جمعہ : 02 اکتوبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میں کورونا کی تشخیص[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی ہے۔ ٹویٹر پر صدر ٹرمپ نے خود اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ اب فوری طور پر 14 روز کے لیے قرنطینہ میں جا رہے ہیں، جہاں انہیں جلد صحتیابی کی امید ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ اس کا مقابلہ کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان، جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور دیگر رہنماؤں نے صدر ٹرمپ کو ’جلد صحتیابی‘ کی نیک خواہشات کے پیغامات بھیجے ہیں۔ قبل ازیں، صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کے کووڈ ٹیسٹ سے پہلے ان کے قریبی اسٹاف میں شامل ایک مشیر ہوپ ہکس میں وائرس کی تصدیق ہوچکی تھی۔ ہوپ ہکس نے منگل کو صدر ٹرمپ کے ساتھ طیارے میں Cleveland کا سفر کیا تھا جہاں انہوں نے اپنے مد مقابل جو بائیڈن کے ساتھ ٹیلی وژن مباحثے میں حصہ لیا تھا۔

[pullquote]پیرس میں کورونا وائرس کی صورتحال تشویشناک[/pullquote]

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کورونا وائرس کی صورتحال تشویشناک ہورہی ہے، جس کے باعث وہاں پیر سے وارننگ کی سطح انتہائی بلند کر دی گئی ہے۔ وزیر صحت اولیور وراں نے کہا کہ پیرس اور اس کے نواحی علاقوں میں حال ہی میں حالات تیزی سے خراب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آنے والے دنوں میں مزید کیسز کی تصدیق ہوئی تو حکومت کے پاس مزید سختیاں متعارف کرانے کے سوا ’’کوئی دوسرا راستہ باقی نہیں‘‘ رہے گا۔ ایسی صورت میں تمام ریستوراں بند رکھنے کا حکم جاری کردیا جائے گا اور عوام سے تمام نجی تقریبات سے پرہیز کرنے کو کہا جائے گا۔ پیرس میں اس وقت نئے انفیکشن کی تعداد ہر ایک لاکھ باشندوں میں 263 ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ تعداد ان حالات کے لیے طے شدہ سطح یعنی 250 کیسز سے زیادہ ہے۔

[pullquote]برطانیہ کے خلاف یورپی کمیشن کی قانونی کارروائی[/pullquote]

برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان بریگزٹ تنازعہ بظاہر سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ برطانیہ کی طرف سے بریگزٹ معاہدے سے دستبردار ہونے کی دھمکی پر یورپی یونین نے اس کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ منگل کو منظور ہونے والے ’برٹش سنگل مارکیٹ ایکٹ‘ کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ اس قانون کا مقصد یورپی یونین کے خارجی معاہدے کے پہلے سے نافذ حصوں کو ختم کرنا ہے۔ یورپی یونین کے اس اقدام کا جواب دینے کے لیے برطانیہ کے پاس ایک مہینے کا وقت ہے۔ برطانیہ نے رواں سال کے آخر تک یورپی یونین کی سِنگل مارکیٹ اور کسٹم یونین چھوڑنے فیصلہ کر رکھا ہے لیکن بغیر کسی ’ فُولو اپ‘ معاہدے کے برطانیہ کا یہ فیصلہ فریقین کے لیے سخت تجارتی رکاوٹوں اور مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔

[pullquote]اسرائیل اور لبنان کا متنازعہ حدود پر بات چیت کا اعلان[/pullquote]

اسرائیل اور لبنان نے اپنی متنازعہ زمینی اور سمندری حدود کے بارے میں مذاکرات پر اتفاق کیا ہے۔ جمعرات کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ پیش رفت تین سال سے جاری امریکی ثالثی کی سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ لبنانی پارلیمان کے اسپیکرنبیح بیری نے کہا کہ لبنان کے جنوبی شہر ناکورا میں ہونے والی بات چیت میں امریکا کو ثالث کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اسرائیل توقع کر رہا ہے کہ یہ مذاکرات 10 اکتوبر کو ہوں گے۔ لبنان اور اسرائیل سرکاری طور پر آج بھی حالت جنگ میں ہیں۔

[pullquote]کورونا صنفی مساوات کی کوششوں کے لیے ایک دھچکہ[/pullquote]

صنفی مساوات کے معاملے پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے زیر اہتمام ایک ورچوئل اجلاس میں شرکاء نے کورونا وبا کے باعث صنفی برابری کی کوششوں کو نقصان پہنچنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران یہ حقیقت کھل کر سامنے آئی ہے کہ خواتین تمام معاشروں میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں، سپر مارکیٹس اور بچوں کی گھر پر پڑھائی میں بنیادی کردار خواتین کا ہے تاہم انہیں اپنے اہم فیصلے کرنے کا اختیار نہیں دیا جاتا۔

[pullquote]ناوالنی کو زہر دینے کی کوشش بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی: یورپی یونین[/pullquote]

یورپی یونین نے روسی حکومت اور صدر پوٹن کے ناقد اور اپوزیشن لیڈر آلیکسی ناوالنی کو زہر دے کر مارنے کی کوشش کی سخت مذمت کی ہے۔ ایک خصوصی اجلاس میں تمام 27 ممالک نے ناوالنی کے خلاف ’کیمیائی ہتھیار‘ یعنی زہر کے استعمال کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اس کیس کی تفصیلات سے تمام یورپی سربراہان مملکت کو آگاہ کیا۔ یورپی یونین نے روسی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کے لیے یورپی یونین کے ساتھ مل کر کام کریں اور ناوالنی کو مارنے کی کوشش کے ذمہ دار افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔

[pullquote]یورپی یونین بیلاروس پر پابندی پرمتفق[/pullquote]

یورپی یونین نے بیلا روس کی طاقتور حکومتی شخصیات کے خلاف پابندیوں کی منظوری دے دی ہے۔ یورپی کونسل کے صدر شارلس میشل نے کہا کہ متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی پر جلد از جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔ اگست کے آغاز میں یبلاروس کے صدارتی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات سامنے آئے، جس کے بعد سے وہاں صدر الیکسزانڈر لوکاشینکو کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ یورپی یونین کا صدر الیکسزانڈر لوکاشینکو پر دباؤ ہے کہ وہ جمہوری حقوق بحال کریں اور حزب اختلاف سے مذاکرات کریں۔

[pullquote]عراق میں ایزدیوں کے روحانی پیشوا کی وفات[/pullquote]

شمالی عراق کے شہر اربیل میں ایزدیوں کے روحانی پیشوا خرطو حاجی اسماعیل، جنہیں بابا شیخ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، وفات پا گئے۔ انہیں منگل کو گردوں اور قلب کی تکالیف کے باعث اربیل کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ان کی عمر 87 سال تھی۔ عراق میں کردستان کے خود مختار خطے کے وزیر اعظم مسرور بارزانی نے بابا شیخ کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ انہوں نے کردستان کے خطے میں مذہبی رواداری کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ بابا شیخ نے 2017 ء میں ایزدی پناہ گزینوں کو یورپ میں پناہ دلانے کے لیے جرمنی کا دورہ کیا تھا۔

[pullquote]پومپیو، کروشیا کے دورے پر لیکن کورونا سے محفوظ[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کے کووڈ انیس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے بھی اپنا ٹیسٹ کروایا جو کہ منفی آیا ہے۔ پومپیو ٓج کل کروشیا کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو صحت مند محسوس کر رہے ہیں۔ پومپیو کے مطابق 15 ستمبر کو واشنگٹن میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ملاقات کے بعد ان کی صدر ٹرمپ سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

[pullquote]کرغزستان میں اتوار کو الیکشن ہوگا[/pullquote]

روس کے اتحادی ملک کرغزستان میں اتوار کے روز انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ یہ الیکشن ایک ایسے وقت ہوں گے جب اس وسطی ایشیائی ریاست میں حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر بےچینی کے آثار ہیں۔ غربت اور بدامنی کے باعث لوگوں کا حکمران طبقے پر سے اعتماد اُٹھ چُکا ہے۔ کرغزستان میں کوئی ممکنہ سیاسی عدم استحکام روس کے لیے بھی پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔ روس پر پہلے ہی اپوزیشن لیڈر آلیکسی ناوالنی کو زہر سے مارنے کا الزام ہے۔ ماسکو حکومت بیلا روس کے سیاسی بحران میں بھی الجھی ہوئی ہے جبکہ اس ہفتے اس کی توجہ ناگورنو کاراباخ کے تنازعے پر مرکوز رہی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے