منگل : 14 جولائی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]آذربائيجان اور آرمينيا کی افواج کے درميان مسلح جھڑپيں[/pullquote]

روايتی حريف ممالک آذربائيجان اور آرمينيا کی افواج کے مابين اتوار سے جاری مسلح جھڑپوں ميں متعدد فوجيوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ منگل کو تازہ جھڑپ ميں آذربائيجان کی فوج کے ايک جنرل، ايک کرنل اور پانچ فوجيوں کی ہلاکت کی تصديق ہو چکی ہے۔ آرمينيا کی فوج کے ساتھ جھڑپوں ميں اب تک آذربائيجان کے گيارہ فوجی ہلاک ہو چکے ہيں۔ دوسری جانب آذربائيجان کا دعوی ہے کہ آرمينيائی فوج کے کم از کم ایک سو اہلکار مارے جا چکے ہيں، جسے آرمينيائی حکام مسترد کرتے ہيں۔ روس نے دونوں وسطی ايشيائی ممالک پر کشيدگی کم کرنے کے ليے زور ديا ہے۔ دونوں سابقہ سويت يونين کی رياستوں کے مابين علاقائی تنازعہ جاری ہے۔

[pullquote]مريخ کے ليے متحدہ عرب امارات کا مشن جمعے تک ملتوی[/pullquote]

متحدہ عرب امارات نے مريخ کی جانب اپنا مشن خراب موسم کے باعث ملتوی کر ديا ہے۔ ’ہوپ‘ يا اميد نامی اس مشن کو اب جمعے کے دن جاپان کے ٹانے گاشيما اسپيس سينٹر سے روانہ کيا جائے گا۔ بغير انسان کے خلائی جہاز کو پہلے بدھ کے دن روانہ کيا جانا تھا۔ متحدہ عرب امارات عرب دنيا کی پہلی ايسی رياست ہے، جو مريخ کی جانب مشن بھيج رہی ہے۔ امريکا اور چين بھی مريخ پر مشن روانہ کرنے کی تياريوں ميں مصروف ہيں۔ کامياب تکميل کی صورت ميں يہ مشن آئندہ برس فروری تک مريخ کے مدار تک پہنچ جائے گا۔

[pullquote]جاسوسی کرنے پر ايران ميں ايک شخص کی سزائے موت پر عملدرآمد[/pullquote]

ايران نے امريکی انٹيليجنس ادارے سی آئی اے کے ليے جاسوسی کرنے پر ايک شخص کو سزائے موت دے دی ہے۔ رضا عصغری ايرانی وزارت دفاع کے ايرو اسپيس ڈيويژن کے ليے کام کرتے تھے اور وہ چار برس قبل ريٹائر ہو گئے تھے۔ ان کی سزائے موت پر گزشتہ ہفتے عملدرآمد کيا گيا تاہم اس بارے ميں ايرانی عدليہ نے خبر آج بروز منگل جاری کی۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے رقوم کے عوض سی آئی اے کو ايرانی ميزائل پروگرام سے متعلق حساس معلومات فراہم کيں۔

[pullquote]ایران نے چابہار ریلوے پراجیکٹ سے بھارت کو خارج کر ديا[/pullquote]

ایران نے بھارت پر تاخیری حربے بروئے کار لانے کا الزام لگاتے ہوئے 1.6 ارب ڈالر ماليت کے چابہار ریلوے پراجیکٹ سے بھارت کو خارج کر ديا ہے اور اب اس منصوبے کو اپنے طور پر مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بھارت نے اس پیش رفت پر فی الحال کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ ایران نے یہ غیر معمولی قدم ايک ایسے وقت پر اٹھایا ہے، جب اس نے چین کے ساتھ 400 ارب ڈالر کے 25 سالہ اقتصادی اور سکیورٹی معاہدوں کو حتمی شکل دی ہے۔ اس کے نتیجے میں ایران میں بینکنگ، ٹیلی کمیونیکیشن، بندرگاہوں، ریلوے اور درجنوں دیگر ترقیاتی پروگراموں میں چین کی موجودگی نمایاں طور پردکھائی دے گی۔

[pullquote]قطر کی بندش: عالمی عدالت انصاف کا فيصلہ آج متوقع[/pullquote]

دی ہيگ ميں عالمی عدالت انصاف (ICJ) جون سن 2017 ميں متحدہ عرب امارات، مصر، بحرين اور سعودی عرب کی جانب سے قطر کی بندش کے حوالے سے آج اپنا فيصلہ سنانے والی ہے۔ ان چاروں ملکوں نے دو برس قبل آئی سی جے سے رجوع کيا تھا کہ قطر کی بندش ختم کرنے کے حوالے سے ’انٹرنيشنل سول ايوی ايشن آرگنائزيشن‘ کے فيصلے کو منسوخ کيا جائے۔ ان ملکوں کا موقف ہے کہ آئی سی اے او علاقائی تنازعے ميں مداخلت کا اختيار نہيں رکھتی۔ سن 2017 ميں متحدہ عرب امارات، مصر، بحرين اور سعودی عرب نے ايران ميں انتہا پسندوں کی حمايت کا الزام لگاتے ہوئے قطر کی بندش کر دی تھی، جسے ايک سال بعد آئی سی اے او نے معطل کر ديا تھا۔

[pullquote]يمن: سعودی عسکری اتحاد کے حملے ميں سويلين ہلاک[/pullquote]

يمن کے شمال مغربی حصے ميں کيے گئے ايک تازہ فضائی حملے ميں سات بچے اور دو عورتيں ہلاک ہوئے۔ حوثی باغيوں نے سعودی عسکری اتحاد پر الزام لگايا ہے کہ اتوار کی شب کيے گئے ان حملوں ميں عسکری اتحاد نے شہری علاقوں کو نشانہ بنايا۔ اقوام متحدہ کے دفتر کے مطابق زمين پر موجود ان کے رپورٹرز اس کی تصديق کرتے ہيں کہ مذکورہ حملوں ميں سويلين بشمول عورتيں اور بچے ہلاک ہوئے۔ امدادی ادارے ’سيو دا چلڈرن‘ نے اس واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔ سعودی عسکری اتحاد کی جانب سے کہا گيا ہے کہ واقعے کی تحقيقات کی جائيں گی۔

[pullquote]امريکی و روسی وزرائے خارجہ کی گفتگو، افغانستان زير بحث[/pullquote]

امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو نے اپنے روسی ہم منصب سيرگئی لاوروف سے ٹيلی فون پر بات چيت کی ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خيال کيا۔ محکمہ خارجہ کے مطابق پومپيو نے چند دن قبل سامنے آنے والی ان رپورٹس کا بھی تذکرہ کيا، جن کے مطابق روس نے امريکی افواج و اہداف کو نشانہ بنانے کے ليے طالبان اور ديگر جنگجوؤں کو رقوم ديں۔ ابتداء ميں واشنگٹن حکومت نے ايسی رپورٹس کو يہ کہتے ہوئے مسترد کر ديا تھا کہ ان کے پاس ايسی کوئی انٹيليجنس اطلاع نہيں۔ امريکی وزير خارجہ نے نومبر ميں ہونے والے آئندہ صدارتی اليکشن ميں سلامتی کے حوالے سے بھی بات چيت کی۔

[pullquote]امريکا اور چين کے مابين بحيرہ جنوبی چين کے معاملے پر پھر گرما گرمی[/pullquote]

بحيرہ جنوبی چين ميں بيجنگ حکومت کی علاقائی سرپرستی قائم کرنے سے متعلق حاليہ اقدامات پر امريکی اعتراضات کو چين نے ’ناجائز‘ قرار ديا ہے۔ واشنگٹن ميں چينی سفارت خانے کی جانب سے منگل کو جاری کردہ بيان ميں امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو کے اس بارے ميں بيان کو ’غلط بيانی پر مبنی اور خطے ميں قيام امن کی چينی کوششوں ميں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش‘ قرار ديا گيا ہے۔ چين نے ان معاملات ميں امريکا کی دخل اندازی کو بھی تنقيد کا نشانہ بنايا۔ پومپيو نے پير کو اپنے ايک بيان ميں کہا تھا کہ امريکا چينی سرزمين کے علاوہ بحيرہ جنوبی چين ميں ملکيت کے تمام تر دعووں کو ناجائز مانتا ہے۔

[pullquote]بھارت: چار دنوں ميں کووڈ انيس کے ايک لاکھ کيسز[/pullquote]

بھارت ميں پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے تقريباً ساڑھے اٹھائيس ہزار نئے کيسز سامنے آئے اور اب ملکی سطح پر متاثرين کی تعداد نو لاکھ سے متجاوز ہے۔ پچھلے ايک روز ميں ساڑھے پانچ سو سے زيادہ افراد ہلاک بھی ہوئے، جس کے بعد ملک ميں کووڈ انيس کی وبائی بيماری سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد تقريباً چوبيس ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ گزرے ہوئے چار دنوں ميں ايک لاکھ سے زائد کيسز سامنے آئے ہيں۔ بھارت کی صرف آٹھ رياستوں ميں کووڈ انيس کے نوے فيصد کيسز کی تصديق ہوئی ہے۔ کيسز بڑھنے کے باوجود ملک کے بيشر حصوں ميں لاک ڈاؤن عملاً ختم ہو چکا ہے۔

[pullquote]برطانيہ ميں کورونا کی دوسری لہر ایک لاکھ بیس ہزار اموات کا باعث بن سکتی ہے، مطالعہ[/pullquote]

برطانيہ ميں نئے کورونا وائرس کی ممکنہ دوسری لہر ایک لاکھ بیس ہزار اموات کا باعث بن سکتی ہے۔ يہ انکشاف سائنسدانوں نے ايک تازہ مطالعے کے نتائج سامنے آنے کے بعد منگل کو کيا ہے۔ اکيڈمی آف ميڈيکل سائنسز نے حکام پر زور ديا ہے کہ ستمبر اور آئندہ برس جون کے درميان ان ممکنہ اموات اور صورتحال سے بچنے کے ليے فوری اقدامات کيے جائيں۔ برطانيہ ميں اب تک کووڈ انيس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد پيتاليس ہزار کے لگ بھگ ہے۔ دريں اثناء پير کی رات برطانوی ميڈيا نے ايسی رپورٹيں بھی جاری کيں کہ حکومت چوبيس جولائی سے تمام دکانوں ميں ماسک پہننا لازمی قرار دينے والی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو ايک سو پاؤنڈ کا جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔

[pullquote]کورونا بحران اب بھی خاتمے سے دور ہے: ڈبلیو ایچ او[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے کورونا کے عالمی بحران کی تازہ ترین صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے میڈیا سے خطاب میں کہا ہے کہ مستقبل قریب میں زندگی معمول پر آنے کے آثار بہت کم نظر آ رہے ہیں۔ جینیوا میں ورچوئل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک کورونا سے نمٹنے کے معاملے میں غلط سمت میں جا رہے ہیں۔ وائرس کے کیسز مسلسل بڑھ رہے ہیں، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ جن احتیاطی تدابیر اور اقدامات کی باتیں ہو رہی ہیں، ان پر عمل نہیں کیا جارہا ہے۔ اس وقت دنیا میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک کروڑ تيس لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ پانچ لاکھ سے زائد متاثرین ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ ان کیسز میں سے 80 فیصد صرف دس ممالک سے ہيں اور 50 فیصد محض دو ممالک میں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے