جمعرات : 10 ستمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یورپی ممالک ترکی کے حوالے سے اتحاد کا مظاہرہ کریں، ماکروں[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے یورپی یونین کے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ترکی کے حوالے سے اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ ترکی کے ساتھ مزید کشیدگی نہیں چاہتے۔ ترکی اور یونان کے مابین قبرص کے قریب گیس کے ذخائر کی ملکیت کا تنازعہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے اور اس حوالے سے فرانس یونان کے ساتھ کھڑا ہے۔ فرانس کے برعکس یورپی یونین کے کئی دیگر ممالک ترکی کے حوالے سے نرم رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔ فرانس میں بحیرہ روم کے ممالک کی ایک کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے، جس میں یورپی ممالک کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔

[pullquote]امریکا نے ایک ہزار سے زائد چینی طلبہ کے ویزے منسوخ کر دیے[/pullquote]

امریکی حکومت نے ایک ہزار سے زائد چینی طلبہ کے ویزے منسوخ کر دیے ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مئی میں بعض چینی طلبہ اور محققین کے امریکا میں داخلے کو محدود کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکی صدر نے کہا تھا کہ بیجنگ حکومت کی جانب سے حساس امریکی ٹیکنالوجی اور املاک دانش کے حصول کے لیے چینی طلبہ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ امریکا نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ چین امریکی یونیورسٹیوں میں کووڈ انیس پر ہونے والی تحقیقات کو چرانے کی کوشش کر رہا ہے اور چینی حکومت کی جانب سے جاسوسی کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں۔ چین ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

[pullquote]سعودی عرب میں ’اہم اہداف‘ کو نشانہ بنایا ہے، حوثی باغی[/pullquote]

یمن کے حوثی باغیوں کے مطابق انہوں نے میزائل اور ڈرونز کے ذریعے سعودی عرب کے ’اہم اہداف‘ کو نشانہ بنایا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران حوثی باغیوں کی طرف سے یہ چھٹی ایسی کارروائی ہے۔ دوسری جانب سعودی عسکری اتحاد نے اس چھٹے حملے کو بھی ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ عسکری اتحاد کے مطابق حوثی باغیوں کی طرف سے نجران کے علاقے میں مسلسل سویلین ٹھکانوں کو ہدف بنایا جا رہا ہے۔ یمنی حوثی باغیوں کو ایرانی حمایت بھی حاصل ہے۔ یمن کی جنگ کی وجہ سے لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ اس بحران کو بدترین انسانی المیہ قرار دے چکی ہے۔

[pullquote]امریکا عراق اور ایران سے ہزاروں فوجیوں کے انخلاء کی تیاریوں میں[/pullquote]

امریکا نومبر میں عراق اور افغانستان سے ہزاروں فوجیوں کو نکالنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ امریکی کمانڈر برائے مشرق وسطیٰ جنرل فرینک میک کینزی نے یہ بات بدھ کے روز اپنے دورہ عراق کے دوران بتائی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی انتخابات سے پہلے پہلے اپنا وہ انتخابی نعرہ مکمل کرنا چاہتے ہیں، جس میں انہوں نے ’نہ ختم ہونے والی جنگوں‘ میں سے امریکی فوج کو نکالنے کا کہا تھا۔ افغانستان میں اس وقت تقریبا ساڑھے آٹھ ہزار امریکی فوجی موجود ہیں، جن کی تعداد کم کرتے ہوئے ساڑھے چار ہزار تک کی جائے گی۔

[pullquote]چین، روس اور دیگر اتحادیوں کی مشترکہ فوجی مشقیں[/pullquote]

رواں ماہ کے آواخر میں چین اور روس مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز کر رہے ہیں۔ چینی وزارت دفاع کے مطابق روس کے جنوب میں ہونے والی ان مشقوں میں پاکستان، بیلاروس، ایران، میانمار اور آرمینیا کے فوجی دستے بھی شریک ہوں گے۔ اکیس سے چھبیس ستمبر تک جاری رہنے والی ان مشقوں میں میدان جنگ میں کنٹرول اینڈ کمانڈ کے ساتھ ساتھ دفاعی حربوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ حالیہ برسوں کے دوران چین اور روس کے فوجی اور سفارتی تعاون میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اقوام متحدہ میں بھی یہ دونوں ممالک شام اور شمالی کوریا جیسے مسائل پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔

[pullquote]بھارت میں ریکارڈ نئے کورونا کیسز کا اندراج[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز سامنے آنے کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔ اس ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پچانوے ہزار سات سو سے زائد کیس سامنے آئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد گیارہ سو بہتر رہی۔ وزارت صحت کے مطابق اس طرح بھارت میں کوورنا کے مریضوں کی مجموعی تعداد چوالیس لاکھ تک پہنچ گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد پچھہتر ہزار سے زائد بنتی ہے۔ اس وقت دنیا میں کورونا وائرس سب سے زیادہ تیزی سے بھارت میں پھیل رہا ہے اور امریکا کے بعد یہ ملک کورونا سے دوسرا متاثرہ ترین ملک بنتا ہے۔

[pullquote]راز افشا کرنے کے الزام میں پانچ ترک صحافیوں کو سزا[/pullquote]

استنبول کی ایک عدالت نے راز افشا کرنے کے الزام میں پانچ ترک صحافیوں کو قید کی سزائیں سنا دی ہیں۔ سزائیں پانے والوں میں اپوزیشن کے آن لائن پلیٹ فارم ’اوڈا ٹی وی‘ کے چیف ایڈیٹر بارس پہلیوان بھی شامل ہیں۔ انہیں تین برس نو ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ ان صحافیوں پر لگے دیگر الزامات میں لیبیا میں ہلاک ہونے والے ترک خفیہ سروس ایم آئی ٹی کے ایک ملازم کی شناخت ظاہر کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔

[pullquote]یونانی مہاجر کیمپ میں آتشزدگی، جرمنی میں احتجاج[/pullquote]

یونانی جزیرے لیسبوس کے موریا مہاجرکیمپ میں آتشزدگی کے بعد ہزاروں افراد نے جرمنی میں احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔ ان مظاہرین کا وفاقی حکومت سے مطالبہ تھا کہ وہاں پھنسے مہاجرین کو جرمنی میں سیاسی پناہ فراہم کی جائے۔ سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ دارالحکومت برلن میں ہوا، جس میں تقریبا دس ہزار افراد شریک تھے۔ اسی طرح کولون میں ہونے والے مظاہرے میں تین ہزار افراد جبکہ ہیمبرگ کے مظاہرے میں پچیس سو افراد شریک ہوئے۔ بدھ کو موریا مہاجر کیمپ میں لگنے والے آگ کے نتیجے میں وہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا ہے۔

[pullquote]داعش کے خلاف مصروف عمل جرمن فوجیوں کی تعداد میں کمی[/pullquote]

شام اور عراق میں داعش کی جہادی ملیشیا کے خلاف بین الاقوامی فوجی آپریشن میں حصہ لینے والے جرمن فوجیوں کی تعداد میں کمی کر دی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ کے ایک فیصلے کے مطابق اس مشن میں اب زیادہ سے زیادہ پانچ سو جرمن فوجی حصہ لے سکیں گے۔ پہلے یہ تعداد تقریبا سات سو تھی۔ اسی طرح اردن میں تعینات جرمن جاسوس ٹورناڈو طیاروں کو بھی واپس بلایا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی فوجی مشن میں شریک یہ جرمن اہلکار فضائی نگرانی، ہوائی نقل و حمل اور عراقی فوج کو مشاورت فراہم کر رہے ہیں۔ جرمنی جنوری دو ہزار بائیس تک اس مشن میں شریک رہے گا۔

[pullquote]ناوالنی حملے میں ’اعلی روسی اہلکار‘ ملوث ہو سکتے ہیں، امریکی وزیر خارجہ[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے مطابق روسی اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی کو زہر دیے جانے کے پیچھے ’اعلی روسی اہلکاروں‘ کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ’اختلاف رائے کو خاموش کروانے‘ کی ایک کوشش ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب روس ان الزامات کو مسترد کرتا ہے کہ ناوالنی کو زہر دیے جانے کے واقعے کے پیچھے ان کے اہلکاروں کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ الیکسی ناوالنی کا علاج اس وقت برلن کے ایک ہسپتال میں جاری ہے۔ جی سیون ممالک نے اس حوالے سے روس سے جلد از جلد وضاحت پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے