جمعرات : 27 اگست 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ترکی کی فرانس پر تنقید، جنگی مشقوں کا اعلان[/pullquote]

ترکی نے فرانس پر اشتعال انگیزی کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنے ساحلوں کے قریب نئی بحری مشقیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ قبل ازیں یونان، قبرص اور فرانس نے قبرص کے مغرب میں جنگی مشقوں کا آغاز کیا تھا۔ ان مشقوں میں یونان کے بمبار طیاروں کے ساتھ ساتھ فرانسیسی جنگی طیارے بھی حصہ لے رہے ہیں۔ یونان کے سرکاری ریڈیو کے مطابق آئندہ چند روز میں اٹلی اور فرانس کے بحری بیڑے بھی ان مشقوں میں شامل ہو جائیں گے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق بحیرہ روم میں گیس کا تنازعہ اب فوجی کشیدگی میں بدل رہا ہے۔

[pullquote]بھارت، ایک دن میں ریکارڈ 75 ہزار سے زائد نئے کورونا کیسز[/pullquote]

بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 75 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد ملک میں متاثرین کی تعداد تینتیس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ بھارتی وزارت صحت کی طرف سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک ہزار تئیس مریض چل بسے۔ بھارت میں کووڈ انیس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب ساٹھ ہزار چھ سو سے زائد ہوگئی ہے۔

[pullquote]سمندری طوفان ’لورا‘ امریکی ریاست لوئیزیانا سے ٹکرا گیا[/pullquote]

سمندری طوفان ’لورا‘ امریکی ریاست لوئیزیانا سے ٹکرا گیا ہے۔ یہ سمندری طوفان انتہائی خطرناک ہے اور اسے کیٹیگری فور میں رکھا گیا ہے۔ کیٹیگری فور دوسرے درجے کا خطرناک ترین طوفان ہوتا ہے۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے ساتھ دو سو چالیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور یہ بارشیں خاصی تباہی مچا سکتی ہیں۔

[pullquote]نیوزی لینڈ حملہ آور کو عمر قید کی سزا[/pullquote]

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد پر حملہ کرنے والے شخص کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ جج کی طرف سے انتیس سالہ دائیں بازو کے اس انتہا پسند کو سزا سناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عمر قید کے دوران اسے رہائی نہیں مل سکتی۔ نیوزی لینڈ میں اس نوعیت کی کڑی سزا پہلے کبھی نہیں سنائی گئی۔ مجرم نے سن دو ہزار انیس میں دو مساجد میں فائرنگ کرتے ہوئے اکاون مسلمانوں کو قتل کر دیا تھا جبکہ دیگر پچاس زخمی ہو گئے تھے۔ زندہ بچ جانے والے کئی افراد ابھی تک اس دہشت گردانہ حملے کے اثرات سے باہر نہیں نکل پائے۔

[pullquote]ایران اور آئی اے ای اے کا جوہری تنصیبات کے معائنے پر اتفاق[/pullquote]

ایران اور بین الاقوامی جوہری ادارے انٹرنیشل اٹامک انرجی ایجنسی نے ایران کی مشتبہ جوہری تنصیبات کے معائنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ بین الاقوامی جوہری ادارہ ایک عرصے سے ایران سے دو خفیہ جوہری تنصیبات تک رسائی کی اجازت مانگ رہا تھا۔ تہران میں آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی نے ایرانی جوہری پروگرام کے سربراہ علی اکبر صالحی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے یہ اجازت رضاکارانہ طور پر دی ہے۔ ایران پر الزام تھا کہ تہران اور اصفہان کے مضافاتی مقامات پر جوہری مواد محفوظ کیا گیا ہے۔ ایران نے اس الزام کو مسترد کیا تھا لیکن اب تک ان تنصیبات کے معائنے کی اجازت بھی نہیں دی تھی۔

[pullquote]بحیرہ جنوبی چین میں امریکا اور چین کے درمیان پھر کشیدگی[/pullquote]

چین نے بحیرہ جنوبی چین میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے دو میزائل داغے ہیں۔ اخبار ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق یہ دونوں راکٹ اس سمندری حصے میں گرے، جو جنگی مشقوں کے لیے مختص ہے۔ قبل ازیں امریکا نے اسی علاقے میں جاسوس طیارے داخل کیے تھے۔ چین نے اسے ’اشتعال انگیزی‘ قرار دیتے ہوئے طاقت کا یہ مظاہرہ کیا ہے۔ ساؤتھ چائنا سی میں چین متعدد متنازعہ مقامات کو اپنی ملکیت قرار دیتا ہے۔

[pullquote]امریکا، ٹک ٹاک کے سربراہ نے استعفی دے دیا[/pullquote]

دنیا کی مقبول سوشل میڈیا ویڈیو ایپ ٹک ٹاک کے امریکی سربراہ کیوین مائر مستعفی ہو گئے ہیں۔ ٹک ٹاک چینی ادارے بائٹ ڈانس کی ملکیت ہے۔ امریکی حکومت کا کمپنی پر دباؤ تھا کہ وہ اس کی ملکیت امریکی کمپنی کو بیچ دے۔ حال ہی میں امریکی صدر ٹرمپ نے ٹک ٹاک کے ساتھ تمام معاہدے ختم کرنے اور ستمبر کے وسط سے اس پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا۔ امریکی سافٹ ویئر کمپنی مائیکروسافٹ ٹک ٹاک خریدنے کے لیے کافی عرصے سے کوشش کر رہی ہے۔

[pullquote]ناوالنی کیس، مغرب کے ساتھ تعلقات خراب نہیں ہونے دیں گے، روس[/pullquote]

روس نے اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کو مبینہ طور پر زہر دینے کے واقعے کی جامع تحقیقات کرانے کا یقین دلایا ہے۔ ماسکو حکومت کے مطابق اس کیس کی وجہ سے مغرب کے ساتھ تعلقات کو خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ تاہم روس نے کہا ہے کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ناوالنی کو زہر دیا گیا تھا کیونکہ ابھی طبی معائنے کے حتمی نتائج آنا باقی ہیں۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے سیاسی مخالف ناوالنی سائبریا سے ماسکو جا رہے تھے جب ہوائی جہاز میں ان کی طبعیت خراب ہو گئی تھی۔ ان کے ساتھیوں کو شک ہے کہ انہیں ائیرپورٹ پر چائے میں زہر دیا گیا۔ بعدازاں انہیں علاج کے لیے جرمن دارالحکومت برلن منتقل کر دیا گیا۔

[pullquote]قبرص کے قریب جنگی مشقیں، فرانس بھی شریک[/pullquote]

یونان، قبرص اور فرانس نے قبرص کے مغرب میں جنگی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ان مشقوں میں یونان کے بمبار طیاروں کے ساتھ ساتھ فرانسیسی جنگی طیارے بھی حصہ لے رہے ہیں۔ یونان کے سرکاری ریڈیو کے مطابق آئندہ چند روز میں اٹلی اور فرانس کے بحری بیڑے بھی ان مشقوں میں شامل ہو جائیں گے۔ یہ جنگی مشقیں ترکی کی طرف سے بحیرہ روم میں گیس کی تلاش شروع کرنے کے جواب میں شروع کی گئی ہیں۔ قبل ازیں ترک وزارت دفاع نے بھی ان کے جواب میں جنگی مشقوں کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔ کشیدگی پر قابو پانے کے لیے جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس خطے کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے یونان اور ترکی کو اپنے تنازعات بات چیت سے حل کرنے کی اپیل کی ہے۔

[pullquote]جرمنی، یورپ سے باہر سفر کرنے والوں کے لیے وارننگ میں توسیع[/pullquote]

جرمنی نے کورونا وائرس کے خطرے کے باعث یورپ سے باہر سفر کرنے والوں کے لیے وارننگ میں توسیع کر دی ہے۔ یہ وارننگ ایک سو ساٹھ ممالک کے لیے جاری کی گئی ہے۔ یہ تنبیہ فی الحال چودہ ستمبر تک کے لیے ہے، جس کے بعد حالات دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا۔ جرمنی نے کورونا وائرس کے آغاز میں دنیا کے تمام ممالک کے لیے سیاحتی سفر پر پابندی عائد کر دی تھی لیکن پھر جون میں یورپی ممالک میں سفر کی اجازت دے دی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے