پیر : 27 جولائی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]چینگڈو میں امریکی قونصل خانہ بند کرادیا گیا[/pullquote]

چين کے شہر چینگڈو ميں امريکی قونصل خانہ بند کر دیا گیا ہے۔ حکام نے امریکی سفارتکاروں کو قونصل خانہ خالی کرنے کے لیے 72 گھنٹے کی مہلت دی تھی۔ چین نے یہ اقدام ٹرمپ حکومت کی طرف سے گزشتہ ہفتے امریکی شہر ہیوسٹن میں چینی سفارتخانہ بند کرنے کے جواب میں اٹھایا۔ اتوار کو چينگڈو میں امریکی اسٹاف کو عمارت سے نکلتے دیکھا گیا، جس کے بعد قونصل خانے پر نصب امریکی پرچم بھی اتار لیا گیا۔ بعد میں چینی حکام قونصل خانے میں داخلے ہوئے اور عمارت کا کنٹرول سنبھال لیا۔ امریکی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ اس قونصل خانے نے 35 سال تک امریکا اور مغربی چین کے درمیان تعلقات کے فروغ میں مرکزی کردار ادا کیا۔

[pullquote]امریکا، اگست کے وسط تک ہلاکتیں پونے دو لاکھ تک جا سکتی ہیں[/pullquote]

امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 55 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 518 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ امریکا اس عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہیں جہاں پچھلے ہفتے چار دن تک روزانہ ایک ہزار سے زائد لوگ کووڈ انیس کے سبب موت کا شکار ہوئے۔ امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق ملک میں مرنے والوں کی کُل تعداد ایک لاکھ 47 ہزار کے قریب ہے۔ ڈاکٹروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر سخت حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو اگست کے وسط تک مرنے والوں کی تعداد پونے دو لاکھ تک جا سکتی ہے۔

[pullquote]میلبورن آسٹریلیا میں لاک ڈاؤن میں توسیع کا عندیہ[/pullquote]

آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ میں ایک دن کے دوران کورونا وائرس کے 532 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پیر کو حکام نے کہا کہ ریاست کے سب سے بڑے شہر میلبورن میں متاثرہ لوگ باہر نکلنے سے باز نہ آئے تو لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کی جا سکتی ہے۔ میلبورن میں تین ہفتوں سے نقل و حرکت پر پابندی ہے اور لوگوں کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ لیکن حکام کے مطابق کیسز میں اضافے کی بڑی وجہ یہ نظر آئی ہے کہ بیمار لوگ گھر پر رہنے کی بجائے دفاتر جا رہے ہیں۔ وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے کہا ہے کہ اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے ریاست وکٹوریہ کے لوگوں کو صبر و تحمل کا مظاہر کرنا ہوگا۔

[pullquote]ویتنام میں کورونا نے سر اٹھا لیا[/pullquote]

ویتنام میں سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ وسطی شہر ڈا نانگ میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد قریب 80 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ یہ ساحلی علاقہ سیاحوں کے لیے خاصا مشہور ہے۔ ویتنام میں ابھی تک صرف 420 کیسز سامنے آئے ہیں اور کوئی اموات رپورٹ نہیں ہوئیں۔ تین ماہ میں یہ پہلی بار ہے کہ اس ملک میں مقامی سطح پر کورونا پھیلنے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔

[pullquote]روس کی جی سیون میں واپسی کا کوئی امکان نہیں، جرمنی[/pullquote]

جرمنی نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک کی تنظیم جی سیون میں فی الحال روس کی واپسی کا کوئی امکان نہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں عندیہ دیا تھا کہ روس کو دوبارہ جی سیون ممالک میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ تاہم جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے واضح کیا ہے کہ روس کو اس تنظیم سے نکالنے کی وجہ اس کی یوکرائن میں فوجی مداخت اور کریمیا کا زبردستی کنٹرول سنبھالنا تھا۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ جب تک ان تنازعات کا حل نہیں نکالا جاتا، روس کی جی سیوں میں واپسی ممکن نظر نہیں آتی۔ جی سیون میں برطانیہ، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور امریکا شامل ہیں۔

[pullquote]یوکرائن میں فوج اور علحیدگی پسندوں کے درمیان جنگ بندی[/pullquote]

یوکرائن میں فوج اور روس نواز علحیدگی پسندوں کے درمیان برسوں سے جاری لڑائی روکنے کے لیے جنگ بندی پر عمل شروع ہو گیا ہے۔ یہ سیزفائر پچھلے ہفتے یوکرائن، روس اور یورپ میں سکیورٹی اور تعاون کی تنظیم او ایس سی ای کے درمیان مذاکرات کے بعد عمل میں آیا۔ معاہدے کے تحت فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف ہتھیار استعمال نہ کرنے کا عزم کیا ہے۔ یوکرائن میں افواج سن دو ہزار چودہ سے علحیدگی پسندوں کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ مغربی ممالک کا کہنا ہے کہ مسلح گروہوں کو روس کی پشت پناہی حاصل ہے، لیکن ماسکو اس الزام سے انکار کرتا ہے۔ اس تنازعے میں اب تک 13 ہزار سے زیادہ لوگ مارے جا چکے ہیں۔

[pullquote]مودی پانچ اگست کو رام مندر کا سنگ بنیاد رکھیں گے[/pullquote]

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی آئندہ ہفتے ایودھیا میں بابری مسجد کے متنازعہ مقام پر رام مندر کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے جا رہے ہیں۔ حکومت کے مطابق یہ تقریب پانچ اگست کے لیے طے کی گئی ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس تاریخ کا انتخاب ہندو عقیدے کی ’جنتری میں شُبھ‘ یا مقدس دن دیکھ کر کیا گیا۔ تاہم ناقدین کے مطابق اس کے سیاسی محرکات ہیں کیونکہ مودی حکومت نے پچھلے سال اسی دن جموں کشمیر کی نیم خودمختار حیثیت ختم کر دی تھی۔

[pullquote]دارفور حملوں میں 60 ہلاک[/pullquote]

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سوڈان کے علاقے دارفور میں قبائلی تشدد کے نتیجے میں 60 سے زائد لوگ مارے گئے ہیں جبکہ 60 دیگر زخمی ہو گئے۔اطلاعات کے مطابق لگ بھگ 500 مسلح افراد نے مسالت برادری پر حملہ کر کے لوٹ مار کی اور گھروں کو نذر آتش کردیا۔حالیہ دنوں میں دارفور میں کاشتکار قبائلی برادری اور عرب خانہ بدوشوں کے درمیان زمینی تنازعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ خرطوم میں اقوام متحدہ کے ایک سینیئر اہلکار نے کہا کہ تشدد میں اضافے کے باعث لوگوں کا جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم عبداللہ حمدوق نے یقین دلایا ہے کہ حکومت سکیورٹی فورسز بھیج کر متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو تحفظ فراہم کرے گی۔

[pullquote]قطر بھی اولمپکس 2032 کی دوڑ میں شامل ہوگیا[/pullquote]

قطر نے کہا ہے کہ وہ سن 2032 کے اولمپکس کی میزبانی کا امیدوار ہے۔ ان عالمی کھیلوں کی میزبانی کے لیے بھارت، آسٹریلیا، چین اور ممکنہ طور پر شمالی اور جنوبی کوریا بھی مشترکہ امیدوار ہیں۔ قطر میں حکام کے مطابق انہوں نے اس دوڑ میں شامل ہونے کے لیے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کو باضابطہ درخواست ارسال کر دی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے