اتوار :13 ستمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بحرین اور اسرائیل کے سفارتی تعلقات بحال ہونے پر خوش ہیں، عمان[/pullquote]

بحرین کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات معمول پر لانے پر عمان نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے جمعے کے دن کہا تھا کہ بحرین اور اسرائیل سفارتی تعلقات قائم کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے بعد بحرین ایسی دوسری خلیجی ریاست ہے، جس نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمان اور اسرائیل کے باقاعدہ سفارتی تعلقات نہیں لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے یہ دونوں ممالک انتہائی خوشگوار تعلقات قائم کیے ہوئے ہیں۔

[pullquote]ایرانی پہلوان نوید افکاری کو دفن کر دیا گیا[/pullquote]

ایرانی پہلوان نوید افکاری کی آخری رسومات ادا کر دی گئی ہیں۔ انسانی حقوق کے سرگرم کارکن مہدی محی الدین نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ ہفتے کی رات سنگار نامی گاؤں میں سخت سکیورٹی میں افکاری کی تدفین کی گئی۔ ہفتے کے دن ہی ان کی سزائے موت پر عملدرآمد کیا گیا تھا۔ افکاری پر الزام تھا کہ انہوں نے سن دو ہزار اٹھارہ میں ایک مظاہرے کے دوران ایک سکیورٹی گارڈ کو ہلاک کیا تھا۔ عدالت کے مطابق انہوں نے اعتراف جرم کیا تھا لیکن افکاری کی فیملی کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ اقبال جرم تشدد کی وجہ سے کیا تھا۔

[pullquote]امریکا میں جنگلاتی آگ، ہلاکتوں کی تعداد 30[/pullquote]

امریکا کے مغربی ساحلی علاقوں میں لگی جنگلاتی آگ کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 30 سے بڑھ چکی ہے۔ ریاست اوریگن کے حکام کے مطابق درجنوں دیگر افراد لاپتہ بھی ہیں، جن کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ دوسری طرف سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بُک نے ایسی پوسٹ ہٹا دی ہیں جن میں اس آگ لگنے کی وجوہات کے بارے میں غلط معلومات پھیلائی جا رہی تھیں۔ حکام کو خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی یہ تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ ابھی تک درجنوں لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔ ریاست کیلیفورنیا میں رواں برس کے شروع سے اب تک لگنے والی جنگلاتی آگ کے مختلف واقعات میں 13000 مربع کلومیٹر کا رقبہ جل چکا ہے۔ یہ رقبہ گزشتہ برس لگنے والی آگ کی نسبت 26 گنا بڑا ہے۔

[pullquote]نیپال میں لینڈ سلائیڈنگ، چھ افراد ہلاک[/pullquote]

نیپال میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے چھ افراد ہلاک جبکہ چھبیس دیگر لاپتہ ہو گئے ہیں۔ خدشہ ہے کہ لاپتہ افراد ملبے تلے دفن ہیں۔ حکام نے اتوار کے دن بتایا کہ گزشتہ رات شدید بارش کی وجہ سے تین دیہات بہہ گئے۔ کٹھمنڈو سے 75 کلو میٹر دور مشرق میں واقع سندھوپال چوک نامی ضلع میں رونما ہونے والے ان حادثات کے بعد ہنگامی سرگرمیاں جاری ہیں۔ رواں برس مون سون سیزن کے دوران نیپال میں ہلاک شدگان کی تعداد 351 ہو گئی ہے جبکہ 85 افراد لاپتہ ہیں۔

[pullquote]فلپئان میں قتل کا مرتکب امریکی واپس وطن روانہ[/pullquote]

فلپائن میں ایک ٹرانس جینڈر خاتون کو ہلاک کرنے والے امریکی فوجی کو اتوار کے دن ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔ صدارتی معافی کے نتیجے میں اس امریکی فوجی کو امریکا واپس روانہ کیا گیا ہے۔ جوزف اسکاٹ پیمبرٹن کو سن دو ہزار چودہ میں اس قتل کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔ تب سے وہ فلپائن کی جیل میں تھا۔ اس واقعے نے فلپائن میں امریکی افواج کی تعیناتی پر ایک نئی عوامی رنجش کو جنم بھی دیا۔ جوزف نے امریکا واپس روانہ ہونے سے قبل منیلا میں فلپائنی صدر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

[pullquote]روس میں مقامی الیکشن کا آخری دن[/pullquote]

روس میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری مقامی انتخابات کا آج اہم اور آخری دن ہے۔ اس انتخابی عمل کو روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی حامی ’یونائیٹڈ رشیا پارٹی‘ کے لیے ایک اہم امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔ تقریباﹰ ایک لاکھ ساٹھ ہزار امیدوار میدان میں ہیں، جو مقامی پارلیمنٹس میں کامیابی کی کوشش میں ہیں۔ کئی علاقوں میں نئے گورنرز کا انتخاب بھی کیا جا رہا ہے۔ اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی پر مبینہ زہر حملے کے کچھ عرصے بعد ہی یہ الیکشن ہو رہے ہیں۔

[pullquote]چین نے امریکی وزارت دفاع کی وارننگ مسترد کر دی[/pullquote]

چینی وزارت برائے قومی دفاع نے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے اپنی سالانہ کانگریشنل رپورٹ میں چینی فوجی پالیسیوں کو ’مسخ‘ کر کے پیش کیا ہے۔ چینی وزارت دفاع کے ترجمان نے امریکی وزارت دفاع کی اس رپورٹ کو ’اشتعال انگیز‘ بھی قرار دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے دونوں ملکوں کے فوجوں کے باہمی تعلقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ یکم ستمبر کو جاری کردہ اس امریکی رپورٹ میں خبردار کیا گیا تھا کہ چینی فوج کی ’ماڈرنائزیشن‘ کو نظر انداز کیا گیا تو امریکی قومی مفادات کو شدید نقصانات پہنچنے کا خدشہ ہو گا۔

[pullquote]کابل حکومت اور طالبان میں امن مذاکرات جاری[/pullquote]

کابل حکومت اور طالبان آج اتوار کے دن بھی دوحہ میں امن مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس مذاکراتی عمل کا مقصد افغانستان میں قیام امن ہے۔ گزشتہ روز اس مذاکراتی عمل کے پہلے دن طالبان کے وفد کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر نے کہا تھا کہ افغانستان میں اسلامک قانون کا نفاذ کیا جانا چاہیے۔ ادھر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اطراف پر زور دیا ہے کہ انہیں افغانستان میں امن کے لیے اس سنہری موقع کو ہاتھ سے ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ ناقدین کے مطابق یہ مذاکراتی عمل کئی برسوں تک جاری رہ سکتا ہے۔

[pullquote]سعودی عسکری اتحاد کے صنعا میں نئے حملے[/pullquote]

سعودی عسکری اتحاد نے یمنی دارالحکومت صنعا میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اتوار کے دن سعودی نشریاتی ادارے العربیہ نے بتایا کہ جنگی جہازوں نے ایران نواز باغیوں کی فوجی تنصیبات پر حملے کیے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اس کارروائی میں حوثی باغیوں کے چار ڈرون طیاروں کو بھی تباہ کیا گیا۔ یہ فوجی کارروائی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے، جب جمعرات کے دن ہی حوثی باغیوں نے ریاض میں ’ایک ہدف‘ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ گزشتہ چھ برسوں سے جاری اس عسکری بحران کی وجہ سے ایک لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]کورونا سے مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 28.75 ملین ہو گئی[/pullquote]

عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 28.76 ملین ہو گئی ہے۔ امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق اتوار کے دن تک دنیا بھر میں اس وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 920,276 ہو گئی ہے۔ گزشتہ برس دسمبر میں چینی شہر ووہان سے پھوٹنے والی یہ وبا اب تک دنیا بھر کے دو سو دس ممالک اور خطوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔

[pullquote]بھارت میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھتی ہوئی[/pullquote]

بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے چورانوے ہزار سے زائد نئے کیس نوٹ کیے گئے ہیں۔ یوں اس جنوب ایشیائی ملک میں اس عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 4.75 ملین ہو گئی ہے۔ اتوار کے دن بھارتی وزارت صحت نے بتایا کہ گزشتہ روز اس وائرس کی وجہ سےایک ہزار ایک سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ ان اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں اب مجموعی ہلاکتوں کی تعداد اٹہتر ہزار پانچ سو سے بڑھ گئی ہے۔ امریکا کے بعد بھارت اس وائرس سے دوسرا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔

[pullquote]یو ایس اوپن میں اوساکا کی جیت، ملک میں خوشیاں[/pullquote]

جاپانی ٹینس اسٹار نومی اوساکا کی یو ایس اوپن میں جیت کو نسل پرستی اور پولیس تشدد کے خلاف ان کی مہم کے حوالے سے دیکھا جا رہا ہے۔ جاپانی پبلک براڈکاسٹر این ایج کے نے اس تناظر میں خصوصی رپورٹنگ بھی کی۔ بائیس سالہ اوساکا نے گزشتہ روز یو ایس اوپن کے خواتین کے فائنل میں وکٹوریہ آرازانکا کو ایک چھ، چھ تین اور چھ تین سے ہرا کو تیسری مرتبہ گرینڈ سلام ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ قبل ازیں اوساکا نے سن دو ہزار اٹھارہ میں یو ایس اوپن جبکہ سن دو ہزار انیس میں آسٹریلوی اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے