استغاثہ نے بتائی۔ وجہ یہ بتائی گئی کہ اس قتل کا مرکزی مشتبہ ملزم سویڈن ہی کا ایک شہری تھا، جو سن دو ہزار میں انتقال کر گیا تھا۔ اس بارے میں چیف پراسیکیوٹر کرِسٹر پیٹرسن نے سٹاک ہولم میں بتایا کہ اس ملزم سے اب نہ تو پوچھ گچھ کی جا سکتی ہے اور نہ ہی اس پر کوئی فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے۔ اولوف پالمے کو اٹھائیس فروری انیس سو چھیاسی کی رات وسطی سٹاک ہولم میں سینما سے گھر واپس جاتے ہوئے گولی مار دی گئی تھی۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد تقریباﹰ ایک لاکھ پچاسی ہزار[/pullquote]

جرمنی میں نئے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مصدقہ تعداد آج بدھ کے روز تین سو اٹھارہ کے اضافے کے ساتھ تقریباﹰ ایک لاکھ پچاسی ہزار ہو گئی۔ یہ بات وبائی بیماریوں کی روک تھام سے متعلق جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کی طرف سے برلن میں بتائی گئی۔ جرمنی میں کووِڈ انیس نامی مرض کی وجہ سے اب تک آٹھ ہزار سات سو انتیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں سے اٹھارہ ہلاکتیں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہوئیں۔

[pullquote]بنگلہ دیش کو سینکڑوں روہنگیا مہاجرین واپس لینے کے لیے کہیں گے، ملائیشیا[/pullquote]

ملائیشیا کی حکومت بنگلہ دیش سے تقریباﹰ تین سو روہنگیا مہاجرین کو واپس لینے کا مطالبہ کرے گی۔ ان افراد کو ملائیشیا کے حکام نے اس وقت اپنی حراست میں لے لیا تھا، جب اسی ہفتے وہ کشتی ملائیشیا کی سمندری حدود میں داخل ہوئی تھی، جس پر یہ روہنگیا باشندے سوار تھے۔ اس بارے میں ملائیشیا کے وزیر دفاع نے کہا کہ ان کا ملک اب اپنے ہاں کسی بھی روہنگیا مہاجر کو قبول نہیں کرے گا۔ اس کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث مشرق بعید کے اس ملک نے اپنے ہاں سرحدی نگرانی انتہائی سخت کر رکھی ہے۔

[pullquote]جارج فلوئڈکو دفنا دیا گیا، ہزارہا افراد نے الوداع کہا[/pullquote]

امریکا میں پولیس کی ایک پرتشدد کارروائی میں ہلاک ہونے والے افریقی نژاد شہری جارج فلوئڈ کو ریاست ٹیکساس میں ان کے آبائی شہر ہیوسٹن کے قریب اسی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا، جہاں ان کی والدہ بھی دفن ہیں۔ پولیس کے پہرے میں جارج فلوئڈ کی میت والا تابوت سفید گھوڑوں والی ایک بگھی پر ہیوسٹن کے نواحی شہر پرل لینڈ کے اس قبرستان تک لایا گیا۔ تدفین سے قبل ہزارہا سوگوار شہریوں نے ان کا آخری دیدار کیا تھا۔ تدفین سے قبل آخری رسومات کے دوران ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے فلوئڈ کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی تھی۔ جو بائیڈن نے جارج فلوئڈ کی آخری رسومات میں ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے شرکت بھی کی اور کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ امریکا میں ’نسلی ناانصافی کو ختم کیا جائے‘۔ جارج فلوئڈ نے 25 مئی کو ایک پولیس آپریشن کے بعد دم توڑ دیا تھا۔

[pullquote]اسرائیل کی اعلیٰ ترین عدالت کا یہودی آباد کاری سے متعلق متنازعہ قانون کے خلاف فیصلہ[/pullquote]

اسرائیل کی اعلیٰ ترین عدالت نے فلسطینیوں کی مقبوضہ زمینوں پر یہودی بستیوں کی تعمیر کو ان کے وجود میں آنے کے بعد قانونی قرار دینے سے متعلق ایک متنازعہ قانون کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے۔ عدالت کے ججوں نے اس قانون کو غلط قرار دے دیا، جس کی مدد سے حکومت مقبوضہ مغربی اردن کے علاقے میں سینکڑوں ہیکٹر زمین کو اسرائیل کے ریاستی علاقے میں شامل کرنا چاہتی تھی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ اسرائیلی قانون فلسطینی آبادی کے حقوق کی نفی کرتا ہے اور اس لیے ریاستی آئین سے متصادم ہے۔ اسرائیلی پارلیمان نے یہ متنازعہ قانون سن دو ہزار سترہ میں منظور کیا تھا۔ اس قانون کے خلاف انسانی حقوق کی اسرائیلی اور فلسطینی تنظیموں نے مقدمات دائر کیے تھے۔

[pullquote]افغانستان میں کوئلے کی کان میں دھماکا، کم از کم چھ افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے شمالی صوبے سمنگان میں کوئلے کی ایک کان میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد مارے گئے۔ صوبے کے نائب گورنر صفات اللہ سمنگانی نے بدھ کے روز بتایا کہ اس دھماکے کے نتیجے میں مرنے والوں میں سے چار کان کے اندر کام کر رہے تھے جبکہ دو ہلاک شدگان اس وقت کان کے باہر موجود تھے۔ دھماکے کے وقت اس کان میں سولہ مزدور کام کر رہے تھے۔ منگل کی صبح پیش آنے والے اس واقعے کے بعد سے بارہ کان کن ابھی تک اس کان میں پھنسے ہوئے ہیں۔ بظاہر یہ دھماکا کان کے اندر میتھین گیس بھر جانے کی وجہ سے ہوا۔

[pullquote]افریقہ میں مہاجرین کے بحرانوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، امدادی تنظیموں کا شکوہ[/pullquote]

ناروے کی امدادی تنظیم نارویجین ریفیوجی کونسل این آر سی نے بین الاقوامی برادری پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ براعظم افریقہ میں مہاجرین کے بحرانوں کو نظر انداز کرنے کی مرتکب ہو رہی ہے۔ اس تنظیم کے مطابق دنیا بھر میں مہاجرین کے بحرانوں میں سے سب سے زیادہ افریقہ میں ایسے بحرانوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ این آر سی نے اس سلسلے میں خاص طور پر کیمرون، ڈیموکریٹک ریپبلک کانگو اور برکینا فاسو میں ایسے شدید بحرانوں کی طرف توجہ دلائی۔ اسی طرح انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی کہا ہے کہ عالمی برادری کو افریقہ میں ساحل کے علاقے میں فوجیوں اور مسلح جنگجوؤں کی طرف سے انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں پر فوری توجہ دینا چاہیے۔

[pullquote]دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بہتر لاکھ چالیس ہزار، ہلاکتیں چار لاکھ گیارہ ہزار[/pullquote]

دنیا بھر میں نئے کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد تقریباﹰ بہتر لاکھ چالیس ہزار ہو گئی ہے جبکہ ہلاکتیں بھی مزید اضافے کے ساتھ چار لاکھ گیارہ ہزار سے زائد ہو گئی ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا میں اس وائرس کے مریضوں کی تعداد تقریباﹰ انیس لاکھ اسی ہزار ہو چکی ہے اور آج بدھ کی صبح تک ہلاکتوں کی تعداد بھی ایک لاکھ بارہ ہزار سے تجاوز کر چکی تھی۔ جنوبی ایشیا میں بھی یہ وائرس اس وقت تیزی سے پھیل رہا ہے۔ بھارت میں کووِڈ انیس کے مریضوں کی تعداد پونے تین لاکھ سے زیادہ اور اموات بھی پونے آٹھ ہزار سے متجاوز ہو چکی ہیں۔ پاکستان میں بھی یہ وائرس اب تک تقریباﹰ ایک لاکھ چودہ ہزار افراد کو متاثر کر چکا اور سوا دو ہزار سے زائد کی موت کی وجہ بن چکا ہے۔

[pullquote]غیر یورپی ممالک کے سفر کے خلاف تنبیہ، جرمن حکومت مدت میں توسیع پر متفق[/pullquote]

وفاقی جرمن حکومت میں داخلی طور پر اس بارے میں اتفاق رائے ہو گیا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پیش نظر یورپی یونین سے باہر کے ممالک کے سفر کے حوالے سے جرمن شہریوں کو کی گئی تنبیہ کی مدت میں توسیع کر دی جائے۔ ایک حکومتی دستاویز کے مطابق اس وارننگ میں اب اس سال اگست کے آخر تک کے لیے توسیع کر دی جائے گی۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق میرکل حکومت کے اس فیصلے کی وجہ وفاقی جرمن دفتر خارجہ اور جرمن وزارت داخلہ کی طرف سے کی جانے والی سفارشات بنیں۔ اس فیصلے کا مطلب برلن حکومت کی جرمن شہریوں کو یہ باقاعدہ تنبیہ ہو گی کہ وہ یورپی یونین سے باہر دنیا کے ایک سو ساٹھ سے زائد ممالک کے سفر سے اکتیس اگست تک اجتناب کریں۔

[pullquote]نیٹو سیکرٹری جنرل کا رکن ممالک کے فوجی بجٹ میں اضافے کا مطالبہ[/pullquote]

مغربی دفاعی تنظیم نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس سٹولٹن برگ کی کوشش ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجود اس فوجی اتحاد کے رکن ممالک اپنے دفاعی بجٹ کو بڑھا کر اپنی اپنی مجموعی قومی پیداوار کے دو فیصد تک کے برابر کر دیں۔ یہ بات ناروے سے تعلق رکھنے والے سٹولٹن برگ نے جرمن اخبار ’دی ویلٹ‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے پیدا شدہ صورت حال اپنی جگہ لیکن وہ خطرات اور چیلنجز جو اس عالمی وبا سے پہلے موجود تھے، وہ ابھی تک ختم نہیں ہوئے۔ ساتھ ہی نیٹو کے سیکرٹری جنرل نے یہ اعتراف بھی کیا کہ تنظیم کے رکن ممالک میں اقتصادی گرم بازاری کے لیے حکومتی اخراجات میں اضافہ بھی ضروری ہو گا۔ تاہم اس وجہ سے عالمی سطح پر طاقت کا توازن خراب نہیں ہونا چاہیے۔

[pullquote]راجر فیڈرر اگلے سال تک ٹینس نہیں کھیل سکیں گے[/pullquote]

کئی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس جیتنے والے ٹینس کے سٹار کھلاڑی راجر فیڈرر نے کہا ہے کہ وہ اگلے سال تک ٹینس نہیں کھیل سکیں گے۔ انہوں نے بدھ کے روز ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ان کو چند ہفتے قبل اپنے دائیں گھٹنے کے ایک اور آپریشن کی ضرورت پڑی تھی۔ اس آپریشن کے نتیجے میں اب انہیں کئی ماہ آرام اور انتظار کرنا ہو گا۔ سوئس کھلاڑی فیڈرر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ سن دو ہزار اکیس کے سیزن میں دوبارہ بین الاقوامی ٹینس مقابلوں میں حصہ لے سکیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے