بدھ : 24 جون 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]لاطینی امریکا میں کورونا سے ایک لاکھ سے زائد اموات[/pullquote]

حاليہ ہفتوں کے دوران لاطینی امریکی ممالک ميں کورونا وائرس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ خطے میں سب سے زیادہ متاثرہ ملک برازیل ہے، جہاں صدر بولسونارو نے کورونا وائرس کو ایک معمولی نزلہ زکام قرار دیا اور لاک ڈاؤن کی مخالفت کی۔ تاہم دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک اب بھی امریکا ہے، جہاں ٹرمپ حکومت کے کورونا کے ماہر ڈاکٹر اینتھونی فاؤچی نے خبردار کیا ہے ملک میں کورونا دوبارہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ گزشتہ روز اراکین کانگریس کے سامنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کیسز میں اضافے کی نئی لہر تشویش ناک ہے اور اس کی روک تھام کے لیے آنے والے دن اہم ہوں گے۔ پچھلے چھ ماہ کے دوران دنیا میں کورونا سےچار لاکھ ستتر ہزار سے زائد لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]کورونا، جنوبی ایشیا میں کروڑوں بچوں کا مستقبل داؤ پر[/pullquote]

اقوام متحدہ میں بچوں کی بہبود کے ادارے یونیسیف نے کہا ہےکہ جنوبی ایشیا میں کورونا کی وبا بارہ کروڑ بچوں کو غربت کی طرف دھکیل سکتی ہے۔ آبادی کے لحاظ سے جنوبی ایشیا دنیا کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ ہے، جہاں پہلے ہی چوبیس کروڑ بچے غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔ یونیسیف کے مطابق بھارت، پاکستان اور بنگلادیش جیسے گنجان آبادی والے ممالک میں بیروزگاری اور معاشی ابتری کے باعث آئندہ چھ ماہ میں بچوں کی تعلیم اور صحت خاص طور پر خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر حکومتوں نے اس مسئلے پر قابو نہ پایا تو یہ وبا پوری ایک نسل کی امیدوں اور مستقبل کو تباہ کرسکتی ہے۔

[pullquote]بھارت پاکستان کا ایک دوسرے کا سفارتی عملہ نصف کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

پاکستان نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد آدھی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ گزشتہ روز بھارت نے پہل کرتے ہوئے نئی دہلی میں پاکستانی سفارتخانے کے عملے کو نصف کرنے کا حکم دیا تھا۔ اپنے بیان میں بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستان کے سفارتی عملے پر جاسوسی اور دہشت گردی میں مدد فراہم کرنے کے الزامات عائد کیے اور عملے میں پچاس فیصد کمی کا حکم دیا۔ پاکستان نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا اور ساتھ ہی اسلام آباد میں متعین بھارت کے سفارتی عملے کو آئندہ سات روز کے اندر پچاس فیصد کمی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

[pullquote]روس: پوٹن کے اقتدار سے متعلق ووٹ سے پہلے وکٹری ڈے پریڈ[/pullquote]

روس میں صدر ولادیمیر پوٹن کے اقتدار میں توسیع سے متعلق ملک گیر ووٹنگ سے ایک دن پہلے آج ماسکو میں عظیم الشان فوجی پریڈ ہو رہی ہے۔ یہ پریڈ دوسری عالمی جنگ میں سوویت یونین کے ہاتھوں نازی جرمنی کی شکست کی پچھترویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی جانے والی تقریبات کا حصہ ہے۔ ماسکو کے ریڈ اسکوائر میں فوجی پریڈ کا اہتممام پہلے نو مئی کو ہونا تھا لیکن حکام نے کورونا کو جواز بتا کر اسے ملتوی کیا۔ ناقدین کے مطابق صدر پوٹن کی روس کے سیاسی نظام پر مضبوط گرفت ہے اور جمعرات کو یہ تجاویز منظور ہوجانے کی صورت میں وہ مزید سولہ سال اقتدار میں رہ سکیں گے۔

[pullquote]چینی وزیر دفاع کے ساتھ بات چیت کا امکان نہیں، بھارت[/pullquote]

بھارتی وزارت دفاع نے کہا کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے دورہ ماسکو کے موقع پر ان کا اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کا کوئی ارادہ نہیں۔ دونوں ملکوں کے وزرائے دفاع آج بدھ کو روس میں وِکٹری ڈے پریڈ کی تقریبات میں شریک ہو رہے ہیں۔ چین کے سرکاری اخبار گلوبل ٹائمز نے کہا تھا کہ دونوں وزرائے دفاع کی ماسکو میں ملاقات متوقع ہے، جس میں سرحدی کشیدگی کم کرنے پر بات چیت ہو سکتی ہے۔ تاہم دونوں ملکوں کے درمیان آج جوائنٹ سیکرٹریز کی سطح کے اہلکاروں کا آن لائن اجلاس ہو رہا ہے۔ ادھر بھارتی آرمی چیف جنرل ایم ایم نروانے آج لداخ میں سرحدی علاقے کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز لیہ میں فوجی ہسپتالوں کا دورہ کیا اور زخمی ہونے والے بھارتی فوجیوں کی عیادت کی۔

[pullquote]جنوبی کوریا پر حملے کا ارادہ معطل کردیا، شمالی کوریا[/pullquote]

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے حکومت نے جنوبی کوریا کے خلاف فوجی ایکشن کا ارادہ ملتوی کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ فیصلہ بدھ کو شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں ہوا۔ اس فیصلے کے بعد شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ سرحد پر نصب کیے گئے اپنے لاؤڈ اسپیکرز ہٹانا شروع کردیے ہیں۔ شمالی کوریا کی طرف سے یہ لاؤڈ اسپیکر جنوبی کوریا کے خلاف پراپیگنڈے کی غرض سے گزشتہ ہفتے لگائے گئے تھے۔ حالیہ ہفتوں میں دونوں ملکوں کے درمیان دھمکیوں کے تبادلے کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوگیا تھا۔ تاہم مبصرین کے مطابق اب اس میں کمی کے آثار نظر آ رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے