[pullquote]دو خلیجی ریاستوں اور اسرائیل کے مابین تعلقات قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط[/pullquote]
متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے تاریخی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی موجود تھے۔ واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اُس تقریب کی میزبانی کی، جس میں اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ موجود تھے۔ اب تک صرف مصر اور اردن یعنی دو عرب ریاستوں کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم رہے ہیں۔ نئے معاہدے پر دستخط سے قبل ہی فلسطینیوں، ایران اور ترکی نے تنقید کرتے ہوئے اس پر سخت تشویش کا اظہار کیا تھا۔
[pullquote]بھارت میں کورونا وائرس سے 50 لاکھ سے زائد فراد متاثر[/pullquote]
بھارتی وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں 1290 افراد کی اموات کے ساتھ کووڈ۔19سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 82 ہزار 103 ہو گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 90 ہزار 123 نئے کیسز سامنے آئے، جس کے ساتھ بھارت میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 50 لاکھ 20 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ بھارت امریکا کے بعد کورونا وائرس سے دوسرا متاثرہ ترین ملک بن چکا ہے۔
[pullquote]اقوام متحدہ: انسانی حقوق کے حوالے سے سعودی عرب پر تنقید[/pullquote]
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے ایچ آر سی نے انسانی حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے سعودی عرب پر سخت تنقید کی ہے۔ سعودی عرب پر انسانی حقوق کی علمبردار خواتین کارکنان کو جیل میں رکھنے کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔ صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے تک لانے میں ناکامی پر بھی سعودی عرب کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس موقع پر جنیوا میں جرمن سفارت کار نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کیس میں مزید شفافیت برتنے کا بھی مطالبہ کیا۔
[pullquote]امریکا کی طرف سے چینی مصنوعات پر اضافی محصولات غیر قانونی: ڈبلیو ٹی او[/pullquote]
عالمی تجارتی تنظیم ڈبلیو ٹی او نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تجارتی تنازعے میں امریکا کی طرف سے چین کی بعض مصنوعات پر اضافی ٹیکس یا محصولات عائد کرنے کا عمل غیر قانونی ہے۔ ڈبلیو ٹی او کے مطابق چین کی مصنوعات پر 200 ارب ڈالر کے حجم کا اضافی ٹیکس، جس کا فیصلہ 2018 ء میں کیا گیا تھا، عالمی تجارتی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ مزید برآں واشنگٹن نے مناسب طور پر اس کی وضاحت نہیں کی کہ اس نے چین سے درآمد ہونے والی بعض مصنوعات کو ملک میں داخل ہونے سے کیوں روک دیا ہے۔ واشنگٹن حکومت نے چینی مصنوعات پر پابندی کی وجہ یہ بتائی تھی کہ یہ مصنوعات چین کے علاقے سنکیانگ میں ’جبری مشقت‘ کے ذریعے تیار کی گئی ہیں اور یہ کہ چین کا یہ اقدام ’غلامی کی جدید شکل‘ ہے۔
[pullquote]ایک جہادی کے بچے کو شام سے ملک واپس لایا گیا ہے، برطانیہ[/pullquote]
برطانوی حکومت نے بُدھ کو ایک اعلان میں انکشاف کیا کہ لندن حکومت جنگ زدہ ملک شام سے ایک بچے کو واپس ملک لائی ہے، جس کا شمار جہادیوں کے ان درجنوں برطانوی بچوں میں ہوتا ہے، جو جنگ سے تباہ حال ملک شام میں پھنسے ہوئے ہیں۔ قبل ازیں برطانوی حکومت کو اس تنقید کا سامنا تھا کہ اُس نے اپنے شہریوں کو شام سے واپس ملک لانے میں مدد فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے کیونکہ یہ برطانوی بچے یا ان کے والدین پر داعش کی صفوں میں شامل ہونے کا الزام ہے۔ برطانیہ کے سکریٹری برائے خارجہ امور ڈومینیک راب نے اپنے ایک ٹوئٹ پیغام میں کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ایک برطانوی نژاد بچے کو وہ واپس ملک لانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ گزشتہ برس بچوں کی بہبود کی تنظیم ’سیو دا چلڈرن‘ نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ شمال مشرقی شام میں 60 سے زیادہ برطانوی بچے پھنسے ہوئے ہیں۔
[pullquote]یونانی جزیرے ساموس کے مہاجر کیمپ کے نزدیک آتشزدگی[/pullquote]
یونانی جزیرے ساموس کے مہاجر کیمپ کے قریب آگ بھڑک اٹھی۔ فائر بریگیڈ نے بڑی حد تک آگ پر قابو پا لیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ کیمپ کو خطرہ نہیں ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق پولیس نے آتش زنی کے شبے میں متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ساموس پر واقع ’فیتھی‘ پناہ گزین کیمپ میں تقریبا چار ہزار چھ سو تارکین وطن مقیم ہیں جبکہ اس کیمپ میں صرف 650 مہاجرین کی گنجائش ہے۔ ابھی کچھ روز قبل ہی یونانی جزیرے لیسبوس پر واقع موریا پناہ گزین کیمپ ایک بڑی آگ کی لپیٹ میں آکر مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا۔
[pullquote]جرمنی: پندرہ سو سے زائد پناہ گزین لائے جائیں گے[/pullquote]
یونان میں موریا پناہ گزین کیمپ میں آتشزدگی کے بعد وفاقی جرمن حکومت پانچ یونانی جزیروں سے کل پندرہ سو سے زائد پناہ گزینوں کو جرمنی لانا چاہتی ہے۔ سوشل ڈیمو کریٹک پارٹی ایس پی ڈی کی شریک چیئر ساسکیہ ایسکن اور وائس چانسلر اولاف شولس نے سب سے پہلے اس معاہدے کا اعلان کیا۔ وفاقی جرمن حکومت کے ترجمان اشٹیفان زائبرٹ کے مطابق یونان میں ایسے 408 خاندانوں کو پہلے ہی سے تحفظ اور نگہداشت کا حق دار قرار دیتے ہوئے انہیں بطور پناہ گزین تسلیم کیا جا چکا ہے۔
[pullquote]اولپمک کھیلوں سے ایران کو بے دخل نہیں کیا جائے گا، آئی او سی[/pullquote]
ایرانی پہلوان نوید آفکاری کو پھانسی کی سزا دیے جانے کے بعد تہران حکومت کو بین الاقوامی سطح پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے تاہم بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے کہا ہے کہ وہ ایران کو اولمپک کھیلوں سے خارج نہیں کرے گی۔ آئی او سی نے ایک بیان میں کہا کہ اولمپک کھیلوں سے ایران کو خارج کرنے کا نتیجہ یہ ہو گا کہ اس ملک میں کھلاڑیوں کو صرف اس وجہ سے سزا ملے گی کہ وہ ایک مخصوص سیاسی یا قانونی نظام کے تحت رہتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے 27 سالہ افکاری کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔ ان پر اگست دو ہزار اٹھارہ میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران ایک سکیورٹی اہلکار کی ہلاکت کا الزام تھا۔ حکام کے مطابق افکاری نے دوران حراست اقرار جرم کیا تھا۔
[pullquote]یہودیوں کی مرکزی مشاورتی کونسل کے 70 سال مکمل، میرکل کا خراج تحسین[/pullquote]
جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے جرمنی میں یہودیوں کی مرکزی مشاورتی کونسل کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس کونسل کو سیاست اور معاشرے کے لیے ایک معتبر شراکت دار قرار دیا۔ اس موقع پر انہوں نے برلن کے نئے سیناگوگ میں منعقدہ تقریب میں یہود مخالف جذبات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تنقید کی۔ میرکل نے کہا کہ اس کی وجہ سے وہ "بہت پریشان” ہیں۔ کونسل کے صدر ژوزف شُسٹر نے تنظیم کے بانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ احترام کے مستحق ہیں۔ جرمنی میں یہودیوں کی سینٹرل کونسل آج 105 یہودی برادریوں اور گروپوں کی نمائندگی کرتی ہے اور اس کے قریب ایک لاکھ ممبرز یا اراکین ہیں۔
[pullquote]سمندری طوفان ’سیلی‘ تیزی سے جنوبی امریکا کی طرف بڑھتا ہوا[/pullquote]
سمندری طوفان سیلی امریکی جنوبی ساحل کی طرف بہت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ تیز بارش کی پیش گوئی کے ساتھ ، "تاریخی” اور ممکنہ طور پر انتہائی خطرناک طوفان کے امکانات کے سبب سیلاب سے بھی خبر دار کیا جا رہا ہے۔ امریکا کے نیشنل ہیریکین سینٹر این ایچ سی نے بتایا کہ الباما اور فلوریڈا میں ساحلی علاقے طوفان کی زد میں ہیں۔ علاقے میں 165 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔ اس طوفان کو شدت کے اعتبار سے اول نمبر پر رکھا گیا ہے۔