پیر : 29 جون 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغان صوبے ہلمند میں کار بم دھماکہ اور راکٹ حملہ، 23 افراد جاں بحق[/pullquote]

افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند کے بازار میں کار بم دھماکے اور راکٹ حملے میں بچوں سمیت 23 افراد جاں بحق ہوگئے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صوبے ہلمند کے ضلع سنگین کے زول بازار میں میلے پر 4 راکٹ فائر کیے گئے۔صوبائی گورنر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں نے زول بازار میں پہلے 4 راکٹ فائر کیے جس کے بعد اسی مقام پر دھماکے سے گاڑی کو اڑایا گیا۔کار بم دھماکے اور راکٹ حملوں میں بچوں سمیت 23 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 15 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ہلمند میں ہونے والے دھماکوں کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے جب کہ افغان طالبان نے بھی واقعے سے لاتعلقی کا اعلان کیا اور افغان سیکیورٹی فورسز کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

[pullquote]جعلی نوکری کے الزام میں سابق فرانسیسی وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کو قید کی سزا[/pullquote]

سابق فرانسیسی وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کو جعلی نوکری کے مقدمے میں قید اور جرمانے کی سزا سنادی گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانس کی ایک عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم فرانسوا فییون اور ان کی اہلیہ پینیلپی فییون کو دھوکا دہی اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزام میں قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔سابق وزیراعظم پر الزام تھا کہ انہوں نے 1990ء سے لے کر 2000ء کے دوران بطور رکن پارلیمنٹ اپنی اہلیہ کو اپنا پارلیمانی معاون ظاہر کیا جس کے بدلے ان کی اہلیہ کو سرکاری خزانے سے لاکھوں یورو ادا کیے گئے حالانکہ ان کی اہیلہ نے کبھی بھی ان کے معاون کے طور پر کام نہیں کیا تھا۔

[pullquote]کورونا کے سبب ہلاکتیں پانچ لاکھ سے بڑھ گئیں[/pullquote]

کورونا وائرس کے سبب عالمی سطح پر ہونے والی اموات کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے تازہ اعداد وشمار کے مطابق کووڈ انیس کے سبب اموات کی تعداد پانچ لاکھ دو ہزار کے قریب ہے۔ دنیا بھر میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی اب ایک کروڑ ایک لاکھ پچاس ہزار کے قریب ہوگئی ہے۔ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بدستور امریکا ہے جہاں انفیکشنز کی تعداد 25 لاکھ 50 ہزار کے قریب ہے جبکہ اموات کی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔

[pullquote]بھارت اور چین کے درمیان تناؤ برقرار[/pullquote]

بھارت اور چین کے درمیان مشرقی لداخ میں سرحدی تنازعے کے حوالے سے کشیدگی بدستور قائم ہے جبکہ بھارت کی جانب سے فوج کی نقل و حرکت میں میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ بھارتی زیر انتظام کشمیر کے ضلع گاندر بل میں تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو فوج کے لیے خالی رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ بھارت کے ایک معروف انگریزی اخبار نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ بھارت نے چین کے ساتھ سفارتی اور فوجی سطح پر بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم عسکری جواب کے لیے بھی تیاری کی جا رہی ہے اور بھارت پیچھے ہٹنے کی بجائے مقابلہ کرے گا۔

[pullquote]بھارت میری حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کر رہا ہے، نیپالی وزیر اعظم[/pullquote]

نیپال کے وزیر اعظم کے پی اولی نے الزام لگایا ہے کہ بھارت ان کا تختہ الٹنے کے منصوبے بنارہا ہے۔ نیپالی وزیر اعظم کا یہ تازہ بیان دونوں پڑوسی ملکوں کے تعلقات میں بڑھتی ہوئی خلیج کی علامت ہے۔ کے پی اولی کا کہنا ہے کہ نیپالی پارلیمنٹ میں انہیں اکثریت حاصل ہے اور انہیں اقتدار سے ہٹانے کی بھارت کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوسکے گی۔ وزیر اعظم اولی کے بیان پر بھارت نے فی الحال کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ایک اہلکار نے تاہم کہا کہ بھارت کا ہمیشہ سے یہی موقف رہا ہے کہ نیپال اس کا قیمتی پڑوسی اور دوست ہے۔

[pullquote]امریکی فوجیوں پر حملوں کے لیے انعام کی رپورٹس جھوٹ ہیں، کریملن[/pullquote]

روس نے ان رپورٹس کو ’جھوٹ‘ قرار دے دیا ہے جن کے مطابق روسی فورسز نے افغانستان میں امریکی فوجیوں کو مارنے کے لیے طالبان عسکریت پسندوں کو رقوم کی پیشکش کی تھی۔ ملٹری انٹیلیجنس کے حوالے سے یہ خبر نیویارک ٹائمز نے دی تھی تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ انہیں بھی اس بارے میں کبھی کوئی بریفنگ نہیں دی گئی۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیشکوف کے مطابق میڈیا کو صدر ٹرمپ کی بات پر یقین کرنا چاہیے۔

[pullquote]جرمن چانسلر اور فرانسیسی صدر کی ملاقات[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل آج فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں سے برلن میں ملاقات کر رہی ہیں۔ یورپ کی ان دو سب سے زیادہ طاقتور معیشتوں کے سربراہوں کی یہ ملاقات جرمنی کی طرف سے یورپی یونین کی صدارت سنبھالنے سے چند روز قبل ہو رہی ہے۔ چانسلر میرکل کے دور اقتدار میں یہ آخری مرتبہ ہے کہ جرمنی نے یونین کی صدارت سنبھالے گا۔ میرکل اور ماکروں کی ملاقات میں کورونا وبا، اسی سبب معیشت کو لاحق خطرات اور دیگر موضوعات پر بات چیت متوقع ہے۔

[pullquote]بنگلہ دیش میں مسافر کشتی ڈوبنے کے سبب 23 ہلاک[/pullquote]

بنگلہ دیش میں ایک مسافر کشتی کے ایک اور کشتی سے ٹکرا کر ڈوبنے کے سبب کم از کم 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ حادثہ دارالحکومت ڈھاکا کے قریب دریائے بُوڑھی گنگا میں فراز گنج کے علاقے میں پیش آیا۔ بنگلہ دیشی میڈیا نے کشتی کے ایک مسافر کے حوالے سے بتایا کہ اس پر 100 کے قریب مسافر سوار تھے۔ بنگلہ دیش کی واٹر ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سربراہ کموڈور غلام صادق نے قبل ازیں بتایا تھا کہ 10 سے 15 کے قریب مسافر تیر کر کنارے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے جبکہ بقیہ لوگ لاپتہ تھے۔ مقامی فائر بریگیڈ کے ایک اہلکار کے مطابق اب تک 23 لاشوں کو دریا سے نکالا جا چکا ہے۔

[pullquote]ایئربس نے پروڈکشن میں کمی کا اعلان کر دیا[/pullquote]

یورپ کے سب سے بڑے طیارہ ساز ادارے ایئربس نے اپنی پروڈکشن میں آئندہ دو برسوں کے لیے 40 فیصد کمی لانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان کورونا کی وبا کے سبب ایوی ایشن انڈسٹری کے بحران کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ ایئربس کے سربراہ گیوم فؤری کے بقول اس دوران سب سے زیادہ فروخت ہونے والے طیارے A320 کے صرف چالیس جہاز ماہانہ تیار کیے جائیں گے۔ جرمن اخبار ڈی ویلٹ کو فؤری نے یہ بھی بتایا کہ وہ جولائی میں ملازمتوں میں کمی کا بھی اعلان کریں گے۔

[pullquote]بھارت: ایک دن میں کورونا کے 20 ہزار نئے کیسز[/pullquote]

بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 20 ہزار نئے کیسز سامنے آئے۔ یہ کسی ایک دن کے دوران نئے انفیکشنز کی اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ بھارت میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایک لاکھ سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک میں اب تک کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 548,318 ہے جبکہ اسی سبب وہاں ہلاکتوں کی تعداد 16,475 ہو چکی ہے۔ بھارت اس وقت امریکا، برازیل اور روس کے بعد کورونا سے چوتھا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔

[pullquote]ویتنام نے تمام پاکستانی پائلٹ گراؤنڈ کر دیے[/pullquote]

ویتنام نے اپنی مقامی ایئرلائنز کے لیے کام کرنے والے تمام پاکستانی پائلٹ گراؤنڈ کر دیے ہیں۔ ویتنام کی سول ایوی ایشن کے مطابق یہ فیصلہ ان خدشات کے باعث کیا گیا ہے کہ بعض پاکستانی پائلٹوں کے لائسنس جعلی ہو سکتے ہیں۔ پاکستانی حکام نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ اس نے 282 ایسے پائلٹس کو گراؤنڈ کر دیا ہے جن کے لائسنس جعلی ہو سکتے ہیں۔ ہوائی سفر کے بین الاقوامی ریگولیٹر ادارے IATA نے اس پر سیفٹی کنٹرول کے حوالے سے سنجیدہ خدشات کا اظہار کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے