پیر : 24 اگست 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]فلپائن، بم دھماکے میں کم از کم دس افراد ہلاک[/pullquote]

فلپائن کے جنوب میں دوہرے بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔ یہ دھماکے جولو جزیرے پر ہوئے، جہاں ملکی افواج ابوسیاف نامی جہادی گروپ کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر فوجی ہیں۔ گزشتہ چند عشروں سے فلپائن کے جنوب میں باغی مسلم گروپوں اور حکومتی دستوں کے مابین لڑائی کے نتیجے میں ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]نیوزی لینڈ: مساجد پر حملہ، ملزم کے خلاف عدالتی کارروائی شروع[/pullquote]

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملہ کرنے والے ملزم کے خلاف تقریباﹰ ڈیڑھ سال بعد عدالتی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مارچ دو ہزار انیس میں ملزم نے مساجد میں فائرنگ کرتے ہوئے اکاون مسلمانوں کو ہلاک کر دیا تھا جبکہ پچاس زخمی ہوئے تھے۔ پیر کے روز انتیس سالہ دائیں بازو کے اس انتہاپسند آسٹریلوی شہری کو سخت حفاظتی انتظامات میں کرائسٹ چرچ ہائی کورٹ میں پیش کیا گیا۔ توقع ہے کہ عدالت چار روزہ کارروائی کے دوران چھیاسٹھ متاثرین کے بیانات قلمبند کرے گی۔ مارچ میں اقبال جرم کرنے والے اس ملزم کو عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

[pullquote]بیلاروس میں حزب اختلاف کی نامور شخصیات گرفتار[/pullquote]

ملکی صدر کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران خصوصی حکومتی دستوں نے اپوزیشن کے متعدد رہنماؤں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار کیے جانے والوں میں اولگا کووال کووا اور سرگئی دیلیوسکی بھی شامل ہیں، جو احتجاجی مظاہروں کے ذریعے حکومت کی تبدیلی چاہتے ہیں۔ گزشتہ چھبیس برسوں سے اقتدار پر فائز صدر الیکسانڈر لوکاشینکو کے مطابق مظاہرین کو یورپی ممالک کی حمایت حاصل ہے اور انہوں نے ملکی فوج کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

[pullquote]بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ کا دورہ ایران[/pullquote]

بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ ماریانو گروسی گزشتہ دسمبر میں اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ ایران کا دورہ کر رہے ہیں۔ گروسی ایرانی حکومت کے ساتھ باہمی تعاون اور براہ راست بات چیت پر مبنی تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے دورے کا ایک مقصد آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کے لیے ایرانی جوہری تنصیبات تک رسائی حاصل کرنا ہے۔ وہ ایک ایسے وقت میں ایران کا دورہ کر رہے ہیں، جب امریکا ہر حال میں ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔

[pullquote]امریکا، پلازما سے کووڈ انیس کے علاج کی اجازت[/pullquote]

امریکی حکومت نے بلڈ پلازما سے کورونا مریضوں کے علاج کے لیے ہنگامی اجازت نامہ جاری کر دیا ہے۔ یہ پلازما ان افراد سے حاصل کیا جاتا ہے، جو یہ بیماری لگنے کے بعد صحت یاب ہو چکے ہوتے ہیں اور جن میں کورونا وائرس کے خلاف اینٹی باڈیز پیدا ہو چکی ہوتی ہیں۔ پلازما ایک سو سال سے زیادہ عرصے سے استعمال کیا جا رہا ہے اور اسے مریضوں کے لیے محفوظ سمجھا جاتا ہے۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کورونا مریضوں کو موت سے بچانے کے لیے پلازما کس قدر موثر ثابت ہوسکتا ہے۔

[pullquote]آسٹریا، ایک روسی سفارت کار کو ملک چھوڑ دینے کا حکم[/pullquote]

یورپی ملک آسٹریا نے ایک روسی سفارت کار کو ملک سے بے دخل کر دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ روسی سفارت کار ویانا کنونشن کی خلاف ورزیوں میں ملوث تھا۔ تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی واضح تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ دوسری جانب روسی سفارت خانے نے اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ بلاوجہ کیا گیا ہے اور اس سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہوں گے۔

[pullquote]ناوالنی کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی، جرمن حکام[/pullquote]

جرمنی کے فیڈرل کریمنل پولیس آفس نے کہا ہے کہ روسی اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے شدید ناقدین میں سے ایک ناوالنی گزشتہ جمعرات سے کوما میں ہیں اور انہیں مصنوعی طور پر آکسیجن فراہم کی جا رہی ہے۔ ہفتے کے روز انہیں ایک خصوصی ہیلی کاپٹر سے سائبیریا کے شہر اومسک سے جرمن دارالحکومت برلن کے ایک ہسپتال میں لایا گیا تھا۔ ناوالنی کی ٹیم کے مطابق انہیں زہر دیا گیا ہے۔ جرمن ڈاکٹروں کے مطابق چوالیس سالہ ناوالنی کے طبی ٹیسٹ کرنے کے بعد ہی علم ہو سکے گا کہ ان کی حالت اچانک کیوں بگڑ گئی تھی۔

[pullquote]بیلا روس: صدر نے مظاہرین کو ’چوہے‘ قرار دے دیا[/pullquote]

بیلا روس کے دارالحکومت منسک میں دوبارہ بڑے احتجاجی مظاہروں کے بعد صدر الیکسانڈر لوکاشینکو مشین گن کے ساتھ، بُلٹ پروف جیکٹ پہنے ہوئے منظر عام پر آئے ہیں۔ صدارتی محل کی جانب جاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ مظاہرین ’چوہوں‘ سے زیادہ کچھ نہیں ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق لوکا شینکو کے دوبارہ انتخاب کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں تقریبا دو لاکھ افراد شریک تھے۔ دوسری جانب مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے بیلاروس کے صدر کا یہ دعویٰ مسترد کر دیا ہے کہ نیٹو کے فوجی بیلاروس کے ساتھ سرحد کے قریب جمع ہو رہے ہیں۔ گزشتہ چھبیس برسوں سے اقتدار پر فائز لوکاشینکو کے مطابق ملکی فوج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]لیبیا: درجنوں مہاجرین کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا[/pullquote]

جرمن امدادی جہاز ’سی واچ فور‘ نے لیبیا کے ساحلوں پر تقریبا ایک سو مہاجرین کو ڈوبنے سے بچا لیا ہے۔ امدادی تنظیم کے مطابق یہ مہاجرین بین الاقوامی پانیوں میں موجود تھے اور ان کی کشتنی ڈوبنے کے قریب تھی۔ بچائے جانے والے مہاجرین میں چھوٹے بچوں کے ساتھ ساتھ کم عمر نوجوان بھی شامل ہیں۔ یہ امدادی بحری جہاز پہلے سمندری تحقیق کے لیے استعمال ہوتا تھا لیکن اب مہاجرین کو بچاتا ہے۔ اس کے زیادہ تر اخراجات چرچ کی فلاحی تنظیمیں برداشت کرتی ہیں۔

[pullquote]ایف سی بائرن نے چیمپئنز لیگ جیت لی[/pullquote]

ایف سی بائرن نے ایک مرتبہ پھر چیمپئنز لیگ جیت لی ہے۔ گزشتہ شب پرتگالی دارالحکومت لزبن میں بائرن میونخ نے فرانسیسی کلب پی ایس جی کو ایک صفر سے شکست دی۔ اس طرح جرمنی کے اس تاریخ ساز کلب نے چھٹی مرتبہ یہ ٹائٹل جیت لیا ہے۔ اس سے قبل کوئی بھی کلب یہ ٹائٹل چھ مرتبہ اپنے نام نہیں کر سکا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے