[pullquote]افغان حکومت اور طالبان کے مابين امن مذاکرات شروع[/pullquote]
افغان حکومت اور طالبان کے درميان براہ راست مذاکرات آج سے شروع ہو گئے ہيں۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ ميں ان مذاکرات کی افتتاحی تقريب سے خطاب کرتے ہوئے امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو نے کہا کہ جنگ زدہ ملک افغانستان ميں قيام امن کا يہ ايک سنہری موقع ہے۔ کابل حکومت کے وفد کی سربراہی کرنے والے عبداللہ عبداللہ نے بات چيت کے آغاز پر طالبان سے جنگ بندی کی اپيل کی ہے۔ جبکہ طالبان کے وفد کے سربراہ ملا غنی برادر نے اپنے ابتدائی بيان ميں طالبان کا ديرينہ مطالبہ دہرايا کہ ملک ميں اسلامی نظام نافذ کيا جائے۔ ماہرين نے کہا ہے کہ کسی سمجھوتے تک پہنچنا ايک پيچيدہ معاملہ ہے اور اس سلسلے ميں کافی وقت لگ سکتا ہے۔
[pullquote]افغان امن عمل، نيٹو اور يورپی يونين کی جانب سے تعريف[/pullquote]
يورپی يونين اور مغربی دفاعی اتحاد نيٹو نے دوحہ ميں کابل حکومت اور طالبان کے مابين مذاکرات کے آغاز کو سراہا ہے۔ يورپی يونين کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوريل نے تمام فريقوں پر زور ديا کہ وہ اس موقع سے فائد اٹھاتے ہوئے ملک گير سطح پر اور فوری جنگ بندی کريں۔ نيٹو کی جانب سے کہا گيا ہے کہ امن عمل ميں پيش رفت اور حالات کو ديکھتے ہوئے افغانستان سے افواج کے انخلاء يا اس کی تعداد ميں رد و بدل پر بات چيت کی جا سکتی ہے۔ تاہم نيٹو نے خبردار بھی کيا کہ امن عمل کے باوجود اس وقت افغانستان ميں پر تشدد واقعات بہت زيادہ ہو رہے ہيں۔ سيکرٹری جنرل ژينس اشٹولٹن برگ نے ايک ٹوئيٹ ميں کہا کہ اس بات کو يقينی بنايا جائے کہ افغانستان دوبارہ دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہ بنے۔
[pullquote]بحرين اور اسرائيل کا تعلقات معمول پر لانے کا فیصلہ[/pullquote]
متحدہ عرب امارات کے بعد بحرين اسرائيل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے والی دوسری عرب رياست بن گئی ہے۔ اس پيش رفت کا اعلان امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کی شب کيا۔ ٹرمپ نے اسرائيلی وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو اور بحرين کے شاہ حماد کے ساتھ جاری کردہ مشترکہ بيان ميں کہا کہ يہ تاريخی معاہدہ مشرق وسطی ميں قيام امن کی راہ ہموار کرے گا۔ متحدہ عرب امارات کی طرح اب بحرین بھی اسرائيل کے ساتھ سفارتی، سلامتی، تجارتی اور تمام شعبوں ميں تعلقات قائم کر سکے گا۔ دوسری جانب اعلیٰ فلسطينی قيادت نے اسے رياست فلسطين کی پيٹھ ميں خنجر مارنے سے تعبير کيا ہے۔
[pullquote]اسرائيل کے ساتھ تعلقات قائم، ايران اور ترکی کی بحرين پر تنقيد[/pullquote]
ترکی نے بحرين کی جانب سے اسرائيل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے فيصلے کو فلسطين کے ليے ايک اور دھچکہ قرار ديا ہے۔ انقرہ ميں وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بيان ميں اس پيش رفت پر تشويش ظاہر کی گئی۔ ترکی کے مطابق يہ فيصلہ بين لاقوامی سطح پر تسليم شدہ معاہدوں کی خلاف ورزی کے زمرے ميں آتا ہے۔ اسی طرح ايران نے بھی بحرين کے فيصلے پر تنقيد کی ہے۔ وزارت خارجہ کے بيان ميں کہا گيا ہے کہ اب بحرين کی اعلٰی قيادت بھی اسرائيلی رياست کے ساتھ ان جرائم ميں پارٹنر ہے، جن کے ذريعے وہ پورے کے پورے خطے کی سلامتی اور اسلام کو خطرے ميں ڈالتا ہے۔
[pullquote]ايران ميں ريسلر نويد افکاری کی سزائے موت پر عمل در آمد[/pullquote]
ايران ميں نويد افکاری کی سزائے موت پر عمل در آمد کر ديا گيا ہے۔ سرکاری ٹيلی وژن کے مطابق ستائيس سالہ ريسلر کو جنوبی شہر شيراز کی عادل آباد جيل ميں سزائے موت دی گئی۔ فوری طور پر يہ واضح نہيں کہ ان کی سزائے موت پر عملدرآمد کب کيا گيا۔ پچھلے ہفتے ريسلنگ کميونٹی، بشمول انٹرنيشنل اولمپک کميٹی کے سربراہ تھوماس باخ، نے ان کی سزا کے خلاف احتجاج کيا جبکہ امريکی صدر نے بھی ايک ٹوئيٹ ميں ايرانی قيادت سے مطالبہ کيا تھا کہ افکاری کی زندگی بخش دی جائے۔ ايرانی حکام کا کہنا ہے کہ دو برس قبل ہونے والے حکومت مخالفت مظاہروں کے دوران افکاری نے ايک سکيورٹی گارڈ کی جان لی تھی اور اسی کی انہيں سزا دی گئی۔
[pullquote]بھارت ميں کورونا وائرس کے ريکارڈ کيسز[/pullquote]
بھارت ميں پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 97,570 نئے کيسز سامنے آئے ہيں، جو ايک دن ميں سب سے زيادہ کيسز کا ايک نيا ريکارڈ ہے۔ اس اضافے کے بعد بھارت ميں متاثرين کی مجموعی تعداد 4.65 ملين ہو گئی ہے۔ بھارت متاثرين کے لحاظ سے امريکا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ مہاراشٹرا سب سے زيادہ متاثرہ رياست ہے جہاں اب تک دس لاکھ سے زائد افراد ميں اس مہلک مرض کی تشخيص ہو چکی ہے۔ بھارت ميں اس وقت يہ وائرس سب سے زیادہ تيز رفتاری سے پھيل رہا ہے۔ حکومتی اہلکاروں اور ماہرين کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافے کی ایک وجہ اقتصادی و ثقافتی سرگرميوں کی بحالی بھی ہے۔
[pullquote]کورونا وائرس: عالمی اعداد و شمار[/pullquote]
دنيا بھر ميں کورونا وائرس کے کيسز کے تعداد 28.33 ملين ہو گئی ہے جبکہ 910,299 افراد اب تک اس مہلک مرض کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بيٹھے ہيں۔ پچھلے سال کے اواخر ميں چينی شہر ووہان سے پھيلنے والا يہ وائرس اب تک دنيا کے 210 ممالک اور خطوں ميں پھيل چکا ہے۔ سب سے زيادہ متاثرہ ممالک ميں امريکا، بھارت، برازيل، روس اور پيرو نماياں ہيں۔ اب تک بيس لاکھ کے قريب افراد اس وائرس سے صحت ياب بھی ہو چکے ہيں۔
[pullquote]کانگو ميں سونے کی کان منہدم، درجنوں کان کن ہلاک[/pullquote]
افريقی ملک کانگو ميں سونے کی ايک کان منہدم ہونے کے بعد کم از کم پچاس کان کنوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ جنوبی صوبہ کيوو ميں کامیٹوگا کے مقام پر يہ حادثہ جمعے کی رات شديد بارشوں کے بعد پيش آيا۔ صوبائی گورنر نے پچاس کان کنوں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کيا ہے۔ حکام کے مطابق شديد بارشوں کے نتيجے ميں سيلاب آ گيا، جو امکاناً اس حادثے کی وجہ بنا۔ مقامی سطح پر دو روزہ سوگ کا اعلان کيا گيا ہے۔ حکام کے مطابق معاملے کی تفتيش بھی کی جائے گی۔
[pullquote]کولمبيا ميں مظاہروں کے دوران بد امنی، سينکڑوں زخمی[/pullquote]
کولمبيا ميں پوليس اہلکاروں کی ايک شخص پر تشدد کی ويڈيو عام ہونے کے بعد وسيع تر احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے ہيں۔ بد امنی اور مظاہروں ميں اب تک تيرہ افراد ہلاک اور چار سو سے زائد زخمی ہو چکے ہيں، جس کے نتيجے ميں ملک کے وزير دفاع نے عوام سے معافی مانگی ہے۔ ويڈيو بدھ کے روز عام ہوئی، جس کے بعد تين دن سے ملک کے تمام بڑے شہروں ميں احتجاجی مظاہرے جاری ہيں۔ پوليس کے عوام پر تشدد کی کئی اور ويڈيوز بھی سماجی رابطوں کی ويب سائٹس پر گردش کر رہی ہيں، جس سے عوام ميں غم و غصہ مزيد بڑھ رہا ہے۔
[pullquote]امريکا ميں جنگلاتی آگ، ہلاک شدگان کی تعداد 16[/pullquote]
امريکا کے شمال مغربی حصوں ميں جنگلاتی آگ نے تباہی مچا رکھی ہے۔ جنگلاتی آگ نے اوريگن، کيلیفورنيا اور واشنگٹن کی رياستوں کے وسيع تر جنگلاتی علاقوں کو اپنی لپيٹ ميں لے رکھا ہے۔ اب تک 16 افراد کی ہلاکت کی تصديق ہو چکی ہے جبکہ درجنوں ابھی لاپتہ ہيں۔ جمعے تک اوريگن سے پانچ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کيا جا چکا تھا۔ حکام نے کہا ہے کہ اس آگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بہت زيادہ بھی ہو سکتی ہے۔ ادھر کيليفورنيا کے گورنر گيون نيوزوم نے اسے موسمياتی تبديليوں کا منہ بولتا ثبوت قرار ديا ہے۔