ہفتہ : 15 اگست 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغان مذاکرات کار فوزیہ کوفی پر ’قاتلانہ حملہ‘[/pullquote]

طالبان کے ساتھ مذاکرات کے ليے افغان حکومت کی ٹیم کی ايک رکن فوزیہ کوفی کابل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہو گئی ہیں۔ ہفتے کے روز نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں فوزیہ کوفی کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ افغان حکام نے خواتین کے حقوق کی ممتاز وکیل فوزیہ کوفی پر حملے کو ’قاتلانہ حملہ‘ قرار دیا ہے۔ قومی مصالحتی اعلیٰ کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مجرموں کی گرفتاری اور حملے کے پیچھے مقاصد کا پتا لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ خواتین کے حقوق کی وکیل فوزیہ کوفی کا فوری طور پر بیان سامنے نہیں آیا لیکن ان کے فیس بک پر شائع کی گئی پوسٹ کے مطابق کوفی کو دائیں بازو پر چوٹيں آئی ہيں لیکن کوئی جان لیوا زخم نہیں آیا۔

[pullquote]اسرائیلی اماراتی معاہدے پر ترکی اور ایران کی مذمت[/pullquote]

ایران اور ترکی نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین سفارتی تعلقات کی بحالی کی بھرپور مذمت کی ہے۔ ایران نے اسرائیل اور امارات کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کو مسلمانوں کی ’پشت پر خنجر‘ قرار دیا جب کہ ترکی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے فلسطین کو دھوکہ دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیلی اماراتی معاہدے کو دو عظیم دوستوں کے مابین تاریخی امن معاہدہ قرار دے چکے ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی طرح کئی دیگر عرب اور مسلم ممالک اور اسرائیل کے مابین امن معاہدے جلد طے پا سکتے ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اس معاہدے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ یہ امریکا کی جانب سے ایک من گھڑت ’تھیٹر‘ ہے۔ متحدہ عرب امارات اردن اور مصر کے بعد اسرائیل کے ساتھ باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کرنے والا تیسرا عرب ملک بن گیا ہے۔

[pullquote]امریکا اور پولینڈ کے مابین وسیع تر دفاعی تعاون کا معاہدہ[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور پولستانی حکام نے دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت جرمنی سے امریکی فوجیوں کی پولینڈ منتقلی کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ وسطی اور مشرقی یورپ کے چار ملکی دورے کے اختتام پر وارسا میں پومپیو اور پولینڈ کے وزیر دفاع ماریوس بلاژاک نے مزید دفاعی تعاون کے اس معاہدے پر دستخط کیے جس میں پولینڈ میں اضافی امریکی فوجیوں کی موجودگی کے قانونی ڈھانچے کا تعین کیا گیا ہے۔ پولینڈ میں تقریباﹰ 4500 امریکی فوجی تعینات ہیں جس میں مزید ایک ہزار کا اضافہ کیا جائے گا۔

[pullquote]بھارت میں یوم آزادی: مودی حکومت کا 1.46 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان[/pullquote]

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 74ویں یوم آزادی کے موقع پر ملکی معیشت کو دوبارہ مستحکم کرنے کے لیے بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ نئی دہلی کے لال قلعے پر جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ کورونا بحران سے متاثرہ معیشت کو دوبارہ مستحکم کرنے کے لیے حکومت 1.46 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ بھارتی وزیراعظم نے سپلائی چین کے شعبے میں بین الاقوامی کمپنیوں پر انحصار کے بجائے قومی پیداوار پر بھی زور دیا۔ مودی نے مزید کہا کہ بھارت میں کورونا وائرس کے خلاف ممکنہ ویکسین آزمائشی مراحل میں ہے اور منظوری کی صورت ميں ویکسین کی بڑے پیمانے پر پیداوار شروع کر دی جائے گی۔

[pullquote]سلامتی کونسل: ایران پر اسلحہ کی پابندی میں لامحدود توسیع کی امریکی تجویز مسترد[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایران کے خلاف اسلحہ کی پابندی میں لامحدود مدت کے لیے توسیع کرنے کی امریکی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔ اس قرارداد کے حق میں امریکا کے علاوہ صرف ڈومینیکن ری پبلک نے ووٹ دیا جبکہ چین اور روس نے اس کی مخالفت کی۔ جرمنی، فرانس اور برطانیہ سمیت دیگر گیارہ ممالک نے اس پر ووٹ دینے سے اجتناب کیا۔ امریکی وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کے پینل کے اس فیصلے کو ناقابل معافی ’ناکامی‘ قرار دیا۔ ایران پر عائد ہتھیاروں کی پابندی اکتوبر میں ختم ہو رہی ہے۔ سن 2015 میں ایران کے ساتھ جوہری معاہدے میں اس تاریخ کا تعین کیا گیا تھا۔ امریکا پہلے ہی اس معاہدے سے دستبردار ہو چکا ہے۔

[pullquote]صدر پوٹن کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتا ہوں، بیلاروس کے رہنما[/pullquote]

یورپی یونین کے ستائیس رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے بیلاروس کے خلاف نئی پابندیوں پر اتفاق کر لیا ہے۔ بیلاروس میں عام انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر وزرائے خارجہ کی ویڈیو کانفرس کے بعد یورپی ممالک کے متعدد مندوبین نے کہا کہ سربراہ مملکت الیکسانڈر لوکاشینکو کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر تشدد کرنے والے پابندیوں کے مستحق ہیں۔ اس پیش رفت کے بعد لوکاشینکو نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے بات چیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ متعدد مظاہرین کی رہائی کے باوجود بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔ یہ مظاہرین پولیس تشدد، حکام کی من مانی اور صدارتی انتخابات میں مبینہ طور پر دھاندلی کے خلاف پر امن احتجاج کر رہے ہیں۔

[pullquote]دنیا میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 7 لاکھ 65 ہزار سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

نئی قسم کے کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد سات لاکھ 65 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق ہلاکتوں کے علاوہ دنیا بھر میں کیسز کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 11 لاکھ 76 ہزار 811 ہوگئی ہے۔ گزشتہ برس دسمبر میں چین سے شروع ہونے والا یہ مہلک وائرس اب تک دنیا کے 210 ممالک میں پھیل چکا ہے۔ متاثرہ ترین ممالک میں امریکا، برازیل اور میکسیکو سر فہرست ہیں۔

[pullquote]اوباما کی پوسٹل بیلٹنگ کے حوالے سے ٹرمپ پر تنقید[/pullquote]

سابق امریکی صدر باراک اوباما نے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے سلسلے میں پوسٹل بیلٹنگ میں متنازعہ توسیع کی وجہ سے پوسٹ کی سروسز کو کمزور کر رہے ہیں۔ حکومتی جماعت ریپبلکن کے امیدوار پوسٹل بیلٹنگ پر دھوکہ دہی کے خدشے کی وجہ سے تنقید کرتے رہے ہیں۔ ادھر صدر ٹرمپ کو خدشہ ہے کہ ڈیموکريکٹس پوسٹ کے ذریعے ووٹنگ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ تاہم ٹرمپ کے ناقدین کا الزام ہے کہ وہ اپنی تنقید سے انتخابات کی مجموعی ساکھ کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں تاکہ شکست کی صورت میں انتخابی نتائج پر شکوک پیدا کیا جاسکیں۔

[pullquote]جرمنی نے کورونا کی وجہ سے اسپین پر سفری پابندیاں عائد کر دیں[/pullquote]

جرمن وزارت خارجہ نے اسپین میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ یہ پابندیاں سیاحت اور غیر ضروری دوروں پر لاگو ہوتی ہیں۔ تاہم ہسپانوی جزیرے کینری کو اس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔ اسپین سے جرمنی واپس لوٹنے والے افراد کو لازمی طور پر کورونا ٹیسٹ کے منفی نتائج آنے تک خود کو قرنطینہ کرنا ہوگا۔ سیاحت کے لیے مشہور بعض ہسپانوی جزیروں پر مسلسل نئے کورونا کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

[pullquote]یوگنڈا کے ایتھلیٹ چیپٹیگی نے پانچ ہزار میٹر ریس کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر ديا[/pullquote]

یوگنڈا کے ایتھلیٹ جوشوا چیپٹیجی نے موناکو میں ڈائمنڈ لیگ کے دوبارہ آغاز کے موقع پر پانچ ہزار میٹر کی دوڑ کم ترین وقت میں مکمل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر ديا ہے۔ تئیس سالہ ایتھلیٹ نے بارہ منٹ پینتیس سیکنڈ میں یہ فاصلہ مکمل کر کے سولہ سالا ریکارڈ صرف دو سیکنڈ کی برتری سے توڑ دیا۔ دس ہزار میٹر ریس کے عالمی چیمپئن چیپٹیگی فروری کے بعد پہلی مرتبہ کسی ریس میں حصہ لے رہے تھے۔ کورونا وبا کے آغاز کے بعد سے پہلی مرتبہ کسی ایتھلیٹکس اسپورٹس مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس دوران لوئس دوئم اسٹیڈیم میں پانچ ہزار شائقین کو مقابلے دیکھنے کی اجازت دی گئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے