ضمانتی مچلکوں پر اعتراض ،ماڈل ایان علی آج بھی پاسپورٹ حاصل نہ کرسکیں

کرنسی اسمگلنگ کیس میں نامزد ماڈل ایان علی کے پاسپورٹ کی واپسی کا معاملہ آج ایک بار پھر لٹک گیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق ماڈل ایان علی اپنے پاسپورٹ کے حصول کے لئے کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب کی عدالت میں پیش ہوئیں جہاں انھوں نے 10، 10 لاکھ روپے کے 2 مچلکے اور شخصی ضمانت جمع کرائی۔

ماڈل ایان علی کی جانب سے جمع کرائی گئی شخصی ضمانت میں کہا گیا کہ ہر پیشی کے موقع پر عدالت میں پیش ہوں گی اور اگر پیش نہ ہوں تو عدالت میرے خلاف جو چاہے فیصلہ سنا دے تاہم تاہم عدالت نے ایان علی کی جانب سے جمع کرائے گئے 10 لاکھ روپے کے ایک مچلکے اور ان کی شخصی ضمانت پر اعتراض اٹھا دیا۔

مچلکے کے حوالے سے عدالت کا موقف تھا کہ اس کی موجودہ ویلیو مقررہ رقم سے کم ہے جب کہ شخصی ضمانت کے حوالے سے عدالت کو تحریری طور پر لکھ کر دیا جائے کہ اگر میں عدالتی حکم پر پیش نہ ہوں تو پراپرٹی کے کاغذات ضبط کر لئے جائیں۔

ماڈل ایان علی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پراپرٹی کے کاغذات جمع نہیں کرا سکتی جس پر عدالت نے حکم دیا کہ اگر پراپرٹی کے کاغذات جمع نہیں کراسکتی تو پھر 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرائے جائیں جس پر ملزمہ نے کل تک 10 لاکھ کے مچلکے اور 10 لاکھ کی شخصی ضمانت جمع کرانے کا کہا اور عدالت سے روانہ ہو گئیں۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی ماڈل ایان علی اپنے پاسپورٹ کے حصول کے لئے کسٹم عدالت پیش ہوئی تھیں تاہم ڈیوٹی جج کے چھٹی پر ہونے کی وجہ سے ان کے مچلکے قبول نہیں کئے گئے تھے۔ یاد رہے کہ ایان علی کو رواں برس مارچ میں اسلام آباد ایئرپورٹ سے ساڑھے 5 لاکھ ڈالر بیرون ملک اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے