پیر : 15 جون 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جاسوسی کا الزام، امریکی شہری کو 16 برس قید کی سزا[/pullquote]

روس میں جاسوسی کے الزام میں ایک امریکی شہری کو سولہ برس قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ ماسکو سٹی کورٹ کے مطابق پاؤل وہیلن کو انتہائی سکیورٹی والی جیل میں رکھا جائے گا۔ وہیلن اپنے اوپر لگائے گئے تمام تر الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ امریکی سفارت خانے نے اس سزا کو غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سزا بغیر شواہد کے سنائی گئی ہے۔

[pullquote]عالمی سطح پر کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ[/pullquote]

عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد اٹھہتر لاکھ تک پہنچ گئی ہے جبکہ چار لاکھ تینتیس ہزار سے زائد افراد اب تک اس وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکا ہے، جہاں اس وبا سے بیس لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ایک لاکھ پندرہ ہزار سے بھی زیادہ افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔ برازیل اب متاثرین اور ہلاکتوں کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر آ گیا ہے جہاں تینتالیس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]جرمنی، انتہائی دائیں بازو کی جماعت کی نگرانی کا فیصلہ[/pullquote]

جرمنی کی انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت اے ایف ڈی کی ایک مقامی شاخ کو زیر نگرانی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جرمن وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق مذکورہ مقامی گروہ کی نگرانی خفیہ ایجنسی کرے گی اور یہ فیصلہ طویل غور و فکر کے بعد کیا گیا ہے۔ جرمنی کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت اے ایف ڈی میں تقسیم پیدا ہو چکی ہے۔ سن دو ہزار سترہ کے انتخابات میں مہاجرین اور اسلام مخالف یہ جماعت ملک کی تیسری بڑی جماعت بن کر ابھری تھی۔

[pullquote]روس اور چیک جمہوریہ کے مابین سفارتی کشیدگی[/pullquote]

روس اور چیک جمہوریہ کے درمیان سفارتی کشیدگی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پیر کے روز روس نے دو سفارت کاروں کی دفتر خارجہ طلبی کی۔ قبل ازیں چیک جمہوریہ نے روس کے دو سفارت کاروں کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے انہیں ملک چھوڑ دینے کے احکامات دیے تھے۔ ممکنہ طور پر روس بھی سخت جواب دیتے ہوئے چیک جمہوریہ کے سفارت کاروں کو ملک سے بے دخل کر سکتا ہے۔

[pullquote]چین میں کورونا وائرس کے نئے کیس، بیجنگ کے کئی علاقوں میں لاک ڈاؤن[/pullquote]

چینی دارالحکومت میں کووڈ انیس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متعدد علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ صرف بیجنگ میں پیر کے روز چھتیس نئے کیسز سامنے آئے اور اس طرح وہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر پچھہتر ہو گئی ہے۔ بیجنگ کی ایک فوڈ ہول سیل مارکیٹ میں ان کیسز کے سامنے آنے کے بعد وہاں بڑی تعداد میں کورونا ٹیسٹ کرانے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر پیر کے روز چین میں انچاس مریض سامنے آئے۔ طبی ماہرین نے کہا ہے کہ وہاں کورونا وائرس کی دوسری لہر شروع ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

[pullquote]دنیا میں جوہری ہتھیاروں کی نئی دوڑ کا خطرہ، سپری[/pullquote]

اسٹاک ہولم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سپری) کے مطابق دنیا کو جوہری ہتھیاروں کی ایک نئی دوڑ کے خطرے کا سامنا ہے۔ اس بین الاقوامی ادارے کی تازہ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر دنیا میں ایٹم بموں کی تعداد میں کمی ہوئی ہے لیکن جوہری طاقتوں نے ایٹمی ہتھیاروں کو جدید تر بنانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا، روس، برطانیہ، فرانس، چین، بھارت، پاکستان، اسرائیل اور شمالی کوریا کے پاس تقریباً تیرہ ہزار چار سو ایٹم بم ہیں۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں ان کی تعداد تقریباً پانچ سو کم بنتی ہے۔

[pullquote]اسرائیل نے مقبوضہ گولان نے ’ٹرمپ ہائٹس‘ کی منظوری دے دی[/pullquote]

گولان کے متنازعہ مقبوضہ پہاڑی علاقے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے منسوب ’ٹرمپ ہائٹس‘ کے نام سے ایک نئی یہودی بستی کی تعمیر شرو ع کر دی گئی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے گزشتہ برس اس متنازعہ نئی یہودی بستی کی تعمیر کا اعلان کیا تھا، جس کی منظوری اسرائیلی حکومت نے اتوار کے روز دی۔ اسرائیل نے 1967ء میں چھ روزہ عرب اسرائیلی جنگ کے دوران گولان کی پہاڑیوں پر قبضہ کر لیا تھا اور سن انیس سو اکیاسی میں یکطرفہ طور پر انہیں اسرائیل میں ضم کر لیا گیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے گزشتہ برس مارچ میں عشروں پرانی امریکی پالسیی کو تبدیل کرتے ہوئے مقبوضہ گولان کے علاقے کو اسرائیلی سرزمین قرار دے دیا تھا۔

[pullquote]فرانس، پولیس اہلکاروں کا اصلاحات کے خلاف احتجاج[/pullquote]

یورپی ملک فرانس میں پولیس اہلکاروں نے مجوزہ اصلاحات کے خلاف دوبارہ احتجاج کیا ہے۔ پیرس کے آئفل ٹاور کے سامنے ہونے والے اس احتجاج میں سینکڑوں پولیس اہلکار شریک تھے۔ قبل ازیں فرانسیسی وزیر داخلہ نے نسلی تعصب کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے تناظر میں کہا تھا کہ نسل پرستانہ انداز میں کارروائیاں کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ فرانسیسی وزیر داخلہ گرفتاری کے دوران کسی کے گلے پر دباؤ ڈالنے کی تکنیک پر بھی پابندی عائد کرنا چاہتے ہیں۔ ہفتے کے روز بھی پولیس اہلکاروں نے پیرس میں ہی احتجاج کیا تھا۔

[pullquote]یورپ آنے والے مہاجرین کی تعداد میں دوبارہ اضافہ[/pullquote]

ایک تازہ رپورٹ کے مطابق یورپ آنے والے مہاجرین کی تعداد میں دوبارہ اضافہ ہو گیا ہے۔ یورپی یونین کے سرحدی تحفظ کی ایجنسی فرنٹیکس کے مطابق مئی میں تقریباً چار ہزار تین سو افراد نے یورپی سرحدیں عبور کیں اور یہ تعداد مارچ کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔ سب سے زیادہ مہاجرین براستہ ترکی یونان پہنچے۔ قبل ازیں کورونا وائرس کی وجہ سے مہاجرین کی تعداد میں واضح کمی دیکھی گئی تھی۔ تاہم اپریل میں یورپ پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد میں دوبارہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

[pullquote]جرمنی نے سفری پابندیاں ختم کر دیں[/pullquote]

يورپی کميشن کی تجاويز پر عمل کرتے ہوئے پندرہ جون سے بيشتر يورپی ممالک نے سفری پابندياں ختم کر دی ہيں۔ اتوار اور پير کی درميانی شب عين بارہ بجے جرمن وزارت خارجہ نے بھی اپنے شہریوں کو ستائيس رکنی يورپی يونين ميں سفر کرنے کی اجازت فراہم کر دی ہے۔ موثر پاليسيوں اور لاک ڈاؤن کی مدد سے کئی يورپی ملکوں نے وبا پر قابو پا ليا ہے۔ دوسری جانب احتياطی تدابير اب بھی روز مرہ زندگی کا حصہ ہيں۔ تاہم اب بھی چار يورپی ملکوں کے لیے سفری اتنباہ موجود ہے، جن ميں اسپين، فن لينڈ، ناروے اور سويڈن شامل ہيں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے