ہفتہ: 26 ستمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]پیرس میں چاقو حملہ: مبینہ حملہ آور نے اعتراف جرم کر لیا[/pullquote]

فرانس کے معروف طنزیہ جریدے شارلی ایبدو کے سابقہ دفتر کے قریب گوشت کاٹنے والے چھرے سے دو افراد کو زخمی کرنے والے مبینہ ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ذرائع کے مطابق اٹھارہ سالہ مشتبہ شخص نے بتایا کہ اس کی پیدائش پاکستان میں ہوئی تھی اور وہ اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتا ہے۔ ملزم نے مزید کہا کہ اس نے یہ حملہ شارلی ایبدو میں پیغمبر اسلام کے خاکے دوبارہ شائع کیے جانے کی وجہ سے کیا۔ قبل ازیں ملکی وزیر داخلہ جیرالڈ دارمانیں نے جمعہ پچیس ستمبر کو کیے گئے اس حملے کو واضح طور پر ’اسلامی شدت پسندی سے جڑی دہشت گردی‘ کا عمل قرار دیا تھا۔

[pullquote]لبنان میں حکومت سازی کی کوشش ناکام، نامزد وزیر اعظم مستعفی[/pullquote]

لبنان کے نامزد وزیر اعظم مصطفیٰ ادیب نے غیر جانبدار ماہرین پر مشتمل نئی حکومت تشکیل دینے کی کوششوں سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومت سازی میں ناکامی کی وجہ ملک کے دو بڑے شیعہ دھڑوں حزب اللہ اور امل کی جانب سے وزارت خزانہ سنبھالنے پر اصرار بتائی جا رہی ہے۔ مصطفیٰ ادیب نے لبنانی صدر مشیل عون سے ملاقات کے بعد اپنے استعفے کا اعلان کیا۔ لبنان کو اس کی تاریخ کے سب سے سنگین اقتصادی بحران کا سامنا ہے۔ اگست میں بیروت کی بندرگاہ میں انتہائی شدید دھماکے بھی ہوئے تھے جن سے شہر کا آدھا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا تھا۔

[pullquote]کورونا کی وجہ سے بیس لاکھ تک اموات ممکن، ڈبلیو ایچ او[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے سبب مزید انسانی جانوں کا ضیاع ہو سکتا ہے۔ جنیوا میں ڈبلیو ایچ او کے ایمرجنسی اقدامات کے ڈائریکٹر مائیکل راین نے کہا کہ کووڈ انیس کے باعث بیس لاکھ تک اموات کافی حد تک ناقابل تصور تو ہیں لیکن ناممکن نہیں۔ راین کے مطابق کووڈ انیس کی مہلک بیماری کے خلاف سخت اور بروقت اقدامات کیے جائیں، تو انسانی اموات کی تعداد میں ڈرامائی اضافہ روکا جا سکتا ہے۔ یہ وائرس اب تک نو لاکھ چورسی ہزار انسانوں کی جان لے چکا ہے اور ڈبلیو ایچ او کو خدشہ ہے کہ اگلے چند روز میں یہ تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔

[pullquote]ایرانی صدر روحانی نے امریکا پر ’وحشیانہ اقدامات‘ کا الزام لگا دیا[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا کی جانب سے تہران پر نئی پابندیاں عائد کیے جانے پر ان امریکی اقدامات کو ’وحشیانہ‘ قرار دیا ہے۔ صدر روحانی نے سرکاری ٹی وی پر شدید غصے میں کہا کہ امریکیوں نے ایران کو کروڑوں ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام وائٹ ہاؤس کے خلاف اپنے غصے کا اظہار کریں۔ واشنگٹن نے رواں ہفتے ایرانی وزارت دفاع اور اس کے جوہری پروگرام سے وابستہ کئی شخصیات پر نئی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ اس کے ساتھ ہی متعدد ایرانی اہلکاروں اور اداروں کو انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے الزام میں بلیک لسٹ بھی کر دیا گیا تھا۔ واشنگٹن اور تہران کے مابین کشیدگی اس وقت سے دوبارہ عروج پر ہے، جب صدر ٹرمپ نے 2018ء میں ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق بین الاقوامی معاہدے سے واشنگٹن کی یکطرفہ علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا۔

[pullquote]سلامتی کونسل میں لیبیا سے متعلق رپورٹ کی اشاعت پر چین اور روس کا ویٹو[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جرمنی کی کوششوں کے باوجود روس اور چین لیبیا سے متعلق اس عالمی ادارے کی ایک رپورٹ کی اشاعت کے بارے میں اپنے ویٹو پر قائم رہے۔ اس رپورٹ میں لیبیا میں خانہ جنگی کے فریقین ، ان کی حامی بین الاقوامی طاقتوں اور متعدد اداروں پر لیبیا کو ہتھیاروں کی فراہمی پر عائد پابندی کی خلاف ورزیوں کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ اس رپورٹ میں پابندیوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں کوئی کنٹرول نہ ہونے کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق لیبیا کو ہتھیاروں کی فراہمی پر عائد پابندی قطعی طور پر غیر مؤثر ہو چکی ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس کے متاثرین کی عالمی تعداد اب سوا تین کروڑ سے زائد[/pullquote]

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد اب بتیس ملین سے زائد ہو گئی ہے، جب کہ اس عالمی وبا کے نتیجے میں مجموعی ہلاکتیں بھی ایک ملین کے قریب پہنچ چکی ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے،متاثرین کی تعداد سات ملین سے زائد اور ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ سے متجاوز ہو چکی ہے۔ بھارت اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اب تک 59 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 93 ہزار 379 بنتی ہے۔ گزشتہ برس دسمبر میں چینی شہر ووہان سے شروع ہونے والا نیا کورونا وائرس اب تک دنیا کے دو سو دس ممالک اور خطوں میں پھیل چکا ہے۔

[pullquote]یوکرائن میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، 25 افراد ہلاک[/pullquote]

مشرقی یوکرائن میں ایک فوجی طیارے کی تباہی کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق خارکیف کے علاقے میں ہونے والے اس حادثے میں دو افراد زندہ بچ گئے۔ متاثرین میں سے بیشتر یوکرائن کی ایئر فورس یونیورسٹی کے کیڈٹ تھے، جو ایک تربیتی پرواز میں حصہ لے رہے تھے۔ حکام کے مطابق اینٹونوف اے این 26 طرز کا طیارہ لینڈنگ کے لیے تیاری کر رہا تھا کہ ایک انجن بند ہو جانے پر وہ حادثے کا شکار ہو گیا۔

[pullquote]ٹرمپ سپریم کورٹ کی جج گِنسبرگ کی جانشین شخصیت کا فیصلہ جلد کریں گے[/pullquote]

امریکی سپریم کورٹ کی خاتون جج روتھ بیڈر گِنسبرگ کے انتقال کے بعد اس عہدے پر نامزدگی کے لیے کئی نام زیر غور ہیں۔ امریکی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق صدر ٹرمپ ایک قدامت پسند خاتون جج ایمی کونی بیرٹ کو سپریم کورٹ کی جج نامزد کر دیں گے۔ کیتھولک مسیحی عقیدے سے تعلق رکھنے والی بیرٹ اسقاط حمل کی سخت مخالف ہیں اور وہ خود بھی سات بچوں کی ماں ہیں۔ بیرٹ کی نامزدگی کی صورت میں امریکی سپریم کورٹ کے نو ججوں میں قدامت پسندوں کی اکثریت اور زیادہ ہو جائے گی۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس انفیکشنز کی تعداد میں اضافہ[/pullquote]

جرمنی نے اپنے ہاں کورونا وائرس کی انفیکشن کے تیزی سے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث چند ایسے ہمسایہ ممالک کو بھی اس فہرست میں شامل کر لیا ہے، جہاں سے اس وائرس کے جرمنی پہنچنے کے مزید واقعات دیکھنے میں آ سکتے ہیں۔ ان ممالک میں پولینڈ کے علاوہ لکسمبرگ، آسٹریا اور چیک جمہوریہ شامل ہیں۔ اس وقت یورپی یونین کے رکن ستائیس میں سے پندرہ ممالک پوری طرح کورونا وائرس کی وبا کی زد میں ہیں۔ جرمنی میں اب تک کورونا وائرس کے 2 لاکھ 82 ہزار 730 مصدقہ کیسز نوٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ اس مہلک مرض سے تقریباﹰ ساڑھے نو ہزار افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

[pullquote]بھارتی کسانوں کا نئے زرعی قوانین کے خلاف ملک گیر احتجاج[/pullquote]

بھارت میں متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی دو سو سے زائد تنظیموں اور متعدد اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے جمعہ کے روز ملک گیر مظاہرے کیے گئے۔ ان مظاہروں میں لاکھوں افراد نے شرکت کی اور معمول کی زندگی بھی بری طرح متاثر ہویی۔ ’ریل اور راستہ روکو تحریک‘ کی وجہ سے بہار، اتر پردیش، مہاراشٹر، راجستھان، تامل ناڈو اور کرناٹک سمیت بہت سی ریاستوں میں عوامی نقل و حرکت اور معمولات زندگی پر اثر پڑ۔ ہریانہ اور پنجاب کے صوبے اس احتجاج سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ کسانوں کی تنظیم آل انڈیا کسان سبھا کے مطابق وزیر اعظم مودی نے کسان مخالف قانون لاکر ملک میں غلامی کے ایک نئے دور کا آغاز کر دیا ہے۔ زرعی شعبے سے متعلق یہ نئے قوانین بھارتی پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں منظور ہو چکے ہیں اور اب ان کی صرف بھارتی صدر کی طرف سے رسمی توثیق باقی ہے۔

[pullquote]ترکی میں کردوں کی حمایت میں مظاہرے: درجنوں گرفتاریوں کے لیے وارنٹ جاری[/pullquote]

کی ایک عدالت نے سن 2014 میں کردوں کی حمایت میں احتجاجی مظاہرے کرنے کی وجہ سے 80 سے زائد افراد کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ کرد نواز ترک سیاسی جماعت ایچ ڈی پی کی ایک ترجمان نے بتایا کہ اس پارٹی کے کئی سرکردہ ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایچ ڈی پی نامی پارٹی کے کئی رہنماؤں نے چھ سال قبل شام کے کرد آبادی والے شہر کوبانی کے لیے داعش کے شدت پسندوں سے تحفظ کے سلسلے میں مظاہرے کیے تھے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ 82 ملزمان کے خلاف کس طرح کی فرد جرم عائد کی جائے گی یا کی گئی ہے۔ ریاستی دفتر استغاثہ کے مطابق ان مظاہروں کے دوران قتل، چوری، لوٹ مار اور سکیورٹی فورسز پر حملوں کے واقعات بھی پیش آئے تھے۔

[pullquote]پیرس میں چاقو سے حملے دہشت گردانہ کارروائی ہیں، فرانسیسی حکومت[/pullquote]

فرانسیسی حکومت نے دارالحکومت پیرس میں چاقو سے کیے گئے حملوں کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ یہ حملے جمعہ پچیس ستمبر کو معروف طنزیہ جریدے شارلی ایبدو کے سابقہ دفتر کے قریب کیے گئے تھے۔ ملکی وزیر داخلہ جیرالڈ دارمانیں کے مطابق شارلی ایبدو کے سابقہ دفتر کے سامنے کیے گئے حملے واضح طور پر ’اسلامی شدت پسندی سے جڑی دہشت گردی‘ کا عمل ہے۔ انسداد دہشت گردی کے تفتیشی ماہرین کو ایک اٹھارہ سالہ شخص پر دو صحافیوں پر حملہ کرنے کا شبہ ہے۔ ان حملوں کے نتیجے میں کُل سات مشتبہ ملزمان کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ نے اس سے قبل پھر ایک بار پیغمبر اسلام کے خاکے شائع کرنے کی وجہ سے شارلی ایبدو کے خلاف حملوں کی دھمکی دی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے