[pullquote]سعودی عرب بھی اسرائیلی اماراتی معاہدے میں شامل ہو جائے گا، ٹرمپ پرامید[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امید ہے کہ سعودی عرب بھی اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین گزشتہ ہفتے طے پانے والے معاہدے میں شامل ہو کر اسرائیل کے ساتھ آئندہ معمول کے سفارتی تعلقات اور ایک نیا وسیع تر رشتہ قائم کر لے گا۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں امریکی صدر سے پوچھا گیا تھا کہ آیا وہ توقع کرتے ہیں کہ سعودی عرب بھی اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین طے پانے والے معاہدے میں شامل ہو جائے گا؟ اس پر ڈونلڈ ٹرمپ کا جواب تھا، ’’ہاں، میں پرامید ہوں۔‘‘ صدر ٹرمپ کے بقول اس معاہدے میں ایسے ممالک بھی شمولیت کے خواہش مند ہیں، جن کے نام سن کر کسی کو یقین ہی نہیں آئے گا۔ انہوں نے سعودی عرب کے سوا کسی دوسرے ملک کا نام نہ لیا۔
[pullquote]جرمنی میں کورونا کے متاثرین کی تعداد میں صرف ایک دن میں سترہ سو سے زائد کا اضافہ[/pullquote]
جرمنی میں نئے کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں صرف ایک دن میں سترہ سو سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کی سترہ سو سات نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔ یہ اس سال اپریل سے لے کر اب تک کی سب سے زیادہ یومیہ تعداد ہے۔ جرمنی میں اس عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد اب تقریباﹰ دو لاکھ انتیس ہزار بنتی ہے۔ یورپی یونین کے اس سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں بھی اس وبا کی دوسری لہر کے دوران اسی طرح کافی زیادہ نئے کیسز دیکھنے میں آ رہے ہیں، جس طرح حالیہ ہفتوں کے دوران کئی دیگر ممالک میں بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
[pullquote]میرکل کی ماکروں سے ملاقات، مالی اور بیلاروس اہم ترین موضوعات[/pullquote]
جرمن چانسلر انگیلا میرکل آج جمعرات کے روز فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں سے ان کی ساحلی رہائش گاہ پر ایک ملاقات کر رہی ہیں۔ یہ ملاقات بحیرہ روم کے کنارے ماکروں کی سرکاری رہائش گاہ پر ہو گی۔ اس ملاقات کے مرکزی موضوعات افریقی ملک مالی میں فوجی بغاوت، بیلاروس کا سیاسی بحران اور بحیرہ روم کے علاقے میں پائی جانے والی کشیدگی ہوں گے۔ گزشتہ پینتیس برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی جرمن چانسلر اور فرانسیسی صدر کی سمندر کے کنارے اس قلعہ نما رہائش گاہ پر ملاقات ہو گی۔
[pullquote]ایران نے اندرون ملک تیار کردہ بیلسٹک اور کروز میزائل متعارف کرا دیے[/pullquote]
ایران نے اندرون ملک تیار کردہ، زمین سے زمین تک مار کرنے والا ایک نیا بیلسٹک میزائل اور ایک نیا کروز میزائل متعارف کرا دیے ہیں۔ ایرانی وزیر دفاع امیر حاتمی نے آج جمعرات کے روز سرکاری ٹی وی سے نشر کی گئی اپنی ایک تقریر میں کہا کہ نیا بیلسٹک میزائل چودہ سو کلومیٹر کے فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ اس میزائل کو قاسم سلیمانی کا نام دیا گیا ہے۔ نیا تیار کردہ کروز میزائل، جسے ابو مہدی کا نام دیا گیا ہے، ایک ہزار کلومیٹر سے بھی زیادہ فاصلے تک ٹارگٹ کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
[pullquote]امریکا ایران کے خلاف عالمی پابندیوں کی بحالی کی کوشش میں.[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اقوام متحدہ پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ یہ عالمی ادارہ ایران کے خلاف اپنی سابقہ پابندیاں بحال کر دے۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو ہدایت کریں گے کہ وہ واشنگٹن کا یہ مطالبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کریں۔ اسی دوران پومپیو نے کہا ہے کہ وہ آج جمعرات اور کل جمعے کے روز نیو یارک میں ہوں گے اور سلامتی کونسل کو اس بارے میں آگاہ کر دیں گے۔ یہ بات تاہم غیر واضح ہے کہ آیا امریکا، جو ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کے جوہری معاہدے سے یک طرفہ طور پر نکل چکا ہے، یہ مطالبہ کر سکتا ہے کہ اقوام متحدہ تہران کے خلاف ماضی میں اٹھا لی جانے والی پابندیاں بحال کر دے۔
[pullquote]ڈیموکریٹ امریکی سینیٹر کملا ہیرس نے اپنی انتخابی نامزدگی قبول کر لی[/pullquote]
امریکا میں ڈیموکریٹک پارٹی کے کنونشن میں خاتون سینیٹر کملا ہیرس نے نومبر میں ہونے والے الیکشن میں نائب صدارتی امیدوار کے طور پر اپنی نامزدگی باقاعدہ طور پر قبول کر لی۔ کنونشن کے مندوبین سے خطاب میں کملا ہیرس نے الزام لگایا کہ موجودہ ریپبلکن صدر ٹرمپ امریکا کی مؤثر قیادت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ پچپن سالہ ہیرس نے کہا کہ ٹرمپ نے امریکی شہریوں کو درپیش المیوں کو اپنا سیاسی ہتھیار بنا لیا ہے۔ کورونا وائرس کی وبا کے باعث زیادہ تر آن لائن منعقد کیے جانے والے اس پارٹی کنونشن میں سابق نائب صدر جو بائیڈن کو ڈیموکریٹک پارٹی کا صدارتی امیدوار نامزد کیا جا چکا ہے۔ تقریباﹰ ڈھائی ماہ بعد ان کا انتخابی مقابلہ ڈونلڈ ٹرمپ سے ہو گا۔ بائیڈن آج جمعرات کو اس کنونشن سے اپنا کلیدی خطاب کرنے والے ہیں۔
[pullquote]یورپ جانے کے خواہش مند پینتالیس تارکین وطن بحیرہ روم میں ڈوب گئے[/pullquote]
یورپ جانے کے خواہش مند اور افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے کم از کم پینتالیس تارکین وطن بحیرہ روم میں ڈوب گئے ہیں۔ مرنے والوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔ سینتیس تارکین وطن کو مقامی ماہی گیروں نے بچا لیا اور انہیں ساحل پر پہنچتے ہی گرفتار کر لیا گیا۔ یہ تارکین وطن ایک ایسی بڑی کشتی میں سوار تھے، جس کا انجن لیبیا کے ساحلی علاقے کے قریب دھماکے سے پھٹ گیا تھا۔ اقوام متحدہ کے مہاجرین کے امدادی ادارے یو این ایچ سی آر اور عالمی ادارہ برائے مہاجرت آئی او ایم نے بحیرہ روم میں ایسے تارکین وطن کے لیے ممکنہ امدادی انتظامات بہتر بنائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
[pullquote]بھارت میں ایک دن میں کورونا وائرس کے تقریباﹰ ستر ہزار نئے کیسز[/pullquote]
بھارت میں ایک دن میں کورونا وائرس انفیکشن کے تقریباﹰ ستر ہزار نئے کیسز رجسٹر کیے گئے۔ وزارت صحت نے جمعرات کے روز بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں انہتر ہزار چھ سو باون کا اضافہ ہوا، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس جنوبی ایشیائی ملک میں کووڈ انیس کا باعث بننے والے نئے کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد اب اٹھائیس لاکھ چالیس ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید نو سو ستتر ہلاکتوں کے بعد بھارت میں اسی وائرس کے ہاتھوں مرنے والوں کی تعداد اب تقریباﹰ چون ہزار ہو گئی ہے۔ بھارت ایشیا کا اس وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔
[pullquote]عراقی وزیر اعظم کاظمی کی واشنگٹن میں صدر ٹرمپ سے پہلی ملاقات آج[/pullquote]
عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی آج جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کر رہے ہیں۔ واشنگٹن میں یہ ان کی امریکی صدر سے پہلی ملاقات ہو گی، جس میں عراق میں امریکی فوجیوں کی موجودگی اہم ترین موضوع ہو گا۔ کاظمی مئی میں عراقی وزیر اعظم بنے تھے اور اندرون ملک سلامتی کی صورت حال کے حوالے سے ان کی حکومت کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان مسائل کی ایک بڑی وجہ عراقی شیعہ ملیشیا گروپوں کا وہ اتحاد بھی ہے، جس کے ایران کے ساتھ قریبی رابطے ہیں اور جس کے ارکان عراق میں امریکی اہداف پر حملے کرتے رہتے ہیں۔ عراق میں امریکا اور ایران دونوں ہی اپنے اپنے اثر و رسوخ میں مزید اضافے کی کوشش میں ہیں۔
[pullquote]مالی میں فوج کے اقتدار پر قبضے کی بین الاقوامی برادری کی طرف سے مذمت[/pullquote]
افریقی ملک مالی میں فوج کی طرف سے ریاستی قیادت کے خلاف بغاوت اور اقتدار پر قبضے کی بین الاقوامی سطح پر شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ اس مغربی افریقی ملک کو پہلے ہی بحرانی حالات کاسامنا تھا، جہاں اسی ہفتے فوج کے ایک حصے نے بغاوت کر کے اقتدار پر قبضہ کر لیا۔ یورپی یونین کے ایک ہنگامی سربراہی اجلاس میں اس پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ مالی میں فوج کے اقتدار پر قبضے نے پورے مغربی افریقہ کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ یورپی یونین کی طرح امریکا نے بھی اس بغاوت کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بماکو میں باغی فوجیوں کی قیادت تمام زیر حراست سیاست دانوں اور حکومتی عہدیداروں کو رہا کرے۔ اس بغاوت کے بعد افریقی یونین نے عبوری طور پر مالی کی اس بلاک کی رکنیت معطل کر دی ہے۔
[pullquote]امسالہ چیمپئنز لیگ کا فائنل بائرن میونخ اور پیرس ساں گَیرماں کے مابین اتوار کو ہوگا[/pullquote]
پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں بدھ کی رات ہونے والے چیمپئنز لیگ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں جرمن کلب بائرن میونخ نے فرانسیسی کلب اولمپیک لیوں کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ یوں آئندہ اتوار کو چیمپئنز لیگ کا فائنل اب بائرن میونخ اور فرانسیسی کلب پیرس ساں گَیرمان کے مابین کھیلا جائے گا۔ یہ چھٹا موقع ہے کہ جرمن کلب بائرن میونخ کی ٹیم چیمپئنز لیگ کے فائنل میں پہنچی ہے۔