جمعرات : 19 اگست 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یورپی یونین کی خصوصی سربراہی کانفرنس، مرکزی موضوع بیلاروس کا سیاسی بحران[/pullquote]

یورپی یونین کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت آج بدھ کے روز ایک خصوصی سمٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس ویڈیو کانفرنس کا مرکزی موضوع مشرقی یورپی ملک بیلاروس کا سیاسی بحران ہو گا۔ اس بارے میں یونین کی کونسل کے صدر شارل میشل کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ اس سمٹ کے ذریعے یورپی رہنما بیلاروس کے عوام کو اپنی طرف سے یکجہتی کا واضح اور اہم پیغام دینا چاہتے ہیں۔ گ‍زشتہ جمعے کے روز یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے برسلز کی طرف سے پابندیوں سے متعلق مشورے بھی کیے تھے۔ ان پابندیوں کا ہدف بیلاروس کی وہ شخصیات ہوں گی، جو حالیہ صدارتی الیکشن میں وسیع تر دھاندلی اور بعد میں وہاں پرتشدد کارروائیوں کی ذمے دار ہیں۔

[pullquote]ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد بیس ہزار سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

ایران میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد اب بیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ یہ بات تہران میں ملکی وزارت صحت کی خاتون ترجمان نے آج بدھ کے روز بتائی۔ کووڈ انیس کے باعث گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید ڈیڑھ سو سے زائد ایرانی شہری ہلاک ہو گئے۔ اس کے علاوہ گزشتہ روز ملک میں کورونا وائرس کی انفیکشن کے تقریباﹰ ڈھائی ہزار نئے کیس بھی رجسٹر کیے گئے۔ ایران میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد اب ساڑھے تین لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔

[pullquote]جرمنی سے ایک بار پھر درجنوں پاکستانی تارکین وطن ملک بدر[/pullquote]

جرمنی سے ایک بار پھر درجنوں پاکستانی تارکین وطن کو اجتماعی طور پر ملک بدر کر دیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کی وبا کے باوجود میونخ سے تینتیس پاکستانی شہریوں کو لے کر جانے والی خصوصی پرواز آج بدھ کی صبح اسلام آباد ایئر پورٹ پر اتری۔ ان شہریوں کی واپسی کی پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے بھی تصدیق کر دی ہے۔ ان کو لے کر ایک طیارہ جنوبی جرمن صوبے باویریا کے دارالحکومت میونخ سے کل منگل کو اپنے سفر پر روانہ ہوا تھا۔ پناہ کی درخواستیں مسترد ہونے کے بعد واپس بھیجے گئے ان پاکستانیوں میں سے چوبیس جرمنی میں مقیم تھے، سات ہمسایہ ملک آسٹریا میں اور باقی دو کو جرمنی کے ایک اور ہمسایہ ملک پولینڈ سے حکام نے ملک بدر کیا تھا۔

[pullquote]مالی میں فوجی بغاوت کے بعد صدر مستعفی، حکومت اور پارلیمان تحلیل[/pullquote]

افریقی ملک مالی میں فوجی بغاوت کے بعد صدر ابراہیم بوبکر کیتا نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ملکی حکومت اور پارلیمان کو تحلیل کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔ سرکاری ٹیلی وژن پر اپنے ایک مختصر خطاب میں بوبکر کیتا نے کہا کہ وہ اپنے اس اقدام کے ذریعے ملک کو خونریزی سے بچانا چاہتے ہیں۔ ان کے اس اعلان سے چند گھنٹے قبل دارالحکومت بماکو میں باغی فوجیوں نے صدر کو ان کی سرکاری رہائش گاہ پر نظر بند کر دیا تھا۔ بماکو سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق مالی میں فوج اقتدار پر قابض ہو چکی ہے۔ صدر کیتا پر ان کے ناقدین کی طرف سے یہ کہہ کر تنقید کی جا رہی تھی کہ وہ ملک میں شدت پسند مسلمانوں کی دہشت گردی پر قابو پانے میں ناکام رہے تھے۔

[pullquote]جو بائیڈن کو باقاعدہ صدارتی امیدوار نامزد کر دیا گیا[/pullquote]

امریکا کے سابق نائب صدر جو بائیڈن نومبر میں ہونے والے اگلے الیکشن میں موجودہ ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حریف صدارتی امیدوار ہوں گے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے زیادہ تر آن لائن منعقد کیے جانے والے کنونشن میں مندوبین کی بہت بڑی اکثریت نے ستتر سالہ بائیڈن کو پارٹی کا صدارتی انتخابی امیدوار نامزد کر دیا۔ انہوں نے اس الیکشن میں اپنے ساتھ نائب صدر کے عہدے کے لیے خاتون سینیٹر کملا ہیرس کو منتخب کیا ہے۔ کل جمعرات کے روز بائیڈن کنونشن کے مندوبین سے تفصیلی خطاب کریں گے اور اپنی نامزدگی باضابطہ طور پر قبول بھی کر لیں گے۔

[pullquote]جرمنی میں خشک سالی اور موسمی طوفانوں سے جنگلات بھی بری طرح متاثر[/pullquote]

جرمنی میں خشک سالی، طوفانوں اور موسم کی خرابی سے جنگلات بھی اب تک کے اندازوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ یہ بات وفاقی جرمن وزارت زراعت کے تازہ ترین اعداد و شمار سے پتا چلی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ناموافق موسمی حالات سے متاثرہ جنگلات کا رقبہ دو لاکھ پچاسی ہزار ہیکٹر بنتا ہے، جو وفاقی صوبے زارلینڈ کے مجموعی رقبے سے بھی زیادہ ہے۔

[pullquote]غزہ پٹی پر اسرائیلی جنگی طیاروں کے نئے فضائی حملے[/pullquote]

اسرائیلی جنگی طیاروں نے حماس کے زیر انتظام غزہ پٹی پر گزشتہ رات نئے حملے کیے۔ اسرائیلی فوج نے بتایا کہ یہ بمباری غزہ میں فلسطینی عسکریت پسندوں کی طرف سے جنوبی اسرائیل میں کیے جانے والے ایک راکٹ حملے کی بعد کی گئی۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اس بمباری کے دوران غزہ پٹی کے علاقے میں حماس کے عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ اس بمباری کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

[pullquote]جرمنی میں مئی سے اب تک ایک دن میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی ریکارڈ تعداد[/pullquote]

جرمنی کو اس وقت کورونا وائرس کے وبائی پھیلاؤ کی دوسری لہر کا سامنا ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں اس وائرس کے پندرہ سو دس نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ یہ مئی کے مہینے سے اب تک روزانہ بنیادوں پر دیکھا جانے والا سب سے زیادہ اضافہ ہے۔ وبائی امراض پر نظر رکھنے والے جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق کووڈ انیس نامی بیماری کی وجہ بننے والا نیا کورونا وائرس اب تک ملک میں تقریباﹰ دو لاکھ ستائیس ہزار افراد کو متاثر کر چکا ہے۔ جرمنی میں اب تک یہی وائرس سوا نو ہزار کے قریب انسانوں کی جان بھی لے چکا ہے۔

[pullquote]افغان حکومتی ملازمین پر بموں سے حملے، دو افراد ہلاک[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل میں آج بدھ کی صبح سرکاری ملازمین پر کیے جانے والے دو بم حملوں میں دو افراد ہلاک اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے۔ فوری طور پر ان حملوں کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔ کابل پولیس کے ترجمان کے مطابق ان میں سے ایک بم پولیس کی ایک گاڑی پر اور دوسرا ایک ایسی گاڑی پر نصب کیا گیا تھا، جو افغان وزارت تعلیم کی ملکیت تھی۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ان بم حملوں سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]رفیق حریری کا قتل: امریکا کی طرف سے حزب اللہ کے رکن کے خلاف عدالتی فیصلے کا خیر مقدم[/pullquote]

لبنان کے سابق وزیر اعظم حریری کے قتل کے سلسلے میں امریکا نے حزب اللہ کے ایک رکن کو عدالت کی طرف سے مجرم قرار دیے جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔ رفیق حریری اور ان کے ساتھ اکیس دیگر افراد سن دو ہزار پانچ میں بیروت میں ایک خود کش بم حملے میں مارے گئے تھے۔ اس حملے میں ملوث ہونے کی وجہ سے نیدرلینڈز میں اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ ایک عدالت نے کل منگل کی شام لبنانی شیعہ تحریک حزب اللہ کے ایک رکن کو مجرم قرار دے دیا تھا۔ اس مقدمے کی سماعت کئی سال تک جاری رہی۔ عدالت نے حزب اللہ کے ایک چھپن سالہ رکن سلیم عیاش کو اس کی غیر حاضری میں مجرم قرار دے دیا۔

[pullquote]پوسٹل بیلٹ کی وجہ سے امریکی محکمہ ڈاک نے اپنے ہاں اصلاحات مؤخر کر دیں[/pullquote]

نومبر میں امریکی صدارتی الیکشن میں ڈاک کے ذریعے رائے دہی سے متعلق تنازعے میں ملکی محکمہ ڈاک نے اب اپنے ہاں اصلاحات کا مجوزہ پروگرام مؤخر کر دیا ہے۔ یہ اصلاحات زیادہ تر ان بچتی اقدامات سے متعلق تھیں، جن پر یو ایس پوسٹ عمل کرنا چاہتا تھا۔ محکمہ ڈاک کے سربراہ لوئیس ڈی جوئے نے کہا کہ ان کے ادارے کی تنظیم نو اب صدارتی الیکشن کے بعد کی جائے گی۔ ان بچتی اقدامات سے الیکشن میں پوسٹل بیلٹ کا عمل متاثر ہو سکتا تھا۔ کورونا وائرس کی وبا کے باعث امریکا میں پوسٹل بیلٹ اب معمول سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

[pullquote]چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میں پیرس نے لائپزگ کو ہرا دیا، دوسرا سیمی فائنل آج[/pullquote]

یورپی فٹ بال کی امسالہ چیمپئنز لیگ کے ایک سیمی فائنل میں فرانسیسی کلب پیرس ساں گَیرماں نے جرمن کلب آر بی لائپزگ کو ہرا دیا۔ منگل کی شام لزبن میں کھیلے گئے اس میچ میں جرمنی میں بنڈس لیگا کی ٹیم لائپزگ پیرس سے صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہار گئی۔ دوسرے سیمی فائنل میں آج بدھ کے روز جرمن کلب بائرن میونخ کا مقابلہ فرانسیسی کلب اولمپیک لیوں کی ٹیم سے ہو گا۔ چیمپئنز لیگ کا فائنل آئندہ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے