منگل : 21 جولائی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس بحران، یورپی یونین تاریخی ڈیل پر متفق[/pullquote]

یورپی یونین کے رہنما کورونا وائرس کے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے ایک تاریخی ڈیل پر متفق ہو گئے ہیں۔ ساڑھے سات سو بلین یورو کے ایک مالیاتی پیکج سے اس وائرس سے متاثرہ ممالک کی اقتصادیات کو سہارا دینے کی کوشش کی جائے گی۔ ساتھ ہی ایک ٹریلین یورو کے برابر سات سالہ بجٹ کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئیل ماکروں نے کہا ہے کہ ایسے رکن ممالک کو رعایات دی گئی ہیں، جنہیں اس ڈیل پر اعتراض تھا۔ یورپی کمیشن کی صدر اورزلا فان ڈیر لاین نے اس مذاکراتی عمل کے حوالے سے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

[pullquote]یورپی یونین کے ساتھ تعلقات مضبوط رہیں گے، ڈچ وزیر اعظم[/pullquote]

ڈچ وزیر اعظم مارک رٹے نے کہا ہے کہ ہالینڈ کے یورپی یونین کے ساتھ تعلقات مضبوط ہی رہیں گے۔ انہیں یورپی یونین کے کورونا ریکوری فنڈ پر پہلے اعتراضات تھے لیکن تین روزہ طویل مذاکراتی دور کے بعد انہوں نے ڈیل کی حمایت کر دی۔ اس معاہدے کی منظوری کے بعد انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اب وہ اس ڈیل سے خوش ہیں۔ کورونا ریکوری فنڈ کی منظوری کو اس بحران پر قابو پانے کی خاطر ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]شام میں اسرائیلی میزائل حملے، پانچ غیر ملکی جنگجو مارے گئے[/pullquote]

شامی دارالحکومت دمشق کے جنوب میں کیے گئے اسرائیلی میزائل حملوں کے نتیجے میں ایران نواز پانچ جنگجو مارے گئے ہیں۔ شامی جنگ پر نگاہ رکھنے والے ادارے سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا ہے کہ یہ حملے گزشتہ رات اسلحے کے ڈپوؤں اور ایسی فوجی تنصیبات پر کیے گئے، جو شامی فورسز اور ایران نواز جنگجوؤں کے زیر استعمال تھے۔ اس کارروائی میں سات شامی فوجی زخمی بھی ہوئے۔ نو سالہ شامہ خانہ جنگی میں تین لاکھ اسی ہزار افراد ہلاک جبکہ لاکھوں شامی بے گھر ہو چکے ہیں۔

[pullquote]بھارتی اور امریکی بحریہ کی مشترکہ فوجی مشقیں[/pullquote]

بھارت اور امریکا کی بحری فوج نے بحیرہ ہند میں مشترکہ فوجی مشقیں کی ہیں۔ امریکی فوج کے مطابق اس فوجی مہم میں یو ایس ایئر کرافٹ کیریئر Nimitz نے حصہ لیا۔ چین اور بھارت کے مابین سرحدی کشیدگی کے بعد امریکا اور بھارت کی بحری افواج کے مابین تعاون میں اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے۔ یو ایس ایس رونالڈ ریگن اور یو ایس ایس Nimitz کو دو ہفتوں میں دو مرتبہ بحیرہ جنوبی چین کے متنازعہ پانیوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ بیجنگ حکومت ان مشترکہ فوجی مشقوں کی مخالف ہے۔

[pullquote]بغداد سے جرمن خاتون کو اغوا کیا گیا، عراقی حکومت کی تصدیق[/pullquote]

عراقی حکومت نے تصدیق کر دی ہے کہ بغداد سے ایک جرمن خاتون شہری کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ عراقی وزیر داخلہ کے مطابق ملکی سکیورٹی اداروں کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں کہ اس خاتون کی تلاش کے کام میں تیزی لے آئیں۔ مسلح افراد نے ہالا میوس نامی خاتون کو پیر کے دن بغداد کی ابو نواس اسٹریٹ سے اغوا کیا تھا۔ جرمن دفتر خارجہ نے اس خبر پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں خود کش حملہ، آٹھ فوجی ہلاک[/pullquote]

وسطی افغانستان میں ایک کار خود کش حملے کے نتیجے میں آٹھ مقامی فوجی مارے گئے ہیں۔ افغان وزارت داخلہ نے بتایا کہ صوبہ وردک میں افغان فوجیوں کے ایک قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا۔ طالبان جنگجوؤں نے اس پرتشدد کارروائی کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ اس تازہ حملے کو ملک گیر سطح پر جاری سیز فائر ڈیل کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔ قیدیوں کے تبادلے کی ایک ڈیل کے تحت افغان جیلوں میں قید سینکڑوں طالبان کو رہا نہ کرنے کے بعد ملک میں دوبارہ تشدد دیکھا جا رہا ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس کا عالمی سطح پر پھیلاؤ جاری[/pullquote]

کورونا وائرس کے عالمی کیسوں کی تعداد چودہ لاکھ تہتر ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کی طرف سے منگل کو جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق اس عالمی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد چھ لاکھ نو ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے جبکہ برازیل دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر ہیں۔ روس کا چوتھا نمبرہے۔

[pullquote]برازیل میں کورونا بحران شدید ہوگیا[/pullquote]

لاطینی امریکی ملک برازیل میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد اسی ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ وزارت صحت نے بتایا ہے کہ ملک میں وبا سے متاثرہ کُل کیسوں کی تعداد اکیس لاکھ ہو چکی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے ٹیسٹ کی محدود سہولت کے باعث اندیشہ ہے کہ برزایل میں کورونا کیسوں کی حقیقی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ اس وبا سے متاثرہ ممالک میں امریکا اس وقت سرفہرست ہے، جہاں اڑتیس لاکھ افراد متاثر جبکہ ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]کورونا، امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقیں خطرے میں[/pullquote]

کورونا وائرس کی وجہ سے جنوبی کوریا اور امریکا کے درمیان مشترکہ فوجی مشقیں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ سیول حکومت نے منگل کے دن بتایا کہ ان سالانہ مشقوں کے اسکیل، وسعت اور وقت کے بارے میں تفصیلات طے کرنے کی کوشش جاری ہے۔ یہ مشقیں ہر سال اگست کے آغاز میں ہوتی ہیں تاہم اس مرتبہ اس بارے میں ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔ اس بارے میں گزشتہ روز دونوں ممالک کے وزرائے دفاع نے ٹیلی فون پر مشاورت بھی کی تھی۔

[pullquote]سنکیانگ میں انسانی حقوق کی مبینہ پامالیاں، امریکا کی چین پر نئی پابندیاں[/pullquote]

امریکی حکومت نے چین کے مسلم اکثریتی خطے سنکیانگ میں انسانی حقوق کی مبینہ پامالیوں پر گیارہ چینی کمپنیوں کے خلاف تجارتی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ واشنگٹن حکومت نے کہا ہے کہ سنکیانگ کی صورتحال پر چین پر دباؤ جاری رکھا جائے گا۔ ٹرمپ انتظامیہ اس تناظر میں چار چینی سرکاری عہدیداروں پر بھی پابندیاں عائد کر چکی ہے۔ تاہم بیجنگ حکومت ان الزامات کو مسترد کرتی ہے۔

[pullquote]سامیت مخالف جرائم، جرمنی میں مبینہ حملہ آور کے خلاف ٹرائل شروع[/pullquote]

جرمنی میں سامیت مخالف جرائم کے الزامات کے تحت ایک شخص کے خلاف عدالتی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے گزشتہ برس نو اکتوبر کے دن ہالے شہر میں یہودیوں کی ایک عبادت گاہ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس حملے میں دو لوگ مارے گئے تھے۔ اٹھائیس سالہ ملزم کا تعلق صوبہ سیکسنی انہالٹ سے بتایا گیا ہے۔ اس حملے کو دوسری عالمی جنگ کے بعد جرمنی میں یہودیوں کے خلاف سب سے بڑا حملہ قرار دیا جاتا ہے۔

[pullquote]ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ ایک سال کے لیے مؤخر[/pullquote]

کورونا وائرس کے عالمی بحران کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کا انعقاد ایک برس کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ منگل کے دن آسٹریلیا کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کو مؤخر کرنا ناگزیر ہو گیا تھا۔ بیان میں بین الاقوامی کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے مزید کہا گیا کہ اس بروقت فیصلے سے بھارتی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔ اس سال یہ ٹورنامنٹ اکتوبر اور نومبر میں ہونا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے