اسلام آباد میں پہلے بلدیاتی انتخابات کل ہوں گے،تیاریاں مکمل

وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے لئے میدان کل سج رہا ہے جب کہ الیکشن کمیشن سے انتخابی مواد کی ترسیل جاری ہے۔
وفاقی دارالحکومت کی 50 یونین کونسلوں میں 550 نشستوں پر 2 ہزار396 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا ۔ چیئرمین کے لئے 255 ، جنرل نشستوں پر ایک ہزار 210 ، خواتین کی نشستوں پر 351، کسان اور مزدوروں کی نشستوں پر 248، نوجوانوں کی نشستوں پر 230 جب کہ اقلیتی نشستوں پر102 امید وار مدمقابل ہیں۔ جن کا انتخاب 6 لاکھ 80 ہزار612 رجسٹرڈ ووٹرزبراہ راست کریں گے، رجسٹرڈ ووٹرزمیں 3 لاکھ 67 ہزار 960 مرد اور 3 لاکھ 12 ہزار652 خواتین ہیں۔
پولنگ کا عمل صبح 7 بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک جاری رہے گا، وزارت داخلہ نے پولنگ کے روز عام تعطیل کا اعلان نہیں کیا تاہم تعلیمی اداروں میں مکمل جب کہ سرکاری دفاتر میں آدھے دن کی چھٹی ہوگی۔ سرکاری ملازمین دوپہر 2 بجے کے بعد حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔
بلدیاتی انتخابات میں ہرووٹر6 ووٹ کاسٹ کرے گا جہاں چیئرمین، وائس چیئرمین کے لیے ہلکا سبز،جنرل کونسلر کے لیے سفید اورخواتین کونسلرکے لیے گلابی رنگ کا بیلٹ پیپرہوگا جب کہ مزدور،کسان کے لیے خاکی، نوجوان کونسلر کے لیے ہلکا سرمئی اورغیرمسلم کے لیے زرد رنگ بیلٹ پیپراستعمال کیا جائے گا۔
ووٹ ڈالنے کے لیے اصل قومی شناختی کارڈ ساتھ لانا ضروری ہے تاہم زائد المیعاد شناختی کارڈ پرووٹ ڈالنے کی اجازت ہے۔ ووٹر8300 پرایس ایم ایس کرکے اپنے ووٹ اورپولنگ اسٹیشن کی تفصیلات حاصل کرسکتا ہے جب کہ ووٹر گوگل میپ کے ذریعے پولنگ اسٹیشن کی معلومات اورپتہ معلوم کرسکتا ہے۔
پریذائیڈنگ افسروں کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دے دیے گئےہیں جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر موقع پر سزا سناسکتے ہیں ۔ پولنگ عمل کی نگرانی اور شکایات سننے کےلیے مانیٹرنگ روم کی نگرانی خود سیکریٹری الیکشن کمیشن کریں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے