اتوار : 30 اگست 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت: ايک دن ميں 78 ہزار سے زائد کورونا کيسز کا ريکارڈ اضافہ[/pullquote]

بھارت میں ايک دن ميں 78,761 نئے کيسز کے بعد نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی مجموعی تعداد 35 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر ميں اب تک 63 ہزار سے زائد افراد اس مہلک مرض سے ہلاک ہو چکے ہيں۔ امريکا کی جان ہاپکنز يونيورسٹی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق دنيا بھر ميں کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد اب 25 ملين سے تجاوز کر گئی ہے۔ متاثرين کی تعداد کے اعتبار سے امريکا 5.9 ملين کے ساتھ پہلے، برازيل 3.8 ملين کے ساتھ دوسرے اور بھارت 3.5 ملين مریضوں کے ساتھ تيسرے نمبر پر ہے۔ دنيا بھر ميں اب تک تقريباً ساڑھے آٹھ لاکھ افراد اس مہلک مرض کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہيں۔

[pullquote]افغان صدر نے اعلیٰ قومی مصالحتی کونسل کے ارکان کا اعلان کر دیا[/pullquote]

افغان صدر اشرف غنی نے اعلیٰ کونسل برائے افغان قومی مصالحت کے نئے ارکان کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کونسل کے نئے ارکان کے ناموں میں سرکردہ سیاست دان، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما اور نمایاں مذہبی شخصیات شامل ہیں۔ صدر غنی نے ہفتہ کی شب اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئے ارکان کے طور پر ملکی سطح کے سیاست دانوں کا انتخاب ملک میں خانہ جنگی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے قومی اتفاق رائے کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ افغانستان میں اعلیٰ کونسل برائے قومی مصالحت ایک ایسا ادارہ ہے، جس کے ارکان کی تعداد 21 ہوتی ہے اور جس کا کام طالبان عسکریت پسندوں کی قیادت یا اس کے نمائندوں کے ساتھ بالمشافہ امن مذاکرات کی نگرانی کرنا ہے۔

[pullquote]ناروے میں اسلام مخالف ریلی میں جھڑپیں[/pullquote]

ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں اسلام مخالف ریلی میں مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن کے اوراق پھاڑ دیے جانے کے بعد جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا اور تیس افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ ہفتے کے روز اسلام مخالف اس ریلی کا انعقاد ’اسٹاپ اسلامائزیشن آف ناروے‘ نامی گروپ نے ملکی پارلیمانی عمارت کے قریب کیا تھا۔ جمعے کے روز دائیں بازو کے انتہاپسندوں نے ایسا ہی ایک اسلام مخالف مظاہرہ سویڈن میں بھی کیا تھا۔

[pullquote]بھارتی کشمیر: محرم کے جلوس میں جھڑپیں، متعدد زخمی[/pullquote]

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں محرم کے ایک جلوس کے دوران شیعہ عزا داروں اور بھارتی سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ سری نگر میں بھارتی فورسز نے ہفتہ کے روز جلوس میں شریک سینکڑوں شیعہ مسلمانوں کو منتشر کرنے کے لیے شاٹ گن پیلٹس اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ان جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ جلوس میں شرکا نے کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ کورونا وبا کے دوران کشمیر میں مذہبی یا عوامی اجتماع کی اجازت نہیں ہے۔

[pullquote]فرانسیسی سینئر افسر نے مبینہ طور پر روسی خفیہ سروس کو حساس دستاویز منتقل کیں، فرانسیسی وزیر[/pullquote]

فرانسیسی مسلح افواج کے وزیر فلورینس پارلے نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ اٹلی میں نیٹو کے اسٹیشن میں تعینات ایک سینئر فرانسیسی افسر کے خلاف ’سکیورٹی کی مشتبہ خلاف ورزی‘ کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ یورپ ون ریڈیو کے مطابق سینئر فرانسیسی افسر پر روسی خفیہ سروس کو حساس دستاویز منتقل کرنے کا شبہ ہے۔ پارلے نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے یورپ ون کو بتایا کہ اس مشتبہ افسر کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

[pullquote]صدر ٹرمپ بدامنی کے شکار کینوشا کا دورہ کریں گے[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ہفتے منگل کے روز کینوشا کا دورہ کر رہے ہیں۔ امریکی ریاست وسکونسن کے شہر کینوشا میں ایک سیاہ فام شخص کی پشت پر پولیس کی فائرنگ کے بعد سے احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کینوشا میں مزید پرتشدد مظاہروں کو روکنے کے لیے وہاں وفاقی حکومت کی فورسز بھیجی تھیں۔ ٹرمپ کی صدارتی انتخابی مہم کا مرکزی پیغام ’امن و امان‘ کا وعدہ ہے۔

[pullquote]برلن میں کورونا پالیسی کے خلاف احتجاج، سینکڑوں افراد گرفتار[/pullquote]

کورونا وائرس سے متعلق حکومتی پابندیوں کے خلاف ہزاروں افراد نے جرمن دارالحکومت برلن میں ہفتے کے روز مظاہرے کیے۔ ان مظاہروں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومتی اقدامات پر ناراض افراد کے ساتھ ساتھ کورونا سے انکار کرنے والے، ویکسینیشن مخالفین، اور دائیں بازو کے انتہاپسند گروپوں نے بھی حصہ لیا۔ پولیس کے مطابق بعض افراد نے وفاقی پارلیمان کی تاریخی عمارت رائش ٹاگ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ ان مظاہروں میں تین سو افراد کی گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔ متعدد مظاہروں کے دوران شہر بھر میں عمومی طور پر صورتحال پر امن رہی۔

[pullquote]گیس کے ذخائر کا تنازعہ: یونان کو ترکی کی دھمکی[/pullquote]

مشرقی بحیرہ روم میں یونان اور ترکی کے علاقائی دعوؤں کے تنازعے میں انقرہ نے ایتھنز حکومت کو عسکری محاذ آرائی کی دھمکی دی ہے۔ ترکی کے نائب صدر فوات اوکتے نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر یونان بحیرہ ایجیئن کے پانیوں میں اپنے علاقوں میں توسیع کرتا ہے تو یہ ’جنگ کی ایک ممکنہ وجہ‘ ہو سکتی ہے۔ ایتھنز حکومت نے انقرہ کی اس دھمکی پر شدید تنقید کی ہے۔ مشرقی بحیرہ روم میں توانائی کے ذخائر کی تلاش کے حوالے سے یونان اور ترکی کے درمیان تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔

[pullquote]اسرائیل بھر میں نیتن یاہو کے خلاف احتجاجی مظاہرے[/pullquote]

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے خلاف اسرائیل بھر میں نئے مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ مظاہرین نے ایک مرتبہ پھر نیتن یاہو سے مالی بدعنوانی کے الزامات اور کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے میں ناکامی پر استعفے کا مطالبہ کیا۔ پولیس کے مطابق صرف یروشلم میں لگ بھگ دس ہزار افراد سڑکوں پر نکل آئے جبکہ تل ابیب میں مظاہرین نے متعدد سڑکیں بلاک کر دیں۔ دیگر اسرائیلی علاقوں میں بھی ایسے ہی متعدد احتجاجی مظاہروں کی اطلاع ہے۔

[pullquote]بیلاروس میں صحافیوں کے خلاف کارروائی ایک خطرناک اقدام، جرمن وزیر خارجہ[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے بیلاروس میں صحافیوں کے خلاف ’آمرانہ حکومت‘ کے اقدامات پر کڑی تنقید کی ہے۔ ماس کے مطابق صحافیوں کو غیر قانونی طور پر اپنا کام کرنے سے روکا جانا اور ان کے صحافتی اجازت نامے واپس لیا جانا ناقابل قبول ہے۔ بیلاروس کی قیادت نے ملک میں موجود غیر ملکی میڈیا کے کئی نمائندوں کے اجازت نامہ واپس لے لیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جرمنی میں بیلاروس کے سفیر کو وزارت خارجہ طلب کیا گیا ہے۔ ادھر ماسکو حکومت نے بتایا ہے کہ بیلاروس کے سربراہ الیکسانڈر لوکاشینکو اور روسی صدر ولادیمر پوٹن نے آئندہ ہفتوں کے دوران ماسکو میں ملاقات پر اتفاق کر لیا ہے۔

[pullquote]مونٹی نیگرو میں عام انتخابات[/pullquote]

بلقان خطے کے ملک مونٹی نیگرو میں اتوار کے روز عوام عام انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ امکان ہے حکمران اتحاد میں شامل سب سے بڑی جماعت DPS ان انتخابات میں بھی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ مونٹی نیگرو کے صدر میلو جوکانووچ، سن 1991 سے ملکی سیاست پر حاوی ہیں۔ ناقدین ان پر مالی بدعنوانی اور منظم جرائم میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہیں۔ کورونا وبا کے سبب بلقان خطے کے اس چھوٹے سے ملک کو معاشی بحران کا سامنا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے