منگل : 15 ستمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمنی یونانی جزیرے سے 1500 مہاجرین کو اپنے ہاں پناہ دے گا[/pullquote]

برلن حکومت نے یونان میں پھنسے مزید پندرہ سو مہاجرین کو جرمنی لانے کا اعلان کیا ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی طرف سے پندرہ سو مہاجرین کو سیاسی پناہ دینے کا فیصلہ انسانی ہمدردری اور یورپی یونین کی رکن ریاست یونان کے ساتھ اظہار یکجہتی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ یونانی جزیرے لیسبوس کے موریا کیمپ میں آگ لگنے کے بعد وہاں موجود بارہ ہزار سے زائد مہاجرین بے گھر ہو چکے ہیں اور انہیں کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کی ابھی تک نہ تو مناسب خوراک اور نہ ہی صفائی کی مناسب سہولیات تک رسائی ممکن ہو سکی ہے۔

[pullquote]نیتن یاہو فسلطینیوں سے بات چیت کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے، اسرائیلی اپوزیشن سربراہ[/pullquote]

اسرائیل نے خلیجی عرب ریاستوں متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ساتھ تعلقات کے قیام کا فیصلہ تو کر لیا ہے مگر وزیر اعظم ’نیتن یاہو فلسطینیوں کے ساتھ امن بات چیت شروع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے‘۔ یہ بات اسرائیلی اپوزیشن رہنما ژیئر لیپڈ نے کہی ہے۔ اسرائیلی اپوزیشن رہنما ژیئر لیپڈ ماضی میں بھی فلسطینیوں کے ساتھ امن بات چیت کی بحالی کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ ژیئر لیپڈ نے یہ بات امریکی صدر ٹرمپ کی میزبانی میں ہونے والی اس تقریب سے کچھ ہی پہلے خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی، جس میں اسرائیل کے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ساتھ طے پانے والے دوطرفہ تعلقات کے قیام کے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

[pullquote]موسم خزاں کے دوران یورپ میں کورونا کے سبب ہلاکتوں میں اضافہ ہو گا، عالمی ادارہ صحت[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت نے متنبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب یورپ میں موسم خزاں کے دوران اموات کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔ یہ انتباہ ایک ایسے موقع پر جاری کیا گیا ہے جب عالمی سطح پر کورونا کے پھیلاؤ میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ جن ممالک میں کورونا انفیکشنز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ان میں اسرائیل بھی شامل ہے جہاں جمعے کے روز سے ملک گیر لاک ڈاؤن نافذ ہو جائے گا۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اتوار کے دن تین لاکھ آٹھ ہزار کے قریب نئے کیسز سامنے آئے۔ دنیا بھر میں اس وقت کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 29.2 ملین کے قریب ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد نو لاکھ 27 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

[pullquote]برطانیہ: بریگزٹ معاہدے میں تبدیلی، پہلی رکاوٹ دور ہو گئی[/pullquote]

برطانوی پارلیمان کے ایوان نمائندگان نے بریگزٹ معاہدے میں ایک ترمیم کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ وزیر اعظم بورس جانسن کی طرف سے پیش کردہ یہ بِل داخلی تجارتی قانون سے متعلق تھا جس کی حتمی منظوری کے بعد یورپی یونین کے ساتھ رواں برس جنوری میں طے پانے والے بریگزٹ معاہدے میں یکطرفہ طور پر تبدیلی ہو سکے گی۔ بل کے حق میں ووٹنگ کے بعد اب اس پر پارلیمان میں بحث و مباحثہ ہو گا۔ ووٹنگ سے قبل وزیر اعظم بورس جانسن نے یورپی یونین پر الزام عائد کیا کہ وہ برطانیہ کی علاقائی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔

[pullquote]پھانسی کی مذمت کرنے پر ایران میں جرمن سفیر کی طلبی[/pullquote]

ایران نے ریسلنگ کے نوجوان کھلاڑی نوید افکاری کی پھانسی کے خلاف مذمتی ٹویٹ پر جرمن سفیر کو طلب کر کے احتجاج کیا ہے۔ پیر کو ایرانی وزارت خارجہ نے تہران میں تعینات جرمن سفیر ہانس اُوڈو مُوسیل کو طلب کر کے ان کی طرف سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک بیان پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ایران نے تمام تر بین الاقوامی اپیلیں نظر انداز کرتے ہوئے ہفتے کے روز ریسلنگ کے ستائیس سالہ چیمپیئن کھلاڑی نوید افکاری کو پھانسی دے دی تھی۔

[pullquote]عرب اسرائیل تاریخی معاہدے پر دستخط آج منگل کے روز[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج وائٹ ہاؤس میں اُس تاریخی تقریب کی صدارت کریں گے جس میں اسرائیل اور دو خلیجی عرب ریاستوں متحدہ عرب امارات اور بحرین کے درمیان سفارتی معاہدے پر دستخط ہوں گے۔ اس تقریب کے لیے 700 سے زائد مہمان بھی مدعو ہیں۔ اس معاہدے پر دستخط اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو جبکہ متحدہ عرب امارات اور بحرین کے وزرائے خارجہ کریں گے۔ ٹرمپ اور ان کے اتحادیوں کو یقین ہے کہ اس معاہدے سے صدر ٹرمپ کی بطور امن کے پیامبر شناخت بہتر ہو گی جس سے انہیں نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں فائدہ پہنچے گا۔

[pullquote]امریکا نے چینی منصوعات کی درآمد روک دی[/pullquote]

امریکی کسٹمز نے چین سے درآمد ہونے والی بعض مصنوعات کو ملک میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔ واشنگٹن حکومت کے مطابق یہ مصنوعات چین کے علاقے سنکیانگ میں ’جبری مشقت‘ کے ذریعے تیار کی گئی ہیں اور یہ کہ چین کا یہ اقدام ’غلامی کی جدید شکل‘ ہے۔ امریکا کا کہنا ہے کہ چین ایغور مسلمانوں کو جبری مشقت کے ذریعے مغلوب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ متاثر ہونے والی مصنوعات میں کاٹن اور کمپیوٹر مصنوعات بھی شامل ہیں۔

[pullquote]موریا کیمپ متاثرین کے مسئلے کو حل کیا جائے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) نے جرمنی اور دیگر یورپی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یونانی مہاجر کیمپ موریا میں آگ لگنے کے سبب متاثر ہونے والے مہاجرین کے مسئلے کو فی الفور حل کریں۔ جرمنی میں یو این ایچ سی آر کے نمائندے فرانک ریموس کے مطابق جزیرے لیسبوس پر اس وقت ’انسانی ایمرجنسی‘ کی صورتحال ہے جس کے لیے یونان اور یورپی ریاستوں کی طرف سے فوری ایکشن کی ضرورت ہے۔

[pullquote]بھارت میں کورونا متاثرین کی تعداد پانچ ملین کے قریب پہنچ گئی[/pullquote]

بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 83,809 نئے کورونا کیسز سامنے آئے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق یہ رواں ہفتے کسی ایک دن کے دوران سامنے آنے والے کیسز کی سب سے کم تعداد ہے۔ دنیا میں دوسری سب سے بڑی آبادی رکھنے والے ملک بھارت میں اس وقت کورونا انفیکشن کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 49 لاکھ 30 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ بھارت امریکا کے بعد کورونا سے دوسرا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں یہ وائرس اب تک 80,776 انسانی جانیں لے چکا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے