منگل : 23 جون 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا کی نئی لہر پر تشویش[/pullquote]

دنیا کے بعض ممالک میں کورونا کی نئی لہر سے تشویش بڑھ رہی ہے کہ وبا قابو میں آنے کی بجائے مزید پھیل رہی ہے۔ عالمی سطح پر اب تک نوے لاکھ سے زیادہ افراد وبا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ اکہتر ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے، جہاں ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ امریکا کی جن ریاستوں میں حکومتوں نے تیزی سے لاک ڈاؤن ہٹایا، وہاں کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ صرف ریاست فلوریڈا میں کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ چکی ہے اور ہسپتالوں میں صورتحال گمبھیر ہے۔ امریکا کے علاوہ برازیل میں بھی مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور پیر کو مزید بیس ہزار کیسز سامنے آئے۔ اسی طرح جنوبی ایشیا میں بھارت، پاکستان اور بنگلادیش میں بھی کاروبار کھولنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے مزید لوگ وبا کا شکار ہو رہے ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں پہلی بار مقامی سطح کا لاک ڈاؤن لاگو[/pullquote]

جرمنی میں حکام نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد پہلی بار کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث ایک ضلع میں مقامی سطح کی پابندیاں دوبارہ نافذ کر دی ہیں۔ ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے علاقے گوئٹرزلوہ میں یہ لاک ڈاؤن تیس جون تک لاگو رہے گا۔ اس علاقے میں حال ہی میں ایک مذبحہ خانے میں پندرہ سو سے زائد ملازمین میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے میں جرمنی کی کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے، تاہم مذبحہ خانوں میں بار بار یہ وبا پھوٹنے سے بعض حلقوں میں تشویش بڑھ رہی ہے۔

[pullquote]حج ہوگا، لیکن نہایت محدود پیمانے پر[/pullquote]

سعودی عرب نے اس سال کورونا وائرس کے باعث عازمین حج کی تعداد نہایت محدود رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ایک سعودی وزیر کے مطابق یہ تعداد ایک ہزار کے قریب ہو سکتی ہے۔ حکام کے مطابق ان میں سعودی شہری اور دیگر ممالک کے اقامہ ہولڈر شامل ہوں گے۔ سعودی عرب میں پچھلے سال تقریباً پچیس لاکھ مسلمانوں نے حج ادا کیا تھا، جن میں قریب اٹھارہ لاکھ بیرون ملک سے آنے والے عازمین شامل تھے۔ سعودی عرب اس وقت خلیجی عرب ممالک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، جہاں انفیکشنز کی تعداد ایک لاکھ اکسٹھ ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ تیرہ سو اموات ہو چکی ہیں۔ انڈونیشیا اور ملائیشیا سمیت کئی ممالک نے پہلے ہی کہہ رکھا تھا کہ ان کے شہری حج پر نہیں جا سکیں گے۔

[pullquote]سعودی عرب پر حوثی باغیوں کا ڈرون اور میزائل حملہ[/pullquote]

سعودی افواج نے کہا ہے کہ انہوں نے یمن کی طرف سے تازہ حملے میں متعدد میزائل اور ڈرون مار گرائے ہیں۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ حملے پیر کی شب کیے گئے اور ان کا نشانہ دارالحکومت ریاض تھا۔ منگل کو ایک بیان میں سعودی افواج کے ترجمان تُرکی المالکی نے کہا کہ یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے تین بیلسٹک میزائل اور آٹھ بم بردار ڈرون داغے گئے لیکن سعودی افواج نے انہیں مار گرایا۔ اس سے قبل حوثیوں کے ایک ترجمان نے کہا تھا کہ اس حملے میں ان کا نشانہ ریاض میں سعودی وزارت دفاع، شاہ سلمان ائیربیس اور انٹیلی جنس کی ایک عمارت تھی۔

[pullquote]صدر ٹرمپ نے ورک ویزوں پر پابندی کی مدت بڑھا دی[/pullquote]

صدر ٹرمپ نے امریکا میں بیرون ملک سے آ کر کام کرنے والوں کے ورک ویزا کی معطلی کو اس سال کے آخر تک بڑھا دیا ہے۔ ان پابندیوں سے امریکا میں بھارت اور چین سے آئی ٹی کے شعبے میں کام کرنے والے متاثر ہوں گے۔ ساتھ ساتھ زراعت کے شعبے میں ایچ ون بی ویزہ پر کام کرنے والے ملازمین کے ویزے بھی معطل رہیں گے۔ صدر ٹرمپ نے اس سال اپریل میں کورونا کے بحران کو بنیاد بنا کر غیر ملکی ورکرز پر پابندی کا حکم جاری کیا تھا۔ امریکی حکام کے مطابق اس اقدام سے ملک میں بے روزگار امریکی شہریوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع دستیاب ہو سکیں گے۔

[pullquote]چین امریکا معاہدہ قائم ہے، ٹرمپ[/pullquote]

امریکا میں حکام نے وضاحت کی ہے کہ امریکا چین کے ساتھ تجارتی معاہدے سے دستبردار نہیں ہو رہا۔ صدر ٹرمپ کے تجارتی مشیر پیٹر ناوارو نے فوکس نیوز کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں کہا تھا کہ امریکا کا چین کے ساتھ تجارتی سمجھوتہ ختم ہو چکا ہے۔ ان کے اس بیان کے فوری بعد عالمی حصص بازار میں نمایاں گراوٹ دیکھنے میں آئی۔ تاہم بعد میں خود صدر ٹرمپ اور پھر ان کے تجارتی مشیر نے واضح کیا کہ معاہدہ بدستور قائم ہے۔ پیٹر ناوارو کا اب یہ کہنا ہے کہ ان کا فوکس نیوز پر انٹرویو بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے