منگل :11 اگست 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روس نے وائرس کی ویکسین کا اندراج کر دیا، پہلا ٹیکہ پوٹن کی بیٹی کو لگایا گیا[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن کا کہنا ہے کہ ان کے ملک میں تیار کی گئی کورونا وائرس ویکسین کا استعمال کے لیے اندراج ہو گیا ہے اور ان کی بیٹی کو یہ پہلا ٹیکہ لگایا جا چکا ہے۔ منگل کو ایک سرکاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پوٹن نے کہا کہ ٹیسٹ سے ویکسین کا موثر ہونا ثابت ہوگیا ہے اور یہ کورونا کے خلاف دیرپا اثرات کی حامل ہے۔ پوٹن نے اس ویکسین کے موثر ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی دو میں سے ایک بیٹی کو یہ ٹیکہ لگایا گیا اور وہ اب بہت بہتر محسوس کر رہی ہے۔ دریں اثناء روسی حکام نے کہا ہے کہ یہ ٹیکہ سب سے پہلے میڈیکل ورکرز، اساتذہ اور دیگر رسک گروپس کو لگایا جائے گا۔

[pullquote]ایران میں غیر ملکی طاقتوں کے لیے جاسوسی کرنے پر پانچ ایرانی گرفتار[/pullquote]

ایرانی حکام نے اسرائیل، برطانیہ اور جرمنی کے لیے جاسوسی کے الزام میں پانچ ایرانی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ منگل کو عدلیہ نے کہا کہ ان میں سے کم از کم دو کو قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسمائیلی نے ایک ورچوئل نیوز کانفرنس میں کہا کہ حالیہ مہینوں میں پانچ ایرانی، جو غیر ملکوں کی انٹیلی جنس کے لیے جاسوسی کر رہے تھے، کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہرام شرخانی نے برطانوی انٹیلیجنس خدمات کے لیے جاسوسی کی اور برطانوی ایجنسی MI6 کے لیے کچھ ایرانی عہدیداروں کو بھرتی کرنے کی کوشش کی۔ اسمائیلی کے بقول شیرخانی نے ایران کے سینٹرل بینک اور وزارت دفاع کے چند مخصوص معاہدوں کی تفصیلات آگے پہنچائیں تھیں اس لیے انہیں جیل کی سزا سنائی گئی۔ مسعود موصاحب، جو ایران آسٹریا دوستی ایسوسی ایشن کے سکریٹری جنرل تھے، کو بھی دس سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد اور جرمن انٹیلیجنس کے لیے جاسوسی کی تھی۔

[pullquote]بیلاروس، مظاہروں میں ہلاکتیں[/pullquote]

یبلا روس کی پولیس کے مطابق منسک میں احتجاج کے دوران پرتشدد کارروائی کی وجہ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس شخص کے ہاتھ میں نامعلوم دھماکا خیز مواد تھا جو دھماکے سے پھٹا جبکہ حقیقت میں یہ سکیورٹی فورسز پر پھینکا جانا تھا۔ بیلا روس میں یہ احتجاجی مظاہرے صدر الیکسانڈر لوکاشینکو کے خلاف ہو رہے ہیں، جو ایک صدی کے چوتھائی سے زیادہ عرصے سے بیلاروس پر مطلق العنان کے طور پر حکمرانی کر رہے ہیں۔ اتوار کو ہونے والے انتخابات میں لوکاشینکو کی 80 فیصد ووٹ کے ساتھ متنازعہ کامیابی کے بارے میں بڑے شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔ جرمنی سمیت کئی یورپی ممالک نے اس صدارتی الیکشن کے نتائج پر گہرے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]بغداد کے شمال میں امریکی اتحادی فوج ایک دھماکے کی زد میں: عراقی فوج[/pullquote]

عراقی فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کے روز عراق کے شمال میں امریکا کے زیر قیادت عسکری اتحاد کے تاجی اڈے کے نزدیک اتحادی فوج کے ایک قافلے کو بارود سے بھری ایک ڈوائس سے نشانہ بنایا گیا۔ بارود کے پھٹنے سے یہ دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک کنٹینر میں آگ لگ گئی۔ تا حال فوج کی طرف سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔ فی الحال اس کارروائی کی ذمہ داری بھی کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس، متاثرین کی تعداد 20 ملین سے زائد ہو گئی[/pullquote]

پچھلے چھ ہفتوں میں دنیا بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ انفیکشن کی تعداد دگنی ہو چکی ہے اور اب یہ 2 ملین سے زیادہ ہے۔ بالٹیمور میں جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق ان 20 ملین انفیکشن میں سے نصف تین ممالک میں ریکارڈ کیے گئے ہیں، جن میں امریکا پچاس لاکھ سے زیادہ انفیکشنز کے ساتھ پہلے نمبر پر، برازیل تین ملین سے زیادہ انفکشنز کے ساتھ دوسرے اور بھارت دو ملین سے زیادہ نئے انفکشنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ امریکی محققین کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد اب تک دنیا بھر میں سات لاکھ تیس ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]نائجیریا: ایک گلو کار کو توہین رسالت کے جرم میں سزائے موت[/pullquote]

شمالی نائجیریا میں ایک اسلامی عدالت نے توہین مذہب کے الزام میں ایک 22 سالہ گلوکار کو سزائے موت سنا دی ہے۔ اس شخص نے مبینہ طور پر ایک گانے کو واٹس ایپ پر پھیلایا تھا۔ وہ جو گانا گا رہا تھا وہ بالکل غیر واضح ہے۔ اس گلوکار کو تاہم فیصلے کے خلاف اپیل کی اجازت ہے۔ شمالی نائجیریا میں واقع کانو ان ریاستوں میں سے ایک ہے، جہاں شرعی قانون نافذ ہے۔ اگرچہ 1999 ء سے اب تک متعدد افراد کو سزائے موت سنائی جا چکی ہے ، لیکن اب تک پھانسی کی صرف ایک ہی سزا پر عمل درآمد ہوا ہے۔

[pullquote]ماہرین نے لبنان کو جولائی میں ہی دھماکوں سے خبردار کیا تھا[/pullquote]

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سکیورٹی ماہرین نے لبنانی حکومت کو جولائی میں بیروت کی بندرگاہ کے نزدیک ہونے والے دھماکے کے تباہ کن نتائج سے خبردار کر دیا تھا۔ پچھلے ہفتے دو ہزار سات سو پچاس ٹن امونیم نائٹریٹ کا دھماکا ہوا تھا اور اس نے شہر کے بڑے حصوں کو تباہ کردیا تھا۔ حکومت کے مطابق یہ کیمیائی مادہ بیروت کی بندرگاہ کے نزدیک چھ سالوں سے غیر محفوظ ذخیرے کی صورت میں موجود تھا۔ دریں اثناء ملک میں حکومت کی ناکامی کے خلاف عوام کی مایوسی اور غم و غصے کے نتیجے میں پیر کے روز حکومت نے کئی دن سے مظاہروں کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد اپنا استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومت پر ناکامی اور بدعنوانی کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں لیکن فی الحال موجودہ حکومت عبوری طور پر اپنا کام جاری رکھے گی۔

[pullquote]بھارت: گیارہ ہندو پاکستانی مہاجرین کی موت کی تفتیش جاری[/pullquote]

بھارتی صوبے راجستھان میں اتوار کی صبح ایک کھیت میں جن پاکستانی ہندو مہاجرین کی لاشیں ملی تھیں ان کی موت کا پولیس اب تک کوئی سراغ نہیں لگا سکی ہے۔ دریں اثناء پیر کوان کی آخری رسومات بھی ادا کردی گئیں۔ پاکستان کی قومی اقلیتی کمیشن نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ بادی النظر میں یہ اجتماعی خودکشی کا معاملہ دکھائی دیتا ہے۔ یہ واقعہ جودھ پور ضلعے کے لوڑتا گاؤں میں ڈیچو تھانہ علاقے میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ان پاکستانی ہندو مہاجرین کا تعلق بھیل قبائل سے تھا اور یہ بھارت میں پناہ لینے کے مقصد سے پانچ سال قبل پاکستان سے آئے تھے۔ اس سانحہ سے دوچار خاندان میں اب صرف ایک شخص 75سالہ بدھا رام بھیل بچ گیا ہے۔ پولیس اب بدھا رام سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔

[pullquote]وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ کا واقعہ[/pullquote]

پیر کے روز وائٹ ہاؤس کے باہر ایک فائرنگ کے واقعے کے سبب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بریفنگ روکنا پڑی۔ امریکی خفیہ سروس کے مطابق وائٹ ہاؤس کے باہر 17th اسٹریٹ اور پینسیلوینیا ایونیوو پر ایک ’مسلح مشتبہ شخص کو گولی ماری گئی۔ فائرنگ کی آواز پر صدر ٹرمپ ایک سکیورٹی اہلکار کے ساتھ بریفنگ روم سے باہر چلے گئے۔ چند منٹوں بعد ٹرمپ نے بریفنگ روم واپس آکر صحافیوں کو بتایا کہ وائٹ ہاؤس کے باہر خفیہ سروسز کے ایک اہلکار نے ایک مشتبہ مسلح شخص پر گولی چلائی۔ بعد ازاں مشتبہ شخص اور سکریٹ سروس کے اہلکار کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس واقعے کی تحقیقات شروع ہو چُکی ہیں۔ اس دوران وائٹ ہاؤس کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]امریکی فوج عراق اور کویت بارڈر دھماکے کے دعوے کی تفتیش کر رہی ہے[/pullquote]

امریکی فوج نے منگل کو کہا ہے کہ وہ ایک نو تشکیل شدہ عراقی شیعہ عسکریت پسند گروپ کے دعوے کی تحقیقات کر رہی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس گروپ نے عراق اور کویت کے بارڈر پر بم دھماکے کیے ہیں۔ اصحاب الکہف کہلانے والے اس گروپ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں اُس نے دعویٰ کیا ہے کہ عراقی شہر بصرہ سے جنوب کی طرف سرحد پار ایک ایسے علاقے کو ہدف بنایا گیا جہاں امریکی جنگی ساز و سامان اور گاڑیاں موجود تھیں۔ اس گروپ کے بقول ’دشمن امریکا‘ کے ساز و سامان اور گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ اس گروپ نے ایک گیارہ سیکنڈ کی ویڈیو شائع کی ہے جس میں بم دھماکا دکھایا گیا ہے۔ تاہم ایسوسی ایٹڈ پریس اس غیر واضح ویڈیو کی فوری طور پر تصدیق نہیں کر سکا۔

[pullquote]ٹرمپ انتخابات کے بعد G7 اور روس کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ وہ نومبر کے صدارتی انتخابات کے بعد سات طاقتور ترین صنعتی ممالک کے گروپ جی سیون کی میزبانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اب بھی یہ خواہش ہے کہ روس کو بھی جی سیون اجلاس میں مدعو کیا جائے۔ یاد رہے کہ کریمیا کے روس سے الحاق کے بعد ماسکو حکومت کو جی 7 سے باہر نکال دیا گیا تھا۔ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے جی سیون مجوزہ اجلاس ٹیلی کانفرنس کی صورت میں بھی منعقد کیا جا سکتا ہے۔ جون میں یورپی یونین کے ممبران نے مشترکہ طور پر اس بات پر اصرار کیا تھا کہ روس کو جی سیون میں واپس شامل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے تاہم ٹرمپ، جو اس سال جی سیون اجلاس کے میزبان اور اجلاس کے مہمانوں کی فہرست کے انچارج بھی ہیں، نے کہا کہ وہ روس، آسٹریلیا، جنوبی کوریا اور بھارت کو مدعو کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

[pullquote]ہیتھرو ایئرپورٹ پر اس سال مسافروں کی شرح 88 فیصد کم رہی[/pullquote]

برطانیہ کے ہیتھرو ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اس سال جولائی میں مسافروں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 88 فیصد کم ریکارڈ کی گئی۔ اس کی سب سے بڑی وجہ کورونا کی وبا بنی جس کے سبب مسافروں پر سفری پابندیاں عائد کی گئیں۔ ہیتھرو ہوائی اڈہ یورپ کے مصروف ترین اور بڑے ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے، جو سرمایہ کاروں کے ایک گروپ کی ملکیت ہے۔ اس میں اسپین کے فیرویوئیل، قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی سمیت چین انویسٹمنٹ کارپوریشن بھی شامل ہے۔ ان سب نے کہا ہے کہ اس سال ہیتھرو ایئرپورٹ کا 60 فیصد روٹ نیٹ ورک گراؤنڈ رہا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے