اتوار : 04 اکتوبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کئی ماہ کے تعطل کے بعد مسلمانوں کو دوبارہ عمرے کی اجازت[/pullquote]

سات ماہ کے تعطل کے بعد آج اتوار سے مکہ میں مسلمانوں کو دوبارہ عمرے کی محدود اجازت دے دی گئی ہے۔ زائرین نے مختلف گروپوں کی صورت میں ماسک پہن کر اور ایک دوسرے سے مناسب فاصلے رکھتے ہوئے خانہ کعبہ کے گرد طواف کیا۔ اس اجازت پر عمل درآمد کے آغاز پر ہزاروں زائرین مکہ میں مسلمانوں کے مقدس ترین مقام مسجد الحرام میں داخل ہوئے۔ دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان ہر مہینے عمرہ کرنے کے لیے سعودی عرب کے شہر مکہ پہنچتے ہیں لیکن رواں برس مارچ میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث عمرے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ کل تین مراحل پر مشتمل بحالی کے پہلے مرحلے میں کسی بھی دن کے مختلف اوقات میں مجموعی طور پر چھ ہزار عازمین کو عمرہ کرنے کی اجازت ہو گی۔

[pullquote]بھارتی بحریہ کا طیارہ گر کر تباہ، دو افسران ہلاک[/pullquote]

بھارتی ریاست کیریلہ میں بھارتی بحریہ کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک ہو گئے۔ بھارتی بحریہ کا طیارہ آئی این ایس بحری جہاز سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ریاست کیریلہ کے شہر کوچی میں گر کر تباہ ہو گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں بھارتی بحریہ کے دو افسران ہلاک ہوئے۔ میڈیا کے مطابق بھارتی بحری حکام نے واقعے کی بورڈ آف انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔رواں برس فروری میں بھی بھارتی بحریہ کا مگ 29 طیارہ کے طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گوا میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

[pullquote]نگورنو کاراباخ میں آرمینیا اور آذربائیجان کے دستوں کے مابین شدید جھڑپیں، مجموعی ہلاکتیں ڈھائی سو کے قریب[/pullquote]

آذربائیجان اور آرمینیا کے دستوں کے مابین نگورنو کاراباخ کے علیحدگی پسند خطے میں کل ہفتے کے روز شدید جھڑپیں ہوئیں، جن میں اطراف کو کافی زیادہ جانی نقصان ہوا۔ یہ جھڑپیں آج اتوار کے روز بھی جاری ہیں۔ اس دوران نگورنو کاراباخ کے مرکزی شہر سٹیپاناکَیرٹ پر بھی نئے حملے کیے گئے۔ یہ متنازعہ علاقہ آذربائیجان کا علیحدگی پسند خطہ ہے، جس کا انتظام کئی برسوں سے آرمینیائی نسل کے علیحدگی پسندوں کے پاس ہے۔ تازہ لڑائی میں گزشتہ چند روز کے دوران دونوں طرف سے مجموعی طور پر تقریباﹰ ڈھائی سو افراد مارے جا چکے ہیں۔ آرمینیا نے اکاون علیحدگی پسند آرمینیائی جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ آذربائیجان کی وزارت خارجہ نے اتوار کے روز بتایا کہ آرمینیائی فورسز کی طرف سے آذربائیجان کے دوسرے سب سے بڑے شہر گنجہ پر بھی حملے کیے جا رہے ہیں۔

[pullquote]بیس سالہ بھارتی دلت لڑکی کا ریپ اور قتل، تفتیش سی بی آئی کے حوالے[/pullquote]

بھارت میں دلت برادری سے تعلق رکھنے والی ایک بیس سالہ لڑکی کے ریپ اور قتل کے جرم کی چھان بین مرکزی تفتیشی ادارے سی بی آئی کے حوالےکر دی گئی ہے۔ شمالی بھارت میں پیش آنے والے اس تازہ ہولناک واقعے کے بعد پورے ملک میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی اور معاملہ بہت حد تک سیاسی رنگ اختیار کر گیا تھا۔ اس جرم کا ارتکاب چودہ ستمبر کو ریاست اتر پردیش کے ایک گاؤں میں کیا گیا تھا۔ چاروں مبینہ ملزم اونچی ذات کے ہندو ہیں، جنہیں پولیس گرفتار کر چکی ہے۔ اس جرم کی غیر جانب دارانہ چھان بین میں دانستہ تاخیر کرنے کے الزام میں ضلعی پولیس کے پانچ اہلکار ان کی ذمے داریوں سے برطرف بھی کیے جا چکے ہیں۔

[pullquote]فرانس اور برطانیہ میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی یومیہ تعداد ریکارڈ حد تک زیادہ[/pullquote]

یورپی ملک فرانس میں ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے ریکارڈ سترہ ہزار نئے مریض سامنے آئے جبکہ برطانیہ میں ایک ہی دن میں یہ تعداد تیرہ ہزار رہی۔ کورونا وائرس یورپ کو اب دوبارہ اپنی گرفت میں لے رہا ہے۔ فرانس میں کل ہفتے کے روز سترہ ہزار نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے جبکہ وہاں ایک دن میں ہلاکتوں کی تعداد انچاس رہی۔ برطانوی وزارت صحت نے گزشتہ روز تیرہ ہزار نئے کیسز ریکارڈ کیے۔ یہ تعداد جمعے کے روز منظر عام پر آنے والے نئے کورونا مریضوں کی تعداد کے مقابلے میں دگنی بنتی ہے۔ جرمنی کے روبرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کووڈ انیس کے نئے مریضوں کی تعداد تقریباﹰ تیئیس سو رہی۔ جرمنی میں اب تک اس وائرس کے ہاتھوں نو ہزار پانچ سو انتیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]امریکی صدر ٹرمپ کی حالت کافی بہتر، ان کے معالجین ’محتاط انداز میں پرامید‘[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کورونا وائرس کا شکار ہو جانے کے بعد سے ابھی تک ان کے ڈاکٹروں نے یہ نہیں کہا کہ ان کی صحت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ صدر کے معالج شان کونلی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی طبیعت ’واضح طور پر بہتر‘ تو ہوئی ہے، تاہم ڈاکٹر صدر کی صحت کے بارے میں محتاط انداز میں پرامید ہیں۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کو ابھی تک بخار نہیں اور انہیں سانس لینے کے لیے اضافی آکسیجن کی ضرورت بھی نہیں ہے۔ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہسپتال منتقلی سے قبل وہ خود کو بیمار محسوس کر رہے تھے تاہم اب کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے۔

[pullquote]اسرائیل میں وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف دوبارہ وسیع تر عوامی مظاہرے[/pullquote]

پورے اسرائیل میں ایک لاکھ سے زائد شہریوں نے کورونا وائرس کے باعث دوسری مرتبہ لاک ڈاؤن اور وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے خلاف وسیع تر مظاہرے کیے۔ یہ مظاہرے بڑے شہروں کے علاوہ چھوٹے چھوٹے گروپوں میں چھوٹے شہروں اور قصبوں تک میں کیے گئے۔ ان مظاہروں کا اہتمام ‘بلیک فلیگز‘ نامی عوامی تحریک کی طرف سے کیا گیا۔ تل ابیب میں مظاہروں کے دوران شہریوں نے نیتن یاہو کو ایک ایسا ’ڈکٹیٹر قرار دیا، جسے کورونا کی وبا کا تعاون‘ حاصل ہے۔ ان مظاہرین میں بہت سے ایسے نوجوان شہری بھی تھے، جو لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کی وبا کے باعث بے روزگار ہو چکے ہیں۔ ان مظاہرین نے بڑی تعداد میں یروشلم میں نیتن یاہو کی سرکاری رہائش گاہ کے سامنے بھی احتجاج کیا۔

[pullquote]بریگزٹ: یورپی یونین اور برطانیہ کا آپس میں مزید مذاکرات پر اتفاق رائے[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور یورپی کمیشن کی صدر اُرزُولا فان ڈئر لاین نے لندن اور برسلز کے اس مشترکہ ہدف کا اعادہ کیا ہے کہ مستقبل کے دوطرفہ روابط کے لیے یورپی یونین اور اس کے سابق رکن ملک برطانیہ کے مابین ایک باقاعدہ معاہدہ طے پانا چاہیے۔ دونوں رہنماؤں نے آپس میں ایک ویڈیو کانفرنس کے بعد جاری کردہ مشترکہ اعلان میں کہا کہ اطراف کے مذاکراتی نمائندوں کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ مختلف نکات پر تاحال پائی جانے والی خلیج جلد از جلد پُر کرنے کی بھرپور کوششیں کریں۔ اس ویڈیو کانفرنس سے ایک روز قبل یونین کے اعلیٰ ترین مذاکرات کار مشیل بارنیئر نے کہا تھا کہ لندن اور برسلز کے مابین ابھی تک کئی امور پر شدید قسم کا اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔

[pullquote]فرانسیسی اطالوی پہاڑی خطے میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب: دو افراد ہلاک، درجنوں لاپتا[/pullquote]

فرانس اور اٹلی کے درمیان پہاڑی علاقے میں ریکارڈ حد تک زیادہ بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور درجنوں لاپتا ہو گئے۔ جنوب مشرقی فرانس اور شمالی اٹلی میں پھیلے ہوئے اس پہاڑی علاقے میں جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات شدید طوفان بھی آیا تھا۔ مسلسل بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے مشترکہ سرحد کے آر پار کئی علاقے زیر آب آ گئے۔ مجموعی طور پر چوبیس افراد لاپتا ہیں، جن میں سے سولہ اطالوی شہری اور آٹھ فرانسیسی بتائے گئے ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں سابق چیچین کمانڈر کا قتل، روسی شہری کے خلاف عدالتی سماعت سات اکتوبر سے[/pullquote]

جرمن دارالحکومت برلن کے ایک پارک میں روسی جمہوریہ چیچنیا کے ایک سابق عسکریت پسند کمانڈر کے قتل کے ملزم روسی شہری کے خلاف مقدمے کی سماعت بدھ سات اکتوبر سے شروع ہو گی۔ اس چالیس سالہ سابق چیچن کمانڈر کو، جو جارجیا کا شہری تھا، گزشتہ برس اگست میں برلن کے ایک پارک میں گولی مار دی گئی تھی۔ مقتول نے جرمنی میں پناہ کی درخواست دے رکھی تھی۔ اس قتل کا ملزم ایک روسی شہری ہے، جس کے بارے میں جرمن تفتیشی ماہرین کو شبہ ہے کہ اس نے یہ قتل ماسکو حکومت کے حکم پر کیا۔ اس قتل کی وجہ سے جرمنی اور روس کے سفارتی تعلقات میں کافی کھچاؤ پیدا ہو گیا تھا۔

[pullquote]چیک جمہوریہ میں علاقائی انتخابات حکمران عوامیت پسند پارٹی نے جیت لیے[/pullquote]

چیک جمہوریہ میں ہونے والے علاقائی انتخابات وزیر اعظم آندرے بابِس کی عوامیت پسند جماعت اے این او نے غیر متوقع طور پر لیکن واضح اکثریت سے جیت لیے ہیں۔ اس الیکشن میں حکمران جماعت کو مجموعی طور پر تقریباﹰ بائیس فیصد ووٹ ملے اور اسے تیرہ میں سے دس صوبوں میں دیگر جماعتوں پر واضح برتری حاصل ہے۔ تاہم اس پاپولسٹ پارٹی کے لیے ان صوبوں میں اپنی مخلوط حکومتیں بنانے کے لیے دیگر جماعتوں کی حمایت حاصل کرنا مشکل ہو گا۔ پراگ میں ملک کی مخلوط حکومت میں شامل سوشل ڈیموکریٹس کو حاصل عوامی تائید میں ڈرامائی کمی ہوئی اور اس جماعت کو مجموعی طور پر صرف تقریباﹰ پانچ فیصد ووٹ ملے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے