ہفتہ : 25 جولائی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]آيا صوفيہ کی حيثيت پر ايتھنز اور انقرہ کے درميان سخت جملوں کا تبادلہ[/pullquote]

آيا صوفيہ کو ايک عجائب گھر سے مسجد ميں تبديل کرنے کے حاليہ فيصلے پر ہفتے کو يونان اور ترکی کے مابين سخت الفاظ کا تبادلہ ہوا ہے۔ يونانی تنقيد پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ترک وزارت خارجہ کے ترجمان حامی اکسوئے نے ہفتے کو کہا کہ يہ پيش رفت يونان کی اسلام اور ترکی سے دشمنی کی نشاندہی کرتی ہے۔ ترک حکام نے ايتھنز حکومت اور پارليمان کے ارکان کی جانب سے تنقيد کو لوگوں کو ترکی کے خلاف اکسانے کی ایک کوشش قرار ديا۔ جواب ميں يونانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ موجودہ دور کے ترکی ميں مذہبی اور قوم پرستانہ رجحانات پر دنيا حيران زدہ ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز آيا صوفيہ کو باقاعدہ طور پر نمازيوں کے ليے کھول ديا گيا تھا اور ترک صدر رجب طيب ايردوآن نے بھی وہاں نماز جمعہ ادا کی تھی۔

[pullquote]بھارت کا ہنگامی بنیادوں پر فرانس سے ہیمر میزائلز خریدنے کا فیصلہ[/pullquote]

بھارت کا جنگی جنون جاری ہے اور رافیل طیاروں کے بعد بھارت نے ہنگامی بنیادوں پر فرانس سے ہیمر میزائلوں کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے۔بھارتی میڈیا نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ہیمر میزائلوں کی خریداری میں پیش رفت بھی ہوئی ہے اور فرانس محدود وقت کے باوجود بھارت کو ہیمر میزائل سپلائی کرنے کے لیے تیار بھی ہوگیا ہے۔مودی سرکار کی جانب سے بھارتی فوج کو دی گئی ایمرجنسی پاورز کے تحت یہ معاہدہ کیا جارہا ہے تاہم بھارتی فضائیہ نےخبرکی تردید یا تصدیق سےگریز کیا ہے۔فرانس کے رافیل جنگجو طیاروں کے لیے 60 سے 70 کلو میٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے ہیمر میزائل کا معاہدہ ایسے وقت کیا جار ہا ہے جب بھارت کی چین کے ساتھ لداخ کے معاملے پر سخت کشیدگی ہے اور اس معاہدے کو اسی کشیدگی کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔

[pullquote]’ہراساں‘ ہونے والے مسافر امريکی فوج پر مقدمہ کرنے کا حق رکھتے ہيں، ايرانی عدليہ[/pullquote]

ايرانی عدليہ نے کہا ہے کہ امريکی جنگی طياروں کی جانب سے فضا ميں ’ہراساں‘ کيے جانے والے طيارے پر سوار مسافر امريکی فوج پر ايرانی عدالتوں ميں مقدمہ دائر کر سکتے ہيں۔ عدليہ کے انسانی حقوق سے متعلق دفتر کے سربراہ کے بقول مسافر اخلاقی اور جسمانی نقصانات کے ہرجانے کے ليے عدالتوں سے رجوع کرنے کا اختيار رکھتے ہيں۔ تہران حکومت کا الزام ہے کہ ايک روز قبل ايرانی مہان ايئر کے ايک مسافر طيارے کو جنوب مغربی شام ميں الطنف کی فضائی حدود ميں امريکی جنگی طياروں نے ’ہراساں‘ کيا۔ بعد ازاں يہ طيارہ بحفاظت بيروت ايئر پورٹ پر اتر گيا۔ امريکا نے اس امر کی تصديق کر دی ہے کہ ايک جنگی طيارہ ايرانی جہاز کے قريب سے گزرا مگر وہ مناسب فاصلے پر تھا۔

[pullquote]کورونا کی وبا: عوام کا حکومتوں پر اعتماد کم ہو رہا ہے، سروے[/pullquote]

ايک تازہ مطالعے ميں يہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کے معاملے ميں چند حکومتيں اپنے عوام کا اعتماد کھوتی جا رہی ہيں۔ سب سے نماياں کمی امريکا ميں ديکھی گئی، جہاں سروے ميں شامل چواليس فيصد افراد نے حکومتی رد عمل پر عدم اطمينان کا اظہار کيا۔ يہ سروے جولائی کے وسط ميں چھ ممالک ميں کيا گيا۔ مطالعے ميں شامل اکثريتی افراد کا ماننا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کی شدت اب تک بتائی گئی شدت سے کہيں زيادہ ہے۔ فرانس واحد ايسا ملک تھا، جہاں وبا سے نمٹنے کی حکمت عملی پر عوام کا اپنی حکومت پر بھروسہ بڑھا ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد ڈيڑھ کروڑ سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

دنيا بھر ميں نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد ايک کروڑ ستاون لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد قريب چھ لاکھ چاليس ہزار ہے۔ سب سے زيادہ متاثرہ ملک امريکا ميں اکتاليس لاکھ سے زائد افراد ميں اس وبائی مرض کی تشخيص ہو چکی ہے جبکہ ايک لاکھ پينتاليس ہزار سے زيادہ افراد ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ ديگر شديد متاثرہ ممالک ميں برازيل، بھارت، روس اور جنوبی افريقہ شامل ہيں۔ پچھلے سال کے اواخر ميں چين سے پھيلنے والے اس مرض سے اب تک دنيا بھر ميں نوے لاکھ سے زائد افراد صحت ياب بھی ہو چکے ہيں۔

[pullquote]يورپ ميں کورونا کے کيسز ميں پھر اضافہ، ڈبليو ايچ او کی تنبيہ[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت نے يورپ ميں کورونا وائرس کے دوبارہ بڑھتے ہوئے کيسز پر تشويش ظاہر کی ہے۔ بيشتر يورپی ممالک ميں کافی حد تک پابندياں ختم کر دی گئی ہيں اور نتيجتاً کئی ملکوں ميں کيسز بڑھنا شروع ہو گئے ہيں۔ جرمن رياست سيکسنی کے ميئر نے بيان ديا ہے کہ وائرس کی دوسری لہر آ نہيں رہی بلکہ آ چکی ہے۔ علاوہ ازيں آسٹريا، برطانيہ، جرمنی اور فرانس نے سماجی سطح پر فاصلہ برقرار رکھنے اور عوامی مقامات پر چہروں پر ماسک پہننے سے متعلق قوانين پر زيادہ موثر عملدرآمد اور اضافی ٹيسٹنگ کرانے کے احکامات جاری کيے ہيں۔ يورپی براعظم کورونا وائرس کے مجموعی کيسز ميں سے بيس فيصد کا حصہ دار ہے جبکہ ہلاکتوں کے اعتبار سے کئی خطوں سے آگے ہے۔

[pullquote]کووڈ انيس: برازيل ميں تين دنوں سے روزانہ پچاس ہزار سے زائد نئے کيسز[/pullquote]

برازيل ميں پچھلے تين دنوں سے يوميہ بنيادوں پر کورونا وائرس کے پچاس ہزار سے زائد کيسز سامنے آ رہے ہيں۔ پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران 55,891 افراد ميں کووڈ انيس کی تشخيص ہوئی۔ لاطينی امريکا کی سب سے زيادہ آبادی والی اس رياست ميں اب تيئس لاکھ سے زائد افراد ميں نئے کورونا وائرس کی تشخيص ہو چکی ہے جبکہ پچاسی ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔ گزشتہ روز ساؤ پاؤلو کے ميئر نے يہ اعلان بھی کيا کہ اس عالمی وبا کے تناظر ميں آئندہ برس فروری ميں منعقد ہونے والا کارنيوال کا تہوار ملتوی کيا جا رہا ہے۔

[pullquote]اسرائيلی فضائيہ کی جنوبی شام ميں کارروائی[/pullquote]

اسرائيلی ہيلی کاپٹروں نے قنطيرہ ميں شامی فوجی اہداف کو نشانہ بنايا، جس ميں کم از کم دو فوجی زخمی ہو گئے۔ شامی سرکاری ٹيلی وژن پر نشر کردہ رپورٹوں کے مطابق جمعے اور ہفتے کی درميانی شب قنطيرہ ميں کم از کم تين فوجی چوکيوں کو نشانہ بنايا گيا۔ اسرائيلی فوج نے اس بارے ميں جاری کردہ بيان ميں دعویٰ کيا ہے کہ پہلے شام سے اسرائيل کی جانب گولہ باری کی گئی جس کے جواب ميں اسرائيلی فضائيہ نے جنوبی شام ميں چند مقامات کو نشانہ بنايا۔ سيريئن آبزرويٹری فار ہيومن رائٹس کے مطابق اسرائيلی ہيلی کاپٹروں نے ايران نواز فوجی قوتوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنايا۔

[pullquote]ہيوسٹن ميں چينی قونصل خانہ بند[/pullquote]

امريکی رياست ہيوسٹن کے شہر ٹيکساس ميں چينی قونصل خانہ جمعے کی شب بند ہو گيا ہے۔ امريکی محکمہ خارجہ کے ايک ترجمان نے اس پيش رفت کی تصديق کر دی ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق قونصليٹ سے چينی سفارتی عملے کی رخصتی کے بعد امريکی اہلکار وہاں داخل ہوئے اور جگہ کا معائنہ کيا۔ واشنگٹن حکومت نے کاروباری جاسوسی کا الزام لگاتے ہوئے اس قونصليٹ کی بندش کا حکم جاری کيا تھا۔ اسی کے رد عمل ميں چين نے شينگڈو ميں امريکی قونصل خانے کی بندش کے ليے بہتر گھنٹوں کی مہلت دے رکھی ہے۔ ان اقدامات کی وجہ سے دونوں ملکوں کے مابين کشيدگی کی تازہ لہر جاری ہے۔

[pullquote]خلا ميں معائنے کے آلات کا تجربہ کيا، ہتھياروں کا نہيں: روس[/pullquote]

روس نے امريکی الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلا ميں جس چيز کا تجربہ کيا گيا، وہ ہتھيار نہيں بلکہ خلا ميں گردش کرنے والے روسی ساختہ آلات کا معائنہ کرنے والا ايک خصوصی آلا تھا۔ قبل ازيں امريکا نے روس پر خلا ميں سيٹیلائٹ شکن ميزائل دفاعی نظام کا تجربہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ يو ايس اسپيس کمانڈ کے مطابق يہ تجربہ پندرہ جولائی کو کيا گيا۔ ساتھ ہی يہ بھی کہا گيا ہے کہ يہ پيشرفت يہ ثابت کرتی ہے کہ امريکا کو روس سے حقيقی خطرہ ہے، جو مسلسل بڑھ رہا ہے۔ يہ معاملہ دو بڑی عسکری قوتوں کے مابين خلا ميں کشيدگی کا باعث بن رہا ہے۔ يہ اطلاع بھی آئی ہے کہ امريکا اور روس کے نمائندگان خلا ميں سلامتی کے حوالے سے آئندہ ہفتے ويانا کے اجلاس ميں شرکت کريں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے