ہفتہ : 18 جولائی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یورپی یونین سمٹ کا دوسرا دن، مذاکرات جاری[/pullquote]

یورپی یونین کی سمٹ کے دوسرے روز بھی یونین کے سات سالہ بجٹ اور کورونا ریکوری فنڈ کو حتمی شکل دینے کی خاطر مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ پہلے دن بروز جمعہ رکن ملکوں کے رہنما اتفاق رائے میں ناکام رہے تھے۔ ڈچ وزیر اعظم نے ریکوری فنڈ کی تقسیم پر پيش کردہ تجاويز کو ویٹو کرتے ہوئے ایک متبادل منصوبہ پیش کیا تھا۔ تاہم یورپی رہنما سمٹ کے دوسرے روز اس تناظر میں کسی مشترکہ حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ یونین کے سات سالہ بجٹ کے لیے ایک ٹریلین یورو جبکہ کورونا ریکوری فنڈ کی مد میں ساڑھے سات سو بلین کی رقوم مختص کرنے پر گفتگو جاری ہے۔ کورونا کی عالمی وبا کے پھوٹنے کے بعد ستائیس رکن ممالک کے رہنما پہلی مرتبہ برسلز میں براہ راست مذاکرات کر رہے ہیں۔

[pullquote]فرانسیسی کلیسا میں آتشزدگی[/pullquote]

فرانسیسی شہر نوننت میں پندرہویں صدی عیسوی کے ایک کیتھیڈرل میں آتشزدگی کے نتیجے میں اس قدیمی کلیسا کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ حکام نے بتایا کہ صبح کے وقت اس کلیسا میں آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پا لیا گیا ہے۔ فائر ڈپارٹمنٹ نے بتایا ہے کہ چرچ کے ایک بڑے پائپ اورگن میں آگ لگی، جو مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس آگ پر قابو پانے کی خاطر ایک سو فائر فائٹرز کو تعینات کیا گیا۔ اس حادثے کی وجوہات ابھی معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔

[pullquote]کورونا وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد چودہ ملیں سے بڑھ گئی[/pullquote]

ہفتے کے دن جانز ہاپکنز یونیورسٹی نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مصدقہ تعداد چودہ ملین سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اس عالمی وبا کی وجہ سے ہلاک شدگان کی تعداد چھ لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ ادھر عالمی ادارہ صحت کے مطابق جمعے کے دن اس وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ سینتیس ہزار رہی، جو اس وبا کے پھوٹنے کے بعد کسی ایک دن میں اس میں مبتلا ہونے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ شدید ترین متاثرہ ممالک میں امریکا، برازیل اور بھارت سرفہرست ہیں۔

[pullquote]عراقی وزیر اعظم ایران اور سعودی عرب جائیں گے[/pullquote]

عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی آئندہ ہفتے سعودی عرب اور ایران کا دورہ کریں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان دونوں ممالک کا یکے بعد دیگرے دورہ کرنے کا مقصد علاقائی طاقتوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنا ہے۔ کاظمی وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ بيرون ممالک کا دورہ کر رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ آج بروز ہفتہ کاظمی نے بغداد میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی۔ کاظمی مئی میں وزیر اعظم منتخب کیے گئے تھے۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا کے پانچ سو سے زائد نئے کیس[/pullquote]

جرمنی میں جمعے کے دن کورونا وائرس کے پانچ سو انتیس نئے کیس سامنے آئے۔ یوں یورپ کی مضبوط ترین معیشت میں اس عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مصدقہ تعداد 201,372 ہو گئی ہے۔ رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ نے ہفتے کے دن مزید بتایا کہ اس وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد نو ہزار تراسی ہو چکی ہے۔ حالیہ کچھ دنوں میں جرمنی میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کی شدت میں کمی نوٹ کی جا رہی ہے۔

[pullquote]ہیکرز نے آٹھ اکاؤنٹس کا ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کیا، ٹوئٹر[/pullquote]

مائکرو بلاگنگ کی مقبول ترین ویب سائٹ ٹوئٹر نے ہفتے کے دن اعتراف کر لیا ہے کہ ہیکرز آٹھ اکاؤنٹس کی معلومات ڈاؤن لوڈ کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ رواں ہفتے کے دوران ہیکرز نے 130 اکاؤنٹس پر حملہ کیا تھا جبکہ ان میں سے 45 اکاؤنٹس کے پاس ورڈز تبدیل کرتے ہوئے ان پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ بعد ازاں ہیکرز نے ان اکاؤنٹس سے جعلی ٹویٹس بھی کی تھیں۔ ان میں امریکی صدارتی امیدوار جو بائیڈن، سابق امریکی صدر باراک اوباما، کروڑ پتی بزنس مین ایلون موسک اور شو بز اسٹار کم کارڈیشین بھی شامل تھے۔

[pullquote]جی ٹوئنٹی کے وزرائے خزانہ کا اہم اجلاس[/pullquote]

جی ٹوئنٹی ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے سربراہان آج بروز ہفتہ ریاض میں ایک اہم ملاقات کر رہے ہیں۔ اس ملاقات کا مقصد کورونا وائرس کی وجہ سے متاثرہ عالمی معیشت کی بحالی پر توجہ مرکوز کرانا ہے۔ مطالبات کیے جا رہے ہیں کہ عالمی وبا کی وجہ سے شدید ترین متاثرہ غریب ممالک کو ان کے قرضوں کی واپسی میں ریلیف فراہم کیا جائے۔ اس ورچوئل کانفرنس کی میزبانی کے فرائض سعودی عرب سر انجام دے رہا ہے۔ عالمی بینک کی منجینگ ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ بدترین معاشی بدحالی سے بچنے کی خاطر جی ٹوئنٹی کے گروپ کو اپنی کوششوں کا سلسلہ جاری رکھنا ہو گا۔

[pullquote]عوام پر ماسک پہننے کے ليے زور نہیں ڈالوں گا، امریکی صدر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر عوام کو لازمی طور پر ماسک پہننے کی ہدایات جاری نہیں کریں گے۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب ملک میں انفیکشس بیماریوں کے اعلیٰ ترین ماہر ڈاکٹر فاؤچی نے زور دیا ہے کہ اس عالمی وبا کی روک تھام کے لیے حکومت کو زور دینا ہو گا کہ عوام ماسک پہنیں۔ دوسری طرف امریکا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ صرف جمعے کے دن ہی شدید ترین متاثرہ ملک امریکا میں 77 ہزار چھ سو نئے کیس ریکارڈ کیے گئے۔

[pullquote]بھارت میں کورونا سے اگست تک دو ملین افراد متاثر ہو سکتے ہیں، راہل گاندھی[/pullquote]

بھارت میں جمعے کے دن کورونا وائرس کے چونتیس ہزار آٹھ سو سے زائد نئے کیس رجسٹر کیے گئے۔ یوں اس جنوبی ایشیائی ملک میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد دس لاکھ سے متجاوز ہو گئی ہے۔ وزارت صحت نے ہفتے کے دن بتایا کہ اس وبا کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد چھبیس ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ کچھ ریاستوں میں صورت حال انتہائی سنگین ہے۔ ادھر اپوزیشن رہنما راہل گاندھی نے خبردار کیا ہے کہ اگر نئے کیسوں کا سلسلہ یونہی جاری رہا، تو اگست میں اس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو ملین تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹھوس اقدامات کرے۔

[pullquote]امریکی سول رائٹس تحریک کے اہم رکن جان لوئیس انتقال کر گئے[/pullquote]

امریکی تاریخ میں سول رائٹس تحریک کے آئیکون جان لوئیس اسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ لوئیس امریکا میں سول رائٹس تحریک کے ایک نمایاں کارکن تھے اور ان کا نام مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کے ساتھ لیا جاتا ہے۔ وہ سن 1963 کی واشنگٹن مارچ کے ایک اہم منتظم بھی تھے۔ ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے افریقی نژاد امریکی شہری لوئیس کئی عشروں تک امریکی کانگریس کے رکن بھی رہے۔ ان کے انتقال پر کئی اہم شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے