جمعہ : 24 جولائی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد ڈيڑھ کروڑ سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

دنيا بھر ميں نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد ڈيڑھ کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھ لاکھ تينتيس ہزار سے زائد ہے۔ سب سے زيادہ متاثرہ ملک امريکا ميں چار ملين سے زائد افراد ميں اس وبائی مرض کی تشخيص ہو چکی ہے جبکہ ايک لاکھ چواليس ہزار سے زيادہ افراد ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ ديگر شديد متاثرہ ممالک ميں برازيل، بھارت، روس اور جنوبی افريقہ شامل ہيں۔ پچھلے سال کے اواخر ميں چين سے پھيلنے والے اس مرض سے اب تک دنيا بھر ميں اٹھاسی لاکھ سے زائد افراد صحت ياب بھی ہو چکے ہيں۔

[pullquote]ويت نام ميں جنگلی جانوروں کی تجارت پر پابندی[/pullquote]

ويت نام ميں وائلڈ لائف ٹريڈ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ملکی وزير اعظم نے اس بارے ميں جمعے کو حکم جاری کيا، جس پر فوری عمل در آمد کا کہا گيا ہے۔ ہنوئی حکام کے مطابق جنگلی جانوروں کی تجارت پر پابندی کا مقصد مستقبل ميں وبائی امراض سے بچاؤ ہے۔ حکم نامے کے تحت جنگلی جانوروں کی تجارت اور ايسی تجارت کے ليے زير استعمال مارکيٹوں پر پابندی کے علاوہ جنگلی جانوروں کے شکار اور آن لائن خريد و فروخت پر پہلے سے موجود پابندی پر مزيد سختی سے عمل درآمد شامل ہے۔

[pullquote]آیا صوفیہ مسجد نمازیوں کے لیے کھول دی گئی[/pullquote]

ترک شہر استنبول میں واقع ثقافتی و مذہبی اہمیت کی حامل عمارت آیا صوفیہ چھياسی برس بعد آج چوبيس جولائی سے نمازیوں کے لیے کھول دی گئی ہے۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے اس مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔ ترکی کی ایک عدالت کی طرف سے آیا صوفیہ میوزیم کو مسجد میں تبدیل کرنے کے فیصلے کے بعد آج جمعے کو پہلی مرتبہ آيا صوفيہ ميں نماز ادا کی گئی۔ ترک عدالت عظمی کے فيصلے پر دنیا کے کئی ممالک اور بین الاقوامی اداروں نے افسوس کا اظہار کیا تھا۔

[pullquote]یونان کے پاس سمندر میں گیس کی تلاش پر ترکی کو یورپ کی تنبیہ[/pullquote]

یورپی یونین نے یونانی جزائر کے آس پاس بحیرہ روم میں قدرتی گیس کی دریافت کے لیے سروے کی کوششوں پر ترکی کو خبردار کیا ہے۔ یونان اور قبرص نے الزام عائد کیا ہے کہ ترکی کی جانب سے ان کے سمندری پانیوں میں قدرتی وسائل کو دریافت کرنے کی کوششیں جاری ہیں جس سے ان کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ فرانس کے صدر ایمانوئل ماکروں نے اس حوالے سے ترکی کے خلاف پابندیوں کا مطالبہ کيا ہے۔ دوسری جانب ترکی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے حقوق کے دائرے میں ہے۔ ترکی کا سمندری جہاز اورک ریز، جو بحیرہ روم کے پانیوں میں قدرتی گیس دریافت کرنے کے مشن پر ہے، درست اور موثر طریقے سے اپنی مہم میں مصروف ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ جہاز اگست کے اوائل تک اپنا سروے جاری رکھے گا۔

[pullquote]شينگڈو ميں امريکی قونصليٹ کی بندش کا حکم[/pullquote]

چين نے جنوب مغربی شہر شينگڈو ميں امريکی قونصليٹ کی بہتر گھنٹوں ميں بندش کا حکم جاری کيا ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جمعے کو بتايا گيا کہ قونصل خانے کا لائسنس منسوخ کيا جا رہا ہے۔ بيجنگ حکومت نے امريکا کی جانب سے اسی ہفتے ہيوسٹن ميں چينی قونصل خانے کی بندش کے تناظر ميں يہ قدم اٹھايا ہے۔ امريکی محکمہ خارجہ کا الزام ہے کہ ہيوسٹن ميں چينی قونصليٹ کاروباری امور کی جاسوسی ميں ملوث تھا۔ ايسی اطلاعات بھی ہيں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ چينی کميونسٹ پارٹی کے کئی ارکان کے امريکا ميں داخلے پر پابندی لگانے کا سوچ رہے ہيں۔ دونوں روايتی حريف ملکوں کے مابين ان دنوں کشيدگی کی تازہ لہر جاری ہے۔

[pullquote]جنگی طياروں نے مسافر طيارے کو ہراساں کيا، ايران[/pullquote]

ايرانی سرکاری ٹيلی وژن پر جمعے کو نشر کردہ رپورٹوں ميں الزام لگايا گيا ہے کہ ايک مسافر طيارے کو جنگی طياروں نے ہراساں کيا ہے۔ يہ طيارہ تہران سے بيروت کی طرف روانہ تھا جب جمعرات کی شب يہ واقعہ پيش آيا۔ بعد ازاں مہان ايئر کا يہ مسافر طيارہ بحفاظت بيروت ايئر پورٹ پر اتر گيا۔ امريکا نے اس امر کی تصديق کر دی ہے کہ ايک جنگی طيارہ ايرانی جہاز کے قريب سے گزرا مگر وہ مناسب فاصلے پر تھا۔ فی الحال اس واقعے کے حوالے سے متضاد رپورٹيں سامنے آ رہی ہيں۔ ايران نے اسرائيل کو بھی اس واقعے کے ليے ذمہ دار قرار ديا ہے۔ مسافر طيارے کے ساتھ يہ واقعہ جنوب مغربی شام ميں الطنف کی فضائی حدود ميں پيش آيا۔

[pullquote]روس نے خلا ميں ہتھيار کا تجربہ کيا، امريکا کا الزام[/pullquote]

امريکا نے روس پر خلا ميں سيٹیلائٹ شکن ميزائل دفاعی نظام کا تجربہ کرنے کا الزام لگايا ہے۔ يو ايس اسپيس کمانڈ کے مطابق يہ تجربہ پندرہ جولائی کو کيا گيا۔ ساتھ ہی يہ بھی کہا گيا ہے کہ يہ پيشرفت يہ ثابت کرتی ہے کہ امريکا کو روس سے حقيقی خطرہ ہے، جو مسلسل بڑھ رہا ہے۔ جوہری ہتھياروں کی تلفی کے امريکی مذاکرات کار مارشل بلنگسليا نے اسے ناقابل قبول قرار ديا ہے۔ فوری طور پر اس پر ماسکو حکومت کا کوئی رد عمل سامنے نہيں آيا۔

[pullquote]بھارت: غير ملکی کمپنيوں پر لاگو ہونے والے قواعد و ضوابط مزيد سخت[/pullquote]

بھارت نے سرکاری کانٹريکٹس کے ليے غير ملکی کمپنيوں پر لاگو ہونے والے قواعد و ضوابط مزيد سخت کر ديے ہيں۔ حکومتی منصوبوں کی تکميل کے ليے دلچسپی رکھنے والی پڑوسی رياستوں سے وابستہ کمپنيوں کو پہلے سے رجسٹريشن اور سکيورٹی کليئرنس پاس کرنی ہو گی۔ اس بارے ميں فيصلے کا اعلان جمعرات کی شام کيا گيا۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد قومی سلامتی کو يقينی بنانا ہے۔ بھارتی حکومت نے کسی مخصوص ملک کا نام نہيں ليا مگر ناقدين کا کہنا ہے کہ بالخصوص چين کے تناظر ميں يہ قدم اٹھايا گيا ہے۔

[pullquote]عراق: جرمن آرٹ کيوريٹر ہيلا ميوس کو بازياب کرا ليا گيا[/pullquote]

عراقی دارالحکومت ميں اغواء ہونے والی جرمن آرٹ کيوريٹر ہيلا ميوس کو بازياب کرا ليا گيا ہے۔ اطلاع ہے کہ ميوس کو ايک سکيورٹی آپريشن ميں آزاد کرايا گيا مگر اس بارے ميں تفصيلات دستياب نہيں۔ انہيں پير کو بغداد سے اغواء کيا گيا تھا۔ ميوس پچھلے چند برسوں سے بغداد ميں رہائش پذير تھيں اور وہ نوجوان عراقی فنکاروں کے کام کے فروغ ميں سرگرم رہی ہيں۔

[pullquote]آئی پی ايل اس سال ستمبر ميں ہو گا[/pullquote]

انڈيئن پريميئر ليگ اس سال انيس ستمبر سے متحدہ عرب امارات ميں شروع ہو رہی ہے۔ آئی پی ايل کے چيئرمين برجيش پٹيل نے اس بارے ميں اعلان جمعے چوبيس جولائی کو کيا۔ پٹيل کے مطابق يہ ٹورنامنٹ اکاون دن تک جاری رہے گا اور فائنل آٹھ نومبر کو کھيلا جائے گا۔ کھلاڑيوں کے ليے قرنطينہ بھی زير غور ہے۔ آئی پی ايل کے چيئرمين بقيہ معاملات آئندہ ہفتے اجلاس ميں طے کيے جائيں گے۔ تيرہواں آئی پی ايل ٹورنامنٹ مارچ ميں ہونا تھا تاہم کورونا وائرس کی عالمی کے باعث اسے ملتوی کر ديا گيا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے