بدھ: 22 جولائی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا کا ہیوسٹن میں موجود چینی قونصل خانے کو 72 گھنٹے میں بند کرنے کا حکم[/pullquote]

امریکا نے چین کو ہیوسٹن میں موجود قونصل خانہ 72 گھنٹے میں بند کرنے کا حکم دیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیوسٹن میں موجود چینی قونصل خانے کی بندش کے احکامات امریکی تحقیقات اور نجی معلومات کے تحفظ کے لیے دیے گئے ہیں۔دوسری جانب چین نے ہیوسٹن میں چینی قونصلیٹ کی بندش کے امریکی اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے یک طرفہ سیاسی اشتعال انگیزی قرار دے ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہیوسٹن میں چینی قونصلیٹ کی بندش بین الاقوامی قوانین، بنیادی اصولوں اور امریکا چین قونصلر معاہدے سے متعلق شقوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

[pullquote]دنیا میں کورونا کے کیسزکی تعداد ڈيڑھ کروڑ سے متجاوز[/pullquote]

دنيا بھر ميں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ڈيڑھ کروڑ سے زائد ہو گئی ہے۔ چينی شہر ووہان سے پچھلے سال کے اواخر ميں پھيلنے والے اس وائرس سے اب تک عالمی سطح پر چھ لاکھ سولہ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔ انفيکشن اب تک دو سو دس ممالک ميں رپورٹ ہو چکا ہے۔سب سے زيادہ متاثرہ ملکوں ميں امريکا، برازيل اور بھارت شامل ہيں۔ طبی حکام کا کہنا ہے کہ متاثرين کی حقیقی تعداد اس سے کہيں زيادہ ہو سکتی ہے کيونکہ کئی ممالک ميں ٹيسٹنگ کی قلت ہے جبکہ کئی ميں درست تعداد میسر نہيں۔

[pullquote]جرمن رياست ميں برقعے پر پابندی[/pullquote]

جرمنی کی مغربی ریاست باڈن وورٹمبرگ کی حکومت نے اسکولوں میں چہرہ ڈھانپنے اور نقاب پہننے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اسکول کے اساتذہ کے ليے يہ قانون پہلے ہی موجود تھا تاہم اب طلباء کے ليے بھی يہی قانون ہو گا۔ فی الوقت یہ نئے قواعد پرائمری اور سیکندڑی اسکولوں کے لیے ہیں۔ ریاست کے منتخب سربراہ اور گرین پارٹی کے رہنما ونفریڈ کریٹشمن نے کہا کہ چہرہ چُھپانہ آزاد معاشرے کا حصہ نہیں۔ نقاب یا حجاب کی مخالفت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی پابندی لڑکیوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کیونکہ انہیں اکثر زور زبردستی سے اس پر مجبور کیا جاتا ہے۔

[pullquote]روسی مداخلت، برطانيہ ميں قانون سازی زير غور[/pullquote]

برطانوی سياست ميں مبينہ روسی مداخلت پر ايک حاليہ رپورٹ کے بعد لندن حکومت نئی قانون سازی پر غور کر رہی ہے۔ ٹرانسپورٹ سيکرٹری گرانٹ شيپس نے بتايا ہے کہ جارحانہ رياستوں کی مداخلت روکنے کے ليے انٹيلنجنس اداروں کو مزید اختيارات دينے پر غور ہو رہا ہے۔ قبل ازيں برطانوی پارليمان کی انٹيليجنس اينڈ سکيورٹی کميٹی کی رپورٹ ميں روسی مداخلت کا پردہ فاش کيا گيا تھا۔ اس رپورٹ کے مطابق برطانيہ روسی جاسوسی اور مداخلت کا بڑا ہدف بن کر ابھرا ہے۔

[pullquote]صدر ٹرمپ نے آخر کار ماسک پہننے کی ترغیب دینا شروع کر دی[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کورونا وبا ميں مزيد بدتری کے امکانات ہيں۔ انہوں نے يہ بيان منگل کو تقريباً تين ماہ بعد اس وبا پر اپنی پہلی ميڈيا بريفنگ کے دوران ديا۔ امريکی صدر نے عوام پر زور ديا کہ وہ عوامی مقامات پر ماسک پہنيں۔ امريکا کووڈ انيس کی عالمی وبا سے سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے اور وہاں ہلاکتوں کی تعداد ايک لاکھ چاليس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ پچھلے آٹھ دنوں سے امريکا ميں يوميہ ساٹھ ہزار سے زائد کيسز کا اضافہ سامنے آیا ہے۔ رائے عامہ کے ايک تازہ جائزے کے مطابق دو تہائی امريکی شہری کورونا وائرس کے حوالے سے صدر ٹرمپ پر بھروسہ نہيں کرتے۔

[pullquote]امريکی وزير خارجہ کی پھر چين پر تنقيد[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے الزام لگایا کہ چین کورونا وائرس کی عالمگیر وبا میں دنیا کی مدد کرنے کے بجائے اپنے پڑوسیوں پر ‘دھونس‘ جما رہا ہے اور اس بحران کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ لندن میں وزیر اعظم بورس جانسن اور وزیر خارجہ ڈومنک راب سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے ہانگ کانگ سے متعلق چین کے نئے متنازعہ سکیورٹی قانون کے خلاف برطانیہ کے سخت موقف کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہا کہ چین اس نیم خود مختار شہر پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

[pullquote]امريکی پابنديوں کا مناسب جواب دیں گے، چین کی دھمکی[/pullquote]

چين نے کہا ہے کہ وہ امريکا کی طرف سے تازہ تجارتی پابندیوں کا بھرپور جواب دے گا۔ امریکی حکومت نے اس ہفتے سنکيانگ ميں ايغور مسلمانوں کے خلاف مبينہ مظالم کے تناظر ميں گيارہ چينی کمپنيوں کے خلاف پابنديوں کا اعلان کیا تھا۔ امريکا نے جن چينی کمپنيوں پر پابندياں عائد کی ہيں، ان پر شبہ ہے کہ وہ ايغور مسلمانوں سے جبری مشقت کرانے ميں ملوث ہيں۔ ایک بیان میں چينی وزارت خارجہ نے ان الزامات کو بے بنياد قرار ديتے ہوئے کہا کہ امريکا صرف چينی کمپنيوں کو نشانہ بنانا چاہتا ہے۔ سنکيانگ ميں ايک ملين کے قريب ايغور حراستی مراکز ميں قيد ہيں اور بين الاقوامی برادری اس کی بارہا مذمت کرتے ہوئے چين کو انسانی حقوق کی سنگين خلاف ورزيوں کا مرتکب قرار ديتی آئی ہے۔

[pullquote]شام ميں پارليمانی انتخابات، حکمران جماعت سرخرو[/pullquote]

شام ميں حکمران بعث پارٹی نے پارليمانی انتخابات کے ابتدائی غير حتمی نتائج ميں برتری حاصل کر لی ہے۔ منگل کی شب ابتدائی نتائج کے مطابق صدر بشار الاسد کی پارٹی نے ڈھائی سو نشستوں کی پارليمان ميں 177 پر کاميابی حاصل کی۔ اليکشن ميں ووٹر ٹرن آؤٹ صرف تينتيس فيصد رہا۔ اتوار کو منعقدہ يہ انتخابات دمشق حکومت کے زير کنٹرول علاقوں ميں کرائے گئے تھے۔ واشنگٹن حکومت نے ان انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے ان کے نتائج کو تسليم کرنے سے انکار کيا ہے۔

[pullquote]شکاگو ميں فائرنگ، ٹرمپ کی فوج بھیجنے کی دھمکی[/pullquote]

امريکی شہر شکاگو ميں فائرنگ کے ايک تازہ واقعے ميں کم از کم چودہ افراد زخمی ہو گئے ہيں۔ پوليس کے مطابق منگل کو ايک نامعلوم گاڑی سے ايک جنازے پر فائرنگ کی گئی، جس کے رد عمل ميں وہاں موجود افراد نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ فی الحال يہ واضح نہيں کہ فائرنگ کا تبادلہ کيوں ہوا۔ دريں اثناء امريکی صدر نے منگل کو ايک بيان ميں شکاگو کا موازنہ افغانستان سے کيا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاں سلامتی کی صورتحال ابتر ہے۔ امريکی صدر نے شکاگو میں ڈيڑھ سو نيم فوجی دستے تعينات کرنے کا عنديہ ديا۔ صدر نے نسل پرستی کے خلاف جاری مظاہروں کو دبانے کے ليے کئی امريکی شہروں ميں وفاقی ايجنٹ تعينات کرنے کی دھمکی دے رکھی ہے۔

[pullquote]شنگھائی: ايتھوپيئن ايئر لائن کے جہاز ميں آگ لگ گئی[/pullquote]

بدھ کو شنگھائی پوڈونگ انٹرنيشنل ايئر پورٹ پر ايتھوپيئن ايئر لائنز کے ايک مال بردار ہوائی جہاز ميں آگ لگ گئی۔ سوشل ميڈيا پر گردش کرنے والی تصاوير ميں ديکھا جا سکتا ہے کہ طيارے کا اوپر کا حصہ بری طرح آگ کی لپيٹ ميں آگیا تھا۔ تاہم ايئر لائن نے کہا کہ آگ پر جلد ہی قابو پا ليا گيا۔ اس واقعے ميں عملے يا گراؤنڈ اسٹاف کے کسی رکن کو نقصان نہیں پہنچا۔ آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے ليے تفتيش جاری ہے۔

[pullquote]کورونا ، اولمپکس کا دارومدار ممکنہ ويکسين پر ہوگا[/pullquote]

اولمپک کھيلوں کی آرگنائزيشن کميٹی کے صدر يوشيرو موری نے آئندہ اولمپکس کے انعقاد کو کورونا وائرس کی ممکنہ ويکسين يا علاج کی دستيابی سے منسلک کیا ہے۔ بدھ کو اپنے ايک بيان ميں انہوں نے کہا کہ کھيلوں کا انعقاد ہو گا يا نہيں، اس کا دارومدار کسی دوا يا ويکسين کی دستيابی پر ہوگا۔ ٹوکيو اولمپکس کو اسی ہفتے جمعے سے شروع ہونا تھا تاہم عالمی وبا کی وجہ سے ان کھيلوں کو آئندہ برس تک کے ليے ملتوی کر ديا گيا تھا۔ اب اولمپکس اگلے سال تيئس جولائی سے شروع ہوں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے