اتوار : 12 جولائی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]راڈار سسٹم کا نقص یوکرائنی مسافر طیارے کی تباہی کا سبب بنا، ایران[/pullquote]

ایران نے رواں برس کے اوائل میں یوکرائنی مسافر طیارے کی تباہی کو ’انسانی غلطی‘ قرار دیا ہے۔ یہ بات ایرانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی آج جاری کردہ رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس واقعے کی بنیاد ایئر ڈیفنس سسٹم کے راڈار کی ’مِس الائنمنٹ‘ تھی جس کے بعد پیش آنے والی انسانی غلطیوں کے باعث مسافر جہاز کو غلطی سے نشانہ بنا دیا گیا۔ رواں برس کے اوائل میں ایرانی سکیورٹی فورسز نے یوکرائنی مسافر طیارے کو پرواز کے کچھ ہی دیر بعد میزائل حملے میں مار گرایا تھا۔ اس واقعے میں جہاز میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]خلیفہ حفتر کی فورسز نے آئل فیلڈز کھولنے کے لیے شرائط رکھ دیں[/pullquote]

لیبیا کے جنگی سردار خلیفہ حفتر کی فورسز نے ملکی آئل فیلڈز اور ٹرمنلز فعال کرنے کے لیے شرائط رکھ دی ہیں۔ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ طرابلس حکومت کے خلاف سرگرم خلیفہ حفتر کے حامیوں نے رواں برس کے آغاز میں پائپ لائن کاٹ کر تیل کی برآمد روک دی تھی۔ خلیفہ حفتر کی فورسز کے ترجمان نے اتوار کے روز مطالبات کی فہرست جاری کی ہے۔ ان مطالبات میں تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی کی لیبیا کے تمام علاقوں میں منصفانہ تقسیم یقینی بنانا اور رقوم کی مبینہ دہشت گردوں تک رسائی روکنا شامل ہیں۔ خلیفہ حفتر کو یو اے ای، مصر، روس اور فرانس کی حمایت حاصل ہے۔ یہ جنگی سردار ترکی اور قطر کے حامی شامی باغیوں کو دہشت گرد قرار دیتے ہیں۔

[pullquote]آیا صوفیہ کو مسجد بنانے کا فیصلہ ’تکلیف دہ‘ ہے، پوپ فرانسس[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے پیشوا پوپ فرانسس نے استنبول کے تاریخی آیا صوفیہ کو مسجد بنانے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات آج سینٹ پیٹرز اسکوائر میں اپنے ہفتہ وار خطاب کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا اس فیصلے انے انہیں انتہائی تکلیف پہنچائی ہے۔ ترک عدالت نے جمعے کو اپنے ایک فیصلے میں آیا صوفیہ کی تاریخی عمارت کا تشخص تبدیل کرتے ہوئے اسے میوزیم سے دوبارہ مسجد میں بدلنے کا حکم دیا تھا۔ چھٹی صدی میں تعمیر کیا گیا یہ کلیسا پندرہویں صدی میں قسطنطنیہ پر سلطنت عثمانیہ کے قبضے کے بعد مسجد میں بدل دیا گیا تھا۔

[pullquote]امیتابھ بچن کے علاوہ ان کا بیٹا ابھیشک بچن بھی کورونا وائرس سے متاثر[/pullquote]

بالی وُڈ کے معروف سینیئر اداکار امیتابھ بچن کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ امیتابھ بچن کے 44 سالہ بیٹے ابھیشک بچن، بہو ایشوریا رائے بچن اور ان دونوں کی بیٹی کے کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آئے ہیں۔ ابھیشک بچن کے مطابق ان میں اور ان کے والد میں کووڈ انیس کی معمولی علامات ہیں۔ بھارت دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ تیسرا بڑا ملک ہے جہاں متاثرین کی تعداد ساڑھے آٹھ لاکھ جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے بائیس ہزار سے زائد ہے۔

[pullquote]امریکا: کورونا کیسز کا نیا ریکارڈ، ٹرمپ نے بھی ماسک پہن لیا[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی پہلی مرتبہ ماسک پہن کر عوام کے سامنے آئے ہیں۔ یہ فیصلہ انہوں نے ایک ایسے وقت کیا ہے جب امریکا میں مسلسل تیسرے روز بھی کورونا کیسز کا نیا یومیہ ریکارڈ سامنے آیا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں مزید 69 ہزار شہری اس وبائی مرض سے متاثر ہوئے ہیں۔ امریکا 3.3 ملین کیسز اور ایک لاکھ 37 ہزار ہلاکتوں کے ساتھ دنیا بھر میں کووڈ انیس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔ صدر ٹرمپ پر صحت عامہ کے لیے مثال بننے کا دباؤ تھا تاہم وہ اس کے باوجود ماسک پہننے سے گریز کرتے آ رہے تھے۔

[pullquote]سلامتی کونسل نے شام میں انسانی بنیادوں پر امداد سے متعلق قرارداد منظور کر لی[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام میں انسانی بنیادوں پر امداد سے متعلق ایک قرار داد آخر کار منظور کر لی ہے۔ اس قرار داد کا مسودہ جرمنی اور بیلجیم نے پیش کیا تھا۔ اس پیش رفت کے بعد سلامتی کونسل کے ارکان میں ایک ہفتے سے جاری ڈیڈ لاک ختم ہو گیا ہے۔ قبل ازیں ہفتے کے روز روس اور چین نے یہ مسودہ ویٹو کر دیا تھا۔ اس سے پہلے روس کی جانب سے اسی سلسلے میں پیش کیے جانے والے ایک متبادل مجوزہ منصوبے کو سلامتی کونسل کے ارکان کی حمایت حاصل نہیں ہو سکی تھی۔ شام میں امداد کی ترسیل سے متعلق سابق مینڈیٹ جمعے کی شب اپنے اختتام کو پہنچ گیا تھا۔

[pullquote]ہانگ کانگ کے رہائشیوں کے لیے برطانوی ویزوں کی پیش کش[/pullquote]

چین کی جانب سے سخت قوانین نافذ کرنے کے ردِ عمل میں برطانیہ نے ہانگ کانگ کے لاکھوں رہائشیوں کو برطانوی شہریت دینے کا وعدہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے مطابق ’برٹش نیشنل اوورسیز‘ درجہ رکھنے والے ہانگ کانگ کے رہائشی اور ان کے اہل خانہ برطانوی شہریت حاصل کر پائیں گے۔ تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ اٹھارہ سال سے کم عمر بچوں کی شرط کے باعث سن 1997 کے بعد پیدا ہونے والے افراد مستفید نہیں ہو سکیں گے۔ ہانگ کانگ میں جمہوریت نواز مظاہرین کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ برطانیہ نے سن 1997 میں ہانگ کانگ کو واپس چین کی عمل داری میں دے دیا تھا۔

[pullquote]کورونا بحران کے بعد چین کی معیشت واپس بہتری کی جانب[/pullquote]

چین کی معیشت اس سال کی دوسری سہ ماہی میں دوبارہ بہتری کی جانب گامزن ہو گئی ہے۔ کورونا بحران کے سبب چینی معیشت کی شرح نمو گزشتہ کئی دہائیوں کے بعد منفی ہو گئی تھی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ایک سروے کے مطابق رواں برس کی دوسری سہ ماہی میں چین کی شرح نمو 1.3 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس یہ شرح 6.1 فیصد تھی۔اندازہ لگایا گیا ہے کہ رواں برس کی شرح نمو مجموعی طور پر 1.7 فیصد رہے گی۔کورونا بحران نے دنیا بھر کی معیشتوں کو شدید متاثر کیا ہے۔

[pullquote]پولینڈ میں صدارتی انتخابات: عوامیت پسند اور یورپ کے حامی امیدواروں میں سخت مقابلہ[/pullquote]

یورپی ملک پولینڈ میں اہم صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ انتخابات میں دائیں بازو کے عوامیت پسند صدر آندرے ڈوڈا دوسری مدت کے لیے امیدوار ہیں۔ دائیں بازو کی جماعت سے تعلق رکھنے والے ڈوڈا یورپ مخالف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اہم یورپی اتحادی قرار دیے جاتے ہیں۔ تاہم جائزوں کے مطابق اُنہیں سوِک پلیٹ فارم پارٹی کے امیدوار رافاؤ چاؤزکاوسکی کی جانب سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ چاؤزکاوسکی پولینڈ کے یورپی یونین سے تعلقات بحال کرنا چاہتے ہیں۔

[pullquote]یمنی پانیوں میں موجود آئل ٹینکر بڑی تباہی کا سبب بن سکتا ہے، ماہرین[/pullquote]

یمنی ساحل کے قریب لاوارث چھوڑ دیا جانے والا آئل ٹینکر ماحولیات اور سمندری زندگی کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اقوام متحدہ اور دیگر ماہرین ماحولیات کے مطابق اس آئل ٹینکر میں 1.1 ملین بیرل خام تیل موجود ہے اور اس کی صورتحال مخدوش سے مخدوش تر ہوتی جا رہی ہے۔ یہ ٹینکر الحدیدہ کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہے جو ایران نواز حوثی باغیوں کے قبضے میں ہے۔ حوثی باغیوں نے اقوام متحدہ کی ٹیم کو اس آئل ٹینکر کی صورتحال کا جائزہ لینے کی اجازت نہیں دی۔ یہ آئل ٹینکر بنا دیکھ بھال کے گزشتہ پانچ برس سے وہاں لنگرانداز ہے۔

[pullquote]افغانستان میں سویلین ہلاکتوں کا سلسلہ مسلسل جاری[/pullquote]

افغانستان میں مسلح تصادم کے دوران عام شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ افغان حکام کے مطابق ملک کے چار صوبوں میں سویلین ہلاکتوں کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں۔ جنوبی مشرقی صوبہ غزنی میں ایک منی بس سڑک کنارے ایک بم کا نشانہ بنی جس کی وجہ سے چھ افراد مارے گئے جب کہ 12 دیگر زخمی ہوئے۔ جنوبی صوبہ قندھار میں مسلح افراد نے سابق پولیس کمانڈر کے گھر پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں اس کمانڈر کے والد اور دو دیگر رشتہ دار مارے گئے۔ افغان سکیورٹی کونسل کے ترجمان کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران طالبان نے 23 عام شہریوں کو ہلاک کیا جبکہ 45 دیگر کو زخمی۔ طالبان کی طرف سے تاہم ان حملوں کے بارے میں کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے