جمعہ : 10 جولائی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ايران: اہم عسکری تنصيبات پر پھر دھماکا[/pullquote]

ایران کے دارالحکومت تہران کے مغر بی حصے میں جمعے کی صبح ایک بڑا دھماکا ہوا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس علاقے میں ایرانی ایلیٹ فورس پاسداران انقلاب کی اہم عسکری تنصیبات واقع ہیں۔ ایران کے حکومتی خبر رساں ایجنسی صدا و سیمای جمہوری اسلامی ایران نے اس دھماکے کی اطلاع دی ہے تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ دوسری طرف ایرانی صحافی حسن ساری نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکے میں آئی آر جی سی کے میزائل تنصیب یا گودام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران یہ مسلسل تیسرا دھماکہ ہے۔ اس سے پہلے کے دو دھماکے اہم فوجی تنصیبات اور نیوکلیائی ٹھکانوں پر بالترتیب خوجر اور نطنز میں ہوئے تھے۔

[pullquote]بوسنی مسلمانوں کے قتل عام کے پچیس برس[/pullquote]

سربرینتسا قتل عام کو آج بروز جمعہ پچیس سال مکمل ہو گئے ہيں۔ جرمن چانسلر انگيلا ميرکل اور فرانسيسی صدر ايمانوئل ماکروں نے ويڈيو لنک کے ذريعے کوسووو اور سربيا کے رہنماوں سے بات چيت کی، جس سے سن 2018 کے بعد ان دونوں رہنماوں کی پہلی براہ راست ملاقات کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ اس ملاقات ميں يورپی يونين کے خارجہ امور کے چيف جوزف بوريل بھی شريک تھے۔ پچیس سال قبل سرب فورسز نے ہزاروں بوسنی باشندوں کو ہلاک کر دیا تھا، جن میں زیادہ تر مسلمان تھے۔

[pullquote]مغربی اردن کے علاقوں کو اسرائيل ميں ضم کرنے کا منصوبہ، فرانس کی مخالفت[/pullquote]

فرانسيسی صدر ايمانوئل ماکروں نے اسرائيلی وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو پر زور ديا ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطينی علاقوں کے مزيد حصوں کو ضم کرنے سے متعلق اپنے منصوبے کے ساتھ آگے نہ بڑھيں۔ ماکروں نے جمعرات کو نيتن ياہو کے ساتھ ٹيلی فون کال ميں انہيں متنبہ کيا کہ ايسا کوئی بھی قدم بين الاقوامی قوانين کی خلاف ورزی ہو گا اور مشرق وسطی کے ديرينہ مسئلے کے دو رياستی حل ميں رکاوٹ ڈالے گا۔ فرانسيسی صدارتی دفتر کی جانب سے اس گفتگو کی اطلاع آج جمعے کو دی گئی۔ ماکروں نے البتہ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات اور دوستی کو بھی سراہا۔

[pullquote]ایغورمسلمانوں پر مبينہ زیادتی: امریکا نے چینی حکام پر پابندی عائد کر دی[/pullquote]

چين نے سنکيانگ ميں ايغور مسلم اقليت کے خلاف مبينہ مظالم کے تناظر ميں اپنے اہلکاروں پر تازہ امريکی پابندی کے سخت رد عمل کی دھمکی دی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے جوابی اقدامات ميں امريکی اداروں کو نشانہ بنانے کا عنديہ ديا ہے۔ قبل ازيں امریکا نے اقلیتوں کے خلاف انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے تناظر ميں جمعرات کے روز چین کے چار اعلیٰ اہلکاروں پر پابندیاں عائد کر دیں تھيں۔ امریکا نے پابندی عائد کرنے کا فیصلہ ایسے وقت پر کیا ہے جب کورونا وائرس کی عالمی وبا، انسانی حقوق کی مبينہ خلاف ورزيوں، ہانگ کانگ اور تجارت جیسے امور پر بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات کشیدہ ہيں۔ سنکیانگ کے حراستی مراکز میں مبینہ طور پر تقریباً 10 لاکھ مسلمانوں کو حراست میں رکھا گیا ہے۔

[pullquote]جنسی ہراسانی کا الزام، سيول کے ميئر نے خود کشی کر لی[/pullquote]

جنوبی کوريا کے دارالحکومت سيول کے ميئر کی خود کشی پر پانچ روزہ سوگ کا اعلان کيا گيا ہے۔ چونسٹھ سالہ پارک وون سون کی لاش جمعرات کی رات سيول کے قريب ايک پہاڑی علاقے سے ملی۔ ساتھ ہی ان کا ايک خط بھی تھا، جس ميں انہوں نے اپنے اہل خانہ اور ديگر کئی افراد سے معافی مانگی۔ ڈيموکريٹک پارٹی کے ايک سينئر سياست دان پارک سيول کے ميئر ہونے کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کے ايک نامور وکيل اور آئندہ صدارت کے ممکنہ اميدوار بھی تھے۔ جمعرات ہی کو ايک سابق سيکرٹری نے ان پر جنسی ہراسانی کا الزام لگايا تھا۔

[pullquote]نيپال ميں بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے سے متعدد افراد ہلاک[/pullquote]

نيپال ميں مون سون کی شديد بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے ہيں جبکہ تيس ابھی تک لاپتہ ہيں۔ پوکھارا کے علاقے ميں تين مختلف مقامات پر مٹی کے تودے گرے، جن سے سات افراد کی ہلاکت واقع ہوئی۔ يہ علاقہ دارالحکومت کھٹمنڈو سے دو سو کلوميٹر مغرب کی طرف واقع ہے۔ پوکھارا کے شمال کی طرف واقع دو ديہات بھی مٹی کے تودے گرنے سے مکمل تباہ ہو گئے۔ حکام نے بتايا ہے کہ کئی علاقوں ميں سڑکيں بند پڑی ہيں اور ريسکيو کی سرگرميوں ميں مشکلات پيش آ رہی ہيں۔

[pullquote]بھارت ميں کووڈ انيس کے کيسز ميں ريکارڈ اضافہ[/pullquote]

بھارت ميں کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد ميں پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران ريکارڈ ساڑھے چھبيس ہزار افراد کا اضافہ نوٹ کيا گيا۔ کووڈ انيس کی وبا سے تيسرے سب سے زيادہ متاثرہ ملک بھارت ميں اب متاثرين کی مجموعی تعداد تقريباً آٹھ لاکھ ہو گئی ہے جب کہ ساڑھے اکيس ہزار سے زائد افراد اس وبائی مرض کی وجہ سے ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ وزارت صحت کے مطابق ملکی سطح پر ريکوری ريٹ لگ بھگ ساٹھ فيصد ہے۔ ریاست بہار میں آج جمعے دس جولائی سے ايک ہفتے کے ليے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر ديا گيا ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس پھيلنے کی تفتيش، ڈبليو ايچ او کے ماہرين چين ميں[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت سے وابستہ دو ماہرين آئندہ دو دن چين ميں گزاريں گے۔ ان کے اس دورے کا مقصد کورونا کی عالمی وبا کی تحقيقات کے سلسلے ميں تياری ہے۔ يہ ماہرين يہ پتا لگانے کی کوشش کريں گے کہ يہ وائرس جانوروں سے انسانوں ميں کيسے منتقل ہوا۔ ڈبليو ايچ او کے ماہرين کے اس دورے کے بارے ميں اطلاع اقوام متحدہ نے دی ہے۔ دنيا بھر کے 120 سے زائد ملکوں نے کووڈ انيس کی وبا کی تفتيش کے ليے عالمی ادارے پر زور دے رکھا ہے۔ يہ مشن اس ليے بھی حساس ہے کيونکہ امريکا نے ڈبليو ايچ او اور چين پر الزامات لگاتے ہوئے عالمی ادارے سے عليحدگی اختيار کر لی ہے۔ واشنگٹن حکومت کا موقف ہے کہ چين نے وائرس کی اطلاع دينے ميں تاخير کی۔

[pullquote]افغان ايئر فورس کا طيارہ گر کر تباہ، امريکی پائلٹ محفوظ[/pullquote]

افغان ايئر فورس کا ايک ’اے۔انتيس سپر ٹوکانو‘ طرز کا طيارہ تربيتی پرواز کے دوران گر کر کريش ہو گيا۔ امريکی فوج کے ترجمان نے بتايا ہے کہ يہ طيارہ امريکی فضائيہ کا ايک پائلٹ اڑا رہا تھا تاہم وہ محفوظ ہے۔ بيان کے مطابق مذکورہ پائلٹ درست وقت پر طيارے سے نکلنے ميں کامياب رہا۔ واقعے کی تفتيش جاری ہے۔ ابتدائی چھان بين سے پتا چلا ہے کہ طيارہ مکينيکل خرابی کے باعث کريش ہوا۔ امريکی و افغان حکام نے فی الحال يہ نہيں بتايا کہ يہ طيارہ ملک کے کس حصے ميں گر کر تباہ ہوا مگر مقامی افراد کا دعوی ہے کہ شمال مشرقی بغلان صوبے ميں دوشی ضلع کے قريب ايک طيارہ گر کر تباہ ہوا، جہاں طالبان کا زور ہے۔

[pullquote]وبا کے باعث اقتصادی بحران، يورپی وزرائے خزانہ کا اجلاس[/pullquote]

آج يورپی يونين کے رکن ملکوں کے وزرائے خزانہ کا ايک اجلاس ہو رہا ہے۔ ويڈيو لنک کے ذريعے ہونے والے اس اجلاس ميں کووڈ انيس کی وبا کے مالی نقصانات سے نمٹنے پر تبادلہ خيال جاری ہے۔ رکن ممالک کے وزرائے خزانہ اقتصادی بحران سے نمٹنے کے ليے اپنی اپنی تجاويز پيش کر رہے ہيں۔ واضح رہے کہ کورونا بحران کی وجہ سے يورپی بلاک کی اقتصاديات ميں 8.3 فيصد کی کمی کی خدشہ ہے۔ آج کے اجلاس ميں آئندہ ہفتے ہونے والی سمٹ کے ليے بھی چند معاملات پر اتفاق رائے قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی، جس ميں امکان ہےکہ يورپی کميشن ساڑھے سات سو بلين يورو کے امدادی پيکج کو حتمی شکل دے دے۔

[pullquote]تائيوان کے ساتھ دفاعی معاہدہ[/pullquote]

امريکی محکمہ خارجہ نے تائيوان کے ليے چھ سو بيس ملين ڈالر ماليت کے ايک دفاعی سودے کی منظوری دے دی ہے۔ معاہدے کے تحت ان رقوم کے عوض پيٹرياٹ دفاعی نظام ميں جدت لائی جائے گی۔ سودے ميں نئے ميزائلز کی تنصيب يا فروخت شامل نہيں۔ امريکی کانگريس کو جمعرات کے روز ہی اس بارے ميں مطلع کيا گيا۔ اس اقدام کا مقصد تائيوان کی دفاعی صلاحيت بڑھانا اور خطے ميں توازن قائم کرنا بتايا گيا ہے۔ تائيوان کی وزارت دفاع کے مطابق اس سودے کو آئندہ ماہ پايہ تکميل تک پہنچا ديا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے