جمعرات : 16 جولائی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ترک عدالت کی طرف سے ترک نژاد جرمن صحافی کو قید کی سزا[/pullquote]

ترکی کی ایک عدالت نے جمعرات کو ایک ترک نژاد جرمن صحافی کو دہشت گردی کا پروپگینڈا کرنے کے الزام میں دو سال اور نو ماہ کی قید کی سزا سنا دی ہے۔ ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ڈینس اُچل کو یہ سزا اُس کی غیر حاضری میں سنائی گئی۔ اُچل ترکی میں بغیر کسی الزام کے ایک سال جیل کی قید کاٹ کر فروری 2018ء میں رہا ہوئے تھے۔ رہائی کے فوراﹰ بعد وہ برلن آ گئے تھے۔ ترک نژاد جرمن صحافی خود پر لگے الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

[pullquote]یورپی عدالت انصاف نے "پرائیویسی شیلڈ” کو غیر قانونی قرار دے دیا[/pullquote]

یورپی عدالت انصاف نے یورپی یونین کے امریکا کے ساتھ ڈیٹا تحفظ کے معاہدے "پرائیویسی شیلڈ” کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔ عدالت کے مطابق امریکی حکام تک رسائی کے اختیارات کے سلسلے میں ڈیٹا تحفظ کی ضروریات کی ضمانت نہیں دی جا سکتی تاہم لگسمبرگ کے ججوں نے اس فیصلے کی مزید تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کے شہریوں کے صارفین ڈیٹا کو معاہدے کی نام نہاد معیاری شقوں کی بنیاد پر اب بھی امریکا اور دوسرے ممالک منتقل کیا جا سکتا ہے۔ یورپی عدالت انصاف میں اس معاملے کو دراصل اس وقت اٹھایا گیا جب فیس بک کے خلاف آسٹریا کے وکیل اور ڈیٹا پروٹیکشن کارکن میکس شریمز کے مابین قانونی تنازعہ پیدا ہوا۔ شریمز نے یورپی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

[pullquote]کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کے لیے بھارت کی نئی درخواست[/pullquote]

پاکستان میں قید مبینہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر نظرثانی کی درخواست دائر کرنے کے لیے اب جب کہ صرف پانچ دن باقی رہ گئے ہیں، بھارت نے یادیو تک قونصلر رسائی کے لیے پاکستان کو از سر نو درخواست پیش کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق بھارت نے پاکستان سے کہا ہے کہ اسے کلبھوشن یادیو تک ’بلا روک ٹوک اور کسی پابندی کے بغیر‘ قونصلر رسائی کی اجازت دی جائے۔ پاکستان نے نظرثانی کی درخواست دائر کرنے کے لیے آخری تاریخ 20 جولائی مقرر کی ہے۔ پاکستانی دفترخارجہ نے گزشتہ ہفتے دعوی کیا تھا کہ بھارتی بحریہ کے زیر حراست افسر اور مبینہ جاسوس کلبھوشن یادیو نے اپنی سزائے موت کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کرنے سے انکار کردیا ہے اور اس کی بجائے وہ اپنی زیر التوا رحم کی اپیل پر جواب کا انتظار کر رہا ہے۔ بھارت نے تاہم پاکستان کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپنی سزائے موت کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر نہیں کرنے کے لیے کلبھوشن یادیو کو ڈرایا دھمکایا گیا۔

[pullquote]اسپین میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کے لیے ایک سرکاری تقریب کا انعقاد[/pullquote]

کورونا سے بہت زیادہ متاثرہ پورپی ممالک میں سے ایک اسپین میں آج ایک سوگوار تقریب میں تمام ہلاک شدگان کو علامتی طور پر الودع کہا گیا۔ اس موقع پر یورپی یونین کمیشن کی سربراہ اُرزولا فان ڈیئر لائن اور یورپی یونین کے تمام سربراہان بھی موجود تھے۔ میڈرڈ میں منعقد ہونے والی اس یادگار تقریب میں اسپین کے بادشاہ فلپ ششم نے کورونا کے بحران کی زد میں آ کر ہلاک ہونے والے 28 ہزار چار سو ہسپانوی باشندوں کے لواحقین سے مخاطب ہو کر کہا کہ ان کے درد کا مداوا ناممکن ہے تاہم حکومت نہ صرف مرنے والوں کی یاد منانا بلکہ صحت کے شعبے میں خدمات انجام دینے والے تمام کارکنوں کا شکریہ ادا کرنا بھی چاہتی تھی۔

[pullquote]چین کی معیشت ایک بار پھر ترقی کی طرف گامزن[/pullquote]

نئے کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعد پہلی بار چین کی معیشت ایک بار پھر ترقی کی طرف گامزن نظر آرہی ہے۔ بیجنگ میں شماریات کے دفتر کے مطابق پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال کی دوسری سہ ماہی میں ترقی کی شرح میں 3.2 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ معاشی بحالی ماہرین کی توقع سے کہیں زیادہ مضبوط ثابت ہوئی ہے۔ کورونا کی وبائی بیماری کی وجہ سے دنیا کی اس دوسری بڑی معیشت نے اس سے قبل بھی تاریخی بحران کا سامنا کیا تھا۔ 1992ء میں سرکاری ریکارڈز کے آغاز کے بعد پہلی بار چین نے ایک سہ ماہی میں 6.8 فیصد کی منفی معاشی نمو دیکھی۔

[pullquote]بھارت: کورونا متاثرین کی تعداد دس لاکھ کے قریب[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد نو لاکھ 70 ہزار 743 ہوچکی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 32 ہزار 695 نئے کیسز درج کیے گئے جبکہ ایک دن میں 606 اموات کے ساتھ اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 24 ہزار 936 ہوگئی ہے۔ کورونا سے متاثرین کے لحاظ سے مغربی ریاست مہاراشٹر سرفہرست ہے جہاں دو لاکھ 75 ہزار سے زائد مصدقہ کیسز درج ہوچکے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد گیارہ ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ ایک لاکھ 51 ہزار سے زائد کیسز کے ساتھ جنوبی ریاست تمل ناڈو دوسرے نمبر پر اور ایک لاکھ 16 ہزار سے زائد کیسز کے ساتھ قومی دارالحکومت دہلی تیسرے نمبر پر ہے۔ دہلی اور تمل ناڈو میں بالترتیب 3487 اور2167 افراد کووڈ 19 سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ ادھر بھارتی وزارت صحت نے دعوی کیا ہے کہ کورونا وائر س سے متاثرہ مریضوں کے صحت مند ہونے کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

[pullquote]دنیا کی متعدد اہم شخصیات کے ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک[/pullquote]

دنیا کی متعدد اہم شخصیات بشمول سابق امریکی صدر بارک اوباما، جو بائیڈین، مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نیز ایپل اور اوبر جیسی کمپنیوں کے ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کر لیے گئے ہیں اور ان کے بدلے میں بٹ کوائن کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بدھ 15 جولائی کو جن اہم شخصیات اور کمپنیوں کے ٹویٹر اکاونٹ ہیک کر لیے گئے ان میں معروف ملٹی نیشنل کمپنی ایمیزون کے بانی اور دنیا کے امیرترین شخص جیف بیزوس کے ٹویٹر اکاؤنٹ بھی شامل ہیں۔ ان تمام اہم شخصیات اور کمپنیوں کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے کرپٹو کرنسی بٹ کوائن طلب کی گئی ہے۔ ہیک کرنے کے بعد ان اہم شخصیات کے حقیقی ٹویٹر اکاؤنٹ سے صارفین کے لیے پیغام میں لکھا گیا کہ اگر وہ اپنی رقم کو دوگنا کرنا چاہتے ہیں تو بٹ کوائن کو 30 منٹ کے اندر ایک ہزار ڈالر بھیجیں جس کے بدلے میں انہیں دو ہزار ڈالر ملیں گے۔ حالانکہ جیسے ہی اس بات کا انکشاف ہوا کہ یہ تمام پیغامات ہیکنگ کے بعد جعلسازی کے لیے ہیں، انہیں فوری طور پر ڈیلیٹ کر دیا گیا۔ مذکورہ اکاؤنٹ میں ایک لاکھ ڈالر سے زائد کی مالیت کی کرپٹو کرنسی پہلے ہی جمع کرائی جا چُکی ہے۔

[pullquote]جارج فلوئڈ کے گھر والوں کی طرف سے پولیس کے خلاف مقدمہ دائر[/pullquote]

امریکا میں چند ماہ قبل سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے افریقی امریکی جارج فلوئڈ کے رشتے داروں نے مینیاپولیس اور اس کے چار سابق پولیس افسران کے خلاف سرکاری طور پر غیر قانونی قتل کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ مقدمے میں مذکورہ فریقین پر بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ مینیاپولیس شہری انتظامیہ پر الزام ہے کہ اُس نے پولیس کو ایک ایسا کلچر فراہم کیا جس میں ’’پولیس کو نسل پرستی اور غیر معمولی تشدد کرنے کا استثنا‘‘ حاصل ہے۔ جارج فلوئڈ کے خاندانی وکیل نے کہا کہ عدالتی فیصلے سے ایک ایسی مثال قائم کی جانی چاہیے، جس سے اقلیتوں کو غیر قانونی طور پر قتل کرنے پر پولیس افسران کو دیگر سزا کے ساتھ ساتھ مالی معاوضہ ادا کرنے کا باپند بنایا جائے۔

[pullquote]تیونس کے وزیراعظم اپنے عہدے سے استعفی[/pullquote]

تیونس کے وزیراعظم الیاس الفخفاخ نے اسلام پسند سیاسی جماعت النھضہ کے ساتھ اختلافات کے سبب اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے جس کی وجہ سے ملک میں ایک نیا سیاسی بحران کھڑا ہو گیا ہے۔ تیونس کی حکومت نے وزیراعظم سے متعلق ایک بیان جاری کر کے ان کے استعفے کی تصدیق کی ہے۔ مخلوط حکومت میں شامل جماعت حرکت النھضہ سے وزیراعظم الیاس الفخفاخ کے شدید اختلافات تھے۔ اسی وجہ سے پارلیمان میں بھی ان کو ہٹانے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا تھا۔ دریں اثناء وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ ملک کے مختلف اداروں کے درمیان اختلافات سے بچنے اور اس بحران سے باہر آ کر اپنے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

[pullquote]ماسکو میں پوٹن مخالف مظاہرے کرنے والے افراد گرفتار[/pullquote]

روسی صدر ولا دیمیر پوٹن کے خلاف ماسکو میں مظاہرہ کرنے والے سینکڑوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ مظاہرے ان متنازعہ آئینی تبدیلیوں کے خلاف کیے گئے، جن کے ذریعے صدر ولادیمیر پوٹن نے اپنی صدارتی مدت کو مزید دو ادوار تک برقرار رکھنے کا اختیار حاصل کر لیا ہے۔ کریملن کے ناقدین روسی دارالحکومت کے وسط میں واقع پشکن اسکوائر میں غیر اعلانیہ احتجاج کے لیے جمع ہوئے۔ پولیس نے مظاہرہ روک دیا اور 140 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا۔

[pullquote]یورپی یونین ۔ بھارت پندرہویں سمٹ: تجارتی قربت کی کوششیں[/pullquote]

بھارت اور یورپی یونین کے درمیان بدھ کی شام ہونے والی آن لائن اعلیٰ سطحی میٹینگ میں فریقین نے تجارت اور سرمایہ کاری پر ایک اعلی سطحی مذاکراتی عمل شروع کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا۔ میٹنگ کی قیادت بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، یورپی کونسل کے صدر چارلس مائیکل اور یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیئر لائن نے کی۔ میٹنگ کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ اعلی سطحی مذاکرات کا مقصد تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق معاہدوں میں ترقی کو مزید مستحکم کرنا، تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا، دونوں اطراف کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے حالات کو بہتر بنانا ہے۔ خیال رہے کہ یورپی یونین بھارت کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ دونوں کے درمیان 2018-19 میں 115.6 بلین ڈالر کی تجارت ہوئی تھی۔

[pullquote]’کورونا بحران دیگر بیماریوں کی ویکسینیشن کی تیاری پر اثر انداز ہو رہا ہے‘[/pullquote]

اقوام متحدہ کے بہبود اطفال کے ادارے یونیسف نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں تمام تر توجہ کورونا ویکسین پر مرکوز ہے اور بچوں کو تشنج، خسرہ، کھانسی اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کا رواج کم سے کم ہوتا جا رہا ہے۔ اس صورتحال پر ڈبلیو ایچ او اور یونیسف نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ دونوں تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں بچوں کی جان بچانے والی ویکسینیں لگوانے کے رجحان میں کمی واقع ہو گئی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر ٹیڈروس اڈھینوم گریبیسس نے کہا ہے کہ ویکسین صحت عامہ کے تحفظ کا ایک موثر ذریعہ ہیں ورنہ موجودہ صورتحال میں بیماریوں سے لڑنے کے لیے اب تک کی گئی پیشرفت ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔

[pullquote]ٹرمپ کے قریبی حلقے کی ماہر متعدی امراض ڈاکٹر فاؤچی پر تنقید[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی حلقے کی طرف سے متعدی امراض کے امریکی ماہر ڈاکٹر اینتھونی فاؤچی پر تنقیدی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے تجارتی مشیر پیٹر نوارو نے بدھ کے روز اخبار ’یو ایس اے ٹو ڈے‘ کو ایک بیان دیتے ہوئے فاؤچی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے کورونا بحران کے سلسلے میں متعدد غلط اندازے عوام کے سامنے پیش کیے ہیں۔ ٹرمپ کے مشیر نے کہا کہ ڈاکٹر فاؤچی کے مشوروں اور اندازوں کو شکوک و شبہات اور احتیاط کے ساتھ لیا جانا چاہیے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر فاؤچی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شروعات ہی سے ٹرمپ انتظامیہ کی اس مہلک وبا سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بہت سخت اور کھل کر تنقید کرتے آئے ہیں۔

[pullquote]شمالی مقدونیا کے پارلمیانی انتخابات کے نتائج[/pullquote]

شمالی مقدونیا میں پارلیمانی انتخابات میں سابق وزیر اعظم زوران زائف کے یورپی حامی سوشل ڈیموکریٹس (ایس ڈی ایس ایم) نے ایک معمولی فرق سے اپنی فتح کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق تقریبا تمام ووٹوں کی گنتی کے بعد ایس ڈی ایس ایم نے 36 فیصد ووٹ حاصل کر لیے ہیں۔ ہریسٹی جان میکوسکی کے قوم پرستوں نے 35 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ البانیوں کی پارٹی DUI بارہ فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کرتے ہوئے آئندہ کی مخلوط حکومت کی جونیئر پارٹنر بننے کی اہل ہو گئی ہے۔ کورونا کی وبا کے دوران ہونے والی اس ووٹنگ میں ٹرن آؤٹ 50 فیصد کے لگ بھگ رہا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے