[pullquote]صدر ٹرمپ کے چھوٹے بھائی انتقال کر گئے[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چھوٹے بھائی رابرٹ ٹرمپ انتقال کر گئے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق 71 سالہ رابرٹ ٹرمپ نیویارک کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں ہفتہ کی شب وہ دم توڑ گئے۔ امریکی صدر نے اپنے چھوٹے بھائی کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ رابرٹ صرف ان کے بھائی ہی نہیں بلکہ ایک بہترین دوست بھی تھے۔ صدر ٹرمپ نے رابرٹ سے جمعہ کے روز ہسپتال میں ہی ملاقات کی تھی۔ رابرٹ ٹرمپ کے مرض کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
[pullquote]فرانسیسی شہریوں کو ہلاک کرنے والے طالبان قیدی نہ رہا کیے جائیں، فرانس[/pullquote]
فرانس نے افغان حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فرانسیسی شہریوں کو ہلاک کرنے والے طالبان قیدیوں کو رہا نہ کیا جائے۔ افغان حکومت اور طالبان کے مابین امن مذاکرات سے قبل حکومت کی قید میں موجود طالبان کے 400 جنگجوؤں کو رہا کیا جا رہا ہے۔ فرانسیسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ فرانس مذاکراتی عمل کی حمایت کے لیے تیار ہے لیکن فرانسیسی فوجی اور امدادی کارکنوں کو مارنے والے ’دہشتگردوں‘ کو رہائی ہرگز نہیں ملنی چاہیے۔ پیرس حکومت نے کابل حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جانا چاہیے۔
[pullquote]بیلاروس میں حکومت مخالف مظاہرے سرکاری میڈیا میں نظر انداز[/pullquote]
بیلاروس میں ہزاروں افراد ایک مرتبہ پھر صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔ دارالحکومت مِنسک میں سرکاری نشریاتی ادارے کے دفتر کے سامنے تقریباﹰ تین ہزار مظاہرین نے صدر کے خلاف جاری احتجاج کے بارے میں غیرجانبدار رپورٹنگ کا مطالبہ کیا۔ ذرائع ابلاغ میں ان احتجاجی مظاہروں کو منصفانہ انداز میں نہ پیش کرنے پر تنقید کی جا رہی ہے۔ ناقدین کے مطابق بیلاروس کے سرکاری میڈیا میں صدر کے خلاف مظاہروں کو نظر انداز کیا گیا اور صرف لوکاشینکو کے حمایتی نمایاں طور پر دکھائے گئے۔ صدارتی انتخابات میں لوکاشینکو کو فاتح قرار دیا گیا تھا لیکن اپوزیشن بڑے پیمانے پر دھاندلی کا الزام لگا رہی ہے۔
[pullquote]دنیا میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 7 لاکھ 71 ہزار سے تجاوز کر گئی[/pullquote]
نئی قسم کے کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد سات لاکھ 71 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق ہلاکتوں کے علاوہ دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 14 لاکھ 68 ہزار 279 ہوگئی ہے۔ گزشتہ برس دسمبر میں چین سے شروع ہونے والا یہ مہلک وائرس اب تک دنیا کے 210 ممالک اور علاقوں میں پھیل چکا ہے۔ متاثرہ ترین ممالک میں امریکا، برازیل اور بھارت سر فہرست ہیں۔
[pullquote]پوتن نے بیلاروس کی مدد کی پیشکش کی ہے، صدر لوکاشینکو[/pullquote]
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے بیلاروس میں سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے منسک حکومت کو مدد کی پیشکش کی ہے۔ یہ بات بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے ہفتے کے روز صدر پوتن سے فون پر بات چیت کے بعد بتائی۔ لوکاشینکو نے اپنے آرمی چیف کو بتایا کہ ماسکو نے منسک کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پیشکش کی ہے۔ سن 1994 سے بیلاروس پر حکومت کرنے والے الیگزینڈر لوکاشینکو کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ان پر مظاہرین کا مسلسل دباؤ بڑھ رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اپوزیشن کے مظاہرین کے خلاف حکومت طاقت کے استعمال پر بھی غور کر رہی ہے۔
[pullquote]صدر ٹرمپ کا ایران پر پابندیوں کے لیے ’متنازعہ‘ طریقہ استعمال کرنے کا اعلان[/pullquote]
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران پر اسلحہ کی پابندی میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کرنے کی امریکی قرارداد مسترد ہونے کے بعد صدر ٹرمپ نے ایران پر پابندیوں کے لیے ایک متنازعہ طریقہ استعمال میں لانے کا اعلان کیا ہے۔ ٹرمپ نے پریس کانفرنس میں ’اسنیپ بیک میکنزم‘ کا ذکر کیا۔ اس طریقے سے امریکا سن 2015 میں طے پانے والے معاہدے کی خلاف ورزی کو جواز بنا کر ایران پر پابندیاں عائد کرے گا۔ ایرانی صدر کے سیاسی مشیر دیاکو حسینی نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے جوابا کہا کہ اقوام متحدہ کی ساکھ کے دفاع کے لیے تمام ممالک کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ صدر ٹرمپ نے اقتدار میں آتے ہی اس معاہدے سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ تاہم اب ان کا کہنا ہے کہ امریکا بدستور اس معاہدے کا حصہ ہے۔ ایران کو ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی کی مدت 18 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے۔
[pullquote]غزہ میں اسرائیلی فضائی کے حماس کے ٹھکانوں پر تازہ حملے[/pullquote]
اسرائیلی وزیر دفاع نے خبردار کیا ہے کہ غزہ پٹی سے شروع کی گئی کسی بھی پرتشدد کارروائی کا سخت ترین جواب دیا جائے گا۔ ان کا یہ بیان اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے گزشتہ شب حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے یہ کارروائی فلسطینی سرزمین سے راکٹ اور ہیلیم گیس کے غبارے اسرائیلی حدود میں بھیجنے کے نتیجے میں کی۔ فضائی حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب حماس کے زیر انتظام وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے غزہ اسرائیل سرحد پر مظاہرے میں شریک ہونے والے دو فلسطینیوں کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔
[pullquote]امارات اسرائیل معاہدے کے بعد اسرائیلی کمپنی کے ساتھ پہلی ڈیل[/pullquote]
متحدہ عرب امارات کی ایک کمپنی نے ایک اسرائیلی فرم کے ساتھ باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ قومی سرمایہ کاری کی اماراتی کمپنی ’اے پی ای ایکس‘ نے اتوار کو اسرائیلی ٹیرا گروپ کے ساتھ کورونا وائرس کے بارے میں تحقیق اور مطالعے کے حوالے سے معاہدے کا اعلان کیا ہے۔ چند روز قبل ہی امارات اسرائیل کے مابین تاریخی معاہدہ طے پایا تھا اس کے بعد یہ دونوں ملکوں کی کمپنیوں کے درمیان پہلی ڈیل ہے۔ اردن اور مصر کے بعد متحدہ عرب امارات اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والا تیسرا عرب ملک ہے۔
[pullquote]کینیڈا کا سرکاری نیٹ ورک ہیک کر لیا گیا[/pullquote]
کینیڈا میں بعض نامعلوم افراد نے ہزاروں سرکاری اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر لی۔ حکومتی فنانس ادارے کے مطابق ’جی سی کی سروسز‘ کے 900 سے زائد اکاؤنٹس کا لاگ ان ڈیٹا اور پاس ورڈ چوری ہونے کے بعد استعمال کیے گئے۔ ہیک ہونے والے اکاؤنٹس بلاک کر دیے گئے ہیں۔ اس نیٹ ورک کو کم از کم تیس وفاقی ادارے اور کینیڈا کی ٹیکس سروس استعمال کرتی ہے۔ پولیس اور حکومت مزید تحقیقات کر رہی ہے کہ کہیں کوئی حساس معلومات تو حاصل نہیں کی گئی۔
[pullquote]آریان فائیو نے دو ٹیلی کام سیٹلائٹس مدار میں پہنچا دیے[/pullquote]
یورپی خلائی راکٹ آریان فائیو نے دو ٹیلی کمیونیکیشن سیٹلائٹس کامیابی سے مدار میں پہنچا دیے ہیں۔ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کے دوران فرانسیسی گیانا سے آریان فائیو لانچ کیا گیا۔ آریان اسپیس کے مطابق اس خلائی راکٹ نے انٹیل سیٹ اور جاپانی براڈکاسٹ سیٹلائٹ سسٹم کارپوریشن کے دو سیٹلائٹس مدار میں کامیابی سے پہنچائے ہیں۔ کورونا لاک ڈاؤن کے بعد پہلی مرتبہ آریان راکٹ لانچ کیا گیا۔
[pullquote]ماریشیس: تیل بردار بحری جہاز بہت جلد ٹوٹنے کا خطرہ[/pullquote]
ماریشیس کے ساحل کے پاس لنگر انداز تیل بردار بحری جہاز بظاہر ٹوٹنے والا ہے۔ بحیرہ ہند کے جزیرے ماریشیس کے حکام نے بتایا ہے کہ واکاشیو نامی جاپانی بحری جہاز کی حالت مزید خراب ہوگئی ہے اور یہ تیل بردار جہاز کسی بھی وقت دو حصوں میں تقسیم ہو سکتا ہے۔ تین سو میٹر طویل بحری جہاز میں سے ہزاروں ٹن تیل لیک ہوچکا ہے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ اس وقت اس جہاز میں مزید کتنا تیل باقی ہے۔ ایک ہزار ٹن سے زائد تیل نے خوبصورت ساحلوں کو متاثر کیا ہے اور سمندری حیاتیات کو بھی خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔