[pullquote]کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے تین کروڑ سے زائد[/pullquote]
دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد اب تیس ملین سے زائد ہو گئی ہے، جب کہ اس عالمی وبا کے نتیجے میں ہونے والی مجموعی ہلاکتیں ایک ملین کے قریب پہنچ چکی ہیں۔ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے جہاں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پونے سات ملین کے قریب ہے جب کہ اس وبا کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ کے آس پاس ہے۔ بھارت اب اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اب تک اس وائرس کی وجہ سے ترپن لاکھ سے زائد افراد متاثرہ ہوئے ہیں جب کہ مجموعی ہلاکتیں پچاسی ہزار چھ سو انیس ہیں۔ گزشتہ برس دسمبر میں چینی شہر ووہان میں سامنے آنے والا یہ وائرس دنیا کے دو سو دس ممالک اور خطوں میں تشخیص ہو چکا ہے۔
[pullquote]بیلا روس میں صدر لوکاشینکو کے خلاف بڑے مظاہرے[/pullquote]
بیلاروس میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے صدر الیکسانڈر لوکاشینکو کے خلاف بڑے مظاہروں کی کال دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ مظاہرے آج اتوار کے روز دارالحکومت منسک سمیت ملک بھر میں ہوں گے۔ اپوزیشن رہنما سویٹلانا تیکانوسکایا نے عوام سے کہا کہ وہ ’مارچ آف جسٹس‘ کے نعرے کے ساتھ ملک میں جمہوریت کی لڑائی جاری رکھیں۔ بیلاروس میں حالیہ متنازعہ صدارتی انتخابات کے بعد سے ہر اتوار کو حکومت مخالف مظاہرے ہوتے ہیں۔ گزشتہ اتوار کو ہونے والے ایسے ہی مظاہرے میں قریب ڈیڑھ لاکھ افراد شریک ہوئے تھے۔
[pullquote]بنکاک میں بادشاہت کے خلاف مظاہرے[/pullquote]
تھائی لینڈ میں ہزاروں نوجوان ملک میں بادشاہ کے خلاف سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں۔ یہ مظاہرین ’تھائی لینڈ عوام کا ہے‘ کے نعرے کے ساتھ دارالحکومت میں مارچ کر رہے ہیں اور ملک میں بادشاہت کے وجود پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ گزشتہ دو ماہ سے بنکاک میں قریب روزانہ کی بنیاد پر احتجاج جاری ہے، جس میں نوجوان طلبہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ سن 2014 میں جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے والے فوجی سربراہ اور موجودہ وزیراعظم پرایوت چن اوچا مستعفی ہوں۔ مظاہرین کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ شاہی خاندان ملکی سیاست سے دور رہے۔ حکام کے مطابق ہفتے کے روز بنکاک میں ہونے والے مظاہرے میں 18 ہزار افراد شریک ہوئے، جب کہ خبر رساں اداروں نے ان مظاہرین کی تعداد تیس ہزارکے قریب بتائی ہے۔
[pullquote]جازان پر مشتبہ حوثی میزائل حملہ، پانچ شہری زخمی[/pullquote]
جنوبی سعودی ریجن جازان میں ایک مشتبہ حوثی میزائل حملے میں کم از کم پانچ شہری زخمی ہو گئے ہیں۔ سعودی حکام کے مطابق یمن میں سرگرم حوثی باغیوں کی جانب سے داغا گیا ایک راکٹ ایک سعودی گاؤں پر گرا۔ سعودی سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے نے شہری دفاع کے ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس واقعے میں متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں ہیں۔ حوثی باغیوں کی جانب سے تاہم اب تک اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی قیادت میں عرب اتحاد سن دو ہزار چودہ سے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف برسرپیکار ہے۔
[pullquote]ایران کے خلاف عالمی پابندیاں بحال، امریکا[/pullquote]
واشنگٹن انتظامیہ کا کہنا ہے ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی تمام پابندیاں بحال ہو گئی ہیں۔ دوسری جانب باقی دنیا ایران کے خلاف ان پابندیوں کو غیرقانونی قرار دے کر مسترد کر رہی ہے۔ خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکا اور عالمی برداری کے درمیان یہ تفریق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مزید واضح ہونے کے خدشات ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ عالمی جوہری طاقتوں کی سن 2015 میں طے پانے والی ڈیل کے بعد جن پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی، اب وہ ہفتے کی شب سے دوبارہ بحال ہو گئی ہیں۔ امریکی انتظامیہ نے ان پابندیوں کی بحالی کی وجہ ایران کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کو قرار دیا ہے۔
[pullquote]افغان فضائیہ کے حملے، تیس سے زائد طالبان ہلاک[/pullquote]
افغان فضائیہ کی جانب سے ہفتے کو طالبان پر حملے کیے گئے، جن میں تیس سے زائد طالبان کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ افغان صدر اشرف غنی نے ایک مرتبہ پھر فائربندی کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب طالبان نے کہا ہے کہ اس فضائی کارروائی میں دو درجن عام شہری ہلاک ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے، جب قطر میں افغان امن مذاکرات جاری ہیں۔ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں افغان وزارت دفاع نے کہا ہے کہ طالبان نے ہفتے کی صبح افغان فوج کی پوزیشنوں کو نشانہ بنایا تھا، جس کے جواب میں کارروائی کی گئی۔
[pullquote]آتشزدگی کے بعد لیسبوس میں مہاجرین کی ایک نئی خیمہ بستی میں منتقلی[/pullquote]
یونانی جزیرے لیسبوس میں پھنسے مہاجرین میں سے نوہزار کو ایک عارضی خیمہ بستی میں منتقل کیا گیا ہے۔ یہ افراد دس روز قبل موریا کی مہاجر بستی میں آتشزدگی کے بعد سے امداد کے منتظر تھے۔ نو ستمبر کو موریا کی مہاجر بستی میں آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کی وجہ سے بارہ ہزار تارکین وطن سے چھت چھن گئی تھی۔ اس آتشزدگی کی وجہ سے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ان مہاجرین کو کورونا ٹیسٹ کے بعدعارضی خیمہ بستی میں منتقل کیا گیا۔
[pullquote]بھارت میں القاعدہ سے تعلق کے شبے میں نو افراد گرفتار[/pullquote]
بھارت میں ہفتے کو دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے تعلق کے شبے میں نو افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حکومتی بیان کے مطابق القاعدہ بھارت میں دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھی۔ بھارت کی نیشنل انویسٹیگیشن ایجنسی کے مطابق ان گرفتاریوں کے لیے مختلف ریاستوں میں بیک وقت چھاپے مارے گئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ گروہ بھارت میں متعدد اہم مقامات پر دہشت گردانہ حملے کا منصوبہ بنا رہا تھا، جب کہ ان حملوں کا ممکنہ مقصد عام افراد کو ہلاک کرنا اور دہشت پھیلانا تھا۔
[pullquote]بھارتی فوج کی جانب سے کشمیر میں غلط کاریوں کو اعتراف[/pullquote]
بھارت فوج کی جانب سے ایک غیرعمومی بیان میں کشمیر میں قانونی دائرہ کار کی خلاف ورزیوں کا اعتراف کیا گیا ہے۔ بھارت فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا کے مطابق تین مقامی شہریوں کو غیرقانونی طور پر قتل کر کے انہیں پاکستانی دہشت گرد قرار دیا گیا تھا۔ فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ اب پولیس یہ تفتیش کر رہی ہے کہ آیا یہ تین کشمیری واقعی عسکریت پسندی میں ملوث تھے۔ فوجی بیان کے مطابق ان کشمیریوں کو تعلق راجوڑی کے علاقے سے تھا جب کہ ان کے اہل خانہ نے شکایت درج کروائی تھی کہ ان تینوں کو فوجیوں نے ایک جعلی مقابلے میں قتل کیا۔