کراچی میں آج دن دیہاڑے ایم اے جناح روڈ پر دہشت گردوں نے فوجی گاڑی پر فائرنگ کی،جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود دونوں جوان لانس نائیک راشد اور حوالدار ارشد شہید ہوگئے، جن کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک افواج کی قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے،ایم اے جناح روڈپر تبت سینٹر کے سامنے ملٹری پولیس کی گاڑی کھڑی تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار نقاب پوش دہشت گرد آئے جنہوں نے عقب سے اندھا دھند گولیاں برسائیں اور فرار ہوگئے۔
واقعے میں ملٹری پولیس کے حوالدار راشد اور لانس نائیک ارشد ، شدید زخمی ہوئے ، جنہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتےہوئے شہید ہوگئے۔
واردات کے بعدرینجرز اور پولیس کی بھاری نفری بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کرکے شواہد اکٹھے کرنے شروع کردیئے۔ اس موقع پر سراغ رساں کتوں سے بھی مدد لی گئی۔
جائے وقوع سے مشکوک شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ ڈاکٹر جمیل احمد کے مطابق دہشت گردوں نے واردات میں نائن ایم ایم پستول استعمال کیا۔ جائے وقوع سے ملنے والی گولیوں کے خولوں کی فارنزک رپورٹ مکمل کرلی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 20 نومبر کو رینجرز پر ہونے والے حملے میں بھی اس واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ استعمال ہوا تھا، اُس واقعے میں 4 رینجرز اہلکار شہید ہوئے تھے۔ اسی طرح پیر آباد اور مومن آباد میں پولیس اہلکاروں پر کئے گئے حملوں میں بھی یہی اسلحہ استعمال ہوا تھا۔
ملٹری پولیس کے ان شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، ایڈمرل ذکا اللہ اور کور کمانڈر جنرل نوید مختار نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اُکھاڑنے کی جنگ میں اب تک پاک فوج کے ساڑھے تین سو کے لگ بھگ جوان اور افسران، اپنی بیش قدر جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں مگر کراچی میں ملٹری پولیس کی گاڑی پر دہشت گردوں کا بزدلانہ حملہ ثابت کررہا ہے کہ قوم کو امن کی جس منزل کا انتظار ہے، وہ ابھی نہیں آئی