[pullquote]پیرس میں چاقو حملہ، چار افراد زخمی[/pullquote]
پیرس میں جمعے کے روز ایک چاقو حملے چار افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق اس حملے میں ملوث دو مشتبہ ملزم فرار ہو گئے ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ معروف اخبار چارلی ہیبدو کے سابقہ دفاتر کے قریب پیش آیا۔ شمال مشرقی پیرس میں پولیس نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں۔
[pullquote]ایران اور روس کووِڈ انیس کی ویکسین کی مشترکہ تیاری کی بات چیت میں مصروف[/pullquote]
ایران اور روس کورونا وائرس کی ویکیسن کی مشترکہ تیاری سے متعلق بات چیت میں مصروف ہیں۔ یہ بات روسی خبر رساں اداروں نے جمعے کے روز ماسکو میں تعینات ایرانی سفیر کے حوالے سے بتائی ہے۔ روس کے ڈائریکٹ انسویسٹمنٹ فنڈ کا کہنا ہے کہ وہ متعدد ممالک کے ساتھ اس سلسلے میں ’سپوتنک فائیو‘ نامی ویکیسن کی بیرون ملک تیاری کے لیے بات چیت میں مصروف ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں ویکیسن کی تین سو ملین خوراکیں بھارت میں بھی بنانے کے معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں۔
[pullquote]فتح اور حماس کے درمیان فلسطینی انتخابات پر معاہدہ[/pullquote]
غزہ میں حکمران حماس اور مغربی کنارے کی منتظم فتح تنظیم کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت سن 2006 کے بعد پہلی مرتبہ فلسطینی انتخابات منعقد ہوں گے۔ یہ دونوں حریف جماعتیں اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان تعلقات معمول پر آنے پر برہم ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ انتخابات کا انعقاد اگلے چھ ماہ کے اندر ہو گا۔ اس کے بعد فلسطینی انتظامیہ کے صدر کے انتخابات بھی ہوں گے۔ واضح رہے کہ سن 2006 کے انتخابات میں حماس نے غیرمتوقع کامیابی حاصل کی تھی اور اس کے بعد قریب ایک خانہ جنگی جیسی صورت حال میں غزہ کا انتظام سنبھال لیا تھا۔
[pullquote]شام کے لیے بڑی امریکی امداد[/pullquote]
امریکا نے شامی تنازعے میں انسانی بنیادوں پر سات سو بیس ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے نائب سیکرٹری اسٹیفن بیگن نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے حاشیے پر بتایا کہ امریکا جنوبی سوڈان کے لیے بھی فنڈز مہیا کرے گا۔ یو ایس ایڈ نے بھی انسانی بنیادوں پر جنوبی سوڈان کے لیے ایک سو آٹھ ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نائجر اور مالی کے خطوں کے لیے بھی امریکی امداد مہیا کی جائے گی۔ امریکی بیان کے مطابق شام کے لیے اس تازہ سرمایے کی فراہمی کے بعد اس تنازعے کے آغاز سے اب تک شام کو مہیا کی جانے والی مجموعی امریکی امداد بارہ ارب ڈالر ہو جائے گی۔
[pullquote]یونان اور ترکی کے مابین کشیدگی، پومپیو ایتھنز جائیں گے[/pullquote]
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اگلے ہفتے یونان پہنچیں گے۔ اس دورے کا مقصد بحیرہ روم میں ترک سرگرمیوں کی وجہ سے انقرہ اور ایتھنز کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی میں یونان کے لیے امریکی حمایت کا اظہار ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مائیک پومپیو یورپ کے اس دورے میں اٹلی بھی جائیں گے جب کہ وہ ویٹیکن سٹی میں مذہبی آزادی کے معاملے پر بات چیت بھی کریں گے۔ ستائیس ستمبر سے دو اکتوبر تک اس دورہ یورپ میں وہ کروشیا بھی جائیں گے۔
[pullquote]بھارتی کسانوں کا احتجاج، سڑکیں اور ریل پٹریاں بلاک کر دیں[/pullquote]
بھارتی کسانوں نے نئے قوانین کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکیں اور ٹرین پٹریاں بلاک کر دیں۔ نئے بھارتی قوانین کے تحت حکومت کو ضمانتی قیمتوں پر زرعی مصنوعات کی لازمی خرید سے آزاد کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے اس قانون کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اصلاحات کے ذریعے بھارت کے زرعی شعبے پر بوجھ گھٹایا جائے گا جب کہ کسانوں کو یہ اختیار حاصل ہو گا کہ وہ دیگر خریدار اداروں کو اپنی زرعی مصنوعات بیچ سکیں گے۔ حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ چاول اور گیہوں جیسی زرعی مصنوعات کو حکومت مستقبل میں بھی ضمانتی قیمتوں پر خریدتی رہے گی۔ یہ قانون حال ہی میں بھارتی پارلیمان سے منظور کروایا گیا ہے۔
[pullquote]جنوبی کوریائی شہری کے قتل پر شمالی کوریا کو افسوس[/pullquote]
شمالی کوریا نے ایک جنوبی کوریائی شہری کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شمالی کوریا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس شخص کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے اقدامات پر عمل درآمد کے دوران گولی لگی تھی۔ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن کے نام ایک خط میں اس واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جنوبی کوریائی میڈیا کے مطابق اس خط میں بتایا گیا ہے کہ شمالی کوریائی فوجیوں نے منگل کو کشتی میں سوار اس جنوبی کوریائی شخص کو اس غلط فہمی میں گولی مار دی کہ وہ ملک میں داخل ہو رہا ہے۔
[pullquote]باراک اور مشیل اوباما دنیا کے پسندیدہ ترین افراد[/pullquote]
سابق امریکی صدر باراک اوباما اور ان کی اہلیہ مشیل اوباما دنیا کے سب سے زیادہ پسندیدہ افراد ہیں۔ جمعے کے روز یہ بات یو گو نامی تحقیقی ادارے کے ایک عوامی سروے میں سامنے آئی۔ اس جائزے کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ سابق صدر ’دنیا کے پسندیدہ ترین مردوں‘ میں سرفہرست ہیں۔ واضح رہے کہ یہ سالانہ بنیادوں پر ہونے والا سروے سن 2014 میں شروع کیا گیا تھا۔ اس فہرست میں ارب پتی شخصیت بل گیٹس دوسرے نمبر پر ہیں۔ تیسرے نمبر پر چینی صدر شی جن پنگ ہیں۔ پسندیدہ ترین خواتین میں مشیل اوباما پہلے، اداکارہ انجیلینا جولی دوسرے اور ملکہ برطانیہ الیزبیتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔