اتوار : 06 ستمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت: کورونا کے مزید نوے ہزار سے زائد کيسز کا نيا ريکارڈ[/pullquote]

بھارت ميں کورونا وائرس کے کيسز ميں ريکارڈ اضافہ نوٹ کيا گيا ہے اور پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران 90,632 نئے کيسز سامنے آئے ہیں۔ یہ دنيا کے کسی بھی ملک ميں ايک دن ميں ريکارڈ کيے جانے والے سب سے زيادہ کيسز ہيں۔ بھارت ميں کيسز کی مجموعی تعداد چار اعشاريہ ايک ملين سے زائد ہو گئی ہے جبکہ ساڑھے ستر ہزار سے زيادہ افراد اس مہلک مرض کی وجہ سے جان کی بازی ہار چکے ہيں۔ بھارت ميں کيسز اگر اسی رفتار سے بڑھے تو امکان ہے کہ کل بروز پير بھارت دنیا میں کورونا سے متاثرہ دوسرا بڑا ملک بن جائے۔ اس وقت امريکا کی بعد برازيل اس پوزيشن پر ہے۔

[pullquote]کورونا سے نمٹنے کے ليے جرمنی کی بھارت کے لیے امداد[/pullquote]

جرمنی کی طرف سے بھارت کو 330,000 ہزار کورونا ٹيسٹ کٹس اور چھ لاکھ حفاظتی لباس فراہم کيے جا رہے ہيں۔ ساتھ ہی کورونا کے بحران کی وجہ سے بیروزگار ہو جانے والوں کی مدد کے ليے ساڑھے چار سو ملين سے زائد يورو کے قرضے بھی فراہم کيے جا رہے ہيں۔ اتوار کو شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں جرمن وزير ترقیات گيرڈ ميولر نے کہا کہ جرمنی کی جانب سے یہ امدادی پیکج کسی بھی ترقی پذير ملک کو دی جانے والی سب سے بڑی امداد ميں شامل ہے۔ بھارت کورونا کے بحران سے متاثر تيسرا بڑا ملک ہے جہاں کيسز کی تعداد چار ملين سے تجاوز کر گئی ہے۔

[pullquote]برمنگہم ميں چاقو کے حملے، ایک ہلاک کئی زخمی[/pullquote]

برطانيہ کے شہر برمنگہم ميں چاقو کے حملوں ميں ايک شخص ہلاک اور سات زخمی ہو گئے ہيں۔ ويسٹ مڈلينڈز پوليس کو ہفتے اور اتوار کی درميانی شب ساڑھے بارہ بجے شہر کے مرکز ميں چاقو سے حملے کی پہلی اطلاع موصول ہوئی جبکہ بعد میں اسی علاقے سے چاقو سے وار کے مزید واقعات رپورٹ ہوئے۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے اسے گھیرے میں لے لیا ہيں۔ حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔ اس واردات کے محرکات واضح نہيں۔ حکام نے بتايا ہے کہ فی الحال ايسے کوئی شواہد نہيں کہ اس کارروائی ميں دہشت گردی کا کوئی عنصر ہے۔ تاہم پوليس کے مطابق چاقو سے حملوں کی مختلف وارداتوں کا بظاہر آپس ميں تعلق ہے۔

[pullquote]بیلاروس میں صدر لوکاشینکو کے خلاف مظاہرے جاری[/pullquote]

مشرقی یورپ کے ملک بیلاروس میں نو اگست کے صدارتی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اتوار کو پھر ہزاروں لوگ دارالحکومت منسک کی سڑکوں پر نکلے ہیں۔ ہفتے کو بھی خواتین سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا اور صدر لوکاشینکو کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ چار ہفتوں سے جاری عوامی غم و غصے کی لہر میں نوجوانوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں پر مسلسل تشدد کی شکایتیں ہیں۔صدر لوکاشینکو کا اپنے مغربی ہمسایہ ممالک پر الزام ہے کہ وہ حکومت مخالف تحریک کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

[pullquote]افغان قیام امن، طالبان کی ٹيم دوحہ پہنچ گئی[/pullquote]

افغانستان میں قیام امن کے لیے طالبان کی مذاکراتی ٹيم قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئی ہے۔ افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد پہلے ہی جمعے کو دوحہ پہنچ چکے ہیں۔ جبکہ افغان حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ ان کی ٹيم بھی دوحہ روانگی کے ليے تيار ہے۔ طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کے مطابق توقع ہے کہ کچھ تکنیکی معاملات طے ہونے کے بعد مذاکرات جلد شروع ہو جائیں گے۔ اس سے پہلے افغان طالبان کی ٹيم پاکستان کا دورہ کر چکی ہے، جہاں قیام امن سے متعلق نکات پر تبادلہ خيال ہوا۔ امريکا کی طالبان کے ساتھ فروری ميں طے پانے والی ڈيل کے تحت يہ مذاکرات مارچ ميں شروع ہونے تھے مگر طالبان قيديوں کی رہائی کا معاملہ اس ميں تاخير کا سبب بنتا رہا۔

[pullquote]ترک صدر کی يونان کو دھمکی[/pullquote]

ترک صدر رجب طيب ايردوآن نے يونان کو دھمکی دی ہے کہ يا تو وہ مشرقی بحيرہ روم کے متنازعہ سمندری علاقے پر مذاکرات کرے يا پھر نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہے۔ استنبول ميں ايک ہسپتال کی افتتاحی تقريب ميں شرکت کے دوران ايردوآن نے کہا کہ ايتھنر حکومت جلد يہ بات سمجھ جائے گی کہ ترکی سياسی، عسکری اور اقتصادی سطح پر يہ صلاحيت رکھتا ہے کہ وہ بے بنياد نقشے اور دستاويزات پھاڑ کر پھينک دے جن کی بنياد پر يونان متنازعہ علاقوں پر ملکيت کا دعوی کرتا ہے۔ صدر ایردوان کا يہ بيان ايک ايسے موقع پر سامنے آيا ہے، جب ترک مسلح افواج آج اتوار سے قبرص کے پاس جنگی مشقيں شروع کر رہی ہيں۔

[pullquote]ليبيا ميں قيام امن، مخالف دھڑوں کی مراکش ميں ملاقات[/pullquote]

افريقی ملک ليبيا کے مخالف سياسی دھڑوں کے نمائندے اتوار کو مراکش ميں ملاقات کر رہے ہيں۔ فریقین میں اقوام متحدہ کی حمايت يافتہ حکومت اور باغی رہنما خليفہ ہفتر کی حامی افواج شامل ہیں۔ مراکش میں سفارتی ذرائع کے مطابق آج کی ملاقات ميں دونوں متحارب گروپوں کے پانچ پانچ نمائندے شرکت کر رہے ہيں۔ ملاقات کا مقصد باقاعدہ امن مذاکرات کے ليے شرائط طے کرنا ہے۔ ليبيا ميں برسرپيکار دونوں گروپوں نے بائيس اگست کو جنگ بندی کا اعلان کيا تھا، جس پر عملدرآمد جاری ہے۔ کئی سال سے خانہ جنگی کے شکار ملک ليبيا ميں قيام امن کے ليے اسے ايک بڑی پيش رفت کے طور پر ديکھا جا رہا ہے۔

[pullquote]مالی ميں دو فرانسيسی فوجی ہلاک[/pullquote]

مالی ميں دو فرانسيسی فوجی مارے گئے ہيں۔ پيرس ميں صدر ايمانوئل ماکروں کے دفتر سے اتوار کو جاری ایک بيان ميں بتايا گيا کہ دونوں فوجی ايک بکتر بند گاڑی پر حملے ميں ہلاک ہوئے۔ صدر ماکروں نے کہا ہے کہ دونوں فوجی انسداد دہشت گردی کی کارروائيوں کے دوران ساحل کے خطے ميں ہلاک ہوئے۔ مالی میں فرانس کے پانچ ہزار سے زائد فوجی تعينات ہيں۔

[pullquote]جاپان ميں طاقتور سمندری طوفان کی ‌آمد[/pullquote]

جاپان میں طاقتور سمندری طوفان ’ہائيشن‘ کے باعث ملک کے جنوبی حصوں ميں شديد بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور طوفان کيوشو جزيرے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ سيلابی ريلوں اور تيز رفتار ہواؤں کے پيش نظر تقريباً سولہ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدايت جاری کر دی گئی ہے۔ طوفان کے ساتھ چھ سو ملی ميٹر بارش کی توقع ہے۔ اتوار کو سينکڑوں پروازيں منسوخ ہوگئیں جبکہ پير کی بھی ساڑھے پانچ سو سے زائد پروازيں منسوخ کر دی گئی ہيں۔ کيوشو ميں چاليس ہزار سے زائد مکانات کی بجلی منقطع ہو گئی ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ ميں عوام پھر سڑکوں پر[/pullquote]

ہانگ کانگ ميں حکومت کی طرف سے انتخابات ملتوی کیے جانے کے خلاف اتوار کو پھر مظاہرے ہوئے ہیں۔ اس دوران کم از کم تيس مظاہرين کو گرفتار کر ليا گيا۔ جن افراد کو حراست ميں ليا گيا ہے ان ميں جمہوريت کے حق ميں تحريک چلانے والے کئی سرکردہ کارکن شامل ہيں۔ ہانگ کانگ ميں قانون ساز اسمبلی کے ليے آج انتخابات ہونے تھے مگر اس شہر کی رہنما کيری ليم نے کورونا وائرس کو وجہ بتاتے ہوئے انتخابات ايک سال کے ليے ملتوی کر ديا تھا۔

[pullquote]چينی خلائی جہاز کی کامياب آزمائشی پرواز[/pullquote]

چين نے ايک ايسے خلائی جہاز کی آزمائشی پرواز کی ہے، جسے بار بار استعمال کيا جا سکے گا۔ یہ اسپیس کرافٹ جمعے کو شمال مغربی چين سے خلا ميں گيا اور دو دن گزارنے کے بعد اتوار کو بحفاظت زمين پر لوٹ آيا۔ امريکا کے پاس پہلے سے یہ ٹيکنالوجی ہے لیکن اب چین بھی اس میں آگے آ رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے