منگل : 29 ستمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح انتقال کرگئے[/pullquote]

خلیجی ملک کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح 91 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔امیرکویت کی جولائی میں اپنے ملک میں سرجری کی گئی تھی جس کے بعد وہ مکمل علاج کے لیے امریکا روانہ ہوگئے تھے۔ان کی صحت میں بہتری سے متعلق 14 ستمبر کو کویتی وزیر اعظم نے کابینہ کو آگاہ کیا تھا،غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امیرِ کویت امریکا میں زیر علاج تھے جہاں آج ان کا انتقال ہوا جس کی تصدیق حکام نے کردی ہے۔شیخ صباح الاحمد الجابرالصباح 2006 میں امیر کویت بنے اور اپنی علالت تک اس عہدے پر فائز رہے۔شیخ صباح الاحمد الجابرالصباح کویت کے وزیر اعظم بھی رہے ہیں جب کہ وہ کویت کے 40 سال تک وزیر خارجہ بھی رہے۔ان کے انتقال کے بعد ان کے 83 سالہ سوتیلے بھائی شیخ نواف الاحمد الصباح کے امیر کویت بننے کا امکان ہے تاہم باقاعدہ اعلان کچھ روز میں کیا جائے گا۔

[pullquote]تعلقات میں ایک نئے دور کے آغاز کی ضرورت ہے، عبداللہ عبداللہ[/pullquote]

افغانستان کی اعلی سطحی مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ پاک افغان تعلقات میں ایک نئے دور کے آغاز کی ضرورت ہے۔ وہ اس ہفتے پاکستان کے تین روزہ دورے پر ہیں۔ اسلام آباد میں ایک تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ دونوں ممالک میں خوشحالی کے لیے باہمی احترام اور تعاون کی ضرورت ہے۔ وہ آج پاکستانی فوج کے سربراہ اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔

[pullquote]افغانستان، سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے 14 ہلاک[/pullquote]

افغانستان میں سڑک کنارے نصب ایک بم دھماکے میں کم از کم چودہ لوگ مارے گئے ہیں۔ مرنے والوں میں سات خواتین، پانچ بچے اور دو مرد شامل ہیں۔ دایکندی صوبے کے گورنر کے ترجمان نصراللہ غوری کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور وہ ایک مزار پر جا رہے تھے۔ طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے باوجود رواں برس کی پہلی شششماہی میں افغانستان میں آٹھ سو سے زائد لوگ ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔ ابھی کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری نہیں لی۔

[pullquote]خاشقجی کیس: ترکی نے مزید چھ سعودی شہریوں پر فرد جرم عائد کردی[/pullquote]

ترکی میں حکام نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کیس میں مزید چھ سعودی شہریوں پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔ استنبول میں جاری اس مقدمے میں 20 سعودی شہریوں کے خلاف پہلے سے مقدمہ چل رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق فردجرم عائد کیے جانے والے ملزمان میں قونصل خانے کے دو ملازم اور چار دیگر سعودی شہری شامل ہیں۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے کالم نویس 59 سالہ جمال خاشقجی کو دو اکتوبر2018 کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کردیا گیا تھا۔

[pullquote]کورونا، اموات دس لاکھ سے تجاوز کر گئیں[/pullquote]

امریکا میں جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد وشمار کے مطابق دنیا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکا میں ہوئیں، جن کی تعداد تقریبا دو لاکھ بنتی ہے۔ برازیل میں ایک لاکھ چالیس ہزار جبکہ بھارت میں پچانوے ہزار سے زائد افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ اقوام متحدہ نے ان ہلاکتوں کو ایک ’افسوسناک سنگ میل‘ قرار دیا ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا کی ویکسین بنانے پر کام ہو رہا ہے تاہم ابھی کوئی موثر دوا دستیاب نہیں ہو سکی۔ دنیا بھر میں اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد تقریباﹰ تینتیس ملین ہو چکی ہے۔

[pullquote]نگورنو کاراباخ میں لڑائی، سلامتی کونسل کا اجلاس[/pullquote]

آذربائیجان کے علاقے نگورنو کاراباخ میں دو روز سے جاری جھڑپوں کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ اس ہنگامی اجلاس کی درخواست جرمنی اور فرانس نے دی تھی۔ کاراباخ کے پہاڑوں میں آرمینیائی اور آذری دستوں کے درمیان لڑائی میں اب تک نوے کے قریب ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔ آذربائیجان اور آرمینیا دونوں سابق سوویت ریاستیں ہیں۔ آذربائیجان مسلم اکثریتی آبادی والا ملک ہے جبکہ آرمینیا کی آبادی میں اکثریت مسیحی لوگوں کی ہے۔ اس خطے میں آذربائیجان کو ترکی کی حمایت حاصل ہے۔

[pullquote]مبینہ دہشت گردوں کا ایک سیل ختم کر دیا، سعودی عرب[/pullquote]

سعودی عرب میں حکام نے دس مشتبہ افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔ سعودی خفیہ اداروں کے مطابق یہ افراد دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور ان میں سے سات کا تعلق ایران کے پاسداران انقلاب سے رہا ہے۔ ان الزامات پر فی الحال ایران کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

[pullquote]میں نے ٹیکس ادا کیا، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے ’کئی ملین ڈالر کا ٹیکس ادا‘ کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے اخبار نیویارک ٹائمز کی اُس حالیہ خبر کو مسترد کیا جس میں ان پر برسوں تک کوئی ٹیکس نہ دینے کا الزام سامنے آیا ہے۔ اخبار کے مطابق اس کے پاس دو عشروں پر محیط دستاویزات موجود ہیں، جن میں صدر ٹرمپ کی سینکڑوں کمپنیوں کے بارے میں معلومات ہیں۔ نیویارک ٹائمزکے مطابق صدر ٹرمپ نے سن دو ہزار سترہ تک پندرہ برسوں میں کچھ بھی ٹیکس ادا نہیں کیا۔ .

[pullquote]افغانستان میں قیام امن کے لیے کوشاں رہیں گے، پاکستان[/pullquote]

پاکستان نے افغانستان کو قیامِ امن کے لیے اپنی تمام تر کوششوں کا یقین دلایا ہے۔ ایک بیان میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان قیادت کو طالبان کے ساتھ بات چیت کے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد کے دورے پر آئے افغانستان کی اعلی سطحی مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ کے ساتھ ملاقات کے بعد کہی۔ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان افغان مفاہمتی عمل کی کامیابی کے لیے کوشاں ہے۔

[pullquote]کورونا، جرمنی میں پابندیوں میں سختی[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث لوگوں کے میل جول پر پابندیوں میں دوبارہ سختی لانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ نئی سفارشات کے مطابق نجی تقریبات میں پچیس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی کی تجویز شامل ہے۔ اسی طرح بڑے عوامی اجتماعات میں زیادہ سے زیادہ پچاس لوگوں کو جمع ہونے کی اجازت ہو گی۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ایک مرتبہ پھر کورونا کے پھیلاؤ سے خبردار کرتے ہوئے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔

[pullquote]اسپین، کاتالونیا کے صدر کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف احتجاج[/pullquote]

اسپین کے علاقے کاتالونیا کے علیحیدگی پسند صدر کم تھورا کو نااہل قرار دیے جانے کے عدالتی فیصلے کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاج کیا ہے۔ بارسلونا میں مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ کاتالونیا کی ہائی کورٹ نے پچھلے سال دسمبر میں کم تھورا کو نافرمانی کے الزام میں برطرف کرنے کا فیصلہ دیا تھا جسے حال ہی میں اسپین کی سپریم کورٹ نے برقرار رکھا ہے۔ فیصلے کے مطابق وہ ڈیڑھ سال تک کوئی سرکاری عہدہ نہیں رکھ سکیں گے۔ کاتالونیا کا شمار اسپین کے امیر ترین علاقوں میں ہوتا ہے۔ کاتالونیا کے زیادہ تر عوام اسپین سے علیحدگی چاہتے ہیں لیکن میڈرڈ حکومت اور یورپی یونین اس کے خلاف ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے