اتوار : 21 جون 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جنوبی یمن میں ایک جزیرے پر علیحدگی پسندوں کا قبضہ[/pullquote]

جنوبی یمن کی آزادی کے لیے سرگرم علیحدگی پسندوں نے سقطری جزیرے پر قبضہ کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ جزیرہ صدر منصور ہادی کی حامی فورسز کے قبضے میں تھا، تاہم علیحدگی پسندوں نے اس پر قبضہ کر کے اسے خودمختار بنا دیا ہے۔ اس پیش رفت کے بعد علیحدگی پسند جنوبی ٹرانزیشنل کونسل اور صدر منصور ہادی کے درمیان خلیج اور بڑھ گئی ہے۔ اپریل میں جنوبی یمن کی آزادی کے لیے مسلح جدوجہد میں مصروف اس کونسل نے الزام عائد کیا تھا کہ منصور ہادی کی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کر رہی ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد نو ملین کے قریب[/pullquote]

دنیا بھر میں نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اسی لاکھ بہتر ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کووِڈ انیس کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتیں چار لاکھ ساٹھ ہزار دو سو ننانوے ہو چکی ہیں۔ اس وائرس کی اب تک دنیا کے دو سو دس سے زائد ممالک اور علاقوں میں تصدیق ہو چکی ہے۔ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد کے اعتبار سے امریکا سرفہرست ہے، جہاں مجموعی طور پر بائیس لاکھ بتیس ہزار سے زائد افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جب کہ اس وائرس سے جڑی ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ انیس ہزار سے زائد ہے۔ پاکستان میں اب تک ایک لاکھ اکہتر ہزار افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار تین سو بیاسی ہو گئی ہے۔

[pullquote]سعودی عرب میں نافذ کرفیو ختم کر دیا گیا[/pullquote]

سعودی عرب میں آج سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے نافذ کرفیو ختم کر دیا گیا ہے جب کہ اقتصادی سرگرمیاں بحال کر دی گئی ہیں۔ سعودی سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے نے وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک بھر میں نافذ کرفیو آج اتوار کی صبح چھ بجے سے اٹھا لیا گیا ہے۔ تاہم فی الحال مذہبی اجتماعات، بین الاقوامی سفر اور پچاس سے زائد افراد کے اجتماعی سماجی میل جول پر پابندی برقرار رہے گی۔ سعودی عرب میں 24 مارچ کو کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔ گزشتہ ماہ ریاض حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ 21 جون سے کرفیو کو مکمل طور پر ختم کر دے گی۔ اٹھائیس مئی سے سعودی عرب میں ملکی سفری پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی۔

[pullquote]سربیا میں کورونا لاک ڈاؤن کے بعد انتخابات[/pullquote]

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے انسداد کے لیے یورپ بھر میں لاک ڈاؤن کے بعد سربیا وہ پہلا ملک ہے جہاں آج قومی سطح کے انتخابات ہو رہے ہیں۔ ان انتخابات میں حکمران قدامت پسند جماعت کی فتح کے امکانات واضح ہیں۔ ووٹروں سے کہا گیا ہے کہ وہ پولنگ اسٹیشن پر ماسک لگا کر پہنچیں جب کہ وہاں داخلے پر ان کے ہاتھ بھی سینیٹائز کیے جا رہے ہیں۔ ان انتخابات میں سربیا کے چھ اعشاریہ چھ ملین اہل ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ عوامی جائزوں کے مطابق ان انتخابات میں حکمران سربین پیپلز پارٹی پچاس فیصد کے قریب ووٹ لے سکتی ہے۔

[pullquote]میانمار کی راکھین ریاست میں انٹرنیٹ بلیک آؤٹ دوسرے سال میں داخل[/pullquote]

میانمار میں تنازعے کی حامل ریاست راکھین میں انٹرنیٹ پر پابندی دوسرے سال میں داخل ہو گئی ہے۔ یہ دنیا کے کسی بھی دوسرے خطے کے اعتبار سے انٹرنیٹ پر طویل ترین پابندی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ راکھین میں انٹرنیٹ پر عائد پابندی ختم کی جائے۔ واضح رہے کہ جنوری 2019 میں علیحدگی پسندوں کے خلاف عسکری آپریشن کے تناظر میں اس ریاست میں انٹرنیٹ سروس معطل کی گئی تھی۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کے مطابق کورونا وائرس کی متعدی وبا کے دور میں عام شہریوں کو معلومات کی فراہمی نہایت ضروری ہے اور انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ سے عام شہری شدید نوعیت کے مسائل کا شکار ہیں۔

[pullquote]ٹرمپ نے برے اعداد و شمار سے بچنے کے لیے وائرس ٹیسٹنگ کو سست بنانے کا مشورہ دے دیا[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ انہوں نے کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کی وجہ سے وائرس ٹیسٹنگ کو سست بنانے کا مشورہ دیا ہے۔ اپنے حامیوں کی ایک ریلی سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا میں کسی بھی دوسرے ممالک سے کہیں زیادہ افراد کو ٹیسٹ کیا گیا، جس کا برا نتیجہ یہ نکلا کہ یہاں زیادہ کیسز کی تصدیق ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب زیادہ افراد کو ٹیسٹ کیا جاتا ہے تو زیادہ افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوتی ہے، اس لیے انہوں نے اپنی انتظامیہ سے کہا ہے کہ ٹیسٹنگ کی رفتار کو کم کیا جائے۔ گزشتہ 110 دنوں میں یہ ٹرمپ کی پہلی عوامی ریلی تھی۔

[pullquote]لیبیا میں مداخلت قانونی حق ہے، السیسی[/pullquote]

مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ یہ مصر کا قانونی حق ہے کہ وہ لیبیا میں مداخلت کرے۔ انہوں نے ملکی فوج سے کہا کہ وہ بیرون ملک کارروائی کے لیے تیار رہے۔ السیسی نے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ طرابلس حکومت کو خبردار کیا کہ وہ لیبیا کے مشرقی حصوں میں قائم خلیفہ حفتر کی متوازی حکومت کی حد کو عبور نہ کرے۔ واضح رہے کہ ترکی اس تنازعے میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ طرابلس حکومت کی حمایت کر رہا ہے۔ السیسی نے فوجی یونٹس کے معائنے کے بعد حاضرین سے خطاب میں کہا کہ لیبیا سے مصر کو براہ راست خطرات لاحق ہیں، جس کے بعد مصر کو یہ حق حاصل ہو چکا ہے کہ وہ لیبیا میں مداخلت کرے۔

[pullquote]انڈونیشیا میں آتش فشاں سے راکھ اور دھوئیں کا اخراج[/pullquote]

انڈونیشیا میں انتہائی خطرناک آتش فشاں سے راکھ اور گیسوں کا اخراج شروع ہو گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ماؤنٹ موراپی نامی اس آتش فشاں سے گیس اور دھواں فضا میں چھ کلومیٹر تک بلند ہو رہا ہے۔ گزشتہ برس اگست میں یہ آتش فشاں پھٹ پڑا تھا۔ اس پہاڑ کے آس پاس بسنے والے قصبوں سے کہا گیا ہے کہ آتش فشاں سے لاوا ابل سکتا ہے۔ واضح رہے کہ انڈونیشیا میں قریب پانچ سو آتش فشاں موجود ہیں۔ سن 2010 میں ایک آتش فشاں پھٹنے کے نتیجے میں تیس سو ترپن افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]ایرانی ریال ڈالر کے مقابلے میں پست ترین سطح پر[/pullquote]

امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر میں ہفتے کے روز شدید کمی واقع ہوئی۔ کورونا وائرس کی وبا، امریکی پابندیوں اور اقوام متحدہ کے واچ ڈاگ کی جانب سے تنقید کے تناظر میں ایرانی کرنسی شدید دباؤ کا شکار ہے۔ غیرسرکاری فارن کرنسی ایکسچینج پر نگاہ رکھنے والے ادارے بون باسٹ ڈاٹ کام کے مطابق ہفتے کے روز اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر ایک لاکھ اٹھاسی ہزار دو سو سے کم ہو کر ایک لاکھ ترانوے ہزار تین سو تک پہنچ گئی۔ جمعے کے روز عالمی جوہری توانائی ایجنسی نے ایران سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ دو مشتبہ جوہری تنصیبات تک اس کے معائنہ کاروں کی رسائی روکنے سے اجتناب برتے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے