[pullquote]سفید روس کا سیاسی بحران، یورپی رہنماؤں کی باہمی مشاورت بدھ کے روز[/pullquote]
بیلاروس میں جاری سیاسی بحران اور وہاں صدر لوکاشینکو کے خلاف جاری عوامی مظاہروں کے تناظر میں یورپی یونین کے رہنماؤں کا ایک مشاورتی اجلاس بدھ انیس اگست کو ہو گا۔ یورپی یونین کی کونسل کے صدر شارل میشل نے پیر کے روز بتایا کہ یہ مشاورت ایک آن لائن ویڈیو کانفرنس کی صورت میں کی جائے گی۔ بیلاروس میں حال ہی میں ہوئے متنازعہ صدارتی الیکشن کے بعد سے یورپی یونین اس مشرقی یورپی ملک کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کی تیاریوں میں ہے۔ موجودہ صدر لوکا شینکو کی حریف اور اپوزیشن کی صدارتی امیدوار پہلے ہی ملک سے رخصت ہو چکی ہیں۔ سرکاری نتائج کے مطابق یہ الیکشن لوکاشینکو نے اسی فیصد ووٹروں کی تائید سے جیت لیا تھا۔
[pullquote]بیلاروس میں صدر لوکاشینکو کے خلاف نئے وسیع تر عوامی مظاہرے[/pullquote]
بیلاروس میں اپوزیشن کے لاکھوں سیاسی کارکنوں نے صدر آلیکسانڈر لوکاشینکو کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ صرف دارالحکومت مِنسک میں ہی ان مظاہرین کی تعداد ایک لاکھ سے زائد رہی۔ کئی دیگر شہروں میں بھی عوام سڑکوں پر نکل آئے اور سربراہ مملکت سے مستعفی ہو جانے کا مطالبہ کیا۔ لوکاشینکو طویل عرصے سے بیلاروس کے صدر چلے آ رہے ہیں۔ زیادہ تر سفید کپڑوں میں ملبوس مظاہرین اپنے پرامن احتجاج کے دوران سفید پھول اور سفید غبارے لیے ہوئے تھے۔
[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مصدقہ تعداد اب دو لاکھ چوبیس ہزار[/pullquote]
جرمنی میں کووڈ انیس نامی بیماری کا سبب بننے والے کورونا وائرس کے متاثرین کی مصدقہ تعداد اب دو لاکھ چوبیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ وبائی امراض پر نظر رکھنے والے جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے آج پیر کے روز بتایا کہ ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس انفیکشن کے پانچ سو اکسٹھ نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ جرمنی میں اب تک اس وبائی مرض کے ہاتھوں مجموعی طور پر نو ہزار دو سو بتیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
[pullquote]صومالیہ کے دارالحکومت میں دہشت گردانہ حملہ، کم از کم پندرہ افراد ہلاک[/pullquote]
افریقی ملک صومالیہ کے دارالحکومت ماغادیشو کے ایک ہوٹل پر کیے گئے ایک بڑے دہشت گردانہ حملے میں کم از کم پندرہ افراد مارے گئے ہیں۔ مرنے والوں میں متعدد حملہ آور بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق اس واقعے میں ایک خود کش حملہ آور نے پہلے ایک کار بم کے ذریعے ہوٹل کے صدر دروازے کے سامنے دھماکا کیا، جس کے بعد اس کے کئی ساتھی ہوٹل میں داخل ہو گئے۔ ان عسکریت پسندوں کی تعداد کم از کم پانچ تھی، جن کے ساتھ سکیورٹی اہلکاروں کا فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا۔ اس حملے کی ذمے داری دہشت گرد تنظیم الشباب نے قبول کر لی ہے۔ اس دہشت گرد تنظیم کے القاعدہ کے ساتھ رابطے ہیں اور وہ ماغادیشو کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے خلاف ہے۔
[pullquote]نیوزی لینڈ میں پارلیمانی انتخابات ملتوی کر دیے گئے[/pullquote]
نیوزی لینڈ میں انیس ستمبر کے لیے طے شدہ پارلیمانی انتخابات کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد چار ہفتوں کے لیے مؤخر کر دیے گئے ہیں۔ خاتون وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ اس تاخیر کا مقصد تمام سیاسی جماعتوں کو یہ موقع فراہم کرنا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وبا کے باوجود محفوظ طریقے سے اپنی انتخابی مہم مکمل کر سکیں۔ ساتھ ہی اس وبا کے باوجود اس تاخیر سے ملکی الیکشن کمیشن کو بھی قومی الیکشن کی تیاری کے لیے مزید وقت مل جائے گا۔ نیوزی لینڈ میں سو دنوں سے زائد کے وقفے کے بعد گزشتہ منگل کے روز ملک میں پہلی بار عام شہریوں میں کورونا وائرس انفیکشن کے نئے واقعات رجسٹر کیے گئے تھے۔
[pullquote]بھارت میں کووڈ انیس سے ہلاکتوں کی تعداد پچاس ہزار سے تجاوز کر گئی[/pullquote]
آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے سب سے بڑے ملک بھارت میں کووڈ انیس کی وبا کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ کر اب پچاس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ حکام نے آج پیر کے روز بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید نو سو سے زائد افراد کورونا وائرس کی وجہ سے لگنے والی بیماری کے ہاتھوں ہلاک ہو گئے۔ بھارت میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اب تک دو اعشاریہ چھ ملین سے زیادہ ہو چکی ہے۔ اس طرح یہ جنوبی ایشیائی ملک اب کووڈ انیس کے مریضوں کی مجموعی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے اور صرف امریکا، برازیل اور میکسیکو سے پیچھے ہے۔
[pullquote]شام میں ترک روسی دستوں کی گشتی ٹیم بم دھماکے کی زد میں[/pullquote]
شمال مغربی شام کے علاقے ادلب میں ترکی اور روس کے فوجی دستوں کی ایک مشترکہ گشتی ٹیم کی گاڑی ایک بم دھماکے کی زد میں آ گئی۔ ماسکو میں روسی وزارت دفاع کے مطابق یہ گاڑی ترک فوج کی تھی، جسے آج پیر کے روز ایک بم دھماکے کا سامنا کرنا پڑا۔ ترک اور روسی فوجی ذرائع نے بتایا کہ اس دھماکے سے اس گاڑی کو شدید نقصان پہنچا تاہم کوئی فوجی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
[pullquote]ترکی مشرقی بحیرہ روم میں گیس کی متنازعہ تلاش بند کرے، یورپی یونین کا مطالبہ[/pullquote]
یورپی یونین نے ترکی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مشرقی بحیرہ روم کے متنازعہ سمندری علاقے میں گیس کی تلاش کا کام فوری طور پر بند کرے۔ برسلز کی طرف سے انقرہ سے یہ مطالبہ ترکی کے اس اعلان کے بعد کیا گیا کہ وہ قبرص کے جنوب مغربی ساحل کے قریب اگلے ہفتے سے گیس کی تلاش کے لیے سمندر میں ڈرلنگ کا کام تیز تر کر دے گا۔ اس وجہ سے ترکی اور یونان کے مابین شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ یہ دونوں ممالک نیٹو کے رکن بھی ہیں۔ یونان اور قبرص کے یورپی یونین کا رکن ہونے کی وجہ سے یورپی یونین یونان کے موقف کی حامی ہے۔ گزشتہ ہفتے اس تنازعے کی وجہ سے فرانس نے یونان کی حمایت میں متعلقہ سمندری خطے میں اپنی عسکری موجودگی بڑھانے کا اعلان بھی کر دیا تھا۔
[pullquote]اطالوی حکومت نے ملک میں تمام ڈسکو، نائٹ کلب بند کر دیے[/pullquote]
اٹلی میں خاص طور پر نوجوانوں میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی ایک نئی لہر کے پیش نظر روم حکومت نے ملک میں تمام ڈسکو اور نائٹ کلبوں کو بند کر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پابندی کا اطلاق چھٹیوں کے دوران ساحلوں پر ڈانس پارٹیوں اور رقص کی تمام اجتماعی تقریبات پر بھی ہو گا۔ اس کے علاوہ رات کے وقت تمام عوامی مقامات پر چہرے پر حفاطتی ماسک پہننا بھی لازمی کر دیا گیا ہے۔ یہ پابندی آج پیر سترہ اگست سے نافذ ہو گئی ہے اور سات ستمبر تک مؤثر رہے گی۔ اب تک کے فیصلے کے مطابق گرمیوں کی معمول کی چھٹیوں کے بعد چودہ ستمبر سے ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔
[pullquote]امریکی صدارتی الیکشن: ڈیموکریٹ امیدوار کی نامزدگی کے لیے پارٹی کنوینشن شروع[/pullquote]
امریکا میں اس سال ہونے والے صدارتی الیکشن سے تقریباﹰ ڈھائی ماہ قبل ڈیموکریٹ امیدوار کی نامزدگی کے لیے پارٹی کنوینشن شروع ہونے کو ہے۔ اس کنویشن میں مندوبین سابق نائب صدر جو بائیڈن کی بطور صدارتی امیدوار اور ان کی منتخب کردہ خاتون سینیٹر کمالا ہیرس کی بطور نائب صدارتی امیدوار نامزدگی کو حتمی شکل دے دیں گے۔ پہلے یہ کنوینشن ریاست وسکونسن کے شہر ملواکی میں ہونا تھا۔ اب لیکن کورونا وائرس کی وبا کے باعث یہ کنویشن آن لائن ہو گا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں ڈیموکریٹ مندوبین حصہ لیں گے۔ صدارتی الیکشن میں جو بائیڈن کا مقابلہ موجودہ ریپبلکن صدر ٹرمپ سے ہو گا، جو اپنے دوبارہ انتخاب کے خواہش مند ہیں۔