پیر : 28 ستمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ترکی نے مدد کے لیے جنگجو نہیں بھیجے،آذربائیجان[/pullquote]

آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے اس بات کی تردید کی کہ انقرہ حکومت نے آذربائیجان میں ناگورنو-کاراباخ کے علاقے میں جاری لڑائی میں مدد کے لیے شام سے جنگجو بھیجے ہیں۔ قبل ازیں روس میں متعین آرمینیا کے سفیر نے ترکی پر الزام عائد کیا تھا کہ اُس نے شمالی شام سے کوئی چار ہزار جنگجو کاراباخ کی لڑائی میں حصہ لینے کے لیے بھیجے ہیں۔ آذربائیجان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ شام سے عسکریت پسند بھیجنے کی افواہ آرمینیا کی طرف سے اشتعال انگیزی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

[pullquote]جنوبی کوریا، عہدیدار کی ہلاکت پر صدر کی معافی[/pullquote]

جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان نے گزشتہ ہفتے شمالی کوریا کی جانب سے گولی مار کر ہلاک کر دیے گئے جنوبی کوریائی شہری کی ہلاکت پر قوم سے معافی مانگی ہے۔ انہوں ان نے تسلیم کیا کہ ان کی حکومت اپنے شہری کی زندگی کی حفاظت کرنے میں ناکام رہی۔ اس واقعے کے بعد ملک میں حکومت کے خلاف غم و غصے لہر پائی جاتی ہے۔ شمالی کوریا نے ہلاک ہونے والے شخص پر الزام لگایا تھا کہ وہ شمالی کوریا کی حدود میں تھا اور پکڑے جانے پر فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

[pullquote]جرمن چانسلرکی طرف سے روسی اپوزیشن لیڈر کی عیادت[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے جرمنی میں زیر علاج روس کے حزب اختلاف کے لیڈر الیکسی ناوالنی کی عیادت کی ہے۔ ناوالنی زہر دے کر مارنے کی کوشش کے بعد روس سے جرمنی لائے گئے تھے۔ انہیں کوئی ایک مہینہ برلن کے ایک ہسپتال میں علاج کے بعد گزشتہ ہفتے فارغ کر دیا گیا تھا۔ اس موقع پر الیکسی ناوالنی نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا شکریہ ادا کیا۔ بعد میں انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ’’نجی ملاقات تھی جس میں میرکل نے اُن کی فیملی کے ساتھ گفتگو کی‘‘۔

[pullquote]کووڈ انیس، جنوب مشرقی ایشیا میں سب سے زیادہ اموات انڈونیشیا میں[/pullquote]

انڈونیشیا کی کووڈ 19 ٹاسک فورس کے مطابق پیر کے روز ملک بھر میں تین ہزار پانچ سو نو نئے کورونا کیسز رجسٹر کیے گئے ہیں جس کے بعد ملک میں تصدیق شدہ کیسز کی کُل تعداد دو لاکھ اٹھتر ہزار سے ہو گئی ہے۔ ساتھ ہی 87 مزید اموات کے بعد انڈونیشٹیا میں مرنے والوں کی کُل تعداد دس ہزار چار سو تہتر ہو گئی ہے۔ یوں اموات کے اعتبار سے انڈونیٹیا جنوب مشرقی ایشیا میں اس وقت پہلے نمبر پر ہے۔

[pullquote]کورونا، جرمنی میں مزید اقدامات پر بحث[/pullquote]

جرمنی کے وائس چانسلراولاف شولس نے کورونا کی ممکنہ دوسری لہر کے مد نظر قومی سطح پر نجی تقریبات میں لوگوں کی تعداد کی حد طے کرنے کی مخالفت کی ہے۔ اولاف شولس نے ٹیلی وژن چینل اے آر ڈی کے ساتھ گفتگو میں جرمن ریاستوں میں نجی تقاریب میں ایسے اقدامات متعارف کرانے پر خدشات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال کوعلاقائی اور مقامی طور پر مختلف انداز سے دیکھنا ہوگا۔ جرمنی کے 50 مختلف اضلاع نے ملک بھر میں نجی تقریبات میں شرکاء کی یکساں حد مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل منگل کو جرمن ریاستوں کے رہنماؤں کے ساتھ اجلاس میں اس معاملے کے بارے میں مشاورت کریں گی۔

[pullquote]بیلاروس، صدر لوکاشینکو کے خلاف احتجاج جاری[/pullquote]

بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں ہزاروں افراد نے صدر الیکسزانڈر لوکاشینکو کے خلاف ایک بار پھر احتجاج کیا۔ اتوار کو اپوزیشن کی کال پر بلائی گئی احتجاجی ریلی میں قریب ایک لاکھ افراد نے شرکت کی۔ وزارت داخلہ کے مطابق اتوار کو کم از کم 200 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اپوزیشن لوکاشینکو پر اگست کے انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرتی ہے۔ اس الیکشن کے بعد الیکسزانڈر لوکاشینکو نے خود کو واضح فاتح قرار دیا تھا۔ اس کے بعد سے بیلاروس کا دارالحکومت منسک مسلسل احتجاج اور مظاہروں کا گڑھ بنا ہوا ہے۔

[pullquote]یمن: حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان قیدیوں کی رہائی پر اتفاق[/pullquote]

اقوام متحدہ کے مطابق اتوار 27 ستمبر کو یمن کی تسلیم شدہ حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان اقوام متحدہ کی نگرانی میں قیدیوں کی رہائی سے متعلق معاہدے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ اس بارے میں سوئٹزر لینڈ میں مذاکرات جاری تھے، جس کے اختتام پر فریقین نے اس معاہدے پر اتفاق کیا۔ یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی سفیر مارٹن گریفتھ نے اس موقع پر کہا کہ یہ دن ان ایک ہزار خاندانوں کے لیے بہت اہم ہے جو اپنے لواحقین اور پیاروں کا بہت جلد خیر مقدم کر سکیں گے۔ حوثی باغیوں اور حکومت کے درمیان 2014ء سے جنگ جاری ہے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں جانب سے 1081 قیدیوں کی رہائی ممکن ہو سکے گی۔ یہ قیدیوں کے تبادلے کا اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔

[pullquote]صدر ٹرمپ کا ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ عدالت کی طرف سے معطل[/pullquote]

ایک امریکی جج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ٹک ٹاک ویڈیو ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرنے پر پابندی کو معطل کردیا ہے۔ وفاقی عدالت کے جج کارل نکولس نے اپنے ابتدائی حکم میں ٹک ٹاک کی مالک بائٹ ڈانس کی طرف سے دائر کر دہ درخواست پر اس ویڈیو ایپ کو فی الحال دستیاب رکھنے کی اجازت دے دی۔ صدر ٹرمپ نے قومی سلامتی کو لاحق خطرات کے پیش نظر گزشتہ ماہ اگست میں ہی ٹک ٹاک اور ایک دیگر چینی ایپ وی چیٹ پر پابندی عائد کرنے کے لیے ایگزیکیوٹیو آرڈر جاری کر دیے تھے۔ وائٹ ہاوس کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو سروس کروڑوں امریکی شہریوں کے ذاتی کوائف چینی حکام کو پہنچاتی ہے۔ جبکہ ٹک ٹاک انتظامیہ ٹک ٹاک پر پابندی کو آئینی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتی ہے۔ ٹک ٹاک پر یہ پابندی امریکی صدارتی انتخابات کے بعد 12 نومبر سے نافذ العمل ہونے والی ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کا کاراباخ میں جھڑپوں کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے قفقاز کے علاقے کاراباخ میں جاری لڑائی کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ نیویارک میں گوٹیرش نے کہا کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے مابین تنازعے کی بحالی کے بارے میں وہ "انتہائی فکر مند” ہیں۔ آرمینیا اور آذربائیجان کی دو سابقہ ​​جمہوریہ ریاستیں، آذربائیجان میں واقع ناگورنو-کاراباخ خطے میں کئی دہائیوں سے لڑ رہی ہیں۔ یہاں بنیادی طور پر آرمینیائی باشندے آباد ہیں۔ کئی سالوں سے یہ علاقہ پرسکون چلا آ رہا تھا جہاں اتوار کے روز ، فوجی تنازعہ ایک بار پھر شدید لڑائی کے ساتھ بھڑک اٹھا۔

[pullquote]امریکی صدر ڈونلڈ ٹومپ نے انکم ٹیکس ادا نہیں کیا: میڈیا رپورٹ[/pullquote]

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پچھلے 15سالوں میں سے دس سال انکم ٹیکس ادا نہیں کیا۔ نیویارک ٹائمز نے ٹیکس دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سن 2016 اور 2017 میں، ٹرمپ نے صرف 750 ڈالر ادا کیے تھے۔ ٹرمپ نے اس رپورٹ کو ’فیک نیوز‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق ان انکشافات سے یہ اشارہ بھی ملتا ہے کہ صدر ٹرمپ نے 2018 ء میں کم از کم 434.9 ملین ڈالر کمائے لیکن ٹیکس گوشواروں میں 47.4 ملین ڈالر کا خسارہ دکھایا۔ اس رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ انکشاف صدر ٹرمپ کے دو عشروں کے ٹیکس گوشواروں کو حاصل کرنے سے ممکن ہوسکا ہے۔ یہ رپورٹ ایسے وقت میں شائع ہوئی ہے جب منگل کے روز پہلا صدارتی مباحثہ ہونے والا ہے۔

[pullquote]دوحہ ائیرپورٹ سے چند فلائٹس کا رُخ موڑ دیا گیا[/pullquote]

دوحہ ایئر پورٹ پر ایک مالبردار جہاز کی ایمرجنسی لینڈنگ کی اطلاع ہے۔ قطر ایئرویز کی جانب سے ٹویٹر کے ذریعے ملنے والی اطلاع کے مطابق پیر کی صبح مالبردار جہاز B747F نے کسی تکنیکی خرابی کے سبب پرواز بھرتے ہی ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا اور فوری طور پر طیارہ لینڈ کر گیا۔ تاہم یہ لینڈنگ مکمل محفوظ طریقے سے عمل میں آئی۔ اس واقعے کے پیش آنے کے بعد سے اب تک چند پروازوں نے جو قطر کے دوحہ ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والی تھیں، نے اپنا رُخ بدل لیا۔ تا حال اس بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ کارگو طیاروں میں عموماً کوئی مسافر سوار نہیں ہوتا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے