بدھ : 17 جون 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت کے ساتھ مزید جھڑپیں نہیں چاہتے، چین[/pullquote]

چین نے کہا ہے کہ اس نے بھارت کے ساتھ سرحدی تنازعہ پر امن طریقے سے حل کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق وہ بھارت کے ساتھ مزید پرتشدد جھڑپیں نہیں چاہتی۔ تاہم وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ ’اشتعال انگیزی‘ سے باز رہے تاکہ سرحد پر صورتحال مزید کشیدہ نہ ہو۔ دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ’بھارتی فوجیوں کا خون رائیگاں‘ نہیں جائے گا۔ دریں اثناء روس نے دونوں ممالک کے مابین مذاکرات کے آغاز کا خیر مقدم کیا ہے۔

[pullquote]چینی فوج کے ساتھ لڑائی میں 20 فوجی مارے گئے، بھارت[/pullquote]

لداخ کی وادی گلوان میں چینی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں ایک کرنل سمیت بیس بھارتی فوجی مارے گئے ہیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق چار مزید زخمی فوجیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق کئی بھارتی فوجی ابھی تک لاپتہ ہیں لیکن آزاد ذرائع سے ان خبروں کی تصدیق فی الحال نہیں ہو پائی۔ چین کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے سرحد عبور کر کے اشتعال انگيز کارروائیاں کی تھیں۔ بھارتی فوج کا دعوی ہےکہ ان جھڑپوں میں متعدد چینی فوجی بھی ہلاک ہوئے تاہم چین کی جانب سے اب تک ہلاکتوں سے متعلق کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ سرحد پر کشیدگی کم کرنے کے لیے دونوں ملکوں کے حکام رابطے میں ہیں۔

[pullquote]افغانستان، مختلف حملوں میں 17 فوجی اہلکار ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے دو صوبوں میں ہونے والے حملوں کے نتیجے میں کم از کم سترہ افغان فوجی مارے گئے ہیں۔ پہلا حملہ طالبان نے صوبہ جوزجان ميں واقع چیک پوائنٹ پر کیا، جہاں بارہ سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے۔ اسی طرح ایک حملہ صوبہ قندوز میں کیا گیا، جس کے نتیجے میں پانچ سرکاری فوجی مارے گئے۔ جنگجوؤں نے آقچہ نامی علاقے میں بھی ایک حملہ کیا، جہاں پانچ فوجی زخمی ہوئے جبکہ چار دیگر فوجیوں کو یرغمال بنا لیا گیا۔ افغان حکومت کے مطابق حالیہ چند ہفتوں کے دوران ان کے چار سو بائیس فوجی ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔

[pullquote]جرمنی، کورونا وائرس کے خلاف مزید ایک دوا کے تجربات کی منظوری[/pullquote]

جرمنی کی ایک کمپنی ’کیور ویک‘ کو کورونا وائرس کے خلاف ویکسین کے کلینکل ٹیسٹ کرانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ذمے دار ادارے پاؤل اِہرلش انسٹی ٹیوٹ نے کہا ہے کہ اب یہ کمپنی خود کو رضاکارانہ طور پر پیش کرنے والے کورونا کے مریضوں پر تجربات کر سکتی ہے۔ قبل ازیں جرمنی کی ’بیون ٹیک‘ کمپنی کو ایسی اجازت دی گئی تھی۔ پیر کے روز جرمن وزارت اقتصادی امور نے کیور ویک میں تین سو ملین یورو کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]کووڈ انیس مریضوں کی ’زندگی بچانے والی‘ دوا مل گئی[/pullquote]

برطانیہ میں محققین کا کہنا ہے کہ انہیں ایسے شواہد ملے ہیں کہ ایک دوا کووڈ انیس مرض میں مبتلا افراد کی زندگیاں بچانے میں انتہائی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں کے مطابق ’ڈیکسامیتھازون‘ نامی دوا ایک تہائی شدید بیمار افراد کی زندگیاں بچانے میں کامیاب رہی۔ تحقیق کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مکمل ریسرچ کو جلد شائع کیا جائے گا۔ برطانوی سائنسدانوں کے مطابق ’ڈیکسامیتھازون‘ کو کورونا کے علاج کا حصہ بنانا چاہیے اور یہ دوا مہنگی بھی نہیں ہے۔ برطانوی حکام نے مشورہ ديا ہے کہ اسے دنیا بھر میں زندگیاں بچانے کے لیے فوری طور پر استعمال کيا جانا چاہیے۔

[pullquote]ترکی نے کرد عسکریت پسندوں کے خلاف فضائی آپریشن شروع کر دیا[/pullquote]

ترک فوج کی اسپیشل فورسز نے شمالی عراق میں کرد باغیوں کے خلاف فضائی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ترک وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق کرد گروہ ’پی کے کے‘ کے خلاف یہ آپریشن ان کی طرف سے ترک فوجی چوکیوں پر حملے کے بعد شروع کیا گیا ہے اور ترکی کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ پی کے کے کا مرکزی دفتر شمالی عراق کے قندیل نامی پہاڑوں میں ہے۔ ترکی، یورپی یونین اور امریکا اس تنظیم کو دہشت گرد قرار دے چکے ہیں۔

[pullquote]کورونا وائرس کے نئے کیس، چین نے حفاظتی اقدامات سخت کر دیے[/pullquote]

کورونا وائرس کے نئے کیس سامنے آنے کے بعد چین نے دارالحکومت جانے والی پروازوں میں زبردست کمی کر دی ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق ستر فیصد پروازیں منسوخ کرنے کا مقصد کورونا وائرس کو دوبارہ پھیلنے سے روکنا ہے۔ متعدد علاقوں کے رہائیشیوں کے شہر سے باہر جانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ بیجنگ میں کورونا وائرس کے اکتیس کیس منظر عام پر آنے کے فوراً بعد اسکول بھی بند کر دیے گئے تھے۔ بیجنگ میں دوبارہ کورونا وائرس ایک ہول سیل فوڈ مارکیٹ سے پھیلا ہے۔

[pullquote]ہونڈوراس کے صدر کورونا وائرس ميں مبتلا[/pullquote]

ہونڈوراس کے صدر اورلانڈو ہیرنانڈس نے ٹیلی وژن پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھی کورونا وائرس کی نئی قسم سے متاثر ہو چکے ہیں۔ وہ گزشتہ کئی روز سے بیمار تھے۔ دوسری جانب برازیل میں گزشتہ روز کورونا کے مریضوں کی ریکارڈ تعداد منظر عام پر آئی ہے اور اس طرح وہاں مریضوں کی مجموعی تعداد نو لاکھ تیئس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ دریں اثناء بھارت ميں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں دو ہزار کا اضافہ نوٹ کيا گيا اور وہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب بارہ ہزار سے زائد ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا سرحد پر دوبارہ فوجی مشقیں شروع کرنا چاہتا ہے[/pullquote]

شمالی کوریا نے اپنے ہمسایہ ملک جنوبی کوریا کی سرحد پر دوبارہ فوجی مشقیں شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ علاوہ ازیں مشترکہ صنعتی اور سیاحتی علاقوں میں دوبارہ فوجی تعینات کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔ گزشتہ روز شمالی کوریا نے سرحد پر موجود مشترکہ رابطہ دفتر بھی تباہ کر دیا تھا۔ اس سے پہلے جنوبی کوریائی کارکنوں نے شمالی کوریا میں جہاز کے ذریعے پمفلٹ پھینکے تھے، جن میں شمالی کوریائی قیادت پر تنقید کی گئی تھی۔ حال ہی میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی بہن کم یو جونگ نے جنوبی کوریا کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکی بھی دی تھی۔

[pullquote]فرانس میں طبی عملے کے احتجاجی مظاہرے[/pullquote]

فرانس میں ہزاروں ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے نے بہتر تنخواہوں کے لیے ملک کے کئی بڑے شہروں میں احتجاج کیا ہے۔ پولیس کے مطابق صرف پیرس میں تقریباً اٹھارہ ہزار افراد احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکلے۔ کورونا وائرس کے بحران کی وجہ سے فرانسیسی نظام صحت بری طرح متاثر ہوا ہے۔ قبل ازیں ڈاکٹروں اور طبی عملے نے مناسب حفاظتی سامان کی عدم موجودگی کے خلاف بھی احتجاج کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے