[pullquote]کووڈ انیس کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ اب بیس سے انچاس سال تک کی عمر کے افراد، عالمی ادارہ صحت[/pullquote]
عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں کووڈ انیس کا وبائی مرض زیادہ تر بیس سے لے کر انچاس سال تک کی عمر کے انسانوں کی وجہ سے پھیل رہا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مغربی بحر الکاہل کے خطے کے لیے ڈائریکٹر تاکیشی کاسائی نے ایک آن لائن بریفنگ کے دوران منگل کے روز کہا کہ یہ عالمی وبا اب ایک نیا موڑ لیتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ پہلے کے مقابلے میں اب یہ وائرس زیادہ تر ایسے جوان یا درمیانی عمر کے انسانوں کی وجہ سے پھیل رہا ہے، جو یہ نہیں جانتے کہ وہ اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس کی وبا دنیا بھر میں اب تک تقریباﹰ پونے آٹھ لاکھ انسانوں کی جان لی چکی ہے جبکہ مجموعی طورپر یہ وائرس بائیس ملین انسانوں کو متاثر کر چکا ہے۔
[pullquote]جرمنی میں منی لانڈرنگ: ایک سال میں پچاس فیصد کا ریکارڈ اضافہ[/pullquote]
جرمنی کی مالیاتی تفتیشی ایجنسی کے مطابق ملک میں منی لانڈرنگ میں گزشتہ برس ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔ کالے دھن کو سفید بنانے کے واقعات میں پچاس فیصد اضافہ دیکھا گیا اور زیادہ تر سرمایہ کاری پراپرٹی خریدنے میں کی گئی۔ جرمنی کے مالیاتی تفتیشی یونٹ (FIU) نے اپنی تازہ ترین سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ برس ملک میں منی لانڈرنگ کے کُل تقریباﹰ ایک لاکھ پندرہ ہزار واقعات رجسٹر کیے گئے۔ یہ تعداد ایک سال پہلے کے مقابلے میں تقریباﹰ ڈیڑھ گنا بنتی ہے، جو ایک ریکارڈ ہے۔ منی لانڈرنگ کے دوران ناجائز مالی وسائل کی ترسیل دہشت گردانہ مقاصد کے لیے بھی کی گئی۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق دو ہزار سترہ میں جرمن پراپرٹی مارکیٹ میں تیس بلین یورو کے کالے دھن کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔
[pullquote]پولینڈ کی حکومت پر ہم جنس پرستوں کے خلاف متعصبانہ حملے برداشت کرنے کا الزام[/pullquote]
بہت سے ادیبوں اور فلمی صنعت کی سرکردہ شخصیات نے وارسا حکومت پر ملک میں ہم جنس پرستوں کے خلاف نفرت کو برداشت کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ان شخصیات نے کہا کہ پولینڈ میں ہم جنس پرست مردوں اور خواتین پر حملوں میں اضافہ اس لیے ہوا ہے کہ وارسا میں حکمران جماعت پی آئی ایس ایسے حملوں کو برداشت کر رہی ہے۔ فلمی اور ادبی دنیا کی ان نامور شخصیات نے یہ بات یورپی یونین کے کمیشن کی خاتون صدر اُرزُولا فان ڈیر لائن کے نام لکھے گئے ایک خط میں کہی ہے۔ اس سلسلے میں اسپین کے فلم ہدایت کار پیدرو آلمودووار، کینیڈا کی مصنفہ مارگریٹ ایٹ وُوڈ اور کئی دیگر سرکردہ بین الاقوامی شخصیات نے پولینڈ میں ایسے حملوں کا نشانہ بننے والے شہریوں کے ساتھ کھل کر اظہار یکجہتی بھی کیا۔
[pullquote]جو بائیڈن کی نامزدگی کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کا کنونشن شروع ہو گیا[/pullquote]
امریکا میں تقریباﹰ ڈھائی ماہ بعد ہونے والے انتخابات سے قبل جو بائیڈن کو باقاعدہ صدارتی امیدوار نامزد کرنے کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کا کنونشن شروع ہو گیا ہے۔ ماضی میں امریکی نائب صدر رہنے والے بائیڈن آئندہ الیکشن میں موجودہ صدر اور ریپبلکن سیاستدان ڈونلڈ ٹرمپ کے حریف امیدوار ہوں گے۔ پروگرام کے مطابق یہ کنونشن ریاست وسکونسن کے شہر ملواکی میں ہونا تھا مگر کورونا وائرس کی وبا کے باعث اب اس کا انعقاد زیادہ تر آن لائن کیا جا رہا ہے۔ اس پارٹی کنونشن میں ہزاروں مندوبین کی جانب سے خاتون سینیٹر کملا ہیرس کی بطور نائب صدارتی امیدوار نامزدگی کی منظوری بھی متوقع ہے۔ بائیڈن حتمی نامزدگی کے بعد اپنا کلیدی خطاب جمعرات کے روز کریں گے۔
[pullquote]جو بائیڈن کی صدارت سے بھی تنازعات ختم نہیں ہوں گے، جرمن اہلکار کا موقف[/pullquote]
جرمنی کے ایک سرکردہ حکومتی اہلکار نے کہا ہے کہ امریکا میں اگر ڈیموکریٹ سیاست دان جو بائیڈن آئندہ صدارتی الیکشن جیت بھی گئے، تو بھی جرمنی اور امریکا کے تعلقات میں پائے جانے والے تنازعات ختم نہیں ہوں گے۔ برلن میں میرکل حکومت کے نامزد کردہ بحر اوقیانوس کے آر پار کے تعلقات کے رابطہ کار پیٹر بائر نے یہ بات اپنے ایک اخباری انٹرویو میں کہی جو آج منگل کے روز شائع ہوا۔ انہوں نے جرمن شہر شٹٹ گارٹ سے شائع ہونے والے دو اخبارات کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ جو بائیڈن اگر صدر بن بھی گئے، تو بھی برلن اور واشنگٹن کے مابین موجودہ کھچاؤ اور اختلاف رائے یکدم ختم تو نہیں ہو جائیں گے۔
[pullquote]اسرائیلی جنگی طیاروں کی پہلی بار جرمنی میں مشترکہ فضائی مشقوں میں شرکت[/pullquote]
اسرائیلی جنگی طیارے پہلی بار جرمن سرزمین پر جرمنی اور اسرائیل کی مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان مشقوں کے دوران اپنے جنگی طیاروں کے ساتھ جرمن اور اسرائیلی پائلٹ آج منگل کے روز پہلی بار ڈاخاؤ شہر کی فضا میں مل کر پرواز بھی کریں گے۔ ڈاخاؤ میں نازی دور میں وہ بدنام زمانہ اذیتی کیمپ قائم تھا، جہاں ہولوکاسٹ کے دوران لاکھوں یہودیوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ ماضی کے اس اذیتی کیمپ کے اوپر پرواز کا مقصد ہولوکاسٹ میں مارے جانے والوں کے لیے اظہار عقیدت ہو گا۔ مجموعی طور پر یہ مشترکہ فضائی مشقیں دو ہفتوں تک جاری رہیں گی۔
[pullquote]کابل کے مرکزی سفارتی علاقے کے قریب راکٹ حملے[/pullquote]
افغان دارالحکومت کابل میں آج منگل کے روز مرکزی سفارتی علاقے کے قریب کئی راکٹوں سے حملے کیے گئے۔ ملکی وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ یہ راکٹ دو گاڑیوں سے فائر کیے گئے۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ یہ حملے کس نے کیے اور آیا اس دوران کوئی جانی نقصان بھی ہوا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ان راکٹ حملوں سے کابل کا ڈپلومیٹک ایریا ہل کر رہ گیا، جس کے فوری بعد شہر کے اس علاقے کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔
[pullquote]الاسکا میں تیل کی تلاش کے متنازعہ منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی[/pullquote]
امریکی حکومت نے الاسکا کے شمال مشرق میں قطب شمالی کے ایک محفوظ قرار دیے گئے قدرتی علاقے میں تیل کی تلاش کے ایک متنازعہ منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ امریکی وزیر داخلہ ڈیوڈ بیرن ہارڈ نے کہا کہ اس مقصد کے لیے کھدائی کے لائسنسوں کی نیلامی سال رواں کے آخر تک مکمل ہو جائے گی۔ یہ کھدائی جس محفوظ قدرتی علاقے میں کی جائے گی، وہ ’آرکٹک نیشنل وائلڈ لائف ریفیوج‘ کہلاتا ہے۔ تحفظ ماحول کی تنظیمیں اس منصوبے کی شدید مخالفت کر رہی ہیں۔ اس منصوبے کے تحت اس علاقے کے آٹھ فیصد تک حصے پر تیل کی تلاش کے لیے کھدائی کی اجازت دے دی جائے گی۔
[pullquote]یروشلم میں چاقو سے حملہ کرنے والے کو گولی مار دی گئی[/pullquote]
اسرائیلی سکیورٹی دستوں نے یروشلم شہر کے قدیمی حصے میں چاقو سے حملہ کرنے والے ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ اس حملہ آور نے ایک نوجوان پولیس اہلکار پر چاقو سے حملہ کر دیا تھا۔ زخمی پولیس اہلکار کی جان خطرے میں نہیں ہے۔ یہ واقعہ کل پیر کی شام یروشلم میں مسلمانوں اور یہودیوں دونوں کے لیے انتہائی مقدس حرم شریف اور اس کے ارد گرد کے پہاڑی علاقے کو جانے والے ایک راستے پر پیش آیا۔ یروشلم شہر کا پرانا حصہ اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے مابین منقسم ہے لیکن اس پورے شہر کو اسرائیلی سکیورٹی دستے کنٹرول کرتے ہیں۔
[pullquote]شارل میشل کی بیلاروس میں مداخلت کے خلاف تنبیہ[/pullquote]
بیلاروس میں صدر لوکاشینکو کے خلاف جاری وسیع تر عوامی مظاہروں کے باعث یورپی یونین کی کونسل کے صدر شارل میشل نے اس مشرقی یورپی ملک میں کسی بھی بیرونی مداخلت کے خلاف خبردار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیلاروس کے عوام کا حق ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں۔ شارل میشل نے یہ بات اس دعوت نامے میں لکھی، جس کے ذریعے یونین کے رکن ممالک کے رہنماؤں کو بیلاروس میں جاری بحران کے بارے میں کل بدھ کے روز ایک ویڈیو سمٹ کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ دریں اثناء کل پیر کی شام بھی مِنسک میں ہزاروں شہریوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج اور صدر لوکاشینکو کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ ملکی اپوزیشن کے مطابق تقریباﹰ ایک ہفتہ قبل ہونے والے صدارتی انتخابات میں لوکاشینکو کی جیت شدید دھاندلی کا نتیجہ ہے۔