بدھ: 15 جولائی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]پندرہویں بھارت ۔ یورپی یونین سمٹ کا آغاز[/pullquote]

بھارت اور یورپی یونین کے رہنما آج 15جولائی کو ہونے والی بھارت ۔ ای یو سمٹ کے دوران سیاسی، اقتصادی، اسٹریٹیجک، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دیگر اقتصادی امور پر باہمی تعاون کو فروغ دینے کا طریقہ کار تلاش کر رہے ہیں۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، یورپی کونسل کے صدر چارلس میشل اور یورپی کمیشن کی صدر اُرزلا فان ڈیئر لائن اس پندرہیویں سمٹ کی سربراہی کر رہے ہیں۔ اس کانفرنس کے آغاز سے ایک روز قبل یعنی منگل کو بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان انورگ سری وستاوا نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسٹریٹیجک نوعیت کے دیگر اہم موضوعات کے علاوہ اس سمٹ میں کووڈ انیس کی وبا اور دور حاضر کے کئی اور اہم موضوعات پر بات چیت ہوگی۔ دونوں فریق پچھلے کئی برسوں سے آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے( عمل میں لانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن اب تک انہیں اس میں کامیابی نہیں مل سکی ہے۔

[pullquote]یروشلم میں جھڑپیں: نیتن یاہو کے 50 مخالفین گرفتار[/pullquote]

اسرائیل میں ہزاروں مظاہرین نے یروشلم میں وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کرتے ہوئے ان سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسرائیل میں ایک حلقے کا کہنا ہے کہ جب عدالت میں نیتن یاہو کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات کی سماعت جاری ہے تو پھر وہ حکومت کی قیادت کیسے کر سکتے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم کو اس وقت جہاں عدالت میں بدعنوانی کے مقدمے کا سامنا ہے وہیں بڑھتی بے روزگاری اور کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے میں ناکامی کی وجہ سے عوام میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے۔ پیر کے روز بدعنوانی کے خلاف مہم چلانے والے بہت سے کارکنان نے ان کی رہائش گاہ کے باہر اپنے خیمے نصب کر لیے تھے اور وہ اب بھی وہیں موجود ہیں۔ دریں اثناء منگل کی شب پولیس نے 50 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا جو مبینہ طور پر نیتن یاہو کے خلاف مظاہرے کے دوران اشتعال انگیزی کی کوشش کر رہے تھے۔

[pullquote]دنیا کی آبادی میں اضافہ سست رفتار ہو گیا[/pullquote]

رواں صدی کے آخر تک دنیا کی آبادی 8.8 بلین ہو گی جو اقوام متحدہ کی پیش گوئی سے دو ارب کم ہے۔ یہ اعداد و شمار ایک بڑے پیمانے پر کروائی جانے والی تحقیق کے سامنے آئے ہیں۔ بین الاقوامی تحقیقی ٹیم نے میڈیکل جریدے "دی لانسیٹ” میں اپنے یہ نتائج شائع کیے ہیں۔ محققین کا کہنا ہے کہ دنیا کے 195 میں سے 183 ممالک میں شرح پیدائش اس قدر کم ہو جائے گی کہ بیرون ملک ہجرت کرنے والے تارکین وطن کے بغیر آبادی کی اس شرح کو برقرار رکھنا مشکل ہو گا۔ اس تحقیق کے مطابق ، چین ، جاپان ، اسپین ، اٹلی اور پولینڈ سمیت 20 سے زیادہ ممالک کی آبادی سن 2100 تک کم ہو کر نصف رہ جائے گی۔

[pullquote]تھیورنگیا: پارلیمان میں کوٹا سسٹم ختم[/pullquote]

جرمن پارلیمانوں میں خواتین کے تناسب کو بڑھانے سے متعلق اب ایک فیصلہ آنے والا ہے۔ صوبے تھیورنگیا میں پارٹیوں کو ریاستی انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی فہرستوں میں متبادل مرد اور خواتین کے ناموں کی شمولیت کی ضرورت نہیں ہے۔ وائمر میں آئینی عدالت نے اس کا فیصلہ کیا اور ریاستی انتخابی قانون میں ’برابری کے نام نہاد اصول‘ کو کالعدم قرار دے دیا۔ اس سلسلے میں دائیں بازو کی انتہا سند جماعت اے ایف ڈی کو ایک مقدمے میں کامیابی حاصل ہو گئی۔ آئینی عدالت کے صدر اشٹیفان کاؤفمان نے اس فیصلے کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے عمل میں کسی قسم کے دباؤ اور زبردستی کا کوئی عمل دخل نہیں ہونا چاہیے۔

[pullquote]لوکاشینکو کے حریف صدارتی امیدوار نہیں بن سکتے[/pullquote]

بیلاروس کے صدر الیگزانڈر لوکاشینکو کے سب سے زیرک حریف کو بیلاروس میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہو گی۔ ویکٹور بابریکو، جنہیں مبینہ طور پر غیر قانونی کاروباری ہیر پھیر کے الزام میں قبل از وقت حراست میں لیا گیا تھا، کو الیکشن کمیشن نے آئندہ صدارتی الیکشن میں امیدوار کی حیثیت سے شامل ہونے سے روک دیا ہے۔ نو اگست کو ہونے والی ووٹنگ میں کل چار امیدوار لوکاشینکو کے خلاف مقابلہ کریں گے، جو ایک صدی کے ایک چوتھائی سے زیادہ عرصے سے آمرانہ حکومت قائم کیے ہوئے ہیں۔ دریں اثناء منسک میں انتخابی کمیشن کے فیصلے کے خلاف سینکڑوں مخالفین کے احتجاج میں متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

[pullquote]ٹرمپ نے چین پر پابندیوں کے قانون پر دستخط کر دیے[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہانگ کانگ کی خود مختاری سے متعلق تنازعے میں چین کے خلاف پابندیوں کی منظوری کے قانون پر دستخط کر دیے ہیں۔ ٹرمپ نے واشنگٹن میں صحافیوں کو بتایا کہ اس اقدام کے بعد چین کو ’خصوصی انتظامی علاقےُ ہانگ کانگ میں عوام کے خلاف ’جابرانہ اقدامات‘ کے لیے جواب دہ ہونا پڑے گا۔ یہ امریکی قانون ایسے لوگوں اور اداروں کے خلاف کارروائی کی وجہ بنے گا، جو ’ہانگ کانگ کی آزادی ختم کرنا چاہتے ہیں‘۔ اس قانون کے تحت امریکا میں ان پابندیوں سے متاثرہ افراد کی املاک منجمد کی جا سکیں گی اور ان کا امریکا میں داخلہ بھی روکا جا سکے گا۔ صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ یوں ہانگ کانگ کے ساتھ ترجیحی اقتصادی سلوک بھی ختم ہو جائے گا۔

[pullquote]غیرملکی طلبا کو اب امریکا میں رہنے کی اجازت[/pullquote]

واشنگٹن حکومت نے امریکی یونیورسٹیوں میں کورونا کی وبا کے سبب آن لائن کلاسز لینے والے طلبا کے ویزے واپس لینے کا ارادہ ترک کر دیا ہے۔ واشنگٹن کا یہ اعلان متعدد امریکی یونیورسٹیوں اور متعدد ریاستوں کی طرف سے غیر معمولی دباؤ کے پیش نظر سامنے آیا ہے۔ قبل ازیں ٹرمپ انتظامیہ نے عندیہ دیا تھا کہ وہ حالیہ سمسٹر میں کورونا بحران کی وجہ سے آن لائن کلاسز لینے پر مجبور تمام غیر ملکی طلبا کا ویزہ واپس لے لیا جائے گا اور انہیں اپنے اپنے ملک واپس جانا پڑے گا۔ امریکا میں غیر ملکی طلبا کی ٹیوشن فیس بہت ساری یونیورسٹیوں میں آمدنی کا ایک اہم حصہ اور ذریعہ ہے۔ مبصرین کے مطابق ویزا کی منصوبہ بندی کو سخت کرنے کی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومتی پالیسی کا مقصد یونیورسٹیوں کو کلاس رومز میں نارمل کلاسز دوبارہ سے شروع کرنے کے لیے زیر دباؤ لانا تھا۔

[pullquote]بھارت میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ایک ملین کے قریب[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد مزید اضافے کے ساتھ اب ایک ملین کے قریب پہنچ چکی ہے۔ حکام نے بدھ کی صبح بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کووِڈ انیس کے تقریباﹰ ساڑھے چوبیس ہزار نئے کیس رجسٹر کیے گئے۔ اب تک کورونا وائرس سے بھارت میں نو لاکھ چھتیس ہزار سے زیادہ افراد متاثر اور ہلاکتوں کی تعداد چوبیس ہزار تین سو سے زائد ہو چکی ہے۔ نئی دہلی میں وزارت صحت کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے باعث مزید پانچ سو بیاسی افراد ہلاک ہو گئے۔ ملک کی ایک درجن کے قریب ریاستوں کے کئی ’بہت پر خطر‘ قرار دیے گئے علاقوں میں حکام دوبارہ لاک ڈاؤن کا اعلان کر چکے ہیں۔

[pullquote]چیک جمہوریہ میں مسافر ریل گاڑی مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی، درجنوں مسافر زخمی[/pullquote]

چیک جمہوریہ کے دارالحکومت پراگ کے قریب ایک مسافر ریل گاڑی ایک مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی۔ حکام نے بتایا کہ اس حادثے میں ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ ریل سیفٹی کے ملکی محکمے نے بدھ کے روز بتایا کہ یہ واقعہ منگل کو رات تقریباﹰ دس بجے پراگ سے مشرق کی طرف چَیسکی برَوڈ نامی اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ مرنے والا شخص مسافر ریل گاڑی کے انجن کا ڈرائیور تھا۔ حکام کے مطابق کارگو ٹرین پلیٹ فارم پر کھڑی ہوئی تھی کہ تاحال نامعلوم وجوہات کی بنا پر ایک مسافر ریل گاڑی اس سے جا ٹکرائی۔ اس حادثے میں پیسنجر ٹرین میں سوار سو کے قریب مسافروں میں سے پینتیس زخمی ہو گئے۔

[pullquote]واہگہ بارڈر کے راستے افغان بھارتی تجارت آج سے بحال[/pullquote]

پاکستان کی رضامندی کے بعد واہگہ بارڈر کے راستے بھارت کو افغانستان سے مصنوعات کی برآمد آج بدھ 15جولائی سے بحال ہو رہی ہے۔ نئی دہلی میں ذرائع کے مطابق پاکستان نے واہگہ کے راستے افغانستان سے بھارت کو برآمدات کے حوالے سے کووڈ 19سے پہلے کی صورت حال اب بحال کر دی ہے۔ اسلام آباد اور کابل کے مابین ایک تجارتی معاہدے کے تحت افغانستان واہگہ اٹاری سرحدی گزر گاہ کے راستے بھارت کو اپنی مصنوعات برآمد تو کر سکتا ہے لیکن بھارتی مصنوعات درآمد نہیں کر سکتا۔ کورونا وائرس کی وبا کے باعث پاکستان نے رواں سال مارچ میں افغانستان اور ایران سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ اپنی سرحدوں کو بند کر دیا تھا۔ اسی وجہ سے پاک افغان سرحد پر دو طرفہ تجارت اور واہگہ کے راستے بھارت جانے والی افغان برآمدات بھی رک گئی تھیں۔

[pullquote]ایپل کمپنی کے لیے 13 ارب یورو کے ریکارڈ ٹیکس کا فیصلہ[/pullquote]

آج بدھ کو لکسمبرگ میں یورپی عدالت نے آئرلینڈ میں ایپل کمپنی کے لیے 13 ارب یورو کی ریکارڈ ٹیکس کی واپس ادائیگی کے تنازعے کے سلسلے میں اپنا پہلا فیصلہ سنانے والی ہے۔ یورپی یونین کے کومپیٹیشن کمشنر مارگریٹ ویستاگر نے ایپل سے اگست 2016 ء میں اربوں یورو کی ٹیکس کی واجب رقم کی آئر لینڈ میں ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا کیوں کہ اس ملک نے ٹیکس کی شرائط کے لحاظ سے کمپنی کو غیر قانونی طور پر خصوصی مراعات دی تھیں۔ آئرلینڈ اور ایپل اس کی مزاحمت کر رہے ہیں۔ یورپی یونین کی عدالت کے سامنے آئی فون گروپ نے اس بات پر زور دیا کہ دو آئرش سبسیڈریز، جن کی آمدنی کو خطرہ لاحق ہے، کا ٹیکس بنیادی طور پر امریکا میں ہی دیا جانا چاہیے۔

[pullquote]شمالی مقدونیہ میں عام انتخابات[/pullquote]

شمالی مقدونیہ میں 18 لاکھ شہریوں کو عام انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے اپنا حق رائی دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ ملک کی ون چیمبر پارلیمنٹ کے 123 اراکین منتخب کیے گئے ہیں۔ حالیہ انتخابات میں سابق وزیر اعظم زوران زائف کے سوشل ڈیموکریٹس ہیرتیجان میکوسکی کے قوم پرستوں سے آگے تھے۔ فروری 2019 ء میں بلقان کی اس ریاست نے اپنا نام مقدونیہ سے شمالی مقدونیا میں تبدیل کر لیا تھا۔ اس کے بعد یہ اس ریاست کا پہلا پارلیمانی انتخاب ہے۔ اس اقدام نے یورپی یونین کے ہمسایہ ملک یونان کے ساتھ چلے آ رہے نام کے تنازعہ کو حل کیا۔ یاد رہے کہ یونان کے ایک صوبے کا نام بھی مقدونیہ ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے