[pullquote]افغانستان ميں پاکستان مخالف جنگجو پناہ ليے ہوئے ہيں، اقوام متحدہ[/pullquote]
اقوام متحدہ کی ايک رپورٹ ميں يہ انکشاف کيا گيا ہے کہ کالعدم شدت پسند تنظيم تحريک طالبان پاکستان کے قريب چھ ہزار جنگجو افغانستان ميں پناہ ليے ہوئے ہيں۔ رپورٹ ميں يہ بھی کہا گيا ہے کہ اس تنظيم کے افغانستان ميں اسلامک اسٹيٹ یا داعش کی مقامی شاخ کے ساتھ روابط ہيں اور يہ پاکستان ميں سويلين اور عسکری اہداف پر حملوں ميں ملوث رہی ہے۔ فوری طور پر کابل حکومت کا اس رپورٹ پر کوئی رد عمل نہيں آيا۔ يہ رپورٹ اقوام متحدہ کی جانب سے اسی ہفتے جاری کی گئی ہے۔
[pullquote]شمالی شام ميں دھماکا، متعدد افراد ہلاک و زخمی[/pullquote]
شمالی شام ميں آج سبزيوں کی ايک مارکيٹ ميں دھماکے کے نتيجے ميں کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور انيس ديگر زخمی ہو گئے ہیں۔ يہ دھماکا راس العين کے سرحدی ديہات ميں ہوا، جہاں ترکی کے حمايت يافتہ باغی سرگرم ہيں۔ چند ذرائع کے مطابق دھماکا ايک کار کی مدد سے کيا گيا جبکہ ديگر ذرائع کہہ رہے ہيں کہ بم ايک موٹر سائيکل ميں نصب تھا۔ زخميوں ميں سے چند کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ ترک وزارت دفاع نے اس حملے کا الزام کرد باغيوں پر عائد کيا ہے۔ دمشق حکومت کا اس دھماکے پر فی الحال رد عمل سامنے نہيں آيا۔
[pullquote]افغان طالبان کا رہائی پانے والے قيديوں کے خلاف آپريشن کا الزام[/pullquote]
افغان طالبان کے دوحہ ميں قائم سفارتی دفتر کی جانب سے الزام عائد کيا گيا ہے کہ کابل حکومت کی جانب سے رہا کيے جانے والے افراد کو دوبارہ حراست ميں ليا جا رہا ہے۔ طالبان کے ترجمان سہيل شاہين نے اتوار کو اپنے بيان ميں کہا کہ رہائی پانے والے طالبان کے خلاف افغان انٹيلی جنس خفيہ آپريشن کر رہی ہے۔ شاہين نے دھمکی دی ہے کہ اس کا خميازہ کابل حکومت کو بھگتنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ امريکا کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت کابل حکومت اب تک چار ہزار طالبان قيديوں کو رہا کر چکی ہے جبکہ طالبان نے بھی سات سو افراد کو رہا کيا ہے۔ ڈيل کے تحت طالبان کے پانچ ہزار قيدیوں کو رہا کيا جانا ہے۔
[pullquote]افغانستان کے ليے خصوصی امريکی مندوب کئی ملکوں کے دورے پر روانہ[/pullquote]
افغانستان کے ليے خصوصی امريکی مندوب زلمے خليل زاد ہفتے کو پانچ ملکوں کے دورے پر روانہ ہو گئے ہيں۔ ان کے اس دورے کا مقصد کابل حکومت اور طالبان باغيوں کے مابين مذاکرات کو عملی جامعہ پہنانا ہے۔ امريکی محکمہ خارجہ نے ہفتے کو بتايا کہ خليل زاد اس دورے پر پانچ ممالک جائيں گے۔ امن مذاکرات کی سہولت کاری کے ليے وہ اوسلو، اسلام آباد، دوحہ، کابل اور صوفيہ بھی رکيں گے۔ افغانستان ميں خليل زاد قيديوں کے تبادلے کے معاملے کو آگے بڑھانے پر زور ديں گے، جو امن مذاکرات کی شروعات ميں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
[pullquote]جرمنی ميں پیدل چلنے والوں پر گاڑی چڑھا دینے کا واقعہ، سات افراد زخمی[/pullquote]
جرمن دارالحکومت برلن ميں ايک گاڑی پیدل چلنے والوں پر چڑھنے سے سات افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ يہ واقعہ برلن کے ہارڈنبرگ پلاٹز پر اتوار کی صبح تقريباً سات بجے پيش آيا۔ فائر بريگيڈ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق زخميوں ميں سے چند ايک کی حالت نازک ہے۔ محکمے نے اپنے ايک ٹوئٹر پيغام ميں مطلع کيا کہ زخميوں کو ہيلی کاپٹر پر ہسپتال پہنچایا گيا۔ برلن کی پوليس کے مطابق بظاہر اس بات کے آثار نہيں دکھائی ديتے کہ يہ دہشت گردی کی کوئی کارروائی تھی۔ حادثے کے بعد ريکسيو آپريشن ميں ساٹھ فائر بريگيڈز اور دو ہيلی کاپٹروں نے حصہ ليا، جس سبب چند گھنٹوں کے ليے شہر کا متاثرہ حصہ بند ہو کر رہ گيا تھا۔
[pullquote]کورونا وائرس بدستور پھيلتا ہوا، متاثرين کی تعداد سولہ ملين سے متجاوز[/pullquote]
دنيا بھر ميں نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد ايک کروڑ ساٹھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھ لاکھ پينتاليس ہزار سے زائد ہے۔ سب سے زيادہ متاثرہ ملک امريکا ميں اکتاليس لاکھ اٹھہتر ہزار سے زائد افراد ميں اس وبائی مرض کی تشخيص ہو چکی ہے جبکہ ايک لاکھ چھياليس ہزار سے زيادہ افراد ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ ديگر شديد متاثرہ ممالک ميں برازيل، بھارت، روس اور جنوبی افريقہ شامل ہيں۔ يکم جولائی سے لے کر اب تک دنيا بھر ميں کورونا کے پانچ ملين کيسز بڑھ چکے ہيں۔
[pullquote]شمالی کوريا ميں کووڈ انيس کا پہلا مشتبہ مريض[/pullquote]
شمالی کوريا ميں ممکنہ طور پر نئے کورونا وائرس کے اولين کيس کی تشخيص ہوئی ہے۔ بتايا گيا ہے کہ تين سال قبل جنوبی کوريا فرار ہونے والا ايک منحرف اتوار کو وطن واپس لوٹا، تو اس ميں کووڈ انيس کی علامات پائی گئيں۔ اس وقت اس کے ٹيسٹ کرائے جا رہے ہيں اور حتمی نتائج جلد متوقع ہيں۔ مذکورہ شخص قرنطينہ ميں ہے۔ کووڈ انيس کے مشتبہ کيس کے تناظر ميں رہنما کم جونگ ان نے فوری طور پر ايک ہنگامی اجلاس طلب کر ليا ہے۔ واضح رہے کہ شمالی کوريا ميں اب تک کووڈ انيس کا ايک بھی کيس سامنے نہيں آيا۔
[pullquote]کرپشن اور وبا سے نمٹنے ميں ناقص کارکردگی، اسرائيلی عوام سراپا احتجاج[/pullquote]
اسرائيل ميں کئی ہفتوں سے حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائيلی عوام کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کی وزير اعظم نيتن ياہو کی حکمت عملی سے ناخوش ہيں اور مظاہرين استعفے کا مطالبہ کر رہے ہيں۔ مظاہرين کرپشن سے بھی نالاں ہيں۔ نيتن ياہو کے خلاف تين مختلف مقدمات جاری ہيں اور تينوں ہی کا تعلق بد عنوانی اور اختيارات کے ناجائز استعمال سے ہے۔ وہ تينوں مقدمات ميں خود کو بے قصور قرار ديتے ہيں مگر عوام اعلی قيادت کی بدعنوانی سے نالاں ہيں۔ ہفتے کو يروشلم اور تل ابيب ميں سب سے بڑے مظاہرے ہوئے جبکہ ملک کے ديگر کئی شہروں ميں بھی عوام سڑکوں پر نکلے۔
[pullquote]شينگڈو ميں امريکی قونصل خانے کی بندش کا کام جاری[/pullquote]
چينی شہر شينگڈو ميں امريکی قونصل خانہ بند کيا جا رہا اور آج بروز اتوار وہاں سے سامان و عملے کی منتقلی کا کام جاری ہے۔ يہ واضح نہيں کہ امريکا کو کب تک قونصليٹ خالی کرنا ہے مگر چين نے جمعے کو اس بارے ميں احکامات جاری کرتے ہوئے بہتر گھنٹوں کی مہلت دی تھی۔ يہ پيش رفت امريکا کی جانب سے ٹيکساس کے شہر ہيوسٹن ميں چينی قونصليٹ کی بندش کی بعد سامنے آئی ہے۔ امريکا نے کاروباری جاسوسی کا الزام لگاتے ہوئے چينی قونصل خانے کی بندش کے احکامات جاری کر ديے تھے۔ دونوں ملکوں کے مابين اس وقت سرد جنگ کی طرز کشيدگی پائی جاتی ہے۔
[pullquote]امريکی شہروں ميں ’بليک لائيوز ميٹر‘ کے مظاہرے جاری[/pullquote]
امريکی رياست ٹيکساس کے شہر آسٹن ميں ’بليک لائيوز ميٹر‘ تحريک کے ايک احتجاجی مظاہرے ميں فائرنگ سے ايک شخص ہلاک ہو گيا ہے۔ ہفتے کو قريب ايک سو افراد کا ايک چھوٹا مظاہرہ جاری تھا کہ حملہ آور نے فائرنگ شروع کر دی۔ بتايا گيا ہے کہ مشتبہ ملزم کو حراست ميں لے ليا گيا ہے اور اس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ ادھر سياٹل ميں گزشتہ روز اسی تحريک کی ايک بہت بڑی ريلی نکالی گئی، جس ميں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مشتعل مظاہرين نے ايک زير تعمير حراستی مرکز کو نذر آتش کر ديا، جس کے بعد جھڑپوں ميں کم از کم پينتاليس افراد کو گرفتار کر ليا گيا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسی ہفتے سياٹل ميں اضافی فيڈرل ايجنٹ تعينات کرنے کا کہا تھا، جس سے مقامی حکام اور عوام نالاں ہيں۔
[pullquote]علی بابا کے بانی جيک ما بھارتی عدالت ميں طلب[/pullquote]
بھارت کی ايک عدالت نے علی بابا کے بانی جيک ماہ کو طلب کر ليا ہے۔ ان پر ان کی کمپنی ميں کام کرنے والے ايک سابق ملازم نے الزام لگايا ہے کہ اسے ناجائز طور پر ملازمت سے ہٹايا گيا۔ مذکورہ ملازم کے مطابق سينسرشپ اور فيک نيوز کی نشاندہی کرنے پر اسے ملازمت سے فارغ کيا گيا۔ يہ معاملہ ايک ايسے وقت پر سامنے آيا ہے جب بھارت چين کے ساتھ جاری کشيدگی کے تناظر ميں علی بابا سميت ستاون چينی ايپس پر پابندی عائد کر چکا ہے۔ جيک ما اور بارہ ديگر ملازمين کو انتيس جولائی کو نئی دہلی کی ايک عدالت ميں پيشی کے لیے طلب کيا گيا ہے۔
[pullquote]تيونس: وزير داخلہ ہاشم ميشیشی وزير اعظم مقرر[/pullquote]
تيونس ميں وزير داخلہ ہشام المشيشی کو ملکی وزير اعظم مقرر کر ديا گيا ہے۔ صدارتی دفتر سے جاری کردہ بيان کے مطابق نئے وزير اعظم کو حکومت سازی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ چھياليس سالہ المشيشی الياس الفخفاخ کی جگہ لے رہے ہيں، جو اسی ماہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔ تيونس سياسی سطح پر عدم اتفاق اور افراتفری کا شکار ہے اور نئے وزير اعظم کو ايک ماہ کے اندر اندر تمام سياسی قوتوں کو ساتھ ملا کر حکومت بنانا ہو گی۔